کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر سلیمان احمد عثمانی نے کہاکہ قائد اعظم ایک اہم ساز شخصیت و قانون دان اور باصول سیاست دان تھے وہ غیر معمولی قوت عمل اور غیر متزلزل عزم اور بے پناہ صبر و تحمل و استقامت و استقلال کے پیکر تھے انہوں نے بر صغیر مسلمانوں کو آزاد وطن دیکر جو احسان کیا ہے وہ تاقیامت فراموش نہیں کیا جاسکتا ان خیالات کا اظہار پرفیسر سلیمان احمد عثمانی نے گرین پیس اسکول اینڈ کالج کھو کھرآپار ملیر میں یوم قائد اعظم پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے بانی قوم حضرت قائد اعظم کی سالگرہ کے حوالے سے شایان شان تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں قائد کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
اس موقع پر طلباء و طالبات ،اساتذہ کے علاوہ والدین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی تقریب میں اسکول کے بچوں نے ٹیبلو ،ملی نغمے اور تقاریر کے ذریعے قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا پروفیسر سلیمان احمد عثمانی نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ قائد اعظم کے دیئے گئے اصول کو اپنا کر ہم نہ صرف خود بلکہ اپنے وطن کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرسکتے ہیں انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ قائد اعظم کے افکار کی مکمل اسٹڈی کریں اور ان کے بتا ئے گئے اصولوں کو پر عمل کریں اور اپنی تعلیم کے حصول پر بھر پور توجہ دیں انہوں نے کہاکہ موجودہ صدی علم کی صدی ہے دنیا میں اگر اپنا لوہا منوانا ہے تو تعلیم کو عام کیا جائے اور علم کے فروغ کے لئے اپنی کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے پروفیسر سلیمان احمد عثمانی کے قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم عہد کرتے ہیں کے قائد کے اصول ایمان ،اتحاد اور تنظیم پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو علم کے زیور سے آراستہ اور دنیا کا عظیم ملک بنائیں گے۔