لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ ہمارا گروپ کسی کمیٹی سے نہیں صرف وزیراعظم عمران خان سے ملے گا۔
سیشن کورٹ لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ میرے گھر ایک افطاری تھی جس میں دوستوں نے شرکت کی، اسلام آباد سے بھی کچھ دوستوں نے رابطہ کیا۔
ان کا کہنا تھا توقع ہے کہ ہمارے گروپ کی عمران خان سے ملاقات ہو جائے گی، ہم کسی کمیٹی سے نہیں ملیں گے، ہمارا گروپ صرف عمران خان سے ملے گا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے دور میں بھی میرے کاروبار کی چھان بین کی گئی، میرا اس معاملے میں کوئی قصور نہیں ہے، یہ کیس ایف آئی کا ہے ہی نہیں، کیس میں کوئی مدعی نہیں ہے، کسی شیئر ہولڈر نے اعتراض نہیں کیا۔