گروپ سے علیحدگی: راجہ ریاض کا نذیر چوہان کے بیان پر جواب

Nazir Chauhan and Raja Riaz

Nazir Chauhan and Raja Riaz

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) جہانگیر ترین گروپ کے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے کہا ہے کہ نذیر چوہان کو کوئی زبردستی نہیں لایا تھا وہ اپنی مرضی سےگروپ میں آئے تھے۔

نذیر چوہان کے بیان پر اپنے ردعمل میں راجا ریاض نے کہا نذیرچوہان فیڈر سے دودھ نہیں پیتے جو ہم نے انہیں گمراہ کردیا، وہ جذباتی آدمی ہیں، انہیں منع کیاتھاکہ مذہبی معاملات پربیان بازی نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ جیسےہی نذیر چوہان کی پکڑ ہوئی توگروپ چھوڑکربھاگ گئے، ہم سب جہانگیرترین کی قیادت میں متحد ہیں۔

راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر کی وضاحت کے بعد نذیر چوہان کو خاموش رہنے کا مشورہ دیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پنجاب اسمبلی کے رکن نذیر چوہان نے جہانگیر ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کیا۔

نذیر چوہان کا کہنا تھاکہ میرا ترین گروپ سے کوئی تعلق نہیں، جہانگیر ترین نے مجھے استعمال کیا اور مشکل میں مجھے فون کال تک نہیں کی۔

انہوں نے کہا: ’جہانگیر ترین نے مجھے اپنے کیس کے لیے استعمال کیا انہیں شرم آنی چاہیے مجھ پر مشکل آئی تو نہ فون کال کی اور نہ ہی اسپتال آکر حال پوچھا۔‘

چوہان کی شہزاد اکبر سے صلح
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی تحقیقاتی ادارے نے مشیر داخلہ شہزاد اکبر کی جانب سے درج مقدمے میں نذیر چوہان کو گرفتار کیا تھا تاہم بعدازاں فیاض چوہان نے مشیر داخلہ اور نذیر چوہان میں صلح کرادی تھی۔

نذیر چوہان نے مشیر داخلہ سے فون پر معافی مانگی تھی جس کے بعد عدالت نے بھی انہیں ضمانت پر رہا کیا۔