بڑھتی عمر میں مصباح الحق رنز بنانا بھولنے لگے

Misbah-ul-Haq

Misbah-ul-Haq

کراچی (جیوڈیسک) بڑھتی عمر میں مصباح الحق رنز بنانا بھولنے لگے، سری لنکا سے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے میں بھی بدترین ناکامی کا شکار ہوئے اور کوئی ففٹی تک نہ بنا سکے۔

ٹیسٹ سیریز کی طرح پاکستانی کپتان نے مجموعی طور پر 67 رنز اسکور کیے، عمر اکمل، شرجیل خان اور شاہد آفریدی بھی فلاپ ثابت ہوئے، فواد عالم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65 کی اوسط سے 130 رنز بنائے، بولنگ میں وہاب ریاض نے 8 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

تفصیلات کے مطابق دورئہ سری لنکا میں مصباح الحق کا بیٹ خاموش رہا، کپتان نے ٹیسٹ سیریز میں 16.75 کی اوسط سے 67 رنز بنائے تھے، اب ون ڈے میں بھی ناکامی ہی ہاتھ آئی، وہ 3 میچز میں 22.33 کی ایوریج سے 67 رنز ہی اسکور کر سکے۔

اس دوران 36 ان کا سب سے زیادہ اسکور رہا،عمر اکمل نے صرف 23 رنز بنائے، ان کی اوسط 7.66 رہی، شرجیل خان نے 2 میچز میں 4.50 کی ایوریج سے 9 رنز اسکور کیے، شاہد آفریدی کے حصے میں محض 33 رنز ہی آ سکے۔

ایک، ایک ففٹی کی مدد سے احمد شہزاد، صہیب مقصود اور محمد حفیظ بالترتیب 115، 105 اور 84 رنز بنانے میں کامیاب رہے، یونس خان نے واحد میچ میں 3 رنز اسکور کیے، بیٹنگ میں پاکستان کا واحد مثبت پوائنٹ فواد عالم ثابت ہوئے۔

انھوں نے 65 کی اوسط سے سب سے زیادہ 130 رنز اسکور کیے، اس میں 62 رنز کی اننگز بھی شامل رہی۔ بولرز میں وہاب ریاض نے19.62 کی ایوریج سے 8 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

انھوں نے اس دوران ایک میچ میں 65 رنز کے عوض 4 وکٹیں بھی لیں، محمد حفیظ نے چار پلیئرز کو ٹھکانے لگایا، محمد عرفان کو تین میچز میں اتنی ہی وکٹیں 50 کی بھاری اوسط سے ملیں۔

جنید خان نے واحد وکٹ کیلیے 139 رنز دیے، سعید اجمل نے ایک میچ میں 1 وکٹ اپنے نام کی، البتہ شاہد آفریدی تینوں میچز میں کسی پلیئر کو آؤٹ نہ کر سکے۔