جی ٹی روڈ کے اطراف میں قائم نرسری مالکان کا لاکھوں کا کاروبار، تجاوزات نے شہریوں کا جینا حرام کردیا

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) جی ٹی روڈ کے اطراف میں قائم نرسری مالکان کا لاکھوں کا کاروبار،تجاوزات نے شہریوں کا جینا حرام کردیا۔ تجاوزات کی وجہ سے سڑک پر آئے روز حادثات رونما ہونے لگے۔

نظام آباد کے قریب سرکاری جگہوں پرگزشتہ چند سالوں سے بااثر افراد نے پودوں کی نرسریاں بنا رکھی ہیں جو انہی جگہوں پر بانس اور اس سے بنی سیڑھیوں کا بھی کاروبار کرتے ہیں۔ سرکاری جگہ پر نرسری بنانے یا متذکرہ جگہ کے استعمال کی باقاعدہ کوئی نیلامی آج تک سامنے نہیں آسکی نرسری مالکان کی طرف سے مبینہ طور پر بعض انتظامی اہلکاروں کو حصہ بھی پہنچایا جاتا ہے جبکہ یہاں سے فری پودوں کی سہولت بھی لی جاتی ہے

جس کی آڑ میں نرسری مالکان نے اپنا کاروبار بڑھا کر پختہ سڑک سے چند انچ کے فاصلہ تک اپنی نرسریاں بنا لی ہیں نرسریوں کے سامنے سے بڑی ٹریفک سے بچتے ہوئے رستہ نہ ملنے پراکثر راہگیر،سائیکل وموٹر سائیکل سوارحادثات سے دوچار ہوجاتے ہیں شہریوں کی طرف سے شکایات کے باوجود سرکاری جگہوں سے تجاوزات کا سلسلہ ختم ہوتا نظر نہیں آرہا، سرکاری اراضی کے استعمال کا فائدہ دیکھتے ہوئے جی ٹی روڈ شیرا کوٹ کے قریب قائم چرچ اراضی کے سامنے ایک نئی نرسری بنانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے

نرسری بنانے والوں نے سرکاری مقام پر بانس گاڑ کر حد بندیاں بنا لی ہیں۔ شہریوں کیمطابق سڑک سے نیچے رستوں کو پیدل آنے جانے والے راہگیر استعمال کیا کرتے تھے اب ہر جگہ تجاوزات مافیا کے قبضہ کی وجہ سے عام راہگیر پختہ سڑک استعمال کرتے ہیں اور اکثر گاڑیوں کے نیچے آکر جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ عوامی،سماجی حلقوںنے وزیرآباد میں جاری اس لاقانونیت کا فوری اور سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Wazirabad Nursery

Wazirabad Nursery