راولپنڈی (جیوڈیسک) ضمانت منظور ہونے کے باوجود غیرملکی کرنسی اسمگلنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی دوسرے دن بھی رہائی عمل میں نہ لائی جاسکی۔
ماڈل ایان علی کی ضمانت پر رہائی کے احکامات راولپنڈی کی کسٹم عدالت کو موصول نہ ہوسکے جس کی وجہ سے ایان علی کے وکلاء ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے لئے کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب کے روبرو پیش نہ ہوسکے۔
کسٹم عدالت کے فاضل جج عدالتی کا وقت ختم ہونے کے بعد اٹھ گئے، جس کی وجہ سے ایان علی کی ضمانت کے سلسلے میں تمام معاملات کل تک موخر ہوگئے ہیں، اس طرح ایان علی اب ایک رات اور اڈیالہ جیل میں گزاریں گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے 5،5 لاکھ روپے کے دو مچلکوں کے عوض ایان علی کی ضمانت منظور کی تھی۔