کراچی (جیوڈیسک) دریائے سندھ میں گڈو بیراج پر سیلابی ریلا درمیانے سے نچلے درجے میں داخل ہو گیا ، اس وقت گڈو بیراج پر پانی کی آمد ایک لاکھ پچانوے ہزار نو سو تینتیس کیوسک جبکہ پانی کا اخراج ایک لاکھ تہتر ہزار پانچ سو تین کیوسک ہے۔
سکھر بیراج پر اس وقت بھی پانی کا ریلا گزر رہا ہے جہاں پر پانی کی آمد دو لاکھ پچپن ہزار چھ سو ساٹھ کیوسک ہے جبکہ پانی کا اخراج دو لاکھ تین ہزار چھ سو کیوسک ہے۔ سکھر بیراج پر آئندہ چند گھنٹوں میں پانی کی سطح مزید کم ہو گی۔
جبکہ کوٹری بیراج پر پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں پانی کی آمد ایک لاکھ انتیس ہزار ایک سو اکیانوے کیوسک جبکہ پانی کا اخراج ترانوے ہزار پانچ سو چھیانوے کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
حکومت سندھ کی جانب سے حفاظتی بندوں پر ریلیف کیلئے میڈیکل کیمپ قائم ہیں جہاں پر سیلاب سے متاثرہ افراد کا علاج معالجہ جاری ہے، تاہم اب بھی صرف 10 فیصد افراد متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کر پائے ہیں۔