سکھر (جیوڈیسک) دریائے سندھ میں خیرپور کی حدود سے بڑا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں لوگ پھنس گئے ہیں۔ دریائے چناب میں ہیڈ پنجند کے مقام پر طغیانی سے تحصیل علی پور کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ دریائے سندھ میں سکھر بیراج سے درمیانی درجے کا سیلابی ریلا گذر رہا ہے۔ سکھر بیراج میں پانی کا بہاو 4 لاکھ 44 ہزار 875 کیوسک ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
گڈو بیراج اور سکھر بیراج کے درمیان سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ کشتی سروس نہ ہونے سے لوگوں کو نقل مکانی میں مشکلات کاسامنا ہے۔ خیرپور میں سیلابی پانی سے متعدد دیہات ڈوب گئے ہیں اور اب متاثرین کو خوراک کی کمی کا بھی سامنا ہے۔
دریائے سندھ میں اوباڑو کے قریب متاثرین سیلاب آلودہ پانی پینے سے پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہور ہے ہیں۔ دریائے چناب میں ہیڈ پنجند کے مقام پر شجاع آباد اور تحصیل جلال پور سے آنے والا سیلابی ریلا تحصیل علی پور کے علاقوں کو متاثر کر رہا ہے۔