کوئٹہ (جیوڈیسک) گدو سے کوئٹہ آنے والی مین ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 17 اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ کیسکو ذرائع کے مطابق بلوچستان کے سترہ اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہو چکی ہے۔
بجلی کی فراہمی منقطع ہونے سے نہ صرف شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بلکہ اسپتالوں اور اخبارات کے دفاترمیں بھی کام متاثر ہوا۔ کیسکو ذرائع کے مطابق کوئٹہ شہر کو متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کیسکو نے بتایا کہ سبی سے کوئٹہ آنے والی 132 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن تین دن پہلے ہی بولان میں دھماکے سے تباہ کی جاچکی ہے۔