گجرات کی خبریں 01.04.2013

پیپلزپارٹی سرکس تو چلا سکتی ہے مگر ملک نہیں ،پیپلزپارٹی عوام پر بے شمار تیر چلاکر رخصت ہوگئی :شیخ عمر اعجاز
گجرات( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما اور امیدوار حلقہ پی پی 112لالہ موسیٰ شیخ عمر اعجاز نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سرکس تو چلا سکتی ہے مگر ملک نہیں ،پیپلزپارٹی عوام پر بے شمار تیر چلاکر رخصت ہوگئی اور اب اس کا کوئی تیر نہیں چل سکے گا، پیپلزپارٹی کی تیروں سے عوام زخمی ہیں ،ان کے زخموں سے خون نکل رہا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ جماعت پاکستان کے جسم پر بھی زخم لگانے کی ذمہ دا ر ہے، سندھ اور بلوچستان میں خون کی ہولی روکنے کے لئے پیپلزپارٹی نے کچھ نہیں کیا ،اس جماعت کا کردار تماشائی کا رہا ،تماشائی حکومت کرنے کے اہل نہیں ہیں ،سرکس چلانے والی یہ جماعت عوام سے بہت سی ناانصافیا ں کرگئی،عوام کے بنیادی حقوق سلب کرگئی اور اس جماعت کے قائدین اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف رہے ، پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کو لوٹ مار اور کرپشن کے علاوہ کچھ کرنے کو نہیں ملا ، انہوں نے غریب عوام سے جینے کا حق تک چھین لیا ہے ، پاکستان کو دنیا بھر میں رسوا ئی کا سامنا کرنا پڑا ، حکومت کی غلط پالیسیوں سے دنیا بھر میں پاکستانیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ، جو حکومت خارجہ اور داخلہ پالیسی آج تک مرتب نہیں کر سکی اس سے صاف ظاہر ہے کہ وہ ملک و قوم سے مخلص نہیں اور نہ وہ چاہتے تھے کہ عوام اور ملک خوشحال ہو اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو ، پاکستان مسلم لیگ ن اور اس کے قائدین نے ہمیشہ ملک و قوم کے بہترین مفادات میں حکمت عملی مرتب کی ہے عوام مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو ہی کامیاب بنائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈی ایس پی صدر سرکل شعیب چیمہ نے چیئرمین مصالحتی کمیٹیز چوہدری عمر گجر کی ملاقات کی
گجرات (جی پی آئی)ڈسٹرکٹ کوارڈی نیٹر مصالحتی کمیٹیز چوہدری عمر گجر کی رہائشگاہ پر ڈی ایس پی صدر سرکل شعیب چیمہ کا دورہ اہم امور پر گفتگو پچاس سالہ خاندانی دشمنی ختم کروانے پر خراج تحسین ، تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی صدر سرکل شعیب چیمہ نے گزشتہ روز محلہ چاہ ترہنگ میں ڈسٹرکٹ کوارڈی نیٹر مصالحتی کمیٹیز چوہدری عمر گجر کی رہائشگاہ کا دورہ کیا ، چوہدری عمر گجر اورڈی ایس پی شعیب چیمہ کے درمیان صدر سرکل کی خاندانی دشمنیوں کے حوالہ سے اہم امور پر گفتگو ہوئی ، ڈی ایس پی شعیب چیمہ نے چوہدری عمر گجر کو تھانہ ٹانڈہ کے علاقہ شام پور کھوکھراں اور چوبارہ گجراں کی ملک برادری اور گجر برادری کے مابین پچاس سال پرانی خاندانی دشمنی ختم کروانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گجرات کی بدامنی کی سب سے بڑی وجہ خاندانی دشمنی اور ویر ہے ، خاندانی دشمنیوں اور ویر کا خاتمہ کر کے ہی ضلع گجرات کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے ، چوہدری عمر گجر نے اس موقع پر کہا کہ ڈی پی او گجرات راجہ بشارت اور ڈی ایس پی شعیب چیمہ نے مصالحتی کمیٹیز سے ہمیشہ بھرپور تعاون کیا ان کے تعاون کے باعث ضلع گجرات میں مصالحتی کمیٹیاں ریکارڈ راضی نامے کروا رہی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
برطانیہ کے ممتاز بزنس مین چوہدری امتنان گجر ، گجرات پہنچ گئے
گجرات (جی پی آئی)برطانیہ کے ممتاز بزنس مین چوہدری امتنان گجر ، گجرات پہنچ گئے ، ڈسٹرکٹ چیئرمین مصالحتی کمیٹیز چوہدری عمر گجر کی رہائشگاہ کا دورہ ، برطانیہ کے معروف بزنس مین سماجی و سیاسی شخصیت چوہدری امتنان گجر گزشتہ روز برطانیہ سے گجرات پہنچ گئے انہوں نے محلہ چاہ ترہنگ میں چوہدری عمر گجر کی رہائشگاہ کا دورہ کیا ، چوہدری امتنان گجر نے سال 2012میں ڈویژن بھر میں ریکارڈ راضی نامے کروانے پر RPOگوجرانوالہ امین وینس ، ڈی پی او گجرات راجہ بشارت ، ایس پی ہیڈ کوارٹر شہزاد بخاری کی طرف سے تعریفی سرٹیفکیٹ دئیے جانے پر چوہدری عمر گجر کو خراج تحسین پیش کیا ، چوہدری امتنان گجر نے کہا کہ ضلع گجرات کی خاندانی دشمنیوں کا خاتمہ بہت ضروری ہے ، خاندانی دشمنیوں کے خاتمہ کے بغیر ضلع گجرات کا امن کبھی بھی بحال نہیں کیا جا سکتا ، چوہدری عمر گجر جیسے باصلاحیت اور عوام کے دکھ درد میں برابر شریک افرادملک وقوم کی ضرورت ہے انہوں نے چھوٹی عمر میں بڑا نام کمایا ہے ۔چوہدری عمر گجر نے اس موقع پر کہا ضلع گجرات کو خاندانی دشمنیوں سے پاک کرنا میری زندگی کا مشن ہے اور انشاء اللہ ضلع گجرات امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مدینہ سیداں میں سادات برادی نے چوہدری مصطفی گورائیہ کی حمایت کا اعلان کر دیا
گجرات (جی پی آئی)مدینہ سیداں میں سادات برادری کا اکٹھ حلقہ پی پی110کے امیدوار چوہدری مصطفی گورائیہ کا درجنوں خاندانوں کا اعلان حمایت۔ گزشتہ روز مدینہ سیداں میں معروف سیاسی وسماجی شخصیت سید حیدر علی شاہ کی حویلی میں گزشتہ روز سادات برادری کا گرینڈ اکٹھ ہوا جس میں درجنوں خاندانوں نے امیدوار صوبائی حلقہ پی پی110چوہدری مصطفی گورائیہ کی حمایت کا اعلان کیا سادات برادری کے افراد نے چوہدری مصطفی گورائیہ کا شاندار استقبال کیا پھولوں کے ہار پہنائیں اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی اس موقع پر چوہدری مصطفی گورائیہ خطاب کرتے ہوئے کہا ہم سیاسی میدان میں اس لیے آئے ہے کہ ہمارے علاقہ میں تعلیم عام ہوں ،غنڈہ گردی اوربدمعاشی کا خاتمہ ہوں اور ہر خاص وعام آدمی کی زندگی محفوظ ہو ، قبضہ مافیا کا خاتمہ ہو ، ہم سیاسی ورکر ہیں اور سیاسی ورکر ہی عام آدمی کا دکھ درد سمجھ سکتا ہے ، ہم ہر وقت آپ بھائیوں کے ساتھ ہیں ، اور انشاء اللہ ہمیشہ ساتھ رہینگے ، سید عمران نقوی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ چوہدری مصطفی گورائیہ حلقہ پی پی 110سے میدان میں آئے ہیں، ہم ان کی کامیابی کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے ، سیاسی و کاروباری شخصیت سید عمران کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا جینا مرنا چوہدری مصطفی گورائیہ کے ساتھ ہے ، اور انشاء اللہ ان کو بھاری اکثیریت سے کامیاب کروائیں گے ، سیاسی اکٹھ میں سید عمران کاظمی ، عمران حیدر نقوی ، سید تبریز شاہ ، حیدر علی شاہ ، عطا شاہ ، افتخار شاہ ، ذکی شاہ کاظمی ، جعفر شاہ ، واصف عمران شاہ ، توقیر عباس ادھوال ، سید احمد شاہ ، ابرار شاہ ، علی کاظمی ، تقی شاہ ، نثار احمد ، اللہ دتہ عرف اے ڈی ، مرزا شہزاد خان سمیت ممتاز شخصیات شریک تھیں ، چوہدری مصطفی گورائیہ نے بھرپور حمایت پر سید حیدر علی شاہ اور سید عمران کاظمی اور ان کے خاندان کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حلقہ پی پی 111کے تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری اصغر وڑائچ کی حمایت میں اکٹھ یوسی 53کے کئی خاندانوں کا اعلان حمایت
گجرات (جی پی آئی)حلقہ پی پی 111کے تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری اصغر وڑائچ کی حمایت میں اکٹھ یوسی 53کے کئی خاندانوں کا اعلان حمایت ، گزشتہ روز تحریک انصاف کے راہنما امیدوار حلقہ پی پی 111چوہدری اصغر وڑائچ کی حمایت میں رحمان شہید روڈ پر اکٹھ ہوا ، جس میں یونین کونسل 53کی اہم شخصیات نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور چوہدری اصغر وڑائچ کی حمایت کرتے ہوئے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کروانے کا عہد کیا ، چوہدری جمشید اکرم ، ملک وہاب ، بشارت بٹ ، جاوید اقبال چوہان ، ملک نصیر ، سید علی شاہ سکنہ محلہ رحمت پورہ ، عامر خان سکنہ فیصل ٹائون ، نوید ڈینٹل سکنہ مغل کالونی ، عثمان وڑائچ سکنہ سادات کالونی نے اعلان حمایت کیا ، چوہدری جمشید اکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرانے امیدواروں کا دور گزر گیا اب آزمائے ہوئے افراد کو کوئی نہیں آزمائے گا ، آئندہ دور تحریک انصاف اور قائد عمران خان کا ہے ، چوہدری اصغر وڑائچ نوجوانوں کے پسندیدہ لیڈر ہیں ، ہم انہیں بھاری اکثیر یت سے کامیاب کروائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی نے عوام سے اجالے چھین کر تاریکی میں دھکیل دیا :باجی سمیر الٰہی
گجرات (جی پی آئی)پاکستان کے سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی ہمشیرہ باجی سمیرا الٰہی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے عوام سے اجالے چھین کر تاریکی میں دھکیل دیا ، مہنگائی کا ایسا طوفان برپا کیا کہ عام لوگوں دو وقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں ، وہ گزشتہ روز یوسی 56میں چوہدری مظہر نت کی طرف سے خواتین کے منعقدہ انتخابی اکٹھ سے خطاب کر رہی تھیں ، انہوں نے کہا کہ ہمارے خاندان والے جب بھی حکومت میں آتے ہیں ، عام لوگوں کا طرز زندگی آسان ہو جاتا ہے ، اس تقریب سے سابق ایم پی اے صفیہ جاوید چوہدری نے کہا کہ چوہدری برادران کے دروازے عوام کیلئے ہر وقت کھلے ہوتے ہیں ، وہ خود موجود نہ ہوں ان کے سیکرٹریز عوام کی خدمت کیلئے موجود ہوتے ہیں ، خواتین کے مسائل کے حل کیلئے ہر منگل کو میں موجود ہوتی ہوں ، انہوں نے کہا کہ مخالفین کے یہاں نہ گھر ہیں نہ ان کی خواتین حلقہ میں آتی ہیں ، والدہ میاں عمران مسعود نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تمام فنڈز جنگلہ بس پر لگا دئیے ہیں ، سابق ناظم چوہدری مظہر نت نے کہا کہ چوہدری برادران کا ساتھ دیا ہے ، دے رہے ہیں اور دیتے رہینگے ، آئندہ انتخابات میں چوہدری پرویز الٰہی اور میاں عمران مسعود کو بھاری اکثریت سے کامیا ب کروائیں گے ، سابق ممبر تحصیل اسمبلی رخسانہ مغل نے کہا کہ چوہدری برادران گجرات کی آن بان شان ہیں انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران نے گجرات کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ، تقریب میں بیگم میاں عمران مسعود ، بیگم چوہدری مظہر نت نے بھی خطاب کیا ، تقریب میں نزہت اشرف گوندل ، بیگم نجیب اشرف چیمہ اور دیگر خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فیاض حسین بٹ کی والدہ کی وفات پر ن لیگ کے راہنمائوں کا اظہار تعزیت
گجرات(جی پی آئی)بیوروچیف دن فیاض حسین بٹ کی والدہ محترمہ کی وفا ت پر اورنگزیب بٹ فاتحہ خوانی کے لئے ان کے آفس گئے ان کے ہمراہ شیخ عمر اعجاز ، حاجی محمد مبین ، عمران یوسف ، سید فرخ شاہ ، محمد شعیب درانی،شیخ رضوان،چوہدری تنویر،صدیق بٹ ،شبیر گھمن کے علاوہ کثیر تعداد موجود تھی اس موقع پر اورنگزیب بٹ نے کہا کہ اللہ تعالی مرحومہ کو جنت میں اعلی مقام عطاء کرے اور لواحقین کو صبر عطاء کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حلقہ این اے 104میں ہم چوہدری وجاہت حسین کی بھرپور حمایت کریں گے :مرزا ارشد محمود
گجرات(جی پی آئی )شیخ پور کی سیاسی و سماجی شخصیت رہنما مسلم لیگ ق مرزا ارشد محمود نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حلقہ این اے 104میں ہم چوہدری وجاہت حسین کی بھرپور حمایت کریں گے اور آنے والے انتخابات میں انہیں اپنے حلقہ سے بھرپور کامیابی دلانے میں اپنا موثر کردارادا کرینگے انہو ں نے کہا کہ چوہدری برادران نے ہمیشہ ملکی مفادات کیلئے فیصلہ کئے ہیں اور چوہدری برادران گجرات کی شان ہیں چوہدری برادران نے اپنے سابقہ دور اقتدار میں چوہدری وجاہت حسین نے حلقہ این اے104میں بے شمار ترقیاتی منصوبہ جات شروع کروائے ہیں بلکہ انہیں مکمل کیا ہے چوہدری برادران کے دور کو لوگ آج بھی یاد کرتے ہیں انہوں نے سابقہ 65سالہ تاریخ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں جن کی مثال نہیں ملتی انشاء اللہ تعالیٰ اس دفعہ حلقہ این اے104میں مثالی لیڈ سے کامیاب ہو کر دوبارہ ضلع ترقی و خوشحالی کا دورہ شروع کرینگے چوہدری وجاہت حسین نے حقیقی عوامی لیڈر ہیں انہوں نے ہمیشہ غریب آدمی کی آواز کو اپنی آواز سمجھ کر سنا ہے اور اس کی داد رسی کی چوہدری وجاہت حسین انشاء اللہ تعالیٰ اس حلقہ سے کامیاب ہو کر حلقہ میں مزید تعمیر و ترقی کے منصوبہ جات کو نہ صرف شروع کریں گے بلکہ انہیں پائیہ تکمیل تک بھی پہنچائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری انصر محمود اور ڈاکٹر طارق سلیم کا مختلف مقامات کا انتخابی دورہ
گجرات (جی پی آئی) گجرات سے جماعت اسلامی کے امیدواروںقومی اسمبلی حلقہ این اے 105 چوہدری انصر محمود ایڈووکیٹ اور صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی۔111 ڈاکٹر طارق سلیم نے عوامی رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں جٹو وکل، چک بھولا، خورشید کالونی اوردیگر مقامات کا دورہ کیا۔ ڈور ٹو ڈور رابطہ مہم کے سلسلے میں ملاقاتین، کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے راہنمائوں نے کہا۔ موسمی پرندے اور سیاسی بازی گر، پر فریب نعروں اور خوش کن وعدوں کی بنیاد پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے نکلے ہیں۔ مگر حکمرانوں اور ان کے گماشتوں کی پانچ سالہ کارکردگی میں لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، اقربا پروری، کرپشن جیسے ‘کارنامے ‘اس قدر نمایاں ہیں کہ اس کارکردگی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ ہم عوام کو بیدار کرنے اور غربت کی چکی میں پسنے والی، مشکلات اور مسائل سہہ سہہ کر نڈھال قوم کو ان برسراقتدار گروپوں کا اصل چہرہ دکھانے نکلے ہیں۔جماعت اسلامی کے ان راہنمائوں نے کہا گجرات کو ہر دور میں اقتدار میں نمایاں حصہ ملا ہے۔ کلیدی وزارتیں گجرات کے حصہ میں آئیں ۔مگر عوام کی حالت نہیں بدلی۔ صرف وزارتی صدارتی گماشتوں کے اپنے حالات ضرور بدلے ہیں۔ ان کی کچن کیبنٹ اور حواریوںکے حالات بدلے ہیں۔ جہاں تک عوام کا تعلق ہے وہ تو بیچارے سسک سسک کر زندگی گزار رہے ہیں۔ بجلی، گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہیں اور لوگ فاقہ کشی کر رہے ہیں اور ان سے وہ بل بھی وصول کئے جا رہے ہیں جوبجلی اشرافیہ استعمال کرلیتی ہے۔ ان سارے مسائل کا حل کرپشن سے پاک قیادت ہے۔ جو امید بنے اور پاکستان کو از سرنو تعمیر کرنے کا اعلان کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی سیٹوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے
گجرات (جی پی آئی )گجرات میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی سیٹوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ‘حلقہ این اے 104سے 45’حلقہ این اے 105سے 32’حلقہ این اے 106سے 35اور حلقہ این اے 107سے 40امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے جبکہ حلقہ پی پی 108سے 48’پی پی 109سے 45’پی پی 110سے 27’پی پی 111سے 54’پی پی 112سے 38’پی پی 113سے 33’پی پی 114سے 37اور پی پی 115سے 42امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ریٹرنگ آفیسرز تمام امیدواروں کے کاغذات کی سکرونٹی مکمل کررہے ہیں جبکہ 31مارچ کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ کے موقع پر دیر گئے این اے 104سے پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نوابزادہ غضنفر علی گل نے بھی کاغذات جمع کرائے ‘جبکہ این اے 104میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سابق ایم این اے نوابزادہ مظہر علی ان کے بھائی ہیں دوسری جانب حلقہ این اے 105سے جعلی ڈگری کیس میں نا اہل ہونے والے سابق ایم پی اے مسلم لیگ ن کے رہنماء حاجی ناصر محمود نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ‘جوں جو ں انتخابات کا وقت قریب آتا جارہا ہے کارکنوں اور شہریوں میں بھی جوش و خروش بڑھتا جارہا ہے جبکہ سیاسی جماعتوں نے ابھی تک کسی بھی امیدوار کو ٹکٹ جاری نہیں کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گورالی پٹرولنگ چیک پوسٹ پولیس کی جرائم پیشہ کے خلاف کاروائی ، 6لیٹر شراب پکڑی گئی
گجرات (جی پی آئی)انچارج پٹرولنگ پولیس گورالی خاور گوندل افضل محمود بٹ کی ہدایت کی روشنی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کامیابی سے آپریشن کررہے ہیں خاور گوندل سب انسپکٹر انچارج پٹرولنگ پوسٹ گورالی نے دوران گشت 7مشکوک افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ ناجائز 30بور پسٹل اور 6لیٹر شراب برآمد کرکے مقدمات تھانہ صدر گجرات میں درج کروا دیئے ‘واضح رہے کہ خاور گوندل سب انسپکٹڑ قبل ازیں ضلع گجرات پولیس میں بالخصوص اور پٹرولنگ پولیس میں باالمعموم ریکارڈ کارکردگی کی وجہ سے جانے جاتے ہیں اور ان کی عرصہ تعیناتی کے دوران گورالی پوسٹ نے ریکارڈ کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریکٹ ڈائون کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی اور ان کی نئی تعیناتی کی بدولت ضلع گجرات میں پٹرولنگ پوسٹ گورالی نمبر ون ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حلقہ این اے 105سے میرے مقابلے میں جو بھی کھڑا ہو الیکشن میںہر صورت حصہ لونگا:چوہدری احمد مختار
گجرات ( جی پی آئی سے)پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق وفاقی وزیر پانی وبجلی چوہدری احمد مختار نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 105سے میرے مقابلے میں جو بھی کھڑا ہو الیکشن میںہر صورت حصہ لونگا ‘عوامی رابطہ آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری احمد مختار نے کہاکہ پچھلے انتخابات کی نسبت اس مرتبہ مجھے زیادہ ووٹ ملیں گے پیپلزپارٹی دوبارہ الیکشن جیت کر اقتدار میں آئیگی اور مجھے بھی اپنے حلقہ انتخاب سے کامیابی ملے گی ‘انہوں نے کہاکہ انتخابی مہم شروع کردی ہے کارنر میٹنگز اور جلسے کئے جارہے ہیں خواتین ونگ کو بھی متحرک کردیا ہے پیپلزپارٹی کے ورکر گھر گھر جاکر ووٹ مانگیں اور الیکشن کی تیاریاں کریں انہوںنے کہا کہ گجرات سے غنڈہ گردی ‘بدمعاشی اور قبضہ گروپوں کی سیاست کا خاتمہ کردیا ہے اور آئندہ بھی ان گروپوں کے خلاف اپنا مشن جاری رکھوں گا ‘اور کسی کو بھی غنڈ ہ گردی نہیں کرنے دونگا ‘کیونکہ ہم نے گجرات میں شرافت کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور اپنے حلقہ انتخاب میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام مکمل کرائے ہیں جو رہ گئے ہیںان کاموں کو دوبارہ کامیاب ہوکر مکمل کروائونگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھیل کے میدان آباد رہنے سے نوجوان مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنتے ہیں :عدنان خان
گجرات ( جی پی آئی ) ڈائریکٹر سپریئر کالج گجرات عدنان خان نے کہا ہے کہ کھیل کے میدان آباد رہنے سے نوجوان مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنتے ہیں اور نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں تعلیم اور کھیل پر توجہ دے کر محنت کرکے ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کرسکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ظہور الٰہی اسٹیڈیم گجرات میں سپریئر کالج کے سپورٹس فیسٹول کی تقریب انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پرنسپل میاں محمد الیاس او رمحمود گوندل نے بھی خطاب کیا محمود گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو پڑھائی کے علاوہ دیگر صحت مندانہ سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ‘ہارنے والی ٹیمیں مایوس نہ ہوں اگلے مقابلوں کیلئے زیادہ سے زیادہ محنت کریں ‘انہوں نے جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے مزید محنت کرنے کی تلقین دی ‘پرنسپل سپریئر کالج گجرات میاں محمد الیاس نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کامیاب سپورٹس فیسٹول کرانے کا سہرا ایک فرد پر نہیں بلکہ پوری ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس سے ہمیں کامیابی نصیب ہوئی انہوں نے کہاکہ ہمارا گلشن ایسی ہی مثبت سرگرمیوں سے بھرا رہے گا ‘تمام ہاوسز نے بہت بہتر کھیل پیش کیا ‘زندگی کے ہر شعبہ میں محنت کرنی چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سپریئر کالج گجرات اور کھاریاںکے زیر اہتمام ظہور الٰہی اسٹیڈیم میں سپورٹس فیسٹول کا اہتمام کیا گیا
گجرات (جی پی آئی)سپریئر کالج گجرات اور کھاریاںکے زیر اہتمام ظہور الٰہی اسٹیڈیم میں سپورٹس فیسٹول کا اہتمام کیا گیا جس میں سپریئر کالج گجرات اور کھاریاں کے سینکڑوں طلباء نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر سپریئر کالج گجرات اور کھاریاں عدنان خان تھے سپورٹس فیسٹول میں کرکٹ ‘رسہ کشی ‘اتھلیٹکس ‘بیڈمنٹن ‘بوری ریس ‘ٹیبل ٹینس سنگل ‘ڈبل کے مقابلہ جات انعقاد پذیر ہوئے تقریب کے اختتام پر جیتنے والی ٹیموں کو انعامات سے نوازا گیا جبکہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں طارق ہائوس نے مجتبیٰ ہائوس کو شکست دیکر ٹرافی جیت لی اسی طرح ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں سلمان الیاس اور ارسلان نے محمد علی اور عبداللہ کو شکست دیکر کامیابی حاصل کی ‘سو میٹر ریس میں دانش بٹ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ رنر اپ محمد انور تھے بوری ریس میںکاشف محمود نے پہلی پوزیشن جبکہ حافظ انعا م نے دوسری پوزیشن حاصل کی اسی طرح رسہ کشی کے مقابلوں میں جنید اقبال نے پہلی اور اسد نے دوسری پوزیشن حاصل کی اس طرح رسی کشی کی ونر ٹیم میں سید وہاب ‘وقار احسان ‘جنید اقبال ‘دانش بٹ ‘شاہ رخ خان ‘محمد علی ‘وارث شامل تھے کو بھی انعامات دیئے گئے جبکہ رسہ کشی کے مقابلہ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنیوالوں میں کیف عبداللہ ‘شعیب بٹ ‘فرحان علی شامل ہیں اسی طرح بیڈمنٹن سنگل کے مقابلوں میں غلام عباس نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ بیڈمنٹن ڈبل میں شعیب زمان ‘حسن شہزاد نے پہلی پوزیشن جبکہ عمران صادق ‘طاہر خان ‘شعیب زمان رنر اپ قرار پائے سپریئر سپورٹس فیسٹول میں مختلف گیموں میں کامیابی حاصل کرنیوالے کھلاڑیوں میں ڈائریکٹر عدنان خان ‘حاجی اخلاق احمد وڑائچ ‘محمود احمد گوندل ڈی او سی او ‘پرنسپل سپریئر کالج میاں محمد الیاس ‘غلام عباس ‘سجاد شاہ بخاری ودیگر نے انعامات تقسیم کئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سپریئر کالج کے زیر اہتمام سپورٹس فیسٹول منعقد
گجرات (جی پی آئی )سپریئر کالج کے زیر اہتمام سپورٹس فیسٹول میں کھیلوں کے اختتام پر ڈائریکٹر عدنان خان اور حاجی اخلاق وڑائچ نے سپریئر کالج کی جانب سے کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایمپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے ایمپائرز کو کالج کی جانب سے نقد انعامات دیئے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کنجاہ میں نا معلوم مسلح ڈاکوئوں نے مین بازار میں چوکیداروں کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 5کلو سونا لوٹ لیا
گجرات (جی پی آئی )گجرا ت کے نواحی علاقہ کنجاہ میں نا معلوم مسلح ڈاکوئوں نے مین بازار میں چوکیداروں کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 5کلو سونا لوٹ لیا اور فرار ہوگئے ‘گزشتہ رات تین بجے کے قریب چھ مسلح ڈاکوئوں نے مین بازار میں گھس کر چوکیداروں کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا لیا اور طلائی زیورات کی تین دکانوں کے تالے توڑ کر وہاں پر موجود کروڑوں روپے مالیت کا 5کلو سونا لوٹ کر فرا ر ہوگئے جبکہ فرار ہوتے وقت چوکیداروں کو رسیوں سے باندھ کر بازار میں پھینک کر فرار ہوگئے ‘واقع کے بعد کنجاہ کے تاجروں نے شدید احتجاج کیا اور ڈی پی او گجرات راجہ بشارت سے لوٹا ہوا سونا برآمد کرانے کا مطالبہ کیا پولیس تھانہ کنجاہ نے نا معلوم ڈاکوئوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔