گجرات کی خبریں 25/7/2016

GPI News

GPI News

گجرات (جی پی آئی) حکومت پنجاب کی طرف سے ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کی بھرتیوں پر پابندی کے خلاف ملک بھر میں شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔ HPCA ڈسٹرکٹ گجرات کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمود علی واثق نے کہا کہ ہومیو پیتھک ڈاکٹرز اپنے وسائل میں رہتے ہوئے ملک بھر میں غریب عوام کی خدمت کیلئے کام کر رہے ہیں۔ دوسری جانب مافیا ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کو پریشان کر رہے ہیں اور مختلف حیلے بہانوں سے ہومیو پیتھی کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے جاری ہونے والے لیٹر کی مذمت کرتے ہیں ۔ ڈاکٹر سید امتیاز حیدر شاہ نے کہا کہ حکومت پنجاب فوری طور پر ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کی بھرتی پر عائد ہونیوالی پابندی کو ختم کرے۔ اور ہومیو پیتھی کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ڈاکٹر شکیل سرور نے کہا کہ اگر حکومت پنجاب نے ہومیو پیتھک ڈاکٹرز پر عائد پابندیوں کو ختم نہ کیا تو ملک بھر میں شدید احتجاج کیا جائیگا۔ جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔ اس موقع پر ضلعی صدر HPCA ڈاکٹر ناصر چوہدری نے کہا کہ ملک بھر میں ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کی تنظیمیں اس کاز کیلئے متحد ہیں اور حکومت پنجاب کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ اس سلسلہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اجلاس میں دیگر تنظیموں کے نمائندگان سے رابطوں کا بھی فیصلہ کیاگیا۔
…………………………………………………………
…………………………………………………………

گجرات(جی پی آئی) ممتاز سماجی شخصیت محمد ارشد نت ‘ قاری احسان اللہ توحیدی’ سید تفخیر سبطین ‘ سید اطہر علی اور ممتاز اخبار فروش محمد شفیق انصاری نے عامر محمود وڑائچ آف کوٹ نکہ کے ہاں چاند سے بیٹے اور انجم فاروق اور شیر علی کو بھتیجے کی پیدائش پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نومولود کو صحت کاملہ عطا فرمائے اور بچے کو اپنے والد ین کیلئے آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے۔ آمین
…………………………………………………………
…………………………………………………………
گجرات(جی پی آئی) جماعت اسلامی بہورچھ بسوہا کے زیر اہتمام زون۔115کا ورکرز کنوینشن گذشتہ روز منعقد ہوا جس کی صدارات امیر جماعت اسلامی ضلع گجرات ڈاکٹر طارق سلیم نے کی جبکہ مہمان خصوصی سابق امیر جماعت ضلع منڈی بہائوالدین معروف سکالر پروفیسر ضیغم مغیرہ تھے۔ علاوہ ازیںجماعت اسلامی ضلع گجرات کے راہنما سید ضیاء اللہ ایڈووکیٹ، حافظ اسعد اقبال اور ظفر اقبال ڈار نے بھی کنوینشن میں شرکت کی۔پروفیسر ضیغم مغیرہ نے جماعت اسلامی کی دعوت، پروگرام اور خدمت خلق کے حوالے سے بڑا مؤثر خطاب کیا انہوں نے کہا کہ ہماری یہ سب سرگرمیاں وقتی اور موسمی نہیں بلکہ ہمہ وقتی ہیں۔ دعوت دین کے کارکنان کو یہ بات سمجھ لینی چائیے کہ یہ پھولوں کی سیج نہیں بلکہ آزمائشوں کا راستہ ہے جس کاپہلا قدم بھی منزل اور آخری قدم بھی منزل ہے۔امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ دنیا بھر میں عالمی اسلامی تحریکوں اور امریکی گماشتوں کے درمیان معرکہ جاری ہے۔ امریکہ اپنا ورلڈ آرڈر نافذ کرنا چاہتا ہے۔اللہ تعالیٰ نے یورپ کے اندر سے ہی طیب اردگان کو کھڑا کر دیا ہے جس نے وقت کے طاغوت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہے اور دنیا بھر کوبتا دیا ہے کہ جو دلوں کو فتح کرے وہی فاتح زمانہ ہے۔ طیب اردگان نے دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی آواز بننے کی کوشش کی ہے۔وہ چاہے فلسطین کے نہتے عوام ہوں جو عرصہ ٔ دراز سے صیہونی فسطاتیت کاشکار بنتے چلے آرہے ہیں، برما کے مسلمانوں کا دکھ بھی انہوں نے محسوس کرتے ہوئے عالمی فورمز پر آواز اٹھائی ہے، اسی طرح بنگلہ دیش کے بزرگ رہنمائوں کو پھانسیوں کی سزا پر انہوں نے وہاں سے اپنا سفیر واپس بلا لیا گویا کہ ہر کہیں انہوں نے امت مسلمہ کی کاز کی بات کی ہیں۔ ان کے انہی اقدامات کی سزا دینے کے لئے امریکہ نے ان کا تختہ الٹے کی سازش کی مگر اللہ تعالیٰ نے اسے ناکام بنا دیا۔ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ طیب اردگان کا پیغام ہے کہ ہمیں مایوس نہیں ہونا بلکہ اسلامی کی حقیقی تصویر، امن و محبت اور روا داری کے پیغام کو عام کرکے باطل کے جھوٹے پروپیگنڈے کا جواب دینا ہے۔سید ضیاء اللہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ خدمت خلق کا مشن ہمیں محسن انسانیت کی سیر ت سے ملا ہے لہذا بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب وملت خدمت کا کام جماعت اسلامی کر رہی ہے۔

…………………………………………………………
…………………………………………………………
گجرات(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے داروغہ والا میں ڈمپر کی رکشے اور موٹر سوار کو ٹکر سے4افراد کی ہلاکت پر پنجاب اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کروادیا۔اپنے توجہ دلائو نوٹس میں انہوںنے کہا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ میں انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس کے باعث ایک درجن سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں جو تشویشناک امر ہے ۔انہوںنے کہا کہ منصوبہ میں انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات کیئے جائیں اور انسانی جانوں کے ضیاع پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ اورنج لائن منصوبہ میں اب تک ایک درجن سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور نج لائن منصوبہ میں اب تک جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے لواحقین کو فی الفور معاوضہ ادا کیا جائے تاکہ ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور ان کے بچے مالی پریشانیوںسے محفوظ ہوسکیںاور اطمینان سے زندگی گذار سکیں۔
…………………………………………………………
…………………………………………………………
گجرات(جی پی آئی) اے سی کھاریاں ذوالفقار علی باگڑی نے جعلی ایم بی بی ایس ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کروا کر اسے گرفتار کرا دیا، اشیائے خورد و نوش مہنگے داموں فروخت کرنے پر ریسٹورنٹ مینجر پر جرمانہ عائدکر دیا گیا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر عطائی ڈاکٹروںکے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران اے سی کھاریاں نے ڈی ڈی او ایچ کھاریاں ڈاکٹر محمد علی کے ہمراہ موضع منڈیر میں شبیر کلینک کو چیک کیا جہاں ملزم ظفراللہ خاں ولد طالب حسین محلہ نیا آڑہ کھاریاں ایم بی بی ایس ڈاکٹر بن کر پریکٹس کر رہا تھا ۔ اے سی کھاریاں اور انکی ٹیم نے مذکورہ ڈاکٹر سے شناخت طلب کی تو اس نے پی ایم ڈی سی کا جاری کردہ کارڈ پیش کر دیا جس کی تصدیق کرائی گئی تو معلوم ہو ا کہ مذکورہ ڈاکٹر ظفراللہ کے پاس پی ایم ڈی سی کا جاری کردہ کارڈ جعلی ہے، جعلسازی کرنے اور شہریوں کی زندگیوں اور صحت سے کھیلنے والے مذکورہ ڈاکٹر کے خلاف تھانہ صدر کھاریاں میں زیر دفعہ 420اور پی ایم ڈی سی کی دفعہ 32سیکشن 28کے تحت مقدمہ درج کرادیا گیا ہے جسے پولیس نے گرفتار کرکے تفتش شروع کر دی ہے۔ دریں اثنا اے سی کھاریاں نے سیوا ریسٹورنٹ لالہ موسیٰ کو چیک کیا جہاں اشیائے خورد و نوش مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کی جارہی تھیں جس پر مینجر عثمان پر 5ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
…………………………………………………………
…………………………………………………………
گجرات(جی پی آئی) PMLNمنشور کمیٹی پاکستان کے ممبر عمرمسعود فاروقی کی طرف سے چائینہ میں 5بلین انویسٹمنٹ کردی گئی ۔ اس سلسلہ میں لاہور PCہوٹل میں باقاعدہ پاک چائینہ وفود کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں دونوں ممالک کے نمائند گان کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے ۔ اس موقع پر عمر مسعود فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ پاک چائینہ دوستی کے ثمرات پاکستانی عوام رہتی دنیا تک حاصل کرتے رہیں گے اور پاکستانیوں کے لیے جو سہولیات کاروبار کیلئے چین نے فراہم کی ہیں اس کے لیے گجرا ت چیمبر آف کامرس نے دیگر کاروباری تنظیموں تک پیغام رسائی کے لیے جلد مہم کا آغاز کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ چین کے نمائندہ وفد کا شکر گذار ہوں کہ انہوں نے مجھے اپنے ملک میں انویسٹمنٹ کرنے کا موقع فراہم کیا انہوں نے کہا وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے چین میں پاکستانیوں کے لیے کاروبار کرنے کی غرض سے ویزہ فیس کی چھوٹ بڑا اہم کارنامہ ہے ۔ جس سے کہا جاسکتا ہے ۔ کہ نواز شریف بطور وزیر اعظم پاکستانی تاجروں کا ہر لحاظ سے سہولیات میں اضافہ کررہے ہیں ۔ چائینیز وفد کے نمائندہ چنگچوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین کی طرف سے پاکستانی تاجروں کے لیے اس قدر آسانیاں پیدا کردی گئی ہیں ۔ کہ گلوبل میں ہلچل مچ گئی ہے ۔ جہاں پر تاجروں کیلئے فارن پالیسی میں نرمی کی گئی وہاں پر سٹوڈنٹس کیلئے فارن پالیسی ان کی مرضی کے مطابق کردی گئی ۔ ایک پیغام دوں گا ۔ چین نوٹ لگائے اور یوآن کمائیں ۔ اس موقع پر عبدالباسط سینئر صحافی ظہیر عباس سندھو ، ندیم بٹ ، ڈاکٹر آصف ، آغا شیراز ملک ، سید اعتزاز حیدر شاہ ،محمد افضل ، ر ؤف احمد عبدالحالق ، محمد یٰسین ، ملک ظہیر عامر و دیگر موجود تھے ۔
…………………………………………………………
…………………………………………………………
گجرات(جی پی آئی) ٹی ایم اے گجرات کی طرف سے شہر کی صفائی کی 12روزہ خصوصی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے عرفان علی کاٹھیا، ایم پی اے حاجی عمران ظفر، مسلم لیگ ن کے راہنما حاجی ناصر محمود کے ہمراہ یونین کونسل نمبر 2کے علاقہ مہمدہ روڈ مدینہ سیداں میں صفائی مہم کا افتتاح کیا، ٹی ایم او خرم محمود، چیئرمین یونین کونسل چوہدری آصف، چیف آفیسر ہیڈ کوارٹرز عظمت فرید ، نائب تحصیلدار گلزار احمد سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ٹی ایم اے گجرات کی خصوصی مہم کے دوران کوڑا کرکٹ اٹھانے اور سیوریج نالوں کی صفائی کے لئے 5سو سے زائد سینٹری ورکز نے یونین کونسل کے تمام وارڈز میں صفائی میں حصہ لیا جبکہ دمپرز، ٹریکٹرز، ایکسویٹرز ، سوزوکی پک اپ سمیت 50سے زائد ہلکی و بھاری مشینری کی مدد سے بڑی مقدار میں کوڑا اٹھا کر ٹھکانے بھی لگا دیا گیا جبکہ سیوریج نالوں کی رکاوٹیں ختم کرکے انہیں چالو کر دیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ شہر کی صفائی کے لئے خصوصی مہم وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق انسداد ڈینگی مہم کا حصہ ہے نیز اس مہم سے شہر کو خوبصورت بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوںنے کہا کہ شہر کی بہتری اور شہریوں کی بہبود کے لئے گجرات کے پارلیمنٹرین پہلے ہی ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں جبکہ اس مہم کے دوران منتخب بلدیاتی نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا ہے اور خصوصی صفائی مہم شہر کی تمام 12یونین کونسلوںمیں چلائی جائے گی۔ انہوںنے واضع کیا کہ خصوصی صفائی مہم کے دوران معمول کی صفائی ہرگز متاثر ہوگی اور صبح کی ڈیوٹی کے بعد سینٹری سٹاف ایک یونین کونسل میں جمع ہوکر صفائی مہم میں حصہ لیں گے۔ انہوںنے بتایا کہ ٹی ایم اے کے ساتھ محکمہ صحت کا عملہ بھی صفائی مہم میں شریک ہے اور جن مقامات پر ضروری ہوا وہاںچونا اور ڈینگی سپر ے بھی کیا جائے گا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن بننے کے بعد گجرات شہر کی حدود میں مویشی نہیں رکھے جاسکتے، شہر میں تمام گوالوں کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیںا ور دو ماہ کے بعد جو لوگ از خود اپنے مویشی شہر سے باہر منتقل نہیں کرینگے انکے خلاف کاروائی ہوگی۔ انہوںنے بتایا کہ ایسے 3افراد جنکے خالی پلاٹ گندی کی آمجگاہ بنے تھے اور وہاں ڈینگی مچھر کی افزائش کے خطرات تھے انکے خلاف مقدمات درج کرادیے گئے ہیں۔ ایم پی اے حاجی عمران ظفر نے کہا کہ دین اسلام میں صفائی کو نصف ایمان قرار دیا گیا ہے، شہر کو صاف ستھر ا بنانے کے لئے ہم سب کو اپنی اجتماعی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی ۔ انہوںنے شہریوں پر زور دیا کہ گھروں کا کوڑا کرکٹ اس مقصد کے لئے مختص مقامات پر پھینکا جائے تاکہ گجرات کا بہتر امیج نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اجاگر ہو سکے۔ انہوںنے ٹی ایم اے کے زیر اہتمام خصوصی صفائی مہم کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
…………………………………………………………
…………………………………………………………
گجرات(جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے عرصہ دراز سے اشاعت نہ کرنیوالے تین اخبارات ماہنامہ منادی ، ماہنامہ ورولے اور ماہنامہ گلفشاں کے ڈیکلریشن منسوخ کر دیے ہیں اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر گجرات کو ہدایت کی ہے کہ ڈیکلریشن منسوخی کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے
…………………………………………………………
…………………………………………………………
گجرات(جی پی آئی) آل پاکستان پارٹری ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ برائے 2016-17نے حاجی محمد اعظم رحمانی کی قیادت میں مقامی ہوٹل پر منعقدہ ایک تقریب میں اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ، پارٹری ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں سے ممبر پنجاب اسمبلی حاجی عمران ظفر نے حلف لیا اس موقع پر سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود ، چیئرمین سی پی ایل سی الحاج امجد فاروق ، وائس چیئرمین پیفما غیاث الدین پال ، ممتاز صنعت کار عنصر گھمن سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پارٹری ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کو حلف اٹھانے پر مبارک باد دی