گجرات کی خبریں 16/3/2017

GPI

GPI

گجرات (جی پی آئی) دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس بلا شبہ ضلع گجرات کا مایہ ناز تعلیمی ادارہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز کاروباری شخصیت سیٹھ یاسر لطیف صراف نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کا نظام تعلیم منفرد اور اعلیٰ ہے۔ اس ادارہ میں دن رات طلباء کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کی طرف توجہ دینا بھی ایک اچھا اقدام ہے۔ اور انہیں معاشرہ کا بہترین فرد بنانے کا عمل جاری ہے۔ شہزاد شفیق کی دن رات کی محنت کی وجہ سے عوام دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس پر بھر پور اعتماد کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) صدر بزم گدائے در بتول کے صدر عمران اصغر کی والدہ محترمہ گزشتہ روز رضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں۔ مرحومہ کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں قبرستان چاہ ترہنگ میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ مرحومہ کی نماز جنازہ ممتاز عالم دین علامہ مبارک علی موسوی نے پڑھایا۔ جبکہ مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے ختم قل کی محفل آج صبح 10 بجے ان کی رہائشگاہ نزد اسلامیہ سکول میں منعقد ہو گی ٹھیک گیارہ بجے دعا ہو گی۔ دوست احباب سے شرکت کی استدعا ہے۔
۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) برصغیر پاک و ہند کی عظیم روحانی شخصیت سائیں عبدالرحیم خان کا سالانہ عرس مبارک شروع ہو گا۔ سجادہ نشین دربار سائیں عبدالرحیم خان ، خان شاہین خان نے اپنے دست مبارک سے دربار شریف کو عرق گلاب سے غسل دیا۔ اس موقع پر ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے کثیر افراد کی تعداد موجودتھی۔ جبکہ آج عرس مبارک کی مرکزی تقریب منعقد ہو گی۔ محفل میلاد بعد از نماز ظہر منعقد ہو گی جبکہ بعد نماز عشاء محفل سماع کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس میں اہم شخصیات شرکت کریںگی۔ ملک کے ممتاز قوال اپنی اپنی حاضری پیش کریں گے۔
۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے رات گئے عزیز بھٹی شہید ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ، انہوںنے ہسپتال میں صفائی اور مریضوں کو فراہم کی جانیوالی غیر معیاری سہولیات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر رات بارہ بجے اچانک عزیز بھٹی ہسپتال پہنچے ، ایمرجنسی اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا ، مریضوں اور انکے لواحقین سے بات چیت کی۔ انہوںنے ہسپتال میں صفائی کی ناقص صورتحال کا سخت نوٹس لیا نیز مریضوں کو ہسپتال سے گرم کمبل فراہم نہ کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عابد غوری کو ہدایت کی کہ وہ خود تمام معاملات کی نگرانی کریں نیز اے ڈی سی فنانس سعدیہ مہر کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال کی بہتری کیلئے امور کی نگرانی کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) وزیر اعلی پنجا ب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ضلع گجرات میں موسیقی اور فن مصوری کے مقابلوں کیلئے رجسٹریشن کرانے والے امیدواروں کے آڈیشن اور سکروٹنی 20مارچ صبح نوبجے سے گورنمنٹ مرغزار کالج گجرات میں ہوگی۔
۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) تحریک لبیک یارسول اللہ ضلع گجرات کے امیر مفتی عبد الرحمن نعیمی اور ناظم اعلیٰ مولانا نعیم اختر رضوی اور درجنوں علماء ومشائخ نے فیس بک پر گستاخانہ مواد کے خلاف ایف آئی اے گجرات کے دفتر مقدمہ درج کر نے کی درخواست دائر کرا دی ہے۔تحریک لبیک یارسول اللہ کے قائدین نے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف گستاخی رسول کے مرتکب کے خلاف 295/Cاور دیگردفعات کے تحت مقدمہ قائم کیا جائے بلکہ وزراتِ داخلہ کے ذمہ داران جنہوں نے حبیبِ خدا حضرت محمد رسول اللہ ۖ کی گستاخی کرنے والے کو بیرون ملک جانے سے نہیں روکا بلکہ اُن کے فرار کرانے میں سہولت کا رکا کردار ادا کیاہے کو نشانہ عبرت بنایا جائے ۔تحریک لبیک یارسول اللہ کے قائدین نے 17مارچ جمعة المبارک کے ضلع بھر میں تحفظ ناموس رسالت منانے اور اس موضوع پر خطابات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی معیاری تعمیر کیلئے سختی سے مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی ، تمام پراجیکٹس کی جیو ٹیگنگ بھی کرائی جائے گی، سڑکوں، گلیوں سمیت بحالی کے منصوبہ جات پر کام سے پہلے اور تکمیل کے بعد کی تصاویر بھی منصوبے کی فائل کا حصہ ہونا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی ریونیو واصف رحمان، اے ڈی سی فنانس سعدیہ مہر، اسسٹنٹ کمشنرز ظہیر عباس چٹھہ، ذوالفقار علی باگڑی، آذبہ عظیم، سی ای او ز طاہر کاشف، ڈاکٹر عابد غوری بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سوشل سیکٹر کے ساتھ انفراسٹرکچر کی بہتری ترقی کیلئے نہایت اہم ہے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کیلئے سائٹ انجینئر اور کنسلٹنٹس کو اپنا اہم کردا ر ادا کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ تینوں تحصیلوں میں اسٹنٹ کمشنرز جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں گے جبکہ انکی معاونت کیلئے اچھی شہرت کے حامل انجینئرز کو متعین کیا جائے گا ، دوران انسپکشن سامنے آنیوالے نقائص دور کرنا متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کی ذمہ داری ہوگی ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے ممکنہ دورہ گجرات کے موقع پر وہ مختلف میگا پراجیکٹس کا افتتاح کریں گے افسران اس حوالے سے خود کو تیار رکھیں ۔ انہوںنے ہدایت کی کہ سڑکوں، سکولوں، کالجز، سیوریج، واٹر سپلائی ، خادم پنجاب رورل روڈ پروگرام، وزیر اعظم پاکستان کے ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کیلئے افسران خود فیلڈ میں نکلیں جبکہ وہ خود بھی مختلف منصوبہ جات کا معائنہ کریں گے اور واضع کیا کہ نااہلی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔ اس سے قبل ایگزیکٹو انجینئرز پراونشل روڈ، پراونشل بلڈنگز، پبلک ہیلتھ ، لوکل گورنمنٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کہ ضلع میں پراونشل ہائیوے کی 16، پبلک ہیلتھ کی 63، پراونشل بلڈنگز کی 48، لوکل گورنمنٹ کی 4، فارسٹ، آبپاشی اور اوقاف ڈیپارٹمنٹ کی ایک ایک سکیم پر کام جاری ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ ایک ارب روپے لاگت سے اربن واٹر سپلائی سکیم کے تمام 17ٹیوب ویل نصب کرکے چالو کر دیے گئے ہیں، شہر میں د و نئے ڈسپوزل اسٹیشن بنائے گئے ہیں، اسی طرح ڈنگہ، لالہ موسیٰ، سرائے عالمگیر ، جلالپو رجٹاں ، کھاریاںمیں بھی کروڑوں روپے لاگت سے واٹر سپلائی اور سیوریج سکیموں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوںنے بتایا کہ ایک ارب روپے لاگت سے مدینہ اعوان شریف روڈ کا 45فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے اسی طرح جلالپور جٹاں تا کھاریاں ڈیفنس روڈ کا پہلے فیز کا کام مکمل کیا جاچکا ہے جس کے تحت 27کلو میٹر طویل روڈ تعمیر کی گئی ہے جبکہ سٹی روڈز پیکج کے منصوبوں پر کام جاری ہے، نواز شریف میڈیکل کالج اکیڈمک بلاک، عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر کام بڑی حد تک مکمل کیا جاچکا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو واصف رحمان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر کام شروع کر دیا ہے جبکہ رخصت ختم ہونے کے بعد اے ڈی سی فنانس سعدیہ مہر نے بھی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) مون سون سیز ن میں ممکنہ سیلاب سے بچائو، فلڈ کی صورت میں ریلیف اور بحالی کیلئے بروقت جامع منصوبہ بندی کی جائیگی، ہنگامی صورتحال کیلئے درکار وسائل کے حصول کیلئے فوری طور پر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے رجوع کیا جائے گا، یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ فلڈ ریلیف کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں اے ڈی سی ریونیو واصف رحمان، اے ڈی سی فنانس سعدیہ مہر، اسسٹنٹ کمشنرز ظہیر عباس چٹھہ، ذوالفقار علی باگڑی، آذبہ عظیم، سی ای او ز طاہر کاشف، ڈاکٹر عابد غوری بھی موجود تھے جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عبدالرشید نے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے اے ڈی سی ریونیو واصف رحمان کو فلڈ ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے ضلعی فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ ماضی میں سیلاب سے متاثر ہونیوالے علاقہ جات، مختلف برساتی نالوں کا دورہ کریں گے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ز بھی اپنے علاقہ جات میں ممکنہ سیلاب سے کے خدشے والے علاقہ جات کا دورہ کریں اور آئندہ اجلاس میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ2014کے سیلاب کو مد نظر رکھتے ہوئے سیلاب سے بچائو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی جائے گی، ریسکیو 1122کے تربیت یافتہ اہلکار سول ڈیفنس کے رضا کاروں کو پانی میں کشتی چلانے اور دیگر امور کی تربیت فراہم کریں گے ، محکمہ انہار تمام برساتی نالوں کی صفائی کا کام مکمل کرے گی ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ فلڈ ریلیف آفیسر محکمہ موسمیات سے قریبی رابطہ میں رہیں جبکہ ایکسئین انہار دریائے چناب میں پانی کے بہائو کی صورتحال پر نظر رکھیں گے نیز بندوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبہ جات کی فوری تکمیل یقینی بنائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈپٹی کمشنر محمدعلی رندھاوا سے ممبر ضلعی امن کمیٹی خادم علی خادم نے ملاقات کی ، انہیں گجرات تعیناتی پر مبارکباد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، انکے صاحبزادے نمائندہ پی ٹی وی نیوز خادم علی خادم، چیف ایڈیٹر جذبہ آن لائن عارف علی عارف اور صابر علی بھی موجود تھے۔ خادم علی خادم نے ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں ذوالفقا ر علی باگڑی، ڈی او ایچ ڈاکٹر زاہد تنویر، ڈی ڈی ایچ اوز نے ضلع بھر کے مختلف سرکاری ہسپتالوں کا اچانک دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر اے سی کھاریاں ذوالفقار علی باگڑی نے بنیادی مرکز صحت پنجن کسانہ، ڈی او ایچ ڈاکٹر زاہد تنویر نے آر ایچ سی دولت نگر اور نواحی بنیادی مراکز صحت کا دورہ کیا۔ انہوںنے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و عملہ کی حاضری، صفائی کی صورتحال چیک کی اور ادویات کے سٹاک کا معائنہ کیا۔ تینوں تحصیلوں کے ڈی ڈی او ایچ نے بھی اپنے زیر انتظام ہسپتالوں کا معائنہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کسانوں کو کاشتکاری کے جدید طریقوں بارے آگاہ کیا جائے، مقررہ قیمتوں پر وافر مقدار میں کھادوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جعلی کھادیں اور ادویات بیچنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، یہ فیصلہ زرعی ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد رفیق تارڑ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسکیوٹر عابد حسین ،کسان بورڈ کے صدر خورشید منہاس، سیکرٹری ریاض احمد، کھاد ڈیلرز کے نمائندہ اختر حسین، قیصر امین بھی موجود تھے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد رفیق تارڑ نے بتایا کہ ضلع میں رواں سیز ن کے دوران 3لاکھ87ہزار ایکٹر گندم کاشت ہوئی ہے جو کہ ہدف سے102فیصد ہے۔ انہوںنے بتایا کہ کسانوں کو ایس او پی کھاد پر فی بوری آٹھ سو روپے جبکہ پوٹاش پر پانچ سو روپے فی بوری سبسڈ ی دی جارہی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ ضلع کہ ہر گائوں سے اراضی کے نمونہ جات لئے گئے ہیں، لیبارٹری نتائج کے بعد کسانوں کو بہتر پیداوار کیلئے کھادوں اور ادویات کے استعمال بارے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوںنے بتایا کہ جعلی ادویات ، کھادیںفروخت کرنیوالوں اور اوور چارجنگ کرنیوالوں کے خلاف ایکشن کے دوران بارہ افراد کے خلاف مقدمات درج، ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئر نگ اعتزاز نادر نے سرائے عالمگیر کا دورہ کیا اور سیوریج اینڈ ڈرینج سکیم کے منصوبے پر جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ 159ملین روپے لاگت کے اس منصوبے پر ابتک 56فیصد کا م مکمل کیا جاچکا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ عوامی فلاح و بہبود کے اس منصوبے کی تکمیل کیلئے اعلی معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوںنے ہدایت کی کہ سائٹ انجینئر اور کنسلٹنٹ موقع پر موجود رہ کر کام کی نگرانی کریں۔ انہوںنے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں ہر صورت مکمل کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے ضلع کے چھبیس 24/7بنیادی مراکز صحت میں ہیلتھ کونسلز کے ذریعے اخراجات کیلئے 65لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کر دی گئی ہے، ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عابد محمود غوری نے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے بتایا کہ ضلع کے چار تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں ٹی ایچ کیو کھاریاں، سرائے عالمگیر، کنجاہ اور لالہ موسیٰ کو اس سے قبل ہیلتھ کونسل کے ذریعے اخراجات کیلئے 50پچاس لاکھ روپے کے فنڈز دیے گئے تھے جبکہ دوسرے مرحلے میں تمام26 بنیادی مراکز صحت جہاں چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کی جاتی ہیں میں قائم کردہ ہیلتھ کونسلز کے ذریعے ادویات، طبی آلات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے فی کس اڑھائی لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کی گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) کھاریاں شہر اور گردونواح میں عطائی ڈاکٹر سے جعلی پیروں اور نیم حکیموں کے ڈیرے، بڑے بڑے دلکش اوردعواؤں پر مبنی بورڈ آویزاں کر کے شریف النفس اور سادہ لوح عوام کو جہاں بیوقوف بنا رہے ہیں وہاں پر دونوں ہاتھوں سے لوٹ بھی رہے ہیں اور اپنی تجوریاں بھی بھر رہے ہیں ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہومیو پیتھک کی آڑ میں انگلش کی ادویات کا بھی بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے جعلی پیراورنجومی قسمت کے حال بتانے کے بہانے نوجوان لڑکوں اور خواتین کو وسوسوں میں ڈال کر پھانس لیتے ہیں اور بھاری رقوم بٹورتے ہیں نیم حکیم پر آنیوالے کو عجیب و غریب بیماری میں مبتلا ہونے کا بتا کر نسخہ دیتے اور ہزاروں روپے وصول کر رہے ہیں جعلی پیروں کا شکار خواتین ہوتی ہیں جو کہ ساس بہو کی لڑائی کو آڑ بنا کر پیسے بٹورتے ہیں اور زیورات تک اُتروا لیتے ہیں ان تمام لٹیروں کو کھلی چھٹی دے دی گئی ہے کھاریاں شہر کے مختلف ،بازاروں اور گلی محلوں کے علاوہ دیہاتوں میں بھی یہ بہروپئے اپنا دھندا دھڑلے سے چلا رہے ہیں اور بنک بیلنس بھی بڑھا رہے ہیں عوامی حلقوں نے ڈی سی گجرات محمد علی رندھاوا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (تنویر نقوی )عوامی حلقوں نے کھاریاں میں ریلوے سٹاپ بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 30سالوں سے بغیر کسی وجہ سے ریلوے سٹاپ بند کر دیا گیا ہے اور عوام کو ریلوے کے سستے سفر سے محروم کیا جا رہا ہے کھاریاں میں پاکستان کی سب سے بڑی چھاؤنی بھی ہے ہزاروں کی تعداد میں فوجی حضرات ملک کے ہر حصے سے یہاں آتے جاتے ہیں پاک فوج کے جوانوں کو بھی عوام کے ساتھ اس سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے عوامی حلقوں نے ارباب اختیار سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) پریذیڈنٹ کینٹ بورڈ کھاریاں بریگیڈئیر ندیم احمد علاقہ کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح وبہبود کے کام مکمل کروانے میں تاریخ ساز اور عملی اقدامات کررہے ہیں ہم انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ان خیالات کااطہار ممبر کینٹ بورڈ کھاریاں راہنما پی ٹی آئی ہارون بھٹی مسیح نے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ میری سفارشات پر تین چلڈرن پارک منظور کئے گئے اور مکمل بھی کئے گئے ہیں عوام ان سے بے حد مستفید ہورہے ہیںان پارکوں میں گیمن بازار پارک’ کریسچین پارک اور سٹاف کوارٹرز پاک شامل ہیں اس کے علاوہ گیمن بازار میں واٹر فلٹریشن پلانٹ’ الیکٹرک واٹر کولر’ پانی کی ٹینکی بھی رکھوائی گئی ہے اس کے علاوہ15 سٹاف کوارٹروں کی مکمل چھتیں بھی تبدیل کروائی گئی ہیں نیو غازی کالونی میں بھی واٹر فلٹریشن پلانٹ کی منظوری کروائی گئی ہے انشاء اللہ گلیانہ روڈ پر بھی واٹر فلٹریشن پلانٹ پر واش روم بنائے جائیں گے جلد افتتاح ہوگا ہارون بھٹی نے مزید کہا کہ ان کے علاوہ بھی بے شمار کام ہیں جو کہ ابھی انڈر پراسس ہیں جن کی منظوری اور تکمیل تک اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر ندیم احمد کی خصوصی شفقت شامل ہے اور سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ عمران خان بھی بے حد تعاون کررہے ہیں ہم ان کے بھی بے حد مشکور ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) SDOگیپکو سب ڈویثرن نمبر1کھاریاں عبدالقیوم کے آفس سے جاری ہونے والی خبر کے مطابق مندرجہ ذیل تاریخوں اور اوقات میں مندرجہ ذیل فیڈرز کی بجلی ضروری کام کے سلسلے میں بند رہے گی عوام الناس نوٹ کرلیں ان فیڈرز میں کھاریاں شہر، آئی جے کالونی اور ملحقہ دیہات شامل ہیں مورخہ16-03-2017 سے لے کر مورخہ31-3-2017 تک صبح بجے سے سہ پہر 2 بجے تک بجلی بند رکھی جائے گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) تاجروں کی فلاح وبہبود اور ان کے کاروبار کی ترقی کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے ہمارے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں ان خیالات کااظہار چوہدری شوکت علی صدر مرکزی انجمن تاجران کھاریاں نے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کھاریاں شہر کی تاجر برادری کو سہولیات باہم پہنچانے کیلئے ہم اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں بازاروں میں صاف پانی کی فراہمی اورصاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) حاجی محمداسلم خان کی قیادت میں کھاریاں شہر مسلم لیگ ن کا قلعہ بن چکا ہے ان خیالات کااظہار مسلم لیگ ن کے راہنمائوں چوہدری سرور پسوال اور ملک رضوان سہیل نے کیا انہوں نے کہا کہ کوٹلہ برادران کے مشن عوامی خدمت کو عملی جامہ پہناتے ہوئے حاجی محمداسلم خان کی قیادت میں جاری رکھے ہوئے ہیں کھاریاں شہر کی حقیقی تعمیروترقی کا آغاز اور نئے پراجیکٹ کاآغاز حاجی محمداسلم خان کی خصوصی کاوشوں سے ممکن ہوا ہے کھاریاں شہر میں 13کروڑ کی گرانٹ سے تیزی سے ترقیاتی کام جاری ہیں اور اب چوہدری شبیر احمد کوٹلہ کی خصوصی گرانٹ سے گرلز کالج میں نئے بلاک کے لیے فنڈز کی منظوری پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں شہر میں گلیاں نالیوں کی تعمیر کے بعد اب نالوں کی تعمیر کاکام بھی تیزی سے جاری ہے آئندہ الیکشن میں بھی حاجی محمداسلم خان کی قیادت میں کھاریاں شہر سے مسلم لیگ ن کی کامیابی کیلئے تن من کی بازی لگادیں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) شیخ محمد حفیظ چیئرمین’لال خان گوندل وائس چیئرمین اورعبدالقیوم بھٹی کونسلرکا محلہ ستار پورہ کا وزٹ ،صفائی اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیاگیا اس موقع پر ممبران نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوٹلہ برادران کی قیادت میں کھاریاں شہر کوخوبصورت اور ماڈل شہر بنانا ہمارا خواب ہے اور اس خواب کی تکمیل کیلئے ہماری پوری ٹیم بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہے آنے والے دور میں مزید ترقیاتی کام اور بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع ہوگا اس موقع پر ودیگر بھی ہمراہ تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم قائدین کوٹلہ برادران ایم این اے چوہدری عابدرضا کوٹلہ’ایم پی اے چوہدری شبیر احمد کوٹلہ اور ضلعی چیئرمین چوہدری محمدعلی تنویر کی قیادت میں کھاریاں شہر کے مسائل کو حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں انشاء اللہ مزید گرانٹ سے کھاریاں کے باقی ماندہ مسائل بھی جلد حل کرینگے انہوں نے مزید کہا کہ آنے والا دور بھی مسلم لیگ(ن) کا ہی ہوگا اور عوام پھر ضلع اور کھاریاں شہر کی تعمیروترقی کے لیے کوٹلہ برادران کو ہی منتخب کرینگے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینیئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ پاک افغان بارڈر کی بندش سے برآمدکنندگان کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ دہشت گردی کا تعلق صرف پاک افغان سرحد پر لوگوں کی آمد و رفت سے نہیں بلکہ دیگر بہت سے عوامل ہیں جبکہ دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے ایک جامع منصوبہ اور مناسب عمل درآمد کی ضرورت ہے ۔دہشت گردی روکنے کیلئے افغانستان پر دبائوبڑھانا وقت کی ضرورت ہے ۔ برآمدکنندگان اور ٹرانسپورٹرز کو پہلے سے آگاہ کیئے بغیر سرحد بند کرنے کاسلسلہ ختم کیا جائے۔ میاں زاہد حسین نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اگر سرحد کو مستقل نہیں کھولنا تو برآمدکنندگان کو مزید نقصانات سے بچانے کیلئے وقتی طور پر کھول دیا جائے۔ اس وقت طورخم اور چمن بارڈر پر کم از کم پانچ ہزار کنٹینرز سرحد کھلنے کے انتظار میں کھڑے ہیں جبکہ پھل سبزی چینی اور دیگر اشیاء سے لدے ہوئے پانچ سو ٹرک اسکے علاوہ ہیں۔ ان پر لدا ہوا سامان خورد و نوش سڑ رہا ہے اور تاجروں کو کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ ہزاروں افراد روزگار سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ اگر بغیر اطلاع کے اچانک سرحد بند کرنے کا رجحان جاری رہا تو دونوں جانب سے تجارت کرنے والوں کی دلچسپی کم ہو جائے گی جس سے تجارت کم اور تعلقات مزید خراب ہو جائیں گے۔ سرحد کی بندش کے اقدام سے افغانستان کے مقابلے میں پاکستانی تاجروں کو زیادہ نقصان پہنچ رہا ہے ۔افغانستان پاکستانی اشیا ء کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ افغانستان سے بھی مختلف اشیا ء آتی ہیں لیکن ان کی شرح پاکستان کے85 سے90 فیصد اشیا ء کے مقابلے میں دس سے پندرہ فیصد ہے مگر اس موسم میں افغانستان سے صرف پانچ فیصد اشیا ء پاکستان آتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ سرحد پر تعینات سرکاری عملہ فوج کی نگرانی میں سامان تجارت کی نقل و حمل کی فوری اجازت دے اور افغانستان کو راہِ راست پر لانے کیلئے سفارتی ذرائع کا استعمال کیا جائے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ ناموس رسالت پر پوری قوم متحد ہے حکمران ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کروائیں گستاخ بلاگر کو ملک سے بھگانے والے ذمہ داران کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے بلاگر کے ریڈ وارنٹ جاری کرکے انہیں ملک میں واپس لاکرسخت ترین سزائیں دیں جائیں ۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف مودی کے خلاف لب کشائی کی ہمت کریں علماء تو سب سے زیادہ دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں۔اب تو پاکستان کی تمام ایجنسیاں اس نتیجے پر پہنچ چکی ہیں کہ پاکستان میں دہشت گردی بھارت کروا رہا ہے اس کے ایجنٹ گرفتار ہوئے اقرار کر چکے پھر بھی میاں صاحب مودی کا نام لینے سے ہچکچاتے ہیں یہ فلسفہ عوام کی سمجھ سے بالا ہے انہوں نے کہا کہ تمام علماء کرام دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھا چکے اسے حرام قرار دے چکے، ملک کے لئے اپنی جان دے چکے اب وزیر اعظم علماء سے اور کیا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران ملکی اداروں کواپنی جاگیر سمجھ کر غیروں کے ہاتھوں اونے پونے داموں بیچ رہے ہیں۔جمعیت علماء پاکستان اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نظام مصطفےٰ ۖ کے عملی نفاذ کے لئے جدو جہد جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء پاکستان پنجاب کی مجلس شوریٰ کے ارکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صاحبزادہ سیدحسنین فاروق آف چورہ شریف،احفاظ الکریم خان برکی،محمد ایوب مغل ،مفتی مختار احمد رضوی ،حاجی عطاء اللہ خان روکھڑی،ملک محبوب الرسول قادری ،حافظ عبدالرشید شاہدالقادری،حافظ محمد رمضان ،مولانا سائیں نذیر حسین فریدی،حافظ محمد احمد سعیدی،حاجی محمد سلیم سعیدی،حافظ نصیر احمد نورانی ،پیر محمد منیر قادری ،راجہ فاروق اعظم،مولانا محمد سلیم،مولانا ابویاسر اظہر حسین فاروقی،ملک محمد جاوید چشتی ،میاں عبدالرشید رضوی،پیر غلام رسول نقشبندی،رشید احمد رضوی،صاحبزادہ محمد مدثر حسین وٹو،امانت علی غزالی وڑائچ،مولانا نذر احمد سعیدی،قاری ابرا ر حسین سلطانی،محمد فاروق فریدی،ڈاکٹر حبیب اللہ ،حافظ علی حسین اعوان ،حاجی عاشق علی خان ،ملک بشیر احمد نظامی ،محمد ارشد مہر ،پروفیسر محمد عابد رفیق ،حافظ محمد حسین فریدی،عبدالعزیز ناصر کے علاوہ دیگر ارکان شوریٰ نے شرکت کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نبی آخرالزماں ۖکے ناموس کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،انورمقبول
لاہور(جی پی آئی) نبی آخرالزماں ۖکے ناموس کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے گستاخانہ حرکت کرنیوالے ناقابل معافی ہیں۔ان خیالات کا اظہارانورمقبول جنرل مینجراظہارسٹیل ملزمانگا منڈی نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ باوجود عملی کمزوریوں کے ہم حضور نبی کریم ۖ کی ذات اور آپ کے ارشادات کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں رسول اللہ ۖ کی عزت محفوظ نہ ہو وہاں امن کیسے آسکتا ہے،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے ریمارکس”مقدس ہستیوں کے گستاخ اصل دہشت گرد ہیں”یونیورسل ٹرتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ جسٹس شوکت صدیقی کے آنسو ان کے جذبہ محبت اورانکا فیصلہ امت مسلمہ کی ترجمانی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گستاخانہ رسول کو نشان عبرت بنایا جائے۔ سوشل میڈیا پر گستاخیاں کرنیوالوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے آزادی اظہار کے نام پر گستاخانہ کلچر پھیلانا اتفاقیہ نہیں بلکہ اسلام کیخلاف منظم سازش ہے۔انہوں نے کہاکہ آج تک کسی توہین رسالت کے مجرم کو سزا نہیں دی گئی کوئی بھی مسلمان شان رسالت میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اساتذہ اور والدین طالب علم کی کردار سازی کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں،ڈاکٹرآصف قریشی
لاہور(جی پی آئی) ملک کا روشن مستقبل آج کے طالب علموں سے وابستہ ہے اس لئے اساتذہ اور والدین طالب علم کی کردار سازی کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں علم کی اہمیت وافادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ ان خیالات کا اظہارجناح ہسپتال لاہورکے سرجن ڈاکٹرآصف قریشی نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ فروغ تعلیم کیلئے حکومت کے ساتھ پرائیویٹ ادارے بہت اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم پر بھی توجہ دینا ضروری ہے ۔ بچوں کو اچھے معیاری تعلیمی اداروں میں داخل کرا کے ان کا مستقبل محفوظ بنانا اور شاندار خطوط پر تربیت کرنا وقت کا اہم تقاضا اور قومی فریضہ ہے ۔ دور جدید کے تمام چیلنجز کا مقابلہ علم کی طاقت کے زریعے کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملکی سالمیت اور استحکام ، قومی تعمیر وترقی میں علم ہی ایک نمایاں کردار ادا کرتا ہے ۔ معاشرے میں تعلیمی انقلاب برپا کرنے والے محب وطن اور محنتی اساتذہ کو سلام محبت پیش کرتے ہیں یہ لوگ قوم کے معماروں کو بہترین مستقبل اور پاکستان کو تعلیم یافتہ معاشرہ دینے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مردم شماری میں تعاون قومی فریضہ ہے گھر گھر آنے والی ٹیموں کے ساتھ ملکر مردم شماری کو کامیاب بنائیں،رانا احمدسعید
لاہور(جی پی آئی) مردم شماری میں تعاون قومی فریضہ ہے گھر گھر آنے والی ٹیموں کے ساتھ ملکر مردم شماری کو کامیاب بنائیں تاکہ مردم شماری میں درست کوائف کو یقینی بنایا جاسکے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے رہنماء و چیئرمین یونین کونسل 266سرائے تالاب مانگا منڈی رانا احمدسعیدنے مردم شماری کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں کیا انہوںنے کہا چھٹی مردم شماری کے لیے گھر گھر جاکر خانہ شماری ہوگی جس میں عوام اور سیاسی نمائندے ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے مردم شماری کو کامیاب بنائیں اور اپنے اپنے علاقہ میں آنے والے مشکوک افراد کی بروقت اطلاع سیکورٹی اداروں کو فراہم کریں انہوںنے کہا کہ مردم شماری میں کسی بھی قسم کی غفلت لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے گیس کی تقسیم کار کمپنیاں اوگرا کی ملی بھگت سے عوام سے اربوں روپے لوٹنے کا منصوبہ بنا کر اس پر عمل درامد کر رہی ہیں جس کا نوٹس لیا جائے۔ اوگرا نے گیس کمپنیوں کو اپنے نقصانات کا ساڑھے چار فیصد عوام سے وصول کرنے کی اجازت دی ہوئی ہے جسے بڑھا کر نو فیصد کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ گیس کمپنیوں میں بڑھتی ہوئی کرپشن پر قابو پانے کے بجائے نقصان کا ملبہ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ گیس کمپنیوں کے نقصانات جس میں لیکیج اور چوری شامل ہیں کی شرح بڑھانے سے عوام پر اربوں روپے کا بوجھ پڑے گا جبکہ بجلی اور یوریا سمیت درجنوں اشیاء کی پیداواری لاگت بڑھ جائے گی اور برامدات جو پہلے ہی کم ہیں مزید گر جائیں گی۔ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں روزانہ چار سو ملین مکعب فٹ گیس چوری اور ضائع ہو رہی ہے جسے روکنے یا کم کرنے کے بجائے اسی مقدار میں گیس درامد کی جا رہی ہے جس پر اربوں ڈالر خرچہ آ رہا ہے جس سے تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے۔ گیس کمپنیوں کے نقصانات بڑھتے جارہے ہیں جبکہ ان اداروںنے اوگرا پر قبضہ کر لیا ہے جہاں عوام کے بجائے ان کمپنیوں کے مفادات پروان چڑھائے جا رہے ہیں۔ ان کمپنیوں کے بورڈ میں سٹاک بروکر موجود ہیں جنھیں ہر ممکن طریقہ سے خوش کیا جا رہا ہے جسکی وجہ سے ایک گیس کمپنی کے شئیرز کی قیمت چند ماہ میں چھبیس روپے سے ایک سو تینتیس روپے تک بڑھ گئی ہے مگر کمپنیاں پھر بھی نقصان کا رونا رو رہی ہیں جبکہ اوگرا قانون کو پامال کر کے ان کمپنیوں کو فائدے دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایل این جی کی ٹرانسمیشن اور ڈسٹریبیوشن میں گیس کمپنیوں کے اعلیٰ حکام حکومت کو مسلسل بلیک میل کر رہے ہیں جسے روکنے کی ضرورت ہے۔ واضع رہے کہ اوگرا کے ایک سابق چئیرمین نے نقصانات کی شرح 4.5 فیصد سے بڑھا کر 6.5 فیصد کی تھی تو اسے نیب نے بیالیس ارب کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا تھا۔اب اس سے بھی بڑا جرم کیا جا رہا ہے جس کا نوٹس لیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و جوائنٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ لاہور پارکنگ کمپنی سیاسی تعیناتیوں اور عہدوں کے باعث 3سال میں132ملین کی نادہندہ ہے مالی بدعنوانیوں کے باعث منافع بخش کمپنی خسارے میں جارہی ہے۔پارکنگ آپریٹر،سپروائزر،انسپکٹر ز براہ راست مالی بدعنوانی میں ملوث جبکہ اعلیٰ افسر ریونیو کلیکشن میں ہیرا پھیری کرنے لگے شہروں کو پارکنگ کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے لاہور پارکنگ کمپنی کا قیام عمل میں لایا گیا تاہم سفارشی اور ناتجربہ کار افسروں کی اعلیٰ عہدوں پر تعیناتی ادارے کو لے ڈوبی ہے مالی بدعنوانیوں کی وجہ سے کمپنی گزشتہ تین سالوں میں مالی اہداف حاصل کرنے میں مکمل ناکام رہی ۔میاں کامران سیف نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق مالی سال2014-15میں وصولی کا ہدف100ملین مقرر کیا گیا جبکہ کمپنی صرف 59ملین حاصل کرپائی۔مالی سال2015-16میں ہدف میں کمی کرکے اسے65ملین کردیا گیا لیکن اس کے باوجود مالی معاملا ت میں بہتری نہیں آئی ۔رواں مالی سال2016-17میں کمپنی کی ناکامی کا گراف انتہا کو پہنچ گیا۔اور64کروڑ کے مقرر کردہ ٹارگٹ میں پھوٹی کوڑ ی بھی حاصل نہ کی جاسکی ۔انہوںنے کہا کہ پارکنگ کمپنی کو منافع بخش بنانے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام سیاسی تعیناتیاں اور عہدے ختم کیے جائیں اور کمپنی کو پرائیویٹ کیا جائے تاکہ اسے منافع بخش ادارہ بنایا جاسکے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی پاکستان مسلم لیگ(ن)کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،حاجی بشارت علی
لاہور(جی پی آئی) ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی پاکستان مسلم لیگ(ن)کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،کاہنہ میں ترقیاتی کام کرواکر عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہارمسلم لیگ ن کے سینئررہنما ء وچیئرمین یونین کونسل 247کاہنہ حاجی بشارت علی نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پروائس چیئرمین محمدارشدرضا ایڈووکیٹ،آصف علی رحمانی،غلام مصطفی بھٹی،محمدشکیل بھٹی،فاروق بھٹی ودیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران عوام سے جو وعدے کیے تھے اللہ کے فضل و کرام سے اُنہیں پورا کرنے کیلئے کوئی کسر اُٹھانہ رکھ رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کاہنہ کی تعمیر اہلیان علاقہ کا دیرینہ مطالبہ تھا آج اس کی تعمیر شروع ہوچکی ہے اور جلد ہی اسکی تعمیر پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اب سیاست عوام کی عملی خدمت کا نام ہے محض نعرے بازی کی سیاست کرنے والوں کا دور گذر چکا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کی بدولت آئندہ الیکشن میں بھی پاکستان مسلم لیگ(ن)بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔
فیصل آباد(جی پی آئی) پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام 12 اپریل کو دوسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس اسلام آباد میں ہو گی ۔ فیصل آباد میں سینکڑوں علماء کی پاکستان علماء کونسل میں شمولیت ، انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کی جائے گی۔ آپریشن رد الفساد کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں ۔ سیاسی و مذہبی قوتیں آپریشن رد الفساد کو کامیاب بنانے کیلئے میدان میں نکلیں ۔ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے مذہبی اور سیاسی قوتوں کو آپریشن رد الفساد کی عوامی سطح پر کامیابی کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے فیصل آباد میں مختلف مدارس ، مساجد کے دورے ، جامعہ ریاض الجنة اور جامعہ محمودیہ میں پریس کانفرنس اور صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر مولانا قاری محمد ادریس قاسمی ، مولانا عبید اللہ گورمانی ، قاری کلیم اللہ نجم اور سینکڑوں علماء نے پاکستان علماء کونسل میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مولانا محمد ایوب صفدر، مفتی محمد ضیاء مدنی، مولانا شفیع قاسمی ، مولانا سعد اللہ لدھیانوی ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا عبد القیوم ، مولانا اسلم قادری ، مولانا امجد محمود معاویہ ، میاںا رشاد، مولانا حبیب الرحمن عابد، قاری محمد شفیق انجم، رانا کفیل ، ڈاکٹر خالد، مولانا عمیر گورمانی ، مولانا طیب گورمانی مولانا محمد شکیل قاسمی اور دیگر بھی موجود تھے ۔حافظ محمد طاہر محمو داشرفی نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور پاکستا ن کی بقاء اور سلامتی کیلئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فتویٰ بازی کو روکنے کیلئے پاکستان علماء کونسل نے لاہور میں دارالافتاء پاکستان قائم کیا ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے مفتیان سے مشاورت کے بعد ملکی ، عالمی اور قومی سطح کے مسائل پر فتاویٰ جاری کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل متحد اور منظم ہے اور کوئی بھی قوت پاکستان علماء کونسل کو کمزور نہیں کر سکتی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے عرب ممالک کے دورے سے پاکستان اور عرب ممالک کے تعلقات میں استحکام آیا ہے ۔ جنرل قمر باجوہ کے عرب ممالک کے دورہ سے پاکستان کے ساتھ بہت سارے امور میں مدد اور استحکام پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل الیکشن کمیشن اور پاکستان کے دیگر اداروں میں ان کی چیئرمین شپ میں رجسٹرڈ ہے ، نہ پاکستان علماء کونسل کا کوئی اور گروہ ہے اور نہ ہی پاکستان علماء کونسل میں کوئی گروہ بندی ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض انتہاء پسند اور کالعدم تنظیموں نے پاکستان علماء کونسل کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کی جس کو پاکستان علماء کونسل کے قائدین اور کارکنان نے مسترد کر دیا اور الحمد للہ 200 ممبران شوریٰ میں سے 197 ممبران نے پاکستان علماء کونسل کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پاکستان علماء کونسل پہلے زیادہ منظم انداز میں جدوجہد کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق المساجد پاکستان اور پاکستان علماء کونسل سے متصل دیگر ادارے ان کی سربراہی میں اپنا کام کر رہے ہیں اور پاکستان کے آئین ، قانون اور دستور کے مطابق الحمدللہ پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ بہت جلد پاکستان علماء کونسل سوشل میڈیاپر توہین کرنے والے عناصر کی گرفتاری اور فیس بک کے پیجز کو بند کروانے کیلئے فوری طور پر حکومت ، آئی ایس آئی ، ایف آئی اے اور وزارت داخلہ پر مشتمل کمیٹی قائم کرے جو فیس بک ، ٹیوٹر ، اور دیگر ویب سائٹس کی انتظامیہ سے رابطہ قائم کر کے ان کو بند کروانے کیلئے مستقل معاہدے کرے ۔انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت ۖ کے تحفظ کیلئے ہر مسلمان اپنی جان ، مال ، عزت و آبرو قربان کرنے کیلئے تیار ہے انہوں نے کہا کہ بعض عناصر چاہتے ہیں کہ وہ مسلمانوں کے جذبات سے کھیل کر پاکستان کے اندر انارکی پھیلائیں لیکن ان شاء اللہ ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ناموس رسالت ۖ کے دفاع کیلئے ہر سطح پر پُرامن جدوجہدکی جائے گی اور کسی کو بھی ناموس رسالت ۖ کے نام پر تشدد پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ سوشل میڈیا پر ناموس رسالت ۖ کی توہین کرنے والے دراصل پاکستان میں تشدد پھیلانا چاہتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان علماء کونسل ہرقسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتی ہے۔ آپریشن رد الفسادملک دشمن عناصر کیخلاف ملک کے ہر حصے میں کیا جائے۔ علماء منبر ومحراب سے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارو ں کے شانہ بشانہ ہیں ۔مدارس دینیہ کیخلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ بند ہونا چاہئے۔ پاکستان علماء کونسل حکومت سے مطالبہ کرتی ہے بعض این جی اوز کی سرگرمیاں وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام اور اسلام کیخلاف ہیں ۔غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والی تمام این جی اوز کا فوری نوٹس لیا جائے۔ پاکستان علماء کونسل داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں کو خلاف اسلام سمجھتی ہے جو اسلام کے نام پر بے گناہ انسانیت کا خون بہارہی ہے۔ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام آپریشن رد الفساد کو کامیاب بنانے،دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کیلئے 23مارچ بہاولپور،30مارچ فیصل آباد،یکم اپریل کو بہاولنگر ،2اپریل رحیم یارخان ،4اپریل کو نوشہرہ ورکاں،11اپریل کو قلعہ دیدار سنگھ میںعلماء امن کنونشزکئے جائیں گے جبکہ17مارچ کو گوجرانوالہ اور 27مارچ کو اسلام آباد میں ”آل پارٹیز تحفظ ناموس رسالت ۖ کانفرنس ”منعقد کی جائیں گی۔ آل پارٹیز تحفظ ناموس رسالت ۖ کانفرنس میں شرکت کیلئے مختلف جماعتوں سے رابطوں کیلئے مولانا رفیق جامی کی سربراہی میں رابطہ کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس میں مولانا عبید الرحمن ضیاء ،مولانا شبیر احمد عثمانی،مولانا حق نواز خالد،مولانا عبد المنان عثمانی کے نام شامل ہیں۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل پنجاب کے صدر حافظ محمد امجدنے دیگر عہدیداران کے ہمراہ ختم نبوت اسلامک ریسرچ سینٹر فیصل آباد میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرصوبائی جنرل سیکرٹری پنجاب مولانا عبد المنان عثمانی،نائب صدر پنجاب مولانا حسان صدیقی،ڈویژنل سرپرست مولانا محمد نواس،صوبائی رہنماء حافظ محمد شعبان،مولانا عمر قاسمی صوبائی سیکرٹری اطلاعات،،ڈویژنل صدر قاری محمد عصمت اللہ ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری مولانا عابد فاروقی ،ضلعی صدر مولانا محمد اعظم فاروق ،مولانا صابر بٹ،مولانا الطاف اللہ فاروقی،قاری حبیب اللہ ،مولانا ثاقب عزیز،مولانا نعیم طلحہ،قاری اسماعیل رحیمی،مولانا عامر اشرف،مولانا یاسر علوی،مولانا قاری محمد حیات،قاری محمد ناصر فاروقی،محمد حمزہ طاہر، مولانا بد ر عالم،محمد اسامہ قاسمی،حسن قاسمی،چوہدری محمد نذیر،مفتی طاہر لطیف ،مولانا محمد یار،قاری محمد اختر عثمانی،مولانا محمد شاہد،مولانا لیاقت علی،مولانا محمد نوید،مولانا غلام یٰسین،قاری محمد اکبر،مولانا محمد اشرف،مولانا یٰسین فاروقی،ودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ محمد امجد نے کہا کہ 28فروری کو فیصل آباد میںہونے والے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کرکے طاہر اشرفی کو چیئرمین کے عہدہ سے ہٹایا گیا اور پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیموں وفاق المساجد پاکستان ،علم وامن فائونڈیشن ،تحفظ مدارس دینیہ کے عہدوں سے بنیادی رکنیت ختم کرتے ہوئے فارغ کردیا گیا تھا۔ اسی طرح پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ نے 12اپریل کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہونے والی پیغام اسلام کانفرنس کو ملتوی کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔ پیغام اسلام کانفرنس طاہر اشرفی ذاتی حیثیت میں کررہے ہیں ۔ اس سے پاکستان علماء کونسل کا کوئی تعلق نہیں۔ پاکستان علماء کونسل کی دستور ساز کمیٹی نے اپنا کام مکمل کرکے پاکستان علماء کونسل کا دستور اور منشور ترتیب دے دیا ہے ۔جس کا باقاعدہ اعلان پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی آئندہ چند دنوں میں پریس کانفرنس کے ذریعے کریں گے۔پاکستان علماء کونسل نے لیگل کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو قانونی طور پر پاکستان علماء کونسل اور اسکی ذیلی تنظیموں کے معاملات کو دیکھے گی۔ لیگل کمیٹی کے سربراہ سینئر وکیل میاں عبد السلام ایڈووکیٹ ہیں جبکہ ان کے ساتھ میاں طیب ایڈووکیٹ ،میاں مہران طاہر ایڈووکیٹ،میاں آصف سادلہ ایڈووکیٹ اور چوہدری حماد رضا ایڈووکیٹ کے نام شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ مدارس و مساجد کو ملنے والے عطیات ،صدقات اور زکوة کو بھتہ خوری کا نام دینے والے عناصر عوام الناس کو علماء اور مدارس دینیہ سے نفرت پیدا کرکے دور کرنا چاہتے ہیں۔ طاہر اشرفی خود ساختہ چیئر مین بنے ہوئے ہیں جو علماء کو حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نام پر خوفزدہ کررہے ہیں ۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی فنڈنگ پر کام کرنے والے عناصر کیخلاف فوری ایکشن لیں ۔طاہر اشرفی نے بیت اللہ میں علماء سے جو وعدے کئے ان پر پورا نہیں اترے۔
۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) کنوینئر ورلڈ مینارٹیز الائینس اورآرگنائزر عوامی مسیحا پارٹی جے سالک نے کہا ہے کہ ملک میں انیس سال بعد مردم شماری ہو رہی ہے جو کہ ایک خوش آئند قدم ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ چوں کہ اقلیتوں میں سے اکثریت کے نام بہت مشکل ہوتے ہیں اس لئے میناریٹیز کے نام پکارتے اور لکھتے ہوئے خاص احتیاط بھرتی جائے تاکہ غلطی کی گنجائش نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے طریقہ انتخاب کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کا فیصلہ آئے بھی ڈیرھ سال سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے جس میں سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کو ایڈوائیز کرتے ہوئے کہا تھا کہ اقلیتوں کو دوسرے درجے کا شہری تصور نہ کیا جائے اور انکا طریقہ انتخاب درست کیا جائے لیکن تاحال اس حوالے سے پارلیمنٹ میں کوئی امپروومنٹ نہیں ہوئی۔ جے سالک نے کہا کہ انتخابات سے قبل اقلیتوں کے حوالے سے انتخابی اصلاحات کرنا بے حد ضروری ہے تا کہ اقلیتیں اپنے نمائندوں کا انتخاب خود کر سکیں، کیوں کہ الیکشن کی بجائے سلیکشن سے لائے جانے والے نمائندے آئین کے آرٹیکل 226 کی خلاف ورزی بھی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی) ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کیلئے ضلعی حکومت خصوصی اقدامات اٹھارہی ہے اور خواتین کو انکا جائز مقام دینے کیلئے کوشاں ہے مقامی ہوٹل میں عورت فاونڈیشن کی جانب سے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت خواتین کو انکا جائز مقام دلانے اور انکے مشکلات ختم کرنے کیلئے کوشاں ہے اور آج مجھے بڑے فخر کے ساتھ کہنا پڑ ھ رہا ہے کہ میں اپ لوگوں کے درمیان میں موجود ہوں انہوں نے کہا کہ خواتین ماں ہے تو دوسری طرف بیٹی ہے اور اللہ نے ماں کے قدموں میں جنت دیا ہے اس وجہ سے ہمیں خواتین کے حقوق کیلئے کام کرنا چاہیں اس موقع پر عورت فاونڈیشن کے شبینہ ایاز اور صائمہ منیر نے بھی خطاب کیا جبکہ سوات پریس کلب کے صدر شہزاد عالم ،ضلع ناظم محمد علی شاہ ،تحصیل ناظم اکرام خان اور دیگر کو بہترین کاوشوں پر ایوارڈز سے نوازہ گیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی) محکمہ فارسٹ کے ڈی ایف او (ر) حاجی محمد شعیب کی اہلیہ انتقال کرگئیں ،مرحومہ کو گذشتہ روز آبائی قبرستان شگئی سیدو شریف میں سپرد خاک کیا گیا ، مرحومہ فیض اللہ خان شہید (الفیض پرننٹنگ پریس )خلیل اللہ المعروف جاندا ( ای پی ایس ) جمیل انور ( یوکے ) کی والدہ ، پروفیسر ڈاکٹر ظہور اللہ ، پروفیسر قاضی عبیداللہ ، ضیاء اللہ خان کی بھابھی، سرجن ڈاکٹر خورشید احمد ، خواجہ فضل واحد اور ضیاء الحق ناصر کی خوش دامن تھیں ، مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے تاتحہ خوانی ان کی رہائش گاہ نزد فارسٹ کالونی شگئی سیدو شریف میں کی جارہی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی) طارق آباد کے بالائی علاقے بنیادی ضروریات سے محروم ، علاقہ کے مکین پانی کے بوند بوند کوترس گئے ، علاقہ میدان کربلا کامنظر پیش کرنے لگا، آمدورفت کیلئے راستہ ناپید، بجلی ندارد، علاقے کے عوام رُل گئے ، تفصیلات کے مطابق علاقہ تندوڈاگ طارق آباد کے بالائی و پہاڑی علاقے میں مقیم مکین زندگی کے تمام بنیادی سہولیات وضروریات سے محروم ہیں ، جبکہ اس علاقے کے عوام کو سب سے بڑا مسئلہ پانی کی عدم دستیابی کاہے، اس حولاے سے علاقہ سے تعلق رکھنے والے گل باچا نے سوات پریس کلب میں صحافیوں کوبتایا کہ ہم اس دورجدید میں بھی زندگی کے عام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ اس حوالے سے علاقے کے مکینوں کو سب سے اہم مسئلہ پانی کی عدم دستیابی ہے ۔ ایم پی اے عزیز اللہ گران کے نوٹس میں لایاگیاہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔ جبکہ تحصیل نائب ناظم فضل حمید نے بھی اس حولاے سے وعدہ کیاتھا لیکن پور انہیں کیاانہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے کے عوام کو پانی اوردیگر بحرانوں سے نکالنے کیلئے عملی طور پر اقدامات اٹھائے جائیں۔