گجرات کی خبریں 26/11/2015

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) یوم مجدد الف ثانی کے سلسلہ میں جامعہ تعلیم القرآن حنفیہ امان کوٹ پبی ‘ ضلع نوشہرہ میں عظیم الشان مجدد الف ثانی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت فضل ترین مہتمم جامعہ تعلیم القرآن حنفیہ شرقپور شریف نے کی۔ اس موقع پر گجرات’ لاہور’ پشاور’ شرقپور شریف سے آئے ہوئے معزز شخصیات نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی صاحبزادہ میاں ولید احمد جواد نقشبندی شرقپوری مجددی نے کی۔ حاجی محمد ارشد صدر بزم انجمن پشاور’ شہزاد شفیق نقشبندی گجرات’ ڈاکٹر رزاق احمد غفاری گجرات’ سید عثمان شاہ گجرات’ حافظ انعام اللہ لاہور’ محمد اسحاق نقشبندی مجددی شرقپور شریف’ سیف اللہ لاہور’ بابا غلام قادر کراچی’ غلام رسول و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر ننھے منے بچوں نے نعت رسول ۖ اور منقبت پیش کیں۔ اس موقع پر طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) نبی پاک ۖ کی ایک سنت زندہ کرنا بہت بڑا ثواب ہے اور حضرت امام ربانی مجد دالف ثانی نے نبی کریم ۖ کی تعلیمات کو برصغیر میں دوبارہ زندہ کیا اور بادشاہ اکبر کے خلاف جہاد کرتے ہوئے اسلام کی صحیح تصویر کو عوام کے سامنے پیش کیا۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف صاحبزادہ میاں ولید احمد جواد نے جامع تعلیم القرآن حنفیہ امان کوٹ میں مجدد الف ثانی کانفرنس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب اکبر اعظم نے اسلام کی تعلیمات کو مسخ کرنا شروع کیا اور اولیاء کرام کے خلاف کارروائیاں کیں تو ایسے میں حضرت مجدد الف ثانی نے مسلمانوں کی آواز بن کر اسلامی تعلیمات کا دفاع کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہزاد شفیق نقشبندی نے کہا کہ ملک بھرمیں میاں جمیل احمد نقشبندی شرقپوری کی ہدایت کے مطابق یوم مجدد الف ثانی کی تقریبات کا آغاز کیا گیا ہے اور مختلف تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ مرکزی تقریب شرقپور شریف میں منعقد ہو گی اس موقع پر طلباء و طالبات میں میاں ولید احمد شرقپوری نے اپنے دست مبارک سے انعامات تقسیم کئے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) پولیس تھانہ بی ڈویژن نے شاہدولہ روڈ سے شاہزیب نامی نوجوان کو گرفتار کرکے ایک کلو گرام سے زائد چرس برآمد کر کے زیر دفعہ 9c مقدمہ درج کر لیا۔ جبکہ شاہزیب کے ورثاء نے کچہری چوک گجرات میں اڑھائی گھنٹے ٹریفک بلاک کر کے احتجاج کیا اور کہا کہ پولیس نے جھوٹا مقدمہ درج کیا ہے شاہزیب کو سیشن کورٹ سے گرفتار کیا گیا جب وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ایک دوسرے مقدمہ میں شہادت کیلئے آیا ہوا تھا۔ پولیس نے صرف اس لئے گرفتار کیا ہے کہ وہ گواہی نہ دے سکے۔ اڑھائی گھنٹہ ٹریفک بلاک رہنے کے بعد ایس ایچ او اے ڈویژن’ ایس ایچ او بی ڈویژن’ ایس ایچ او لاری اڈا’ ایس ایچ او سول لائن’ ایس ایچ او لاری اڈا نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور ٹریفک کو بحال کروایا۔ جبکہ ڈی ایس پی سٹی نے کہا ہے کہ ہم اس مقدمہ کی انکوائری کریں گے اور اگر یہ مقدمہ جھوٹا ہوا تو اسے خارج کیا جائے گا اور متاثرین کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) ممتاز ماہر تعلیم شہزاد شفیق نقشبندی کے چچا بائو محمد رفیق کی وفات پر صدر پنجاب نعت کونسل شیخ عرفان پرویز ‘ خاور بشیر بٹ’ ڈاکٹر رزاق احمد غفاری’ عامر چوہدری’ ذوالفقار علی باجوہ و دیگر نے ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ادبی مقابلہ جات کے پروگرام کے تحت انگریزی مضمون نویسی کا مقابلہ برائے (Male Students) گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول گجرات میں منعقد ہوا جس کی سرپرستی محمد طاہر کاشف ای ڈی او (ایجوکیشن) نثار احمد میو ‘ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) اور چوہدری محمد اورنگزیب ‘ ڈپٹی ڈی ای او (سیکنڈری ) نے فرمائی مقابلہ جات پروگرام کے کنوینر تحصیل گجرات چوہدری شوکت رئوف احمد ‘ سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول گجرات تھے۔ مختلف سکولوں سے آنے والے معزز اساتذہ اور طلباء کو ڈاکٹر محمد عبدالمالک اور میاں محمد میاں محمد آصف نے خوش آمدید کہا اور تحریری مقابلہ کے تمام انتظام مکمل کئے۔ انگریزی مضمون نویسی کے رزلٹ کے مطابق گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول نمبر 1 جلالپور جٹاں کے طالبعلم ابوبکر نذیر نے پہلی ‘ ٹرسٹ ماڈل سکول جلاپور جٹاں کے عبداللہ احمد نے دوسری اور گورنمنٹ جامع ہائی سکول کے کاشر احسان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انتظامیہ کی طرف سے تمام پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دی گئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) یونیورسٹی آف لاہور گجرات کیمپس میں دوروزہ بین الاقوامی ملٹی ڈسپلنری کانفرنس گذشتہ روز اختتام پذیر ہو گئی دور وزہ کانفرنس کے دوران مختلف سیشن ہوئے جس میں بڑی تعداد میں نیشنل اور انٹرنیشنل سکالرز نے شرکت کی،کانفرنس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل عبدالقادر بلوچ تھے جبکہ آخری تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین انٹرنیشنل ائیرپورٹ سیالکوٹ و ساوصوبائی وزیرمیاں محمد ریاض تھے،کانفرنس میں چیئرمین BOG،یونیورسٹی آف لاہور اویس رئوف ،صدر یونیورسٹی آف لاہور گجرات کیمپس غلام رسول چوہدری اور ایسوسیٹ ڈین پروفیسر ڈاکٹر جاوید انجم شیخ (کانفرنس چیئر) نے خصوصی شرکت کی،اس کانفرنس میں مختلف ڈسپلنز کے 143پیپرز پریذیڈنٹ کیے گئے۔ مہمان خصوصی میاں محمد ریاض اور صدر UOLگجرات کیمپس غلام رسول چوہدری نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے سکالرز میں سرٹیفکیٹ اور ایوارڈز تقسیم کیے،کانفرنس میں مختلف یونیورسٹیز کے طلباء وطالبات اور اساتذہ کے علاوہ گجرات انڈسٹریز کی مایہ ناز شخصیات نے بھی بھر پور شرکت کی اور یو او ایل گجرات کیمپس کا کام کو سراہا،کانفرنس کا بنیادی مقصد پاکستان میں تحقیقات کے رجحان کو اجاگر کرنا تھا تا کہ طلباء وطالبات تحقیق میں دلچسپی لیں اور پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں،یاد رہے یہ واحدگجرات کا کیمپس ہے جس نے پاکستان میں پہلی بار انٹرنیشنل لیول پر کانفرنس کروائی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) یونیورسٹی آف لاہور گجرات کیمپس میں دوروزہ بین الاقوامی ملٹی ڈسپلنری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ میاں محمد ریاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کانفرنس نئی نسل کیلئے بڑی اہمیت کی حامل ہے جس میں نوجوان نسل کو سیکھنے کا موقع ملا ہے اور انہیں ریسرچ سے متعلق معلومات اور آگاہی حاصل ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ پاکستان کی سب سے بڑی انڈسٹری ہے ضلع گجرات سیالکوٹ او رگوجرانوالہ بزنس کے حوالہ سے لوگو ایریا ہے ہمیں فخر ہے ہماری ایکسپورٹ 2بلین ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے ،صدریونیورسٹی آف لاہور گجرات کیمپس غلام رسول چوہدری نے کہا ہے ہم تمام مہمانوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کانفرنس میں شرکت کر کے ہمارا مان بڑھایا انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا بنیادی مقصد پاکستان میں تحقیقات کے رجحان کو اجاگر کرنا ہے ہم آئندہ بھی اس لیول پر کانفرنسز کاانعقاد کریں گے جس میں ملک بھر سمیت دیگر ممالک سے بھی سکالرز ریسرچ ڈائریکٹرز شرکت کر یں گے

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ادبی مقابلہ جات کے پروگرام کے تحت طلباء کے مابین اردو مضمون نویسی کا مقابلہ گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول گجرات منعقد ہواجس کی سرپرستی ای ڈی او ایجوکیشن محمدطاہر کاشف ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سکینڈری نثار احمد میو اور ڈپٹی ڈ ی او سیکنڈری چوہدری محمد اورنگزیب نے کی مقابلہ جات کے کنوینئر تحصیل گجرات سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول چوہدری شوکت رئوف احمد تھے مختلف سکولوں سے آنے والے معزز اساتذہ صاحبان اور طلباء کو ڈاکٹر محمد عبدالمالک اور میاں محمد آصف نے خوش آمدید کہا اور تحریری مقابلہ جات کیلئے تمام انتظامات مکمل کیے اردو مضمون نویسی مقابلہ کے فائنل رزلٹ کے مطابق گورنمنٹ زمیندار ہائی سکول گجرات کے طالبعلم سعد اللہ ولد شاہد ظفر نے پہلی،محمد قاسم ولد محمد اظہر کیتھڈرل سکول جلالپورجٹاں نے دوسری اور دانیال سیف ولد سیف اللہ گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول نمبر1جلالپورجٹاں نے بالترتیب تیسری پوزیشن حاصل کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) خواندگی میںاضافے سے ہرطرف علم وہنرکی بہاریںپھیل جائینگی۔ارض پاک کے ہرنوجوان کوتعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دینا ہوگی۔قوم کے نونہال تعلیم حاصل کرکے کل کاقیمتی سرمایہ ثابت ہونگے۔ان خیالات کا اظہارڈپٹی ڈائریکٹرکالجزگجرات پروفیسرمحمدافضل نے پنجاب کالج کھا ریاںویلکم پارٹی کے موقع پرطلبا ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرنسپل کالج خالد محمودمرزانے کہا کہ اس بار تحصیل بھرمیںچار پوزیشن پنجاب کالج کے حصے میںآئیں۔پنجاب کاجوطالبعلم بورڈلیول پرپہلی پوزیشن حاصل کرے گا۔اس کوکاراوردوسری پوزیشن والے کوتین لاکھ اورتیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کودولا کھ روپے انعام دئے جائینگے۔انہوںنے کہا کہ ہماری ارض پاک لاکھوںجانوںکی قربا نیاںدیکرحاصل ہوئی اس کے دفاع کے لئے افواج پاکستان اورپا کستان کاہرفردہرگزغافل نہیں۔طالب علم اپنی تعلیم مکمل کرکے انسان دشمن کاموںاورکرپشن کے خلاف سوچ اپناکراپنی عملی زندگی شروع کرے ۔اس موقع پرپرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ڈنگہ رائے محمدنذیرکھرل ،پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج کھاریاںشیخ محمدتوصیف اورمسعود احمدبھی موجودتھے۔طالبا ء وطا لبا ت نے مختلف رنگا رنگ پروگرام پیش کئے میڈم عائشہ کوبیسٹ ٹیچرآف ائیراورمیڈم سمیرابانوکواعلیٰ کارکردگی ایوارڈدئے گئے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے ایک ایسا انتخابی نظام انتہائی ضروری ہے جو عوام کے اعتماد پر پورا اترتا ہوں۔ مستقبل میں ہونے والے انتخابات کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے موجودہ انتخابی انتظامات میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروگرام کوارڈی نیٹر ”سدھار” محسن ریاض نے ایلیمنٹری کالج کچہری روڈمیں پبلک فورم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پبلک فورم میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ جن میں DERG ممبران ‘ ضلعی الیکشن کمیشن کے نمائندگان’ مختلف این جی اوز کے نمائندگان موجود تھے۔ محسن ریاض نے کہا کہ اس پبلک فورم کا مقصد شرکاء کو انتخابی اصلاحات کی ضرورت اور اہمیت کے حوالہ سے آگاہ کرنا اور مہم میں ان کی شمولیت کو ضروری بنانا ہے۔ ڈسٹرکٹ کنوینئر علی ابرار جوڑا نے کہا کہ مختلف قومی و بین الاقوامی اداروں میں پہلے ہی مستقبل کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ضروری انتخابی اصلاحات کے بارے میں اتفاق رائے موجود ہے۔ سدھار نے انتخابی اصلاحات کی اہمیت اور ضرورت کے حوالہ سے عوامی رائے قائم کرنے کیلئے پانچ اضلاع گجرات’ گوجرانوالہ’ حافظ آباد’ سیالکوٹ اور نارووال میں ایڈووکیسی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ضلعی گروپ برائے انتخابی اصلاحات بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ممبران نے اس موقع پر عوام کو انتخابی اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا اور انتخابی قوانین پر روشنی ڈالی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لئے رورل ہیلتھ سنٹر جلالپور جٹاں، ٹانڈہ، میٹرنٹی سنٹر ٹانڈہ کا دورہ کیا، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز حیدر، چوہدری تنویر گوندل، شیخ شاہد انور و دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔رورل ہیلتھ سنٹر جلالپور جٹاں کے دورہ کے موقع پر ڈی سی او نے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ، ان ڈور کا دورہ کیا ڈاکٹرز و عملہ کی حاضری چیک کی اور مریضوں سے ادویات کی فراہمی کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی او نے کہا کہ حکومت نے تمام رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت میں 18ضروری ادویات وافر مقدار میں فراہم کر دیں ہیں اور ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کو ہسپتالوں میں دستیاب ادویات ہی تجویز کریں۔ا نہوںنے انچارج میڈیکل آفیسر کو ہدایت کی کہ انجمن بہبودی مریضاںکو فعال بنایا جائے اورکسی مریض کو ایسی دوا کی ضرورت ہو جو ہسپتا ل میں موجود نہیں تو اسکے لئے انجمن کے مخیرممبران سے معاونت حاصل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایچ سی میں رات کے اوقات میں مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لئے نائیٹ ڈیوٹی پر بھی ڈاکٹر تعینات کیا جائے گا۔ رورل ہیلتھ سنٹرٹانڈہ کے دورہ کے موقع پر ڈی سی او نے ہسپتال کے سٹور کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ادویات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلات حاصل کیں۔ میٹرنٹی سنٹر ٹانڈہ کے دورہ کے موقع پر ڈی سی او نے کہا کہ مذکورہ ہسپتال زچہ و بچہ کے علاج کے حوالے سے ایک نعمت سے کم نہیں ڈاکٹرز و عملہ یہاں علاج کے لئے آنیوالی خواتین کو بہترین سہولیات اور مثالی خدمات فراہم کریں۔ انہوں نے تمام ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ ان اداروں میں صفائی کا خصوصی خیا ل رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اگر کسی ادارے میں تعمیر و مرمت کے لئے فنڈز درکا ر ہوں تو ضلعی حکومت سے رابطہ کیا جائے انہیں فوری فنڈز فراہم کر دیے جائیں گے۔ اس سے قبل اہل علاقہ نے ڈی سی او کو ان ہستپالوں کے حوالے سے عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے طالبات کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر محلہ دودھوداری میں تعمیر شدہ نئی عمارت کو میونسپل ماڈل ہائی سکول جلالپور جٹاں کے زیر انتظام دینے اور وہاں میٹرک تک کلاسیں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ٹی ایم اے کے عملہ کو شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کھیلوں سے وابستہ افراد کو سپورٹس گرائونڈ جلالپور جٹاں میں کھیلوںکی سرگرمیوںمیں اضافہ کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ڈی سی او نے گذشتہ روز جلالپور جٹاں کا تفصیلی دورہ کیا اور اور میونسپل ماڈل سکول، بلدیہ آفس اور سپورٹس گرائونڈ کا معائنہ کیا ، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا،ای ڈی اوایجوکیشن طاہر کاشف، چوہدری تنویر گوندل، شیخ شاہد انور و دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔میونسپل ماڈل سکول کے دورہ کے موقع پر ڈی سی او نے مختلف کلاس رومز کا دورہ کیا اور وہاں بڑی تعداد میں طالبات کی تعداد کے پیش نظر ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف کو ہدایت کی کہ محلہ دودھو داری میں واقع محکمہ تعلیم کی نئی بلڈنگ کو بھی میونسپل سکول سے منسلک کیا جائے اور جماعت ششم سے میٹرک تک کلاسز وہاں منتقل کر دی جائیں۔ بلدیہ آفس کے دورہ کے موقع پر ڈی سی او نے عملہ کو ہدایت کی کہ شہر میں صفائی کی صورتحال پر خصوصی توجہ دیں ۔ شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد جلالپور جٹاں میں سٹریٹ لائٹس نصب کر دی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واٹر سپلائی کنکشنز کے لئے بازار میں جہاں سے ٹف ٹائلز اکھاڑی جائیں انہیں لیو ل کرکے دوبارہ نصب کیا جائے۔ ڈی سی او نے کہا کہ سپورٹس اسٹیڈیم جلالپور جٹاںکی تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا تاہم گرائونڈ میں کھیلوںکی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے اور نوجوان نسل کو صحت مندانہ سرگرمیوںکی جانب راغب کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق چہلم اما م حسین و شہداء کربلا کے موقع پر مجالس اور جلوس کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے ، اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم ایز اس حوالے سے فوری تجاویز تیار کرکے فراہم کریں ۔ ان خیالات کا اظہار اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈی او سی وقار حسین خان، ٹی ایم اوز خرم محمود، ملک شفقت، عمر شجاع اس موقع پر موجود تھے۔ اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لئے گذشتہ سال کے پلان کو بھی مدنظر رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروںکی تنصیب مقصد مجالس او رجلوسوںکے روٹس کی مانیٹرنگ ہے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)ضلعی حکومت نے دھان کے 64کاشتکاروں کی طرف سے وزیر اعظم کسان پیکج کے تحت ادائیگی کے لئے درخواستوںپر اسسٹنٹ کمشنرز سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ دھان کے کاشتکاروںکی درخواستوںکا جائزہ لینے کے لئے ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ڈی او سی وقار حسین، اسسٹنٹ کمشنرز میاں اقبال مظہر، افشاں رباب، ڈی او زراعت توسیع رفیق تارڑ نے شرکت کی۔ اس موقع پر کسانوںکی درخواستوں پر تفصیلی غور کیا گیا ۔ ڈی سی او نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز درخواستیں دینے والے کسانوں کی زمینوں کا سروے کرائیں، ریونیو آفیسر سو فیصد درخواستو ں پر خود موقع پر جاکر تصدیق کریں اور فوری رپورٹ پیش کی جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف کے مطابق اردو مضمون نویسی کے مقابلوں میں تحصیل سطح پر پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اردو مضمون نویسی کے مقابلوں میں تحصیل گجرات میں طالبات میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ایم بی مس فاطمہ جناح گجرات کی طالبہ بشری احمد نے پہلی، گورنمنٹ گرلز ماڈل سکول گجرات کی سمرین عامر نے دوسری اور اسی ادارے کی عائزہ عامر نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ طلبہ کے مقابلوںمیں گورنمنٹ زمیندار ہائی سکول کے سعد اللہ نے پہلی، کیتھڈرل ہائی سکول جلالپور جٹاں کے محمد قاسم نے دوسری اور گورنمنٹ ہائی سکول اسلامیہ نمبر 1کے دانیال سیف اللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ۔ اردو مضمون نویسی کے مقابلوں میں تحصیل کھاریاں میں طالبات میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سر سید لالہ موسیٰ کی ادیبہ شبیر نے پہلی، دار ارقم ہائی سکول پنڈی سلطا ن کی ارحم مسعود نے دوسری اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میانہ چک کی تسنیم غفورنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ۔ اردو مضمون نویسی کے مقابلوں میں تحصیل کھاریاں میں طلبہ میں گورنمنٹ ہائی سکول چڑیاولہ کے قاسم مہدی نے پہلی، گورنمنٹ ہائی سکول اسلامیہ لالہ موسیٰ کے محمد طلحہ نے دوسری اور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کوٹلہ ارب علی خان نے تصدق حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ۔ اردو مضمون نویسی کے مقابلوں میں تحصیل سرائے عالمگیر میں میں طالبات میںگورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول سرائے عالمگیر کی مریم شفیق نے پہلی، گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول صبور کی اقراء شاہد نے دوسرے اور مدیحہ خالد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ۔ اردو مضمون نویسی کے مقابلوں میں تحصیل سرائے عالمگیر میں طلبہ میں سینٹ فرانسس ہائی سکول سرائے عالمگیر نیو کیمپس کے حارش ادریس نے پہلی ، گورنمنٹ گرلز ہائی بھاگ کے اشفاق احمد نے دوسری اور گورنمنٹ میونسپل ہائی سکول سرائے عالمگیر کے حامد ناصر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)کڑیانوالہ کی ممتاز ہر دلعزیز سیاسی سماجی شخصیت اور راہنماء مسلم لیگ کڑیانوالہ عبد الحمید بٹ صدر انجمن تاجران کڑیانوالہ کی کڑیانوالہ کی نمائندہ شخصیات کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین کے ساتھ خصوصی ملاقات گزشتہ روز ہونے والی اس ملاقات میں کڑیانوالہ یونین کونسل میں بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ ق کی شکست اور یوسی میں تنظیمی صورتحال پر تفصیلی بحث اور غور وحوض کیا گیا سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین نے تمام شخصیات سے بلدیاتی الیکشن میں شکست اور یوسی میں مضبوط تنظیمی ڈھانچہ کے حوالہ سے ہر ایک سے مشاورت کرنے کے ساتھ تجاویز لیں اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی الیکشن میں شکست مقامی قیادت کے فقدان اور مقامی امیدوار کو نامزد نہ کرنے کی وجہ سے ہوئی اور آئندہ مستقبل میں بھی جب تک مضبوط مقامی تنظیمی ڈھانچے اور مقامی قیادت کو پروموٹ نہ کیا جائے گا تو ہم کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکیں گے انشاء اللہ ہم اپنے قائد چوہدری وجاہت حسین کی قیادت میں اپنے تمام ذاتی مفادات کو بالا ئے طاق رکھتے ہوئے پارٹی کی مضبوطی اور کامیابی اور عوامی فلاح وبہبود کے لیے اپنے تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے بھر پور کردار ادا کریں گے ۔سابق وفاقی وزیر و ہر دلعزیز قائد کمانڈر چوہدری وجاہت حسین نے اس موقع پر کہاکہ انشاء اللہ یوسی کڑیانوالہ میں مقامی قیادت کے فقدان کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی قیادت کو ہی پرومو ٹ کیا جائے گا میری تمام مسلم لیگی بھائیوں دوستوں سے اپیل ہے کہ آپس کی چھوٹی چھوٹی رنجش بھلا کر اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر اتفاق اتحاد کے ساتھ پارٹی کے لیے کام کیا جائے میں انشاء اللہ بہت جلد گجرات میں تمام شخصیات کو فرداََ فرداََ بلاکر ان کے تحفظات کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ اتفاق واتحاد کے حوالے سے تمام کمی کوتاہیوں اور نفرت وکدورتوں کو دور کروائوں گا۔ملاقات کرنے والوں میں محمد شفیق بٹ آف امریکہ، بائو احسان احمد بٹ، حاجی ملک محمد دین، محمد اسلم ٹھیکیدار بٹ، محمد شفیق بٹ عرف گوگا، فیاض احمد بٹ، چوہدری طارق محمود، مہر ساجد علی، ساجد علی بٹ، حاجی محمد افضل بٹ سابق ناظم، بائو منیر احمد تصدق بٹ، مہر محمد بوٹا سمیت دیگر افراد شامل ہیں جبکہ اس موقع پیر ندیم گوہر اور مہر اصغر آف کڑیانوالہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)موضع کھاریاں خورد تھانہ کڑیانوالہ میں پولیس کی بھاری نفری نے گذشتہ روز محمد اعظم کے گھر میں علی الصبح چار بجے داخل ہوکرچادر چار دیواری کو پامال کرتے ہوئے اہلخانہ کو ایک کمرے میں بند کردیامحمد اعظم کے بیٹے 30سالہ عامر عباس جو کہ تین بچوں کا باپ کو مارا پیٹا اور گرفتار کر کے ساتھ لے گئی گھر والوںکے استفسار پر پولیس نے بتایا کہ عامر عباس دو قتلوں پولیس کومطلوب ہے اور وہ اشتہاری ہے اور اسکے خلاف دو مقدمات درج ہیں عامر عباس کی والدہ نے صحافیوں کو بتایا کہ میرا بیٹا بے گناہ ہے اسکی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہ ہے اور وہ کسی کا کیوں قتل کرے گامیرے بیٹے کے خلاف سراسر زیادتی ہوئی ہے پولیس میرے بیٹے کو جھوٹے مقابلہ میں مارنے کی بھی دھمکیاں دے رہی ہے میری اعلی حکام سے اپیل ہے کہ ہمیں انصاف دیا جائے ایڈشنل جج گجرات ہمایوں سید نے ڈی پی او گجرات سے اس معاملہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور مکمل انکوائری کا حکم دیا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کھاریاں(جی پی آئی)عوام کی خدمت کے لیے ہم سب بھائی 24گھنٹے مصروف عمل ہیں ڈیرہ چوہدری عبدالمالک عوامی خدمت کا مرکز بن چکا ہے یہاں پر بلاتفریق عوام کے مسائل حل ہو رہے ہیں انشاء اﷲ زندگی بھر یہ سلسلہ جاری رکھیں گے ان خیالات کا اظہار ایم پی اے چوہدری شبیر احمد کو ٹلہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت اور تعمیرو ترقی کا مشن لیکر میدان میں آئے ہیں ضلع گجرات کی تعمیرو ترقی کے لیے ضلعی چیئرمین کے مضبوط ترین امیدوار ہیں عوام کی دعائوں اور دوست احباب کے بھرپور تعاون اور اﷲ تعالیٰ کے فضل کرم سے کامیابی چوہدری تنویر کوٹلہ کے لیے قدم چومے گی ہم عمل خدمت پر یقین رکھتے ہیں دو مرتبہ عوام نے ہمیں اپنی خدمت کا موقع دیا ہے اور اپنی محبتوں سے نوازا ہے مخالفین کی سازشیں ناکام ہونگی اور وہ پھر شکست سے دوچار ہوگے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کھاریاں(جی پی آئی)20چک(ملکوال)کا32سالہ ڈرائیور کھاریاں میں بے دردی سے قتل کردیا گیا نامعلوم افراد نے بجلی کا کرنٹ لگایا چھری سے گلا کاٹااورسر پر اینٹیں بھی ماریں پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال بجھوادی اور شواہد بھی اکٹھے کر لئے تفصیلات کے مطابق فیاض نامی32سالہ نوجوان کھاریاں میں ہائی ایس کا ڈرائیور تھا اور ا س نے مین بازار کھاریاں دیسی دواخانہ کے سامنے واقع بلڈنگ میں کمرہ کرائے پر لیا ہوا تھا گذشتہ روز جب مالک نے درواز کھولا تو فیاض مردہ حالت میں پایا گیا پولیس کو اطلاع دی گئیDSPملک منظور اورSHOشہباز ہنجرا موقع پر پہنچ گئے شواہد اکٹھے کیے اور نعش قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کے ہسپتال پہنچا دی مزید تفتیش جاری ہے مقتول کا والد لیاقت بھی اطلاع ملنے پر پہنچ گیا والد کے مطابق مقتول کا بچہ بیمار تھا جسکو لیکر ہم گائوں سے یہاں ہسپتال آئے ہوئے ہیں صدرانجمن مین بازار کھاریاں بھی موقع پر پہنچ گئے قتل کی اس واردات سے عوام خوف وہراس میں مبتلا ہوچکے ہیں پولیس کے مطابق جلد قاتل گرفتار کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کھاریاں(جی پی آئی)محلہ عزیز پورہ کھاریاںTMAکی توجہ کا منتظر! محلہ میں کوڑا کرکٹ اورگوبر کے بڑ ے بڑے ڈھیر جہاں انتظامیہ کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہیں وہاں یہ ڈھیر عوام میں امرض پھیلانے کا سبب بھی بن رہے ہیں ان کی وجہ سے اہلیان محلہ متعدد بیماریوں میں مبتلاً ہو چکے ہیں جن میں گلے،سانس اور پیٹ کی بیماریاں عام ہیں اہل محلہ اپنے بیماروں کے علاج معالجے کے لئے اپنی جمع پونجی ڈاکٹروں کو لٹانے پر مجبور ہیں اہل محلہ نےACکھاریاں سے فوری نوٹس لیتے ہوئے صفائی اور محلہ میں موجود ڈیری فارموں کو باہر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(جی پی آئی)وزیرآبادچیمبرآف ایجوکیشن کے صدرمحمداشفاق وڑائچ اورمحمدعمران بھٹی نے کہا ہے کہ علا مہ اقبال کی شاعری نوجوانوںکے لئے مشعل راہ ہے۔تعلیمات اقبال پرعمل کرکے امت عروج حاصل کرسکتی ہے۔وہ وزیرآبادچیمبرآف ایجوکیشن کے زیراہتمام دی ایجوکیٹرزسکول وزیرآبادمیںتقریری مقابلوںکی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔تقریب میںتحصیل بھرسے 22سکولوںنے حصہ لیا۔اول ،دوئم اورسوئم آنوالے طلباء وطا لبات کوانعامات دئے گئے۔اس موقع پر صابر حسین بٹ،محمدشہزاد،محمدفیاض،جمشید چٹھہ،رانا دلشاد،زاہد،سجاد مدنی،شاہد یونس سمیت متعددذ مہ داران موجودتھے۔انہوںنے کہا کہ اقبال کے تصور خودی کے اندرنوجوانوںکے لئے پیغام ہے کہ وہ حقیقت کوپہچانیںاوربلندی کی جانب سفرکرنے کے لئے ارادوںکوسربلندرکھیں۔انہوںنے کہا کہ حکیم الامت طلبہ کی کردارسازی اوران میںاعلیٰ اخلاقی اقدارکے فروغ کے بہت بڑے داعی تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(جی پی آئی) با با ئے صحافت مولاناظفر علی خان کی 59ویں برسی 27نومبربروزجمعتہ المبارک وزیرآبادمیںعقیدت واحترام سے منا ئی جائے گی۔پریس کلب،الیکٹرانک میڈیااورمقامی تعلیمی اداروںمیںتقریبات میںمولاناظفر علی خان کی خدمات پرروشنی ڈالی جائے گی۔وزیرآبادچیمبرآف ایجوکیشن ،پریس کلب ،الیکٹرانک میڈیا،جماعت اسلا می یوتھ ونگ کی طرف سے مولاناظفر علی خان کے مزارپرپھولوںکی چادریں چڑھائی جائیںگی۔مرکزی تقریب انکے مزارپرمقامی انتظا میہ کی طرف سے منعقدہوگی۔جسمیںملک بھرسے نامورشخصیات شرکت کرینگی۔اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کرینگے۔تحریک آزادی کے عظیم راہنمامعروف مصنف وشاعربابا ئے صحافت مولاناظفر علی خان نے لاہورسے روزنامہ زمیندارکاآغازکیا۔اس اخبارنے مسلمانوںکے سیا سی شعور کی بیداری میںکلیدی کرداراداکیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(جی پی آئی)جماعت اسلا می وزیرآبادزون کے اراکین کاخصوصی اجلاس مورخہ27نومبرجمعتہ المبارک 2بجے اسلا مک سنٹرمیںہوگا۔جسمیںسابقہ کارکردگی کاجائزہ لینے کے علا وہ آئندہ کی حکمت عملی طے ہوگی۔اجلاس میںنئے سیشن کے لئے منتخب ہونے والے زون بھرکے امراء حلف اٹھائینگے۔مہمان خصوصی سیکرٹری جنرل جماعت اسلا می پنجاب بلا ل قدرت بٹ امراء سے حلف لینے کے علا وہ جمعتہ المبارک کاخطبہ بھی ارشاد فرمائینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(جی پی آئی)وزیرآباد میں 63ایکڑ رقبے پر جدید ترین سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کی تعمیر سے کٹلری و کچن وئیر مصنوعات کی ایکسپورٹ میں 100فیصد اضافہ ہوگا ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان کٹلری اینڈ سٹین لیس یوٹنسلز مینوفکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن محمد خالد مغل نے وزیر آباد سمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں فیکٹریاں بنانے کے لیے سرمایہ کر نے والے وفد سے ملاقات میں کیا انہوں نے مزید کہا کہ وزیرآباد دنیا بھر میں اپنی صنعت کے حوالے سے مشہور شہر ہے حکومت پنجاب کے تعاون سے اس شہر میں اگلے پانچ سالوں میں مر د اور خواتین کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے چاقو چھری چمچ خنجر تلوار بنانے والی تمام کمپنیوں کو وزیرآبا د کلسٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہر قسم کی فنی اور مالی معاونت دلانے کے لیے وزیرآباد سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا وزیراعلیٰ پنجاب میا ں شہباز شریف سے پاکستان کٹلری ایسوسی ایشن کا وفد جلد ملاقات کر ر ہا ہے تاکہ اس شہر کی انٹرنیشنل پہچان کا صحیح فائدہ اٹھا کر اس کی مصنوعات کی برینڈ نگ کرنے کے اقدامات شروع کیے جائیں یہاں کہ کاریگروں کی تربیت کے لیے مختلف ٹیکنیکل کورسز شروع ہوسکیں وزیرآباد سمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں اللہ کے فضل سے 70%رقبہ فروخت ہو چکا ہے وزیرآباد کے شہری اس جدید ترین انڈسٹریل اسٹیٹ میں کھل کر سرمایہ کاری کریں انہیں پاکستان کٹلری ایسوسی کی طرف سے ہر قسم کامکمل تحفظ دیا جائے گا بلڈنگ اور نئی مشینر ی کے حصول کے لیے سرمایہ کاروں کو کروڑوں روپے کے سستے ترین قرضہ جات فراہم کرنے کا وعدہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف پہلے ہی کر چکے ہیں وفد میں چار کنا ل رقبہ پر فیکٹریاں تعمیر کرنے والے سرمایہ کار نواز مغل ، محمد ریاض مغل ، نواز احمد چیمہ ، عرفان احمد چڈھا ، چوہدری محمد یوسف ، شکیل احمد مغل شامل تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(جی پی آئی)احا طہ کچہری میں شوہر نے بیوی کو چھریوں کے وار کر کے زخمی کر دیا ۔بعد ازاں زہریلی گولیاں نگل کر خودکشی کر لی ۔گکھڑ منڈی کے رہائشی محمد اقبال کی 6سال قبل عنبرین نامی لڑکی سے شادی ہوئی تھی شادی کے چند سال بعد دونوں میں جھگڑے ہونا شروع ہو گئے اور بات علیحدگی تک پہنچ گئی ۔محمد اقبال اپنی بڑی بیٹی کو ساتھ لے گیا جس پر بیوی عنبرین نے وزیرآباد میں ایڈیشنل سیشن جج رائے لیاقت علی کھرل کی عدالت میں بچی کی حوالگی کی رٹ دائر کی۔خاوند کو اس کا رنج تھا اس نے عدالت میں ہی اپنی بیوی پر چھریوں کے پے در پے وار کر دیے ۔خاتون نے کمرہ عدالت میں گھس کر اپنی جان بچائی جس کے بعد دلبرداشتہ خاوند محمد اقبال نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں ۔موقع پر موجود پولیس اہلکاروں اور دیگر سائیلین نے دونوں کو سول ہسپتال پہنچا یا جہاں پر خاتون کو طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ تشویشناک حالت کے پیش نظر محمد اقبال کو گوجرانولہ منتقل کر دیا گیا جہاں پر وہ جانبر نہ ہو سکا ۔محمد اقبال کی دو کم سن بیٹیاں ہیں اور 6سال قبل اسکی شادی ہوئی تھی۔محمد اقبال کی والدہ نے بتایا کہ اس کا بیٹا اپنا گھر بسانا چاہتا تھا لیکن اس کی بیوی کی ضد اور ہٹ دھرمی نے میرے بیٹے کی جان لے لی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(جی پی آئی)مسلم لیگی رہنماملک شہباز علی نے کہا ہے کہ نچلی سطح پراختیارات کی منتقلی کاخواب چکنا چورہوگیا،بااثرسرمایہ دارووٹ خرید کرکونسلر بن گئے۔الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق نافذکرنے میںبری طرح بے بس اورناکام رہا جب تک عام آدمی کواختیارات نہیںملتے ملک میںتبدیلی نہیںآسکتی وہ اپنی رہا ئشگاہ پرصحافیوںسے گفتگوکررہے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(جی پی آئی)ڈاکٹر محمدارشد سیان وچوہدری جمشید ارشد سیان نے سیا ن ہائوس میںمتفقہ برادریوں کے اکٹھ پراظہارخیال کرتے ہوئے چوہدری احسان اللہ سیا ن کوتحصیل ڈسکہ ضلع سیا لکوٹ مو ضع کنڈن سیا ن سے امیدواربرا ئے چیئرمین یوسی58کا الیکشن تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے لڑنے پرمبارکباد پیش کی اورکہا کہ چوہدری احسان اللہ علا قے کے لوگوںکے لئے دن رات ان کی خدمت کے لئے حاضرہیںاورانتقامی سیا ست کاخاتمہ کرینگے۔5دسمبرکو انشاء اللہ سورج کامیابی کی نویدلیکرطلوع ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

لاہور (جی پی آئی)کل مسالک ”ورلڈ پاسبان ختم نبوت ”کے امیر مولانا پیر سلمان منیرعلماء و مشائخ کونسل کے صدر پیر ولی اللہ شاہ بخاری جے یو آئی کے راہنماحافظ حسین احمدجے یو پی کے مفتی عاشق حسین جماعت اسلامی کے محمد جاوید قصوری جمعیت اہلحدیث کے حافظ محمد علی یزدانی جمعیت اہلسنت کے علامہ ضیاء الرحمن فاروقی ملت جعفریہ کے علامہ وقار الحسنین نقوی سنی علماء کونسل کے مولانا رجیع اللہ خان اور علی عمران شاہین،ڈاکٹر شاہد نصیر نے جماعت الدعوة و فلاحِ انسانیت فائونڈیشن کی الیکٹرونک میڈیا کوریج پر پابندی پر شدید احتجاج کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پابندی کے ضمن میں”پیمرا ” کا نوٹیفکیشن جلد واپس لے ورنہ دینی جماعتیں اسکے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلائینگی ۔جماعت الدعوة و فلاحِ انسانیت فائونڈیشن پر یہ پابندیاں سراسر بھارتی ،یہودی و قادیانی لابی کی سازش ہیں انہیں نہ صرف اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کیا جائیگا بلکہ قانونی جنگ لڑنے اور عوامی سطح پرصدائے احتجاج بلند کرنے کیلئے بھرپورتحریک چلائی جائیگی احتجاجی جلوس نکالے ،مظاہرے کیے اور دھرنے دیے جائینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

لاہور (جی پی آئی)شیعہ علما کونسل پنجاب کے ضلعی صدور کے انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ جس کے مطابق مولانا سید نصیر حسین موسوی النجفی راولپنڈی، سید افتخار حسین نقوی ا ٹک ، سید سجاد حسین نقوی جہلم ، سید احسان حیدر شمسی ناروال، مولانا یعقوب رضا حیدری لاہور،سید نعیم عباس شمسی قصور،سید مسعود الحسن ترمذی جھنگ ، صفی الحسنین شیرازی ساہیوال،غازی محمد زمان حیدری پاک پتن، مولانا علی حسین امامی اوکاڑہ، میاں محمد شفیع راجن پور،سید نیئر عباس کاظمی لیہ، ڈاکٹر مرید حسین مظفر گڑھ اور مظہر حسین شیرازی حافظ آباد کے ضلعی صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ تمام صدور کے انتخابات دستور کے مطابق ضلعی جعفریہ کونسلوں کے ارکان نے ووٹنگ کے ذریعے کیا۔جس کی نگرانی صوبائی نمائندوں نے کی۔ واضح رہے کہ 24۔ مئی کو قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی کی زیر نگرانی علی مسجد مدینہ ٹاون فیصل آباد میں حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کو شیعہ علما کونسل پنجاب کا صدر صوبائی جعفریہ کونسل کے ارکان نے بذریعہ ووٹ منتخب کیا تھا۔ جس کے بعد ضلعی تنظیمی نو کا پہلا مرحلہ مکمل کیا گیا۔ دوسرا مرحلہ چہلم شہدا کربلا کے بعد شروع کیا جائے گا۔ جس کی حتمی منظوری صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دی جائے گی۔ علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے نو منتخب عہدیداروں پر زوردیا ہے کہ وہ خالص قرب اللہ رب العزت کے لئے کام کریں ۔ عہدہ اعزاز ہونے کے ساتھ بھاری ذمہ داری بھی ہے۔ پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے قائد ملت اسلامیہ علامہ ساجد علی نقوی کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھیں گے اور ان کا پیغام ہر گھر پہنچائیں گے۔ باقاعدگی سے تنظیمی اداروں کے اجلاس منعقد کئے جائیں اور نچلی سطح تک تنظیم سازی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شیعہ علما کونسل کے ونگز کوبھی منظم کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

لاہور (جی پی آئی)بڑھتی ہوئی انتہاپسندی ،دہشتگردی اور عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے رابطہ عالم اسلامی اور پاکستان علماء کونسل نے مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان کردیا ۔ انتہاپسندی اور دہشتگردی کا اسلام اور قرآن و سنت کی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔علماء اسلام کو ہر قسم کی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر عوام الناس کو انتہاپسندی ، دہشتگردی کے خاتمے اور عصر حاضر کے تقاضوں کے حل کیلئے قرآن و سنت سے رہنمائی دینی ہوگی۔یہ بات پاکستان علماء کونسل اور رابطہ عالم اسلامی کے قائدین کے درمیان ایک مشترکہ اجلاس کے بعد کہی گئی ۔ اجلاس کے مہمان خصوصی رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبد اللہ المحسن الترکی تھے۔ اجلاس میں پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ،رابطہ عالم اسلامی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدہ عتین ،مکتبة الدعوہ کے ڈائریکٹر محمد احمد دوسری،پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،راسخ الکشمیری،حافظ محمد امجد،مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج،مولانا سعیداحمد عنایت اللہ ،مولانا عبد الحمید وٹو،مولانا الحمید صابری اور دیگر علماء و مشائخ بھی شریک تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان علماء کونسل اور رابطہ عالم اسلامی (مسلم ورلڈ لیگ) انتہاء پسند اور تشدد پسند قوتوں کے خلاف مسلم نوجوانوں علماء ، آئمہ اور خطباء کو عصر حاضر کے علوم سے آگاہی کیلئے مشترکہ جدوجہد کرے گی۔ داعش اور اس جیسی تنظیمیں مسلمانوں کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں ۔ عالم اسلام کے مسائل منصفانہ انداز میں حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الترکی نے کہا کہ عالم اسلام کا دہشت گردی ، انتہاء پسندی اور داعش جیسی تنظیموں سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔مسلم امہ انتہاء پسند اور دہشت گرد تنظیموں سے مکمل برأت کا اعلان کرتی ہے۔ مسلم علماء اور مفکرین دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو قرآ ن و سنت کی تعلیمات کے منافی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی پوری دنیا کے اندر مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کیلئے کوشاں ہے اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کی ولی عہد مسلمانوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی رہنمائی کیلئے علماء ، مفکرین اور دانشوروں کو بھر پور کردار ادا کرنے کیلئے میدان عمل میں آنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام نہ صرف مسلمانوں بلکہ غیر مسلموں کے حقوق کا بھی محافظ ہے اور کسی بھی بے گناہ کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے۔ جو کچھ فرانس میں ہوا اس کی تائید اور حمایت نہیں کی جا سکتی۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ شام سے لے کر یمن کے مسئلہ تک پاکستان علماء کونسل سعودی عرب کے مؤقف کی حمایت کرتی ہے اور عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان ، ترکی اور سعودی عرب کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ارض حرمین الشریفین کا تحفظ اور دفاع ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے اور کسی بھی شر پسند قوت کو ارض حرمین الشریفین کے امن سے نہیں کھیلنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل امن اورسلامتی کا پیغام لے کر جدوجہد کر رہی ہے اور ہمارا یہ پیغام پوری دنیا کیلئے واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل اور رابطہ عالم اسلامی کے درمیان عالم اسلام کے مسائل پر اتفاق ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے سیکرٹری جنرل اور اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے ہمیشہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔ پاکستان میں آج غیر مسلم اور اقلیتیں محفوظ ہیں جبکہ ہندوستان میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں کے ساتھ جو ظلم اور زیادتی کی جا رہی ہے اس پر پورے عالم اسلام کو آواز بلندکرنی چاہیے۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت رکھنے والوں کو پھانسیوں کی سزائوں پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس کے اختتام پر پاکستان علماء کونسل کی طرف سے ڈاکٹر عبد اللہ بن عبد المحسن الترکی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔اجلاس سے کیپٹن صفدر ، عبد التین ڈائریکٹر جنرل رابطہ عالم اسلامی ، محمد بن سعید الدوسری ، ڈاکٹر احمد علی سراج ، راسخ کشمیری ، سفیر فلسطین ، سفیر اردن ، سفیر مصر نے خطاب کیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

لاہور (جی پی آئی)وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی، نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی اور سیکرٹری علامہ محمد افضل حیدری نے روسی صدر پیوٹن کی ولی امرالمسلمین آیت اللہ العظیٰ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں بدامنی پیدا کرنے والی قوتوں کے خلاف انسانی اور جمہوری حقوق کی پاسداری کرنے والی قوتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا۔تاکہ دہشت گرد گروہوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری اعلامیہ میں رہنماوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے حاشیہ بردار چند عرب ممالک شام میں مداخلت کرکے خطے میں بدامنی پیدا کررہے ہیں۔جس کے لئے انہوں نے تکفیری دہشت گرد گروہوں کو فنڈنگ کی ، تاکہ بشارالاسد حکومت کو ختم کرکے ناجائز ریاست اسرائیل کو مضبوط کرسکیں۔ لیکن ان کے گھناونے خواب ایران اور اس کے اتحاد ممالک نے چکنا چور کردیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب کے اثرات کو کم کرنے کے لئے القاعدہ،طالبان اور داعش جیسے انسانی، اسلامی اور اخلاقی قدروں سے عاری بدمعاش گرو پیدا کئے گئے ۔ جنہوں نے پوری دنیا کو بدامنی سے دوچار کردیا ہے۔ انہیں گروپوں نے اسلام کے نام پر اپنی مخصوص تکفیری سوچ کو پروان چڑھایا۔جس نے امن و سلامتی کے مذہب اسلام کو بدنام کرنے کی ناپاک جسارت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیر س ہو، امریکہ ،سعودی عرب، پاکستان ،شام ، عراق یا برطانیہ کسی بھی ملک کے شہریوں کا قتل قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ مگر دہشت گردوںکا تعلق اسلام سے نہ جوڑ ا جائے، ایسے گھناونے اور غیر انسانی فعل کے مرتکب دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ کرائے کے قاتل ہیں۔ جنہوں نے صرف داڑھیاں رکھی ہوئی ہیں۔وہ اسلام کو سمجھنے سے قاصر خارجی گروہ ہیں۔ آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے تمام مکاتب فکر کے علما سے متحدہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے نام پر دہشت گردی پھیلانے والوں سے اظہار لاتعلقی کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں کو بھی دہشت گردی پھیلانے والوں کا محاسبہ کرنا چاہیے۔ لیکن مشاہدے میں آیا ہے کہ گرفتاریوں کے دعوے تو کئے جاتے ہیں مگر انہیں سزائیںنہیں دی جاتیں اور نہ ہی مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی (جی پی آئی) پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے FT-7 کے حادثے میں شہید ہونے والی خاتون پائیلٹ فلائنگ آفیسر مریم مختار کی نماز جنازہ و تدفین کے بعد ان کے ایصال ثواب کیلئے گجرات ہاؤس میں منعقدہ گجراتی قومی موومنٹ کے تعزیتی اجلاس میں کراچی سے تعلق رکھنے والی پاک فضائیہ کی پہلی شہید خاتون پائیلٹ کے ایصال ثواب و درجات کی بلندی کیلئے دعاکی گئی ۔ اس موقع پرفنی خرابی کے باعث طیارے کی تباہی سے آبادی کو محفوظ رکھنے کیلئے طیارے کو آبادی سے دور لیجانے کی کوشش میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والی کراچی کی بہادر بیٹی فلائنگ آفیسر مریم مختار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید مریم مختار کو بھی راشد منہاس شہید کی طرح نشان حیدر کے اعزاز سے نوازا جائے کیونکہ انہوں نے بھی پاکستان و عوام کے مفاد میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے راشد منہاس شہید سے کم کارنامہ انجام نہیں دیا ہے ۔ امیر پٹی نے طیارے میں فنی خرابے کے معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے طیاروں میں فنی خرابی اور حادثات کا تسلسل تشویش انگیز ہے اس کے پیچھے موجود محرکات کا پتا چلایاجائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی (جی پی آئی) مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی میانوالی میں شہید ہونے والی پاکستان کی پہلی فلائنگ آفیسر مریم مختار شیخ کی نماز جنازہ میں شرکت ،میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ شہید مریم مختار پاکستان اور سندھ دھرتی کی سپوت تھی ،انہوں نے اپنے بہادری کے کارناموں سے پوری قو م کاسر فخر سے بلند کردیاہے ،حکومت کوحادثے کی تحقیقات تک جانا چاہیے ،مریم مختارایک بہادراور نڈرآفیسر تھی ان کا تعلق پنوں عاقل سے تھا ہم انہیں سندھ کی بیٹی کا لقب دیتے ہیں،حلیم عادل شیخ نے پاک فضائیہ کی پہلی خاتون آفسیر کے والدسے تعزیت کے دوران شہید کی خدمات پر انہیںخراج تحسین پیش کیااور ان کے لیے صبروجمیل کی دعا کی ،انہوں نے کہا کہ قوم کو اس ملک کے لیے قربانیاں دینے والی بہادرخواتین اور جوانوں پر نازہے ،مریم مختار قوم کے لیے مرمٹنے کا پیغام دیکر گئی ہے ان کی قربانی سے اس ملک کا جو وقار بلند ہوا ہے اس پر ہمیں فخرہے ،میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ عرصہ سے پاکستان کی قوم سانحہ درسانحات سے دوچار ہے ہمیں ملک کے بہت سے عظیم لوگوں سے محروم ہونا پڑا ہے اس میں مریم مختار کا نام سرفہرست میں ہے ،ہمیں قوم کی اس بہادر بیٹی پر فخر ہے ،اور قوم شہدائوں کی قربانیوںکو کبھی فراموش نہیں کرسکتی ۔#
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی (جی پی آئی) بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی عوام پہلے اور دوسرے مرحلے کی طرح اپنے ووٹ سولنگی اور آزاد امیدواروں کو دیکر ان روایتی سیاستدانوں اور عوام دشمن سیاسی جماعتوں کو مسترد کریں تاکہ استحصال و کرپشن کے ذریعے عوام کی نسلوں کا حال تباہ اور مستقبل غیر محفوظ بناکر قومی دولت لوٹنے اور وسائل پر قبضے کے ذریعے صاحب اقتدار ‘ شرفاء اور محب وطن کا میڈل اپنے سیاہ سینوں پر سجانے والوں کا احتساب ممکن ہوا ور ان سے لوٹی گئی قومی و عوامی دولت اور وسائل کی واپسی یقینی بنائی جاسکے کیونکہ پارلیمنٹ میں موجود پانچوں قومی سیاسی جماعتوں کے قائدین کے پاس وٹا گیا اس قدر قومی سرمایہ ہے کہ اسے واپس قومی خزانے میں لایا جائے تو پاکستان آئی ایم ایف اور عالمی امدادی اداروں کی باجگزاری اور غلامی سے ہمیشہ کیلئے آزاد ہوجائے اور اس کے عوام ترقی یافتہ و خوشحال بن جائیں ۔ یہ بات پاکستان سولنگی اتحاد کے رہنما مایر سولنگی نے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں سولنگی قوم سے صرف آزاد اور سولنگی نمائندوں کو کامیاب بنانے اور سیاسی جماعتوں و روایتی سیاستدانوں کو ووٹ نہ دیکر ان پر عدم اعتماد کے اظہار کا مطالبہ کرتے ہوئے کہی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی (جی پی آئی)ادب کی برگزیدہ ہستی جمیل الدین عالی کے سوئم میں شرکت کرنے والے پاکستان راجونی اتحاد میں شامل محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی ‘ پاکستان سولنگی اتحاد کے رہنما سردار خادم حسین سولنگی ‘ خاصخیلی اتحاد کے رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ پاکستان مارواڑی اتحاد کے رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ جونا گڑھ اتحاد کے رہنما اقبال چاند ‘ نیشنل پیس کمیشن ہیومن رائٹس کے رہنما حاجی امیر علی خواجہ’پاکستان تنولی اتحاد کے رہنما نواب آف بدھوڑھ یحییٰ خانجی تنولی و دیگر نیزدگی بھر وفاقی اردو یونیورسٹی کیلئے خدمات انجام دینے والے جمیل الدین عالی کی وفات پر یونیورسٹی کے معمولات کی روانی اور انتقال و سوئم کے موقع پر تعطیل سے احتراز کی پالیسی کو بے حسی و ادب دشمنی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور کہا کہ استحصالی عناصر نے وطن عزیز کے انتظامی و عوامی شعبہ جات کے ساتھ ادب و تعلیم کو بھی جاہلوں اور رشوت و سفارش کے تحت بھرتی ہونے وترقی پانے والوں کے حوالے کرکے وطن عزیز کے مستقبل کو تباہی کے اس اندھے غار کی جانب دھکیل دیا ہے جہاں رذالت و ذلالت کے سوا کچھ نہیں ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی (جی پی آئی)سابق صدر پاکستان اور پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری کو پری شپمنٹ ٹھیکہ دینے میں کمیشن وصولی کے الزام میں 17سال سے چلنے والے ایس جی ایس کوٹیکنا کیس میں عدم ثبوت کی بناء پر بری ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے اسے استحصالی نظام کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ داروں ‘ وڈیروں ‘ جاگیرداروں ‘ جرنیلوں ‘ سیاستدانوں اور جرائم پیشہ مافیاز کا نظام قائم ہے جس میں غریبی جرم ہوتی ہے اور سزا صرف غریبوں کو ہی ملتی ہے طبقہ اشرافیہ سے تعلق رکھنے والوں کی ملک وقوم دشمنی بھی وطن پرستی کہلاتی ہے اور استحصال زدہ طبقہ کی جانب سے ظلم کیخلاف جہاد اور حق کی آواز کو بھی غداری کہا جاتا ہے اسلئے یا تو عوام کو اس نظام کیخلاف یکجا ہوکرایم آر پی کے منشور کے مطابق عدل ‘ انصاف ‘مساوات پر مبنی فلاحی و شراکتی نظام کیلئے جدوجہد کرنی ہوگی یا پھر عدلیہ حکمرانوں ‘ سیاستدانوں ‘ سرمایہ داروں ‘ جاگیرداروںاور طبقہ اشرافیہ کو قانون سے مبرا قراردے دیا جائے تاکہ ان پر چلنے والے بے نتیجہ کیسز پر 17اور 11برسوں تک عدلیہ مصروف رہے اور نہ کثیر قومی سرمائے کے ضیاع سے قانونی و عدالتی مشق کے ذریعے قوم کا وقت اور توانائی کو بھی ضائع کیا جائے ۔