گجرات (جی پی آئی) گجرات شہر اور گرد نواح میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نے گجرات کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ،گیس نہ ہو نے کی وجہ سے دوشہری وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو گئے ہیں ،مگر محکمہ سوئی گیس کا عملہ بھی ٹس سے مس نہیں ہو رہا ،گجرات شہر میں گیس کی صورت حال یہ ہے کہ صبح دوپہر اور رات کے وقت گیس نہیں ہوتی۔
جبکہ رات بارہ بجے گیس آنا شروع ہوتی تب لوگ اپنے کھانے پینے کی تیاری کرتے ہیں ،گجرات شہر میں عرصہ بیس سال سے یہ سلسلہ چلا آرہا ہے مگر یہ بات افسوس کے ساتھ کہنا پڑتی ہے کہ ہمارے گجرات کے عوامی نمائندے اور اعلی افسران عوام سے جھوٹے وعدے کر کر کے تھک چکے ہیں اب ان میں عوام سے جھوٹاو عدہ کرنے کی سکت ہی باقی نہیں ہے ہرسال گیس کی مشکلات کو دور کرنے کے نئی فرضی پائپ لائن ڈالنے کا کہا جاتا ہے۔
مگر وعدہ پورا نہیں کیا جاتا،عوام اب ان کے جعلی اور جھوٹے وعدوں سے بیزار ہو چکے ہیں اور دوسری طرف محکمہ سوئی گیس کے نااہل افسران بھی عوام کو درست بات بتانے سے قاصر ہیں گجرات کے شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور سوئی گیس انتظامیہ کو وارننگ دی ہے کہ ایک دو روز میں گیس کی لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو جی ٹی روڈ بلاک کر کے سوئی گیس آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔