گجرات کی خبریں 23/1/2017

GPI

GPI

گجرات (جی پی آئی) دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس معیاری تعلیمی ادارہ ہے جہاں بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انسپکٹر چوہدری محمد سعید وڑائچ نے بارہ دری کیمپس میں سپورٹس فیسٹیول کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہزاد شفیق شرقپوری کی قیادت میں یہ ادارہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے سرانجام دے رہا ہے۔ اور بچیوں نے جس طرح سپورٹس فیسٹیول میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا یہ انکی شبانہ روز تربیت کا نتیجہ ہے۔ اگر بچوں کی بہترین تربیت کی جائے تووہ تمام چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آج اس بات پر بے حد مسرت کا اظہار کرتا ہوں کہ شہزاد شفیق شرقپوری نے کچھ عرصہ قبل جو پودا لگایا آج تناور درخت بن چکا ہے۔ ایگزیکٹو ممبر لیڈیز کلب گجرات محترمہ ہما سہیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کا ماحول مجھے اپنے گھر جیسا لگتا ہے۔ جہاں پر بچوں کو بہتر انداز میں تربیت دی جا رہی ہے اور انہیں اخلاقیات اور دنیاوی تعلیم سکھائی جاتی ہے۔ میری دعا ہے کہ یہ ادارہ اسی طرح کام کرتا رہے۔ شہزاد شفیق شرقپوری نے کہا کہ میں نے یہ ادارہ خدمت خلق کے جذبہ کے تحت شروع کیا اور میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں میں اپنا فریضہ احسن طریقہ سے سرانجام دے رہا ہوں۔ اس وقت اس ادارے میں گیارہ سو مستحق و یتیم بچے فری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہیں یونیفارم بھی سکول کی جانب سے فراہم کیا جاتا ہے۔ جبکہ ٹیچرز ‘ پولیس ملازمین ‘ صحافی اور وکلاء کے بچوں کو 50 فیصد رعایت دی جاتی ہے۔ تاکہ معاشرہ کی خدمت کرنے والے طبقے کو سہولیات مل سکیں۔ اور ہم پاکستان کی آنے والی نسل کو مضبوط اور ذہین بنا سکیں۔ اس موقع پر طالبات نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔
………………………………
گجرات( جی پی آئی) دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ایک نیا انداز متعارف کروایا گیا جس میں پاکستانی مسلح افواج (نیوی’ فضائیہ ‘ بری فوج ) کے دستوں کی شکل میں بچوں کے یونیفارم پہنا کر مارچ پاس کروایا گیا اور پاکستان آرمی کی تاریخ سے آگاہ کیا گیا۔ تاکہ طالبات میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہو سکے اور وہ اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کر سکیں۔ اور اسی انداز میں انکی تربیت ہو۔
………………………………
گجرات( جی پی آئی) گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ ابرار سعید نے ممتاز ماہر تعلیم شہزاد شفیق شرقپوری ڈائریکٹر دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کو گجرات چیمبر کی اسٹیڈنگ کمیٹی برائے تعلیم کا وائس چیئرمین نامزد کر دیا ہے۔ گزشتہ روز گجرات چیمبر آف کامرس میں تقریب کے دوران شہزاد شفیق کو نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ممبر طارق جاوید چوہدری’ نائب صدر بائو امین پشاوری’ و دیگر ممبران گجرات چیمبر ۔ گجرات پریس کلب اور گجرات بار کے ممبران بھی موجود تھے ۔
………………………………
گجرات( جی پی آئی) موضع ادودال میں عظیم الشان سالانہ محفل نعت کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت صاحبزادہ پیر سید حسن محمود شاہ گجراتی نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی سید محمد علی نقوی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر سید حسن محمود شاہ گجراتی نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ اغیار کا مقابلہ ڈٹ کر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان میں دین سے دوری سب سے اہم ہے۔ ہمیں لوگوں کو بتانا ہے کہ اسلام دین امن ہے۔ دہشتگردی کا اس سے دور کا واسطہ نہیں۔ محافل نعت کے ذریعے امن اور پیار کا درس لوگوں تک پہنچایا جائے۔ چیف ایگزیکٹو کارروان مالک اشتر سید محمد علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادودال کے باسی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے نبی کریم ۖ کی محفل کا انعقاد کیا۔ اور ملک کے اہم علماء کرام اور ثناء خوان رسول کو مدعو کیا۔ نوجوانوں کو اسلام کی بنیادی تعلیمات سے آگاہ کیا جانا چاہئے۔ تاکہ وہ اسلام کے بارے میں اپنے علم کو بڑھا سکیں۔ اس موقع پر نقابت کے فرائض دلاور جلالی نے سرانجام دئیے۔ جنید لیاقت مدنی و دیگر ثناء خوان رسول نے ہدیہ نعت پیش کیا۔
………………………………
گجرات( جی پی آئی) گجرات شہر میں خواتین کی تعلیم و تربیت کیلئے ادارے بنانے کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل گجرات میں خواتین کے تین کالجز موجود تھے جن میں غریب شہریوں کی بچیاں تعلیم حاصل کرتی تھیں مگر جب سے یہ ادارے یونیورسٹی آف گجرات کے ماتحت ہوئے ہیں ان اداروں میں داخلہ مشکل ہو گیا ہے۔ اور فیسوں میں بے پناہ اضافہ بھی تشویشناک ہے۔ حکومت پنجاب کے تحت کام کرنے والے اداروں میں فیسیں کم ہیں اور تعلیم بہتر ہے جبکہ یونیورسٹی آف گجرات کے تعلیمی اداروں میں فیسیں زیادہ ہیں اور داخلہ بھی مشکل ہے۔ اس وقت کئی بچیاں وسائل کم ہونے کی وجہ سے تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہو رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب ممبران صوبائی و قومی اسمبلی سے گجرات کے شہریوں کی اپیل ہے کہ گجرات میں خواتین کیلئے کالجز کا قیام عمل میں لایا جائے۔ جن میں غریب بچیوں کا داخلہ ممکن ہو سکے۔
……………………………
گجرات( جی پی آئی) ممتاز ثناء خوان رسول قاری غلام سرور نقشبندی نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری سلیم سرور جوڑا سے ملاقات کی اور انہیں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمت لوگ در رسول ۖ پر حاضری دیتے ہیں اللہ تعالیٰ چوہدری سلیم سرور جوڑا کی عزت و وقار میں اضافہ عطا فرمائے۔ آمین
……………………………
گجرات( جی پی آئی) جی پی آئی کا تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ممتاز صحافی عرفان حفیظ کھوکھر کی والدہ محترمہ اور افتخار بٹ آف رائل ٹی وی کی والدہ محترمہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔