گجرات کی خبریں 16/7/2017

GPI

GPI

گجرات (جی پی آئی) برصغیرپاک و ہند کی ممتاز روحانی شخصیت حضرت سائیں کرم الٰہی المعروف کانووالی سرکار کا سالانہ عرس مبارک شروع ہوگیا۔گدی نشین سائیں اختر حسین نے اپنے دست مبارک سے دربار شریف کو غسل دیا ۔جس تقریبات کا آغاز ہوا۔سائیں ساجد حسین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔اس سے قبل گجرات کی ضلعی انتظامیہ کے افسران نے ان سے ملاقات کی اور حفاظتی انتظامات پر گفتگو کی پولیس،لیڈیز پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔آج صبح 10بجے دربارشریف پر روایئتی انداز میں ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے عقیدت مند چادر چڑھائیں گے۔عقیدت مند ملک بھر سے حاضری دیں گے ۔ڈالیاں،گھڑولیاں ،چادریں چڑھائیں گے
۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)ضلع کونسل گجرات نے مالی سال 2017-18کیلئے1 ارب،1 کروڑ، 55لاکھ83ہزار روپے کے بجٹ کی منظوری دیدی ہے، ترقیاتی منصوبوں کیلئے 66کروڑ، 22لاکھ ، 84ہزار روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔ مالی سال کا بجٹ چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر نے وائس چیئرمین چوہدری شعیب رضا کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کیا، وائس چیئرمین چوہدری شیر افگن، چیف آفیسر چوہدری محمود اقبال گوندل، کونسل آفیسرز نعمان رضا، چوہدری خاور گجر و دیگر بھی موجود تھے۔ چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر نے ہائوس کو بتایا کہ ضلع کونسل گجرات کے پاس موجودہ بیلنس46کروڑ روپے ہے، جبکہ مالی سال میں 55کروڑ55لاکھ83ہزار روپے آمدن کا تخمینہ ہے۔ انہوںنے بتایا کہ ضلع کونسل کے جاری اخراجات کا تخمینہ 7کروڑ 33لاکھ 9ہزار 513 روپے ہے ، تنخواہوںکی مد میں 22کروڑ،67 لاکھ52ہزار 348روپے اخراجات متوقع ہیں۔ ترقیاتی اخراجات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل نے بتایا کہ نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے35کروڑ، 50لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں، اے ڈی پی کی مد میں 29کروڑ 47لاکھ 93ہزار 500روپے خرچ ہوں گے جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر79لاکھ74ہزار روپے ، سی سی بی کی جاری 45لاکھ16ہزار382روپے خرچ ہوگے۔ چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر نے بتایا کہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے دوران کوشش کی گئی ہے کہ شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے منصوبہ جات کو اولین ترجیح دی جائے ، ضلع کونسل کی آمدن میں اضافہ اور اخراجات کو کنٹرول رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ بعد ازاں ہائوس نے کثرت رائے سے مالی سال کے بجٹ کی منظوری دیدی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید عمران رضا نقوی نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا اور معمولی نوعیت کے مقدمات کے 11ملزمان کو ذاتی مچلکوں پر رہا کرنے کے احکامات جاری کئے۔ فاضل ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نے ڈسٹرکٹ جیل کے کچن کا دورہ کیا اور کھانے کا معیار چیک کیا، جیل ہسپتال میں انہوں نے بیمار قیدیوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ ایڈیشنل سیشن جج نے خواتین، بچوں کی بیرک، دیگر بیرکوںکا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا اور شکایات پر مناسب احکامات جاری کئے۔ سپرنٹنڈنٹ جیل منصور اکبر بھی انکے ہمراہ تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ جید پور کے قریب برساتی نالے میں ظغیانی کے باعث متاثر ہونیوالے پل کی جگہ عارضی پل کو چالو کر دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ مقام پر نئے اور پہلے سے بڑے سائز کے پل کی تعمیر کیلئے پراونشل روڈز ڈیپارٹمنٹ نے کام شروع کر دیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ کڑیانوالہ کیطرف جانیوالی مذکورہ روڈ پر برساتی نالہ میں ظغیانی کے باعث پل ٹوٹنے سے متعدد دیہات کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ر ہا تھا جس پر پراونشل روڈز ڈیپارٹمنٹ کو فوری طور پر راستہ بحال کرنے کیلئے موقع پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ انجینئرز اور ملازمین نے بھرپور محنت کرکے عارضی پل بنا کر اسے ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پراونشل روڈز ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثر پل جس کی استعداد بہت کم تھی کی جگہ بہتر استعداد والے پل کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پل متاثر ہونے کی وجوہات کے تعین کیلئے بھی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فرقہ واریت کا خاتمہ ممکن نہیں ،فرقہ وارانہ تشدد اور منفی فتوے ختم کئے جائیں،قاضی قدیر خاموش

گجرات(جی پی آئی)اسلام میں فرقہ واریت کا کوئی تصور نہیں، قرآن و سنت پر عمل کرتے تو فرقوں میں تقسیم نہ ہوتے۔اتحاد امت ہی اسلام کی قوت ہے۔ ملی یکجہتی کونسل کے ضابطہ اخلاق کو قانونی شکل دی جائے۔فرقہ واریت کا اژدھا پاکستان میں خود پالا گیا اب علما کے ذہن صاف ہوئے ہیں اور امن کی بات کرتے ہیں تولوگ شک کی نظر سے دیکھتے ہیں۔بین المسالک سماجی تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے ایک دوسرے کی مساجد اور مدارس میں جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم کرسچن فیڈریشن انٹر نیشنل اور پیس اینڈ ایجوکیشن فاونڈیشن کے زیر اہتمام سیمینار بعنوان فرقہ واریت کے اسباب اور سد باب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔جن میں اسلامی یکجہتی کونسل کے سربراہ قاضی عبدالقدیر خاموش،وفاق المدارس السلفیہ کے مولانا یاسین ظفر، وفاق المدارس الشیعہ کے مولانا محمد افضل حیدری، جمعیت علما پاکستان نورانی کے رہنما مولانا محمد خان لغاری،پروفیسر ڈاکٹر وقار ملک، قاری سمیع اللہ محمدی،رابعہ مزمل ، مجتبیٰ راٹھور اور دیگر شامل تھے۔قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ فرقہ واریت کا خاتمہ ممکن نہیں ،فرقہ وارانہ تشدد اور منفی فتوے ختم کئے جائیں۔ پیمرا کو فرقہ وارانہ منافرت پر مبنی پروگراموں کو بند کرنا چاہیے۔پاکستان کے پڑوسی دشمن فرقہ وارانہ نفرت کو بڑھانے کے لئے سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ ہمیں باخبر رہنا ہوگا۔مولانا یاسین ظفر نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے ملی یکجہتی کونسل، پنجاب حکومت اور متحدہ علما بورڈ کے ضابطہ اخلاق کم وبیش ایک جیسے ہیں ہیں، ان پر عمل کرکے حالات کو سازگار بنایا جاسکتا ہے۔مگر یہ حقیقت ہے کہ فرقہ واریت کے اژدھے کوپاکستان میں خود پالا گیا، اب علما اتحاد کی بات کرتے ہیں تو عوام کی طرف سے شدید رد عمل شک کی بنیاد پر آتا ہے کہ انہیں کیا ہوگیا ہے، کل تو یہ مناظرانہ باتیں کرتے تھے، اب کیوں بدل گئے ہیں۔ مولانا محمد افضل حیدری نے کہا کہ قرآن و حدیث ہی اسلامی احکامات کا منبع ہیں، جس کی بنیاد پر مسالک کے درمیان مشترکات زیادہ اور اختلافات کم ہیں، کوئی اپنا مسلک تبدیل نہیں کرسکتا ، اس لئے اختلاف رکھتے ہوئے باہمی احترام کو فروغ دے کر پاکستان کو جنت نظیر بنایا جاسکتا ہے۔مولانا محمد خان لغاری کا کہنا تھاکہ سازش کے تحت ملک میں کفر و شرک کے نعرے لگائے گئے تو تمام مسالک کی قیادت نے ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فار م سے ضابطہ اخلاق تیار کیا، اب ضرورت ہے کہ اسے قانونی شکل دی جائے۔ حکومت ریڈیو ٹی وی کو مسلکی ہم آہنگی کے لئے استعمال کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے ملک کے سیاسی حالات، موجودہ داخلی و خارجی صورتحال اور پانامہ کیس کے تناظر میں نوازشریف کے فوری استعفیٰ کیلئے قومی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور مختلف مسلم لیگی دھڑوں کے قائدین سے رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے ہفتہ کو ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، مسلم لیگ فنکشنل کے صدر پیر صاحب پگاڑا صبغت اللہ راشدی اور پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال سے ٹیلیفون پر الگ الگ گفتگو کی جس میں ملک کو درپیش صورتحال، نوازشریف سے استعفیٰ کے مطالبہ اور تمام اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ لائحہ عمل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین اور پیر پگاڑا میں مشاورت کیلئے ملاقات پر اتفاق ہو گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی وزیراعظم نوازشریف سے استعفیٰ کا مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک و قوم کے مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کا یہ فرض ہے کہ وہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ اور فاضل عدالت کے حکم پر قائم کردہ جے آئی ٹی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد نوازشریف پر استعفیٰ کیلئے زور دیں اور ملک کو درپیش بحران سے نمٹنے کیلئے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر متحد ہو جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
گلیانہ(جی پی آئی)پاسبان این اے 107کے راہنما وحید نذیرنے کہا ہے کہ حکمران ملکی اثاثہ جات کو گروی رکھ کر اور قوم کو مزید مقروض کرنے کے بعد اسے ترقی کا نام دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے این اے 107کے تنظیمی اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں کیا انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی ،کرپشن ، غربت اور مہنگائی جیسے خطرناک مسائل کی جڑ حکمرانوں کی غلط پالیسیاںہیں اورملک بے شمار مسائل کا شکار ہے جن میں نظام تعلیم کا ناقص معیار ، طبی سہولیات کا فقدان، لوڈشیڈنگ کا عذاب ، بے روزگاری ،جرائم اور ملک میں بگڑتی سیاسی صورتحال شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے ایوانوں میں بیٹھ کرعوامی خدمت کے لیے پلاننگ کی بجائے اپنی اپنی کرپٹ لیڈرشپ کو بچانے اور ایک دوسرے کو نیچا دیکھانے میں مصروف عمل ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ترقی اور بقاء کے لیے کارکنا ن مثبت تبدیلی کیلئے پاسبان کے سلوگن کو زیادہ سے زیادہ عام کریں اور ہر شہری تک پیغام اور منشور پہنچائیں ۔ 2018ء کے الیکشن میں دیانتدار اور کرپٹ لیڈر شپ میں مقابلہ ہو گا ۔
۔۔۔۔۔۔۔
گلیانہ(جی پی آئی)گلیانہ پریس کلب کی خصوصی تربیتی ورکشاپ آج 16جولائی 2017ء بروز اتوار سہ پہر 4بجے گلیانہ پریس کلب میں منعقد ہوگی گلیانہ پریس کلب کے انفارمیشن سیکرٹری قیصراسماعیل کے مطابق اس ورکشاپ میں ملک کے ممتاز تجزیہ نگار، سنیئر صحافی اور روزنامہ اذکار راولپنڈی کے ایڈیٹر جناب تزئین اختر، ممتاز صحافی و سابق ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری عامر عثمان عادل اور نیوز الرٹ کے سید کلیم اللہ گیلانی مختلف موضوعات پہ لیکچر دیں گے۔قیصر اسماعیل نے کہا کہ ہم نے گلیانہ پریس کلب کی تقریب حلف برداری میں جو عہد کیا تھا اس کو عملی جامہ پہناتے ہوئے گلیانہ پریس کلب کے ممبران کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لئے خصوصی تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا ہے ورکشاپ کے اختتام پہ ممتاز سماجی راہنما اور ہارون ماربل فیکٹری گلیانہ کے ایم ڈی باو محمد افضل گلیانہ پریس کے ممبران کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔
گلیانہ(جی پی آئی)پارلیمنٹ دستور اور عدلیہ کا احترام کیا جائے ۔پاکستان علماء کونسل کسی ایسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی جو ملک کو کمزور کرے۔ پاکستان خطے کے اعتبار سے ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ پاک چائنہ راہداری کے عمل کو روکنے کیلئے ملک دشمن عناصر پاکستان میں سیاسی افراتفری پھیلارہے ہیں۔ پاکستان ایک خطہ زمین کا نام نہیں بلکہ ایک نظریہ کا نام ہے۔ جو قوم اپنے نظریاتی اور تہذیبی وجود کے تحفظ و ترقی کیلئے قربانی نہیں دے سکتی وہ قطعاً قوم کہلانے کے حق دار نہیں ہے۔ اللہ کے فضل سے ہمارے بزرگوں نے قائد اعظم کی قیادت میں بے پناہ قربانیاں دیکر پاکستان کے نظریاتی تشخص کو قائم کیا اور اس ملک کو بنایا ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان علماء کونسل کے ضلعی راہنما مولاناعمرعثمانی نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ایجنڈہ ہے کہ اس ملک کو کمزور کیاجائے اور اس ملک میں دہشت گردی کے ذریعے اور مذہبی منافرت اور لسانیت کو فروغ دیکر قوم کو تقسیم کیا جائے ۔ موجودہ سیاسی کشمکش بھی اسی عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ لادینی اور لبرل ازم کیخلاف مذہبی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا۔ بھارت اور پاکستان دشمن قوتوں کی سازش کے سامنے بندھ باندھنے کیلئے علماء منبر ومحراب سے آواز اٹھائیں ۔ پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنانے اور اسے دنیا کی عظیم ترین قوموں کی صف میں شامل کرنے کیلئے بوقت ضرورت اپنا سب کچھ قربان کردینے کیلئے آمادہ ہونا چاہیے۔ پاکستان خود مختار اسلامی جمہوریہ ملک ہے ۔جو قوتیں اس ملک میں خلفشار پیدا کررہی ہیں وہ اس وطن کے خیر خواہ نہیں ہیں ۔ایک طبقہ دانستہ طور پر شرارت اور پروپیگنڈہ کرکے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے ۔آج بھی اسلامی اصولوں کا اطلاق کرکے حسین و پر امن معاشرہ بنایا جاسکتا ہے۔ اسلام ہر مسلمان کیلئے ایک ضابطہ حیات ہے جو اس کی زندگی اور اس کے رویے کو بہتر بنا سکتا ہے۔ پاکستان میںبعض شخصیات اپنے آپ کو آئین سے بالاتر سمجھتی ہیں ان کو چاہئے کہ وہ پارلیمنٹ ،دستور اور عدلیہ کا احترام کریں۔تمام طبقات کو ماورائے آئین کوئی بھی قدم اٹھانے سے گریز کرنا چاہئے تاکہ جمہوریت مساوات اور عدل کے اصول باقی رہ سکیں ۔سیاست میں رواداری کو فروغ دیا جائے اور انتہاپسندی کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مذہبی قوتوں کیلئے انتشار کو فروغ دینا قابل گرفت ہے تو ملک میں سیاسی انارکی پھیلانا بھی قابل گرفت ہونا چاہئے۔پاکستان کی عوام کو اس وقت مہنگائی ،غربت اور لاقانونیت نے جکڑا ہوا ہے۔جو عوامی لیڈر قوم کی امنگوں پر پورا اتریں گے وہی لیڈر کہلانے کے حق دار ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔
گلیانہ(جی پی آئی)گزشتہ روز مرکز اہل اہلسنت مسجد اقصیٰ میں ڈی ایس پی سرکل کھاریاں غلام محمد اور ایس ایچ او ڈنگہ چوہدری شہباز ہنجرا نے نمازجنازہ کے بعد ممتاز مذہبی وسماجی شخصیت اور ممبر ضلعی امن کمیٹی علامہ قاضی کفایت اللہ سے تفصیلی ملاقات کی ڈنگہ شہر میں حال میں ہونے والے ناخوشگوار واقعہ سمیت دیگر مذہبی امور زیر بحث آئے نمازجمعہ کی ادائیگی کے بعد توہین رسالت سمیت دیگر معاملات پر علامہ قاضی کفایت اللہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی توہین رسالت کے ملزم کو جلد سے جلد کیفر کردار تک پہنچایاجائے ڈنگہ ڈنگہ کے تمام مکاتب فکر پر امن ہیں کسی کو بھی توہین رسالت ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے ۔
۔۔۔۔۔۔
گلیانہ(جی پی آئی)چوہدری عابدرضا کی خصوصی گرانٹ اور حاجی محمداسلم خان کی خصوصی کاوشوں سے کھاریاں شہر میں سوئی گیس کی پائپ لائن بچھانے کے دوسرے مرحلے کاآغاز،کھاریاں شہر کے وہ علاقے جہاں پر تاحال سوئی گیس کے پائپ لائن نہیں بچھائے جاسکے وہاں پر پائپ لائن بچھانے کے لیے گزشتہ روز حاجی محمداسلم خان’ چیئرمین شیخ محمدحفیظ’ لال خان گوندل وائس چیئرمین’ عبدالقیوم بھٹی کونسلر’ حاجی جاوید ملک’ظفر مجید بٹ کونسلر ودیگر نے ان علاقوں کاوزٹ کیا اور سوئی گیس کے پائپ لائن بچھانے کے حوالے سے صورتحال کاجائزہ لیاگیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راہنمائوں نے کہا کہ چوہدری عابدرضا کوٹلہ نے کھاریاں شہر کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے بے پناہ خدمات خدمات سرانجام دی ہیں جن کا پورا حلقہ معترف ہے اب کھاریاں شہر میں سوئی گیس کے پائپ لائن بچھانے کے بعد ان علاقوںمیں سوئی گیس کی فراہمی کے لیے بھی چوہدری عابدرضا خصوصی اقدامات کررہے ہیں کھاریاں شہرمیں سوئی گیس کی فراہمی کے لیے دوسرے مرحلے کاآغاز ہوچکاہے جن علاقوں میں سوئی گیس مہیانہیں ہے وہاں پر متعلقہ محکموں کے سربراہان کے ساتھ وزٹ کرکے انہیں عملی شکل دی جائے گی انشاء اللہ بہت جلد کھاریاں شہر کے ہر گلی محلے میں سوئی گیس کی فراہمی کویقینی بنایاجائے اور الیکشن کے دوران سوئی گیس کی فراہمی کے کئے گئے وعدے کو عملی جامہ پہنایاجائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔
گلیانہ(جی پی آئی)صدر انجمن تاجران مین بازار کھاریاں چوہدری عتیق الرحمن کی گزشتہ روز حاجی محمداسلم خان اور چیئرمین شیخ محمدحفیظ سے خصوصی ملاقات’ ملاقات میں بازار کی صورتحال اور تاجرون کو پیش ا نیو الے مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا اور تاجروں کو سہولیات کی فراہمی اور دیگر امور زیر بحث آئے جس پر گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمداسلم خان اور شیخ محمدحفیظ نے کہا کہ کھاریاں کے تاجر ہمارے بھائی ہیں اور ان کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے انشاء اللہ بہت جلد مین بازار کھاریاں کے حوالے سے ڈویلپمنٹ پر ایک جامہ پلان مرتب کیاجائیگا تاجروں کو خوشحال بنانے کیلئے تمام اقدامات کرینگے ۔
۔۔۔۔۔۔۔
گلیانہ(جی پی آئی)کھاریاں شہر میں تجاوزات کے ایک دفعہ پھر سر اٹھانے پر انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی گزشتہ روز شیخ محمدحفیظ چیئرمین نے اپنے عملہ کے افسران اورملازمین کے ساتھ خصوصی میٹنگ کی جس میں تجاوزات کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دیاگیا اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ بلاتفریق کھاریاں شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیاجائے گا ناجائز تجاوز کنندگان ازخود تجاوزات کوختم کردیں ورنہ بعدمیں ٹی ایم اے ذمہ دار نہ ہوگا کیونکہ کھاریاں شہر کوخوبصورت بنانا ہمارا خواب ہے اور اس میں ناجائز تجاوز کنندگان بڑی رکاوٹ ہیں ہم تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کریں گے تجاوزات کوختم کرنے کے بعد سب سے زیادہ فائدہ دکاندار بھائیوںکا ہی ہوگا کیونکہ بازاراورروڈز کشادہ ہونے کی وجہ سے گاہکوں کا رحجان کھاریاں شہر کی طرف زیادہ ہوگا اور انہیں گاہکوں کو سہولیات میسر آئیں گی کھاریاںشہر میںصفائی کے حوالے سے بھی خصوصی پلان ترتیب دیاگیا پارکوں کی بہتر صفائی اور نالوں کی صفائی اور شہر کوخوبصورت بنانے کے لیے تمام وسائل کوبروئے کار لائیں گے اس وقت تجاوزات کی وجہ سے کھاریاں شہر میں گاہکوں کارحجان بھی کم ہے تاجر ہمارے بھائی ہیں وہ تجاوزات کے خاتمہ میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ اگر بازار کشادہ ہوں گے تو اس سے سب سے زیادہ فائدہ تاجروں کا ہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
گلیانہ(جی پی آئی)مخلص قیادت پر بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے بعض سیاسی عناصر ملک میں افراتفری پھیلا نے کی کوشش کر رہے ہیںوزیراعظم پر ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں اگر مگر سے کام لے کر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن عوام ان سازشوںکوناکام بناتے ہوئے میاں نوازشریف کے حق میں اٹھ کھڑے ہوئے ہیں انشاء اللہ میاں نوازشریف 2018کے بعد بھی ملک پاکستان کے وزیراعظم رہیں گے مخالفین کی تمام سازشیں دم توڑ جائیں گی ان خیالات کااظہار راہنما مسلم لیگ(ن) کھاریاں ملک رضوان سہیل نے گفتگو کرتے ہوئے کیاانہوںنے کہا کہ ملک پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے بیرونی طاقتیں پر تو ل رہی ہیں اور افسوس کہ عمران خان اس لابی کاحصہ بن کر ملک کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں لیکن عوام ان کی تمام سازشوں کوناکام بنادیں گے مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ میگا پراجیکٹس سی پیک منصوبے’ پاور پلانٹس’ سڑکوں کے جال اور تعلیم وصحت کے لیے انقلابی اقدامات کیے جو کہ ملک دشمنوں کو ہضم نہیں ہوئے اورانہوںنے نوازشریف کوبدنام کرنے کی کوشش کی لیکن نوازشریف قوم کے حقیقی لیڈر ہیں انشاء اللہ سپریم کورٹ پر پورا اعتماد ہے نوازشریف سرخرو ہونگے۔
۔۔۔۔۔۔۔
گلیانہ(جی پی آئی) گلیانہ پریس کلب کے سرپرست عزیزالرحمان مجاہد، صدر فیصل عباس اعوان اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹرانصرفاروق مغل نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہباز شریف کی حکومت نے پنجاب میں صحافیوں کوانتقامی کاروائی کا نشانہ بنانا شروع کررکھا ہے اور صوبہ بھر میں صحافیوں کیساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے اسکی مثال دور آمریت اوردور بادشاہت میں بھی نہیں ملتی، حق و سچ لکھنے پر صحافیوں کو ملک دشمن قرار دے دیا جاتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے پنجاب میں کسی جنگل کا قانون نافذ ہے۔ انہوں نے اوکاڑہ کے صحافیوں سہیل احمد، عبداللہ شاکر،عرفات عارف و دیگر کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے کا ذمہ دار طبقہ ہے حکومت انکے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر کیخلاف کاروائی کرے، ہم اپنے ملک کے کسی صحافی کیساتھ ذیادتی برداشت نہیں کرینگے، اگر اوکاڑہ کے صحافیوں کے خلاف انتقامی کاروائی بند نہ کی گئی تو ہم صحافیوں کیساتھ ملکر پورے پاکستان میں تحریک چلائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) جرائم پیشہ ، رسہ گیر، چور، منشیات فروش اورانکے سرپرستوںٹائوٹوںکوبرداشت نہیںکیاجائے گا۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ علاقہ میںامن قائم کرنے کے لئے عوام الناس کاتعاون درکارہے۔ پولیس گشت کے ذریعے دن رات عوام کے تحفظ کویقینی بنائے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کااظہارڈی ایس پی سرکل وزیرآبادمحمداکرام خان نے صحافیوںسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایس ایچ او صدرسرفرازاحمد، ایس ایچ او سٹی عامر ملک بھی ہمرا ہ تھے۔ انہوںنے کہا کہ جرائم پیشہ افرادکاخاتمہ اورسٹریٹ کرائم کی روک تھام میری اولین ترجیحات میںشامل ہیں۔ ہرقسم کے جارائم کی بیخ کنی ، علاقہ میںامن قائم کرنا، منشیات فروشوں سے آہنی ہاتھوںسے نپٹنامیری علاقے میںتعیناتی کاماٹو رہے گا۔ پولیس اورعوام کے باہمی رابطہ سے علاقہ کوامن وسکون کاگہوارہ بنائیںگے۔ انہوںنے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اپناقبلہ درست کرلیں ورنہ ان سے نمٹا جائے گا۔ میری کوشش ہوگی ایسا ماحول پیداکردیاجائے کہ ہرشہری بے خوف وخطرزندگی کی معمولات سرانجام دے سکے۔
۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) صدر وزیرآبادچیمبرآف ایجوکیشن محمداشفاق وڑائچ ، محمدعمران بھٹی نے کہا ہے کہ تعلیم کی ترقی وفروغ میںنجی تعلیمی اداروں کے کردارسے انکارممکن نہیں۔ وطن عزیزسے جہالت کے خاتمے اورنورسے اجالاکرنے کے لئے ہمیںاجتماعی کرداراداکرناہوگااگرملک میںپرائیویٹ تعلیمی اداروںکاکردارنہ ہوتا توہماراملک ترقی کے میدان میںبہت پیچھے ہوتا۔ پنجاب حکومت پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے مسائل میںاضافہ کی بجائے ٹھوس پالیسی بناکرانکی معاونت کرلے ۔ وہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے صابر حسین بٹ، محمداشفاق وڑائچ، زمان حیدرچیمہ کے اعزازمیںوزیرآبادچیمبرآد ایجوکیشن کی طرف سے دیئے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرچوہدری عرفان یوسف، قیصرانور، سجاد احمدمدنی، محمدزاہد، جمشیدچٹھہ، رانا دلشاد احمد، محمدشہزاد، محمدفیاض وقاص احمدسمیت متعددذ مہ داران موجودتھے۔انہوںنے کہا کہ نجی تعلیمی اداروںکااتحادوقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیرآبادچیمبرآف ایجوکیشن نجی اداروںکے طلباء وطالبات کی بہتری کے لئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پرائیویٹ سیکٹر ساٹھ فیصدبوجھ اٹھا رہا ہے مگرمختلف ٹیکسوںکے جال میںجکڑکرمسائل پیداکئے جارہے ہیں۔ اس موقع پرفیصلہ ہواکہ نجی تعلیمی اداروںکے درمیان ٹیچر ٹریننگ، سپورٹس، مقابلہ حسن قرات ، نعت خوانی اوردیگرتقریبات کاانعقادکیا جاتارہے گا۔
۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) بین الاقوامی بنارسی ٹھگ ٹولہ کی سازشیں ناکام ہوںگی ،ملک ترقی کی پٹڑی پررواںدواںرہے گا، سپریم کورٹ پراعتماداورانصاف کی توقع ہے، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میںدوتہائی ممبران اسمبلی میاںنوازشریف کے ساتھ ہیں،عوام کی جے آئی ٹی میاںنوازشریف کے ساتھ ہے اور2018میںبھی مسلم لیگ (ن)کے حق میںفیصلہ سنائے گی۔ جے آئی ٹی سپریم کورٹ نہیںجس پرانگلی نہ اٹھائی جاسکے۔ ترقی کے سفرمیںرکاوٹ ملک دشمنی کے متردادف ہے۔ امریکہ، اسرائیل اورانڈیاسی پیک منصوبہ کے خلاف سازش کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارایم این اے جسٹس(ر)افتخاراحمدچیمہ نے مسلم لیگی رہنماوکونسلرافتخاراحمدبٹ کی رہائشگاہ پرکیا۔ اس موقع پرناصر محموداللہ والے، محمداعجاز پارس، ارشد سلیمی، وائس چیئرمین ارسلان بلوچ، خواجہ شعیب، مہرطاہر جاوید مٹھوودیگربھی موجودتھے۔ انہوںنے کہا کہ ملک میںانارکی کوفروغ دیکرچیئرمین پی ٹی آئی عمران خاںانتخابات 2013میںعبرت ناک شکست کاصدمہ غلط کرناچاہتے ہیںمگرانکی خواہش کسی صورت پوری نہ ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم پاکستان آہنی اعصاب کے مالک ہیںاورکسی صورت ناجائز واویلاکرنیوالوںکامطالبہ پراستعفیٰ نہیںدینگے۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کااٹل فیصلہ ہے کہ ڈٹ کرقانونی جنگ لڑیںگے اورکسی غیرجمہوری وغیرآئینی اقدام کوبرداشت نہیںکرینگے۔ انہوںنے کہا کہ قوم کابچہ بچہ وزیراعظم نوازشریف کاسپاہی ہے اورجلدتمام سازشی عناصر بے نقاب ہوجائیںگے۔
۔۔۔۔۔۔
اسلام آباد(جی پی آئی) ایف پی سی سی آئی کی ریجنل کمیٹی برائے صنعت کے چئیرمین عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے ملکی معیشت کے سنبھلتے ہی اقتصادی افق پر معاشی زوال کے آثار نمودار ہو نا شروع ہو گئے ہیں ۔معیشت کا رخ استحکام اور ترقی کے بجائے کمزوری کی طرف ہو رہا ہے جسے روکنے کی ضرورت ہے۔ بڑھتے ہوئے سیاسی عدم استحکام سے معیشت کو فائدہ نہیں ہو گا بلکہ مزید نقصان پہنچے گا۔ عاطف اکرام شیخ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ دو سال میں معاشی استحکام اور اقتصادی ترقی کے بعد صورتحال دوبارہ خراب ہو رہی ہے۔ اس دوران قوم کو بار بار بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کو تقریباً دیوالیہ شدہ حکومت ورثے میں ملی مگر صورتحال کو بہتر بنا دیا گیا ہے ،معیشت مستحکم بنیادوں پر کھڑی ہے، ملک مسلسل ترقی کر رہا ہے اور اب دوبارہ آئی ایم ایف سے قرضہ کینے کی ضرورت نہیں پڑے گی تاہم یہ سب باتیں غلط ثابت ہوئی ہیں۔ پانچ سال قبل ایک کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی نے پاکستان کی درجہ بندی کم کر دی تھی اور دو سال قبل اسی ایجنسی نے ہماری ریٹنگ کو بڑھا دیا تھا جس نے اب پاکستان کی اقتصادی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسی طرح آئی ایم ایف نے بھی اپنی رپورٹ میں پاکستان کی اقتصادی صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے کیونکہ تجارتی خسارہ ،مالی خسارہ اور قرضوں کا بوجھ بہت بڑھ گیا ہے جبکہ اگلے دوخسارے میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ سابقہ حکومت کے مقابلے میں موجودہ حکومت کے زمانے میں زر مبادلہ کے ذخائر میں چار گنا اضافہ ہوا ہے مگر یہ اب بھی غیر ملکی قرضوں، سود اور ادائیگیوں کا توازن برقرار رکھنے کیلئے ناکافی ہیں۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمدشہبازشریف کے حلقہ انتخاب میں واقع کاہنہ کے نواحی علاقے یونین کونسل 250تھہ پنجوکے دھوپ سڑی قبرستان کی اراضی پر علاقے کی بااثرشخصیات نے قبضہ کررکھا ہے،مردے دفنانے کے لئے جگہ کم پڑچکی ہے،تفصیلات کے مطابق اہل علاقہ دھوپ سڑی نے چیف سیکرٹری پنجاب سمیت متعدداعلیٰ افسران کو درخواست دی کی دھوپ سڑی قبرستان کی کل اراضی تقریبا 70کنال 18مرلے ہے ،جس میں سے تقریبا ڈیڑھ کنال اراضی پر علاقے کی بااثرشخصیات نے قبضہ کرکے مکانات تعمیرکررکھے ہیں،جس کے لئے متعددبار درخواست گزاری کی گئی لیکن کسی بھی اعلیٰ افسریا عہدیدارنے قبرستان کی اراضی کو قبضہ گروپ مافیا سے واگزار نہ کروایا اور قبضہ گروپ مافیا اب تک قبضہ کئے ہوئے ہے،اہل علاقہ کے مطابق ان قبضہ گروپ مافیا کو سیاسی وانتظامی شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے ،جس بنا پر یہ مافیا اتنا مضبوط ہوچکا ہے کہ کوئی بھی ان سے قبرستان کی اراضی واگزارکروانے کے لئے تیار نہیں، دھوپ سڑی قبرستان میں آس پاس کے علاقوں کاہنہ،تھہ پنجو،دھوپ سڑی،شالیمارٹائون،بھٹوکالونی،ٹبہ انصاریاں رحمت پارک،ریلووالی مسجد ودیگر علاقوں کی عوام بھی اپنے پیاروں کو اسی قبرستان میں دفناتے ہیں،جس کی وجہ سے دھوپ سڑی قبرستان کی جگہ مزیدمردے دفنانے کے لئے کم پڑچکی ہے،اور مردوں کے اوپر مردے دفنائے جارہے ہیں،اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دھوپ سڑی قبرستان کی قبضہ کی گئی اراضی کو فوری قبضہ مافیا سے واگزار کروایا جائے تاکہ اہل علاقہ اپنے پیاروں کی تدفین اس قبرستان میں کرسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کاہنہ کے رہنماء شوکت حسین فجرنے کہا ہے کہ ملکی معیشت سیاسی عدم استحکام کی متحمل نہیں ہوسکتی، ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے مثبت روئیے اور سیاسی استحکام بہت ضروری ہے،آج پاکستان کو امن ،اتحاد اوریکجہتی کی بہت ضرورت ہے،ہم کسی کو اجازت نہیں دینگے کہ پاکستان کو اندھروںمیں پھینک دے ،پاکستان کے اندر تبدیلی کا واحد راستہ صرف بیلٹ کے ذریعے ہے، طاقت کے زور پر ایسا بالکل نہیں ہوگا۔ان خیالات کا اظہارشوکت حسین فجرنے گزشتہ روز عوامی پریس کلب کاہنہ (رجسٹرڈ) میں صدرسیدصدا حسین کاظمی سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ یہ ان کیلئے گیم چینجز ہے قوم یہ بھی جانتی ہے کہ ماضی میں ہم نے کئی مواقع ضائع کئے لیکن اب ہمارے پاس ترقی کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیںموجودہ حکومت نے ایک سال کے عرصے میں کاغذ کے ٹکڑے پر موجود ایم او یو کو 46 ارب ڈالر کے معاہدے میں تبدیل کیا،اب اس کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سی پیک کے 46 ارب ڈالر کے منصوبوں میں سے35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے شعبوں میں ہے کیونکہ انرجی کے بغیر کوئی بھی شعبہ نہیں چل سکتا،انہوں نے کہاکہ ملک اسوقت ایسے مقام پر پہنچ چکا ہے کہ اب دنیاپاکستان کو ایک ابھرتی ہوئی معیشت کے طورپر دیکھ رہی ہے، ہمیں دنیا کے سامنے طاقت ور معیشت کے طورپر سامنے آنا ہے۔ ،ہم نے اپنے حصہ کا کام کیا ہے،سب سے زیادہ سرمایہ کاری گزشتہ 3سالوں میں ہوئی ہے ،انفراسٹرکچر،توانائی،ٹرانسپورٹ اورہیومن ڈویلپمنٹ پر بڑی سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔انہوںنے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو معیشت کا برا حال تھا،قوم میں یہ تاثر پایا جارہا تھا کہ آنیوالا سال بدتر ہو گا،ملک میں 20 ،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی،کراچی اور بلوچستان کے حالات تباہی کی طرف جارہے تھے،لیکن موجودہ حکومت نے نہ صرف توانائی کے شعبے میں اقدامات کئے جس کے نتیجہ میں اس وقت لوڈشیڈنگ 6 سے 8 گھنٹے رہ گئی ہے بلکہ کراچی میں امن لوٹ رہا ہے،جو تبدیلی کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے علاوہ حکومت ایک یو ایس پاکستان نالج کاریڈور پر بھی کام کر رہی ہے جس کے تحت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں 10 ہزار پی ایچ ڈی پیدا کئے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) مسلمانوں کے مقدسات پر حملے نا قابل قبول ہیں ، اسرائیلی فورسز کی طرف سے مسجد اقصیٰ کو بند کرنا امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے ، اسلامی سر براہی کانفرنس عرب لیگ ، عالمی دنیا اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری اقدامات اٹھائیں، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا عبد الکریم ندیم ، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا پیر نعیم اللہ فاروقی ، مولانا قاری محمد ادریس قاسمی ، مولانا اسعد زکریا ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا حاجی محمد طیب قادری ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا نعمان حاشر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی ، انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کی طرف سے مسجد اقصیٰ کو بند کر دینا سیاہ ترین قدم ہے ، اسرائیلیوں کی طرف سے مسلسل جارحیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور عالمی اور مسلم دنیا مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے ، انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے درجہ ایمان کی حرارت کو چیک کرنے کیلئے بیت المقدس ، مسجد نبوی ۖ اور بیت اللہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، مسلم علماء ، مفکرین اور حکمرانوں کو اس جارحیت پر غور و فکر کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ قطر اور عرب ممالک کے اختلافات سے شام اور فلسطین کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے ، عالمی دنیا اور مسلم دنیا کی توجہ فلسطین اور شام کے مسئلہ سے ہٹ گئی ہے ، قطر اور عرب ممالک کو فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنا چاہیے اور قطر کی حکومت کو چاہیے کہ وہ خلیج تعاون کونسل اور عرب ممالک کے ساتھ کیے گئے وعدوں کے معاملات پر عرب ممالک کو گفتگو کے ذریعے قائل کرے ، رہنمائوں نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری طور پر مسلم قائدین کا اجلاس بلائیں اور شام ، فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ کے حل کیلئے متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) بیرسٹرظفر اللہ اپنے بیان پر پوری قوم سے وہیں پرمعافی مانگیں جہاں انہوں نے حضرت عیسٰی کی توہین کرنے کی کوشش کی ہے۔ جے سالک ۔ کنوینئر ورلڈ مینارٹیز الائینس اورآرگنائزر عوامی مسیحا پارٹی جے سالک نے کہا ہے کہ بیرسٹر ظفر اللہ کا بیان جس میں انہوں نے نواز شریف کو یسوع مسیح(حضرت عیسٰی )سے ملانے کی کوشش کی ہے ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے سے اچھے انسان کے ساتھ بھی کسی ذات اقدس کا مقابلہ ٹھیک نہیں لیکن انہوں نے ایک کرپٹ اور متنازعہ شحصیت کے ساتھ ایک مقدس ہستی کو ملایا ہے جو کہ انتہائی شرم کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر ظفراللہ کو اندازہ نہیں ہے کہ ان کے بیان سے ملک میں نفرت اور انتشار پھیلنے کا بھی حدشہ ہے ۔ جے سالک نے بتایا کہ میں نے اس سلسلے میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے بھی بات کرنے کی کوشش کی اور انکے پی ایس کو میسج دیا کہ میں بیرسٹر ظفر اللہ کے بیان سے حوالے سے بات کرنا چاہتا ہوں لیکن ابھی تک(3:30) انکا کوئی جواب نہیں آیاکیوں کہ یہ لوگ اقلیتوں کو کمزور اور ناچیز سمجھتے ہیںلیکن میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ اقلیتیںکمزور ہیں نہ انہیں کمزور سمجھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ آج تیسرا دن ہے اور ہم انتظار میں تھے کہ شاید انہیں خود احساس ہو جائے اور وہ قوم سے معافی مانگ لیںلیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایف آئی آر کے حق میں نہیں ہوںلیکن لوگوں کو راہ راست پر لانا بھی ضروری ہے اس لئے معافی تو انہیں ہو صورت مانگنا ہی پڑے گی ۔چونکہ انسان خطاء کا پتلا ہے اور حضرت عیسٰی نے بھی معافی کا درس دیاہے تو اب بیرسٹر ظفر اللہ PID میں دوبارہ پریس کانفرنس کرکے قوم سے معافی مانگیںکیوں کہ ان کے اس بیان سے نہ صرف مسیحیوں کے بلکہ پوری قوم کے جذبات مجروع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بیرسٹر ظفراللہ نے قوم سے معافی نہ مانگی تو ملک گیر احتجاج کئے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و جوائنٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاںکامران سیف نے بھارت کی جانب سے عالمی ثالثی عدالت کا فیصلہ نظر انداز کرکے کشن گنگا ڈیم کی تعمیر مکمل کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستانی پانی روک رہا ہے جس کے باعث پاکستانی زراعت متاثر ہورہی ہے اور دریا خشک سالی کا شکار ہیں انہوںنے کہا کہ پانی کی ضروریات کے پیش نظر کالا باغ ڈیم فی الفور تعمیر کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اپنے طے شدہ ڈیزائن کے مطابق کشن گنگا ڈیم کی تعمیر مکمل کرلی ہے بھارتی حکومت کا یہ اقدام عالمی عدالت انصاف کے حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ،جبکہ پاکستانی حکومت خواب خرگوش کے مزے لوٹتی رہی اور اس معاملہ کو عالمی اداروں میں اٹھانے کی بجائے خاموشی اختیار کیے رکھی۔انہوںنے کہا کہ پاکستان میں پانی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ازحد ضروری ہے کالا باغ ڈیم سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے ساتھ دریائوں میں سارا سال پانی دستیاب رہے گا،جبکہ 3600میگا واٹ اڑھائی روپے یونٹ والی سستی بجلی بھی مہیا ہوگی جس سے زراعت و صنعت دونوں ترقی کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ شریفوں کی شرافت بے نقاب کرنے کیلئے جے آئی ٹی رپورٹ کی 10ویں جلد بھی پبلک کی جائے اور تمام ثبوت عوام کے سامنے لائے جائیں تاکہ عوام جان سکیں کہ حکمران کس طرح کی کرپشن میں ملوث ہیں اور انہوںنے ملکی دولت لوٹ کر کہاں کہاں استعمال کی اور کس ملک میں کتنی جائیدادیں بنائیں۔انہوںنے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے قائم کی گئی جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں حکمران صادق اور امین نہیں رہے اس لیے ان کا اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا جب حکمران ہی کرپشن میں ملوث ہوں تو عام شہری سے ایمانداری کی توقع کس طرح کی جاسکتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں یوتھ ونگ کے کارکنوں کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ جے آئی ٹی کی روشنی میں یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ قومی دولت کو بے دریغ لوٹا گیا وزیراعظم کے عہدوں کے دوران حکمران خاندان نے بیرون ملک کاروبار کیے اور جائیدادیں بنائی جبکہ یہ دولت بے نامی اکائونٹس سے ملک سے باہر بھیجی جاتی رہی جو کرپشن کی بدترین مثال ہے میں نہ مانوں کی پالیسی ملک کیلئے نقصان دہ ہے ۔ثبوتوں کے موجود ہوتے ہوئے اس رپورٹ کو غلط قرار دینا اور سپریم کورٹ میں جعلی دستیاویزات جمع کروانا بذات خود ایک سنگین جرم ہے اور عدالت کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے جو شریفوں کو زیب نہیں دیتا ۔سپریم کورٹ جعلی دستاویزات جمع کروانے پر بھی کارروائی کرے۔اور قومی لوٹی ہوئی دولت کو واپس پاکستان لاکر قرضوںکی ادائیگی کیلئے استعمال میں لایا جائے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔