گجرات (جی پی آئی) محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ کاوشیں قابل تحسین رہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی دن رات کاوشوں کی وجہ سے کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکورٹی امام بارگاہ کاظمیہ سید فیضان کاظمی اور سالار ماتمی سنگت شہزاد علی اکبر ، سید رخسار کاظمی نے مشترکہ بیان بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران امن وامان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہوتی ہے اور ضلعی انتظامیہ نے جس انداز میں محرم الحرام کے انتظامات مکمل کئے وہ قابل تحسین ہیں۔ جس کی وجہ سے کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سیکورٹی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ عزاداران کی سہولت کا بھی خیال رکھا جائے۔ اور ہم ہمیشہ کی طرح انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ سید فیضان کاظمی نے کہا کہ محرم الحرام منانا ہماری مذہبی ذمہ داری ہے اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ عزاداری حسین میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہیں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے جس انداز میں ہماری حفاظت کی ہم اس کیلئے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ انہوں نے ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ ‘ اے ڈی سی جی عرفان علی کاٹھیا’ ڈی پی او گجرات سہیل ظفر چٹھہ ‘ ڈی ایس پی سٹی عرفان سلہریا’ SHO لاری اڈا ‘ تھانہ اے ڈویژن’ شاہدولہ چوکی اور ٹی ایم اے خرم ترہنگی سمیت اہل علاقہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے محرم الحرام کے سلسلہ میں بھر پور تعاون کیا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی) امام بارگاہ سید فرزند علی شاہ کے جنرل سیکرٹری سید مظہر کاظمی کی خوشدامن رضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں۔ مرحومہ کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں جسوکی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ ضلع گجرات کی ممتاز شخصیات سید فیضان کاظمی’ سید رخسار کاظمی’ ہمایوں اقبال’ عبدالمنان بٹ’ سعید احمد’ حامد حسین گھمن’ محمد عرفان یوسف’ رزاق احمد غفاری ‘ و دیگر نے تعزیت کا اظہار کیا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی) غیر نصابی سرگرمیاں نہ صرف بچوں کی معلومات عامہ میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ انکو تعلیمی معاملات میں مزید ذوق و شوق اور دلچسپی کی جانب راغب کرتی ہے ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس شہزاد شفیق شرقپوری نے دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں بچوں کے تفریحی پروگرامز کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کو ہمیشہ یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ یہاں بچوں کی اخلاقی تربیت کے ساتھ ساتھ انکی کردار سازی بھی کی جاتی ہے۔ اور غیر نصابی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے طلبہ دنیا کے تمام علوم سے بہرہ مند ہوں اورانہیں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع میسر آئیں۔ اس سلسلہ میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اور بچوں کی بہترین صلاحیتوں کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ گزشتہ روز سکول میں بچوں کو مختلف جانوروں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے سلسلہ میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں کو پنجاب کا مشہور روایتی کھیل بندر اور بکرے کی لڑائی وغیرہ بھی دکھایا گیا۔ منگووال سے آنیوالے نوجوان محمد اشرف نے بچوں کو جانوروں کے بارے میں مختلف معلومات بھی فراہم کی جس کا مقصد یہ تھا کہ بے زبان اور عقل سے محروم جانور سیکھنے کے عمل میں انتہائی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ اور انسان اشرف المخلوقات ہے وہ تمام علوم پر دسترس حاصل کر سکتا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی) سٹیزن فرنٹ سٹی گجرات کے صدر شیخ عرفان پرویز نے امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر طارق سلیم کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ کے موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے خصوصی ملاقات کی۔ اور ملکی حالات بارے تبادلہ خیال کیا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی) سابق ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق’ لیاقت بلوچ ‘ حافظ محمد ادریس’ نوابزادہ غضنفر گل اور دیگر اہم شخصیات سے ڈاکٹر طارق سلیم کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ کے موقع پر ملاقات کے دوران ملکی صورتحال کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اور پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی نے سینیٹر سراج الحق سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ حسن محمود شاہ گجراتی بھی موجود تھے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی) ریٹرننگ آفیسر یونین کونسل نمبر 1 تا 6 ملک غضنفر علی اعوان نے اپنے آفس میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے سلسلہ میں امیدواروں کے کاغذات کی اور نا مکمل کاغذات اعتراضات لگائے گئے۔ اس موقع پر مخصوص نشستوں کے امیدواران اور نمائندگان عدالت میں موجود تھے۔ جانچ پڑتال کا یہ سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی) سرسید کی راہنمائی نے انیسویں صدی کے مسلمانوں کی علمی و تہذیبی زندگی میں ایک نئی روح پھونک دی۔ مسلمانوں کو دورجدید کے علمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے علمی اداروں کا قیام سرسید کا ایک ناقابل فراموش کارنامہ ہے۔ اکیسویں صدی میں بھی قوم کو علمی جدت سے آشنا کرنے کے لیے سرسید کے افکار ہمارے لیے چراغ راہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے مسلمانانِ برصغیر پاک وہند کے عظیم راہنما اور جدید علمی فکر کے بانی سرسید احمد خاں کے یوم ولادت پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے مزید کہا کہ دورحاضر میں علم و ٹیکنالوجی کا فروغ قوموں اورملتوںکی زندگی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ سرسید احمد خاں نے مسلمانوں میں علمی افلاس کو دور کرنے کے لیے مجتہدانہ کارنامہ سرانجام دیا۔ برصغیر میں اجتہاد اور روشن خیالی کی تحریک کو آگے بڑھانے میں سب سے مؤثر اور تاریخی کردار سرسید کا ہی نظر آتاہے۔ موجودہ پاکستان کو قومی سطح پر جن بحرانوں کا سامنا ہے ان بحرانوں کا حل تلاش کرنے میں فکر سرسید ہماری راہنمائی کر سکتی ہے۔ ہمیں قومی لحاظ سے آج اس امر کی شدید ضرورت ہے کہ ہم اپنے نظام تعلیم کو درست سمت اور پائیداربنیادوں پر استوار کرتے ہوئے نوجوان طلبہ کی نسل ِ نو کو اس قابل بنا دیں کہ وہ مستقبل قریب میں قومی قیادت کا فریضہ خلوص اور دیانتداری کے ساتھ سنبھالنے کے قابل ہو جائے۔ جامعہ گجرات اپنے طلبا و طالبات کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مختلف سماجی و علمی منصوبوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ان میں علمی تحقیق وجستجو کا ذوق و شوق پیدا کرنے میں کوشاں ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ خادم پنجاب رورل روڈ پروگرام کے چوتھے مرحلے کے تحت ضلع میں مختلف سڑکوںکی تعمیر پر 519ملین روپے خرچ کئے جائیں گے، روڈز ڈیپارٹمنٹ سٹی پیکج کے تحت سٹرکوں کی تعمیر کے منصوبہ پر کام تیز کرے، ضلع کی 6اہم شاہراہوں سے 2ہفتے میں تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ، ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایم پی اے میاں طارق محمود کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایم این ایز چوہدری جعفر اقبال، چوہدری عابد رضا، ایم پی ایز ملک حنیف اعوان، چوہدری شبیر احمد، حاجی عمران ظفر، نوابزادہ حیدر مہدی، چوہدری اشرف دیونہ، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنرز ذوالفقار علی باگڑی، آذبہ اعظم، ای ڈی او فنانس چوہدری اصغر، مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدری مبشر حسین حاجی ناصر محمود، رضا علی وڑائچ، ای ڈی اوز اور مختلف ترقیاتی محکموںکے ایگزیکٹو انجینئرز نے اجلاس میں شرکت کی۔ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ دیہی علاقوں کے مکینوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور زرعی اجناس کی کھیت سے منڈی تک رسائی آسان بنانے کیلئے حکومت پنجاب نے خادم پنجاب رورل روڈ پروگرام کا چوتھے فیز شروع کرنیکا فیصلہ کیا ہے ،ارکان اسمبلی کی مشاورت سے فوری طور پر منصوبہ جات کی نشاندہی کی جائے تاکہ انہیں منظوری کیلئے حکومت کو بھجوایا جاسکے۔ انہوںنے واضع کیا کہ منصوبہ جات بروقت مکمل نہ کرنیوالے ٹھیکیداروں سے ہرگز کوئی رعایت نہیں ہوگی اور ہدایت کی کہ ترقیاتی محکموں کے سربراہان ایسے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کر دیں۔ اجلاس میں گیپکو کی طرف سے ڈیمانڈ نوٹس جمع ہونے کے باوجود متعدد منصوبہ جات کیلئے بجلی کے کنکشن نہ لگائے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ چیف ایگزیکٹو گیپکو اور دیگر مجاز حکام کے نوٹس میں لانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ حکومت پنجاب سے سفارش کی گئی کہ واپڈا اور سوئی گیس کے ضلعی افسران کو بھی ڈسٹرکٹ کوآرڈینشن کمیٹی میں شامل کیا جائے۔ اجلاس میں روڈز ڈیپارٹمنٹ کے بعض منصوبہ جات میں نقائص کی نشاندہی کی جس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ۔ انہوںنے کہا کہ ضلع گجرات میں سکولوں کی خطرناک عمارتوں کی تعمیر کیلئے رواں سال 106ملین روپے خرچ کئے جائیں گے اس رقم سے 90ملین روپے منصوبہ جات کی انتظامی منظوری بھی دی جاچکی ہے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پر خصوصی توجہ سے سرکاری سکولوں کے نتائج میں واضع بہتری آئی ہے اور گذشتہ تعلیمی سال کے دوران سرکاری سکولوں کے نتائج 45فیصد سے بڑھ کر اس سال طلبہ و طالبات کی کامیابی کی شرح 80فیصد تک پہنچ گئے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ حکومت نے سکول کونسلز کیلئے بھاری فنڈز فراہم کئے ہیں ، ان کونسلز میں منتخب بلدیاتی نمائندوں اور اچھی شہرت کے حامل مخیرحضرات کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ڈی سی او نے ہدایت کی کہ ٹی ایم ایز اپنے زیر التوا منصوبہ جات تیزی سے مکمل کریں نیز تمام محکمہ جات کسی وجہ سے تاخیر کا شکار منصوبہ جات کی انتظامی منظوری ایک ہفتے میںیقینی بنائیں۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ دو ہفتے کے دوران پرانا جی ٹی روڈ، بھمبر روڈ، جلالپو رجٹاں روڈ، سرگودھا روڈ، لالہ موسیٰ سروس روڈ، ڈنگہ گجرات روڈ، ڈنگہ کھاریاں روڈ سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ کمیٹی کے چیئرمین میاں طارق محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے وژن کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ارکان اسمبلی اور تمام محکموں کو اجتماعی اور بھرپورکوششیں کرنا ہوں گی، ہر فرد اپنی ذمہ داری کا احساس کرے اور سرکاری فنڈز کو قوم کی امانت سمجھ کر اسکا درست استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوںنے ہدایت کی کہ بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور دیگر محکمہ جات منصوبہ جات بھرپور پلاننگ سے تیار کریں تاکہ ان سے زیادہ سے زیادہ افراد استفاد ہ کر سکیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی) معاشرے کی ترقی کیلئے دیگر شعبوں کی طرح علم و اد ب کے شعبہ کی ترقی کا بھی کلیدی کردار ہے، ضلعی حکومت فنون لطیفہ کی ترقی کیلئے علم و ادب سے وابستہ افرادکو بھرپو ر سہولیات اور موثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی ، ان خیالات کااظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے سٹڈی سرکل گجرات کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں منعقدہ ادبی نشست کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سٹڈی سرکل کے صدر پروفیسر خالد فیاض، سینئر نائب صدر پروفیسر بوعلی منور، جنرل سیکرٹری ایم ابو بکر فاروقی بھی موجود تھے جبکہ ادبی نشست کے شرکا ء نے اپنے مقالہ جات بھی پیش کئے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ضلع میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں انداز سے بہتری آئی ہے اسی طرح علم و ادب کے میدان میں ترقی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوںنے بتایا کہ ضلعی حکومت نے علم و ادب کے فروغ، علمی و ادبی مباحثوں کیلئے شہباز شریف پارک میں گجرات ٹی روم قائم کیا ہے جس کے ممبران کو چائے کافی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی اسی طرح ای لائبرئری کے ساتھ آرٹس کونسل ہال بنایا جائے گا جہاں سارا سال ثقافتی، علمی وادبی تقریبات جاری رہیں گی، گجرات کے اہل قلم کو پلیٹ فارم کی فراہمی کے ساتھ یہاں نیشنل لیو ل کا مشاعرہ بھی کرایا جائے گا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ مطالعہ کا شوق رکھنے والے افراد کیلئے لالہ موسیٰ میں موجود شہزاد لائبرئری کو اپ گریڈ کرنے کیلئے پچاس لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں مستقبل میں گجرات میںبھی اس نوعیت کے منصوبے پر کام کیا جائے گا تاکہ نئی نسل میں مطالعہ کے شعور کو فروغ دیا جاسکے۔ اس سے قبل ادبی نشست کے منتظمین نے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کو خوش آمدید کہا اور کتاب کا تحفہ پیش کیا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی) رسول اللہ ۖ وآل رسول ۖ سے محبت دنیا و آخرت میں کامیابی کی سند ہے ۔ نبی رحمت ۖ نے بارگاہ خدا وندی میں عرض کی کہ یا رب العالمین میری آل سے محبت کرنے والے سے تو بھی محبت کرنا ۔رسول اللہ ۖ کی بارگاہ میں مقبولیت کیلئے آل رسول ۖ سے مودت ضروری ہے ۔اہل بیت نبوت میں ہر بچہ نور علی نور ہے ۔عظمت اہل بیت کے ترانے تا قیامت گونجتے رہیں گے ۔ خاندانِ نبوت نے شجرِ اسلام کی آبیاری کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کیں ۔آج کردار امام حسین علیہ السلام کو روشناس کروا کر یزیدیت کو ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔اسلام کے تحفظ اور اپنی بقا کے لئے کربلا والوں کا درس دہرانے کی ضرورت ہے ۔ایمانِ کامل کے لئے خاندانِ نبی علیہ السلام سے وفا ضروری ہے ۔ نسل و نسب کی حلالی پہچان کے لئے محبتِ امام حسین علیہ السلام شرط ہے ۔خواجگان علی پور سیداں شریف کی خدمات تاریخ پاکستان میں سنہری حروف سے تحریر رہیں گے ۔ فروغ عشقِ مصطفےٰ ۖ تعلیمات اولیاء کا اولین نقطہ ہے ۔بزرگان دین اور مشاہیر اسلام خلق خدا کو محبت و کردار سے دربار مصطفےٰ ۖ کے ساتھ وابستہ کرتے رہے ۔ نسبت رسالت ۖ سے ہی مقامِ ولایت میں سر بلندی اور عروج آتا ہے ۔ان خیالات کا اظہارچیئرمین انٹرنیشنل مشائخ کونسل حضرت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت امیر ملت علی پور سیداں شریف نے آستانہ عالیہ حضرت امیر ملت علی پور سیداں شریف پر منعقدہ سالانہ ختم خواجگان علی پور سیداں و شہادت امام حسین کانفرنس اور موضع غوث پور ہ نزد کنجروڑ میں محفل ذکر امام حسین رضی اللہ عنہ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ختم خواجگان کی سرپرستی سربراہ آستانہ عالیہ حضرت امیر ملت علی پور سیداں شریف پیر سید خورشید حسین شاہ جماعتی نے کی۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی چیئرمین ادارہ تاجدار یمن پاکستان نے کہا کہ آلِ محمد ۖ کی محبت ذریعہ نجات اور بلندیٔ درجات کا سبب ہے ۔ عظمت اہل بیت قرآن و حدیث کا مرکزی عنوان ہے ۔امام حسین رضی اللہ عنہ نے میدان کربلا میں قربانی کی نئی تاریخ رقم فرمائی ۔ شہادتِ نواسۂ رسول ۖصبر و رضا ،استقامت و کرامت اور عبادت و بندگی کی عظیم داستان چھوڑ گئی جس سے ملتِ اسلامیہ تا حشر راہنمائی حاصل کر تی رہے گی ۔سخاوت آل محمد ۖ کا ذکرقرآن و حدیث میں کیا گیا ۔ عطائے اہلبیت سے دنیا و آخرت سنور جاتی ہے ۔ حضور اکرم ۖسید الکونین، حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ سید الاولیاء ،سیدہ فاطمة الزہراء رضی اللہ عنہا خواتین جنت کی سردار اور حسنین کریمین جنتی نوجوانوں کے سردار ہیں۔اس موقعہ پر پیر سید ماجد حسین شاہ جماعتی، خلیفہ محمد رفیق جماعتی آف سیالکوت، علامہ محمد انور نقشبندی، خلیفہ حکیم محمد عبدالجلیل جماعتی ،حافظ محمد عرفان اسلام اویسی، صاحبزادہ غلام رسول عرفانی، محمد عاصم بشیر اویسی، محمد محسن اویسی، حافظ محمد شفیق جماعتی، محمد عثمان گجراور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اولیاء اللہ اور امیر ملت کا فیضان ہے ۔حضرت امیر ملت نسبت کی وجہ سے مدینہ منورہ کے کتوں کی بھی قدر کرتے تھے۔ جو نسبت رسول ۖ سے بغاوت اختیار کرتا ہے وہ دنیا و آخرت میں رسوا ہو جاتا ہے ۔اس موقعہ پر دیگر نے بھی خطاب و ہدیہ نعت پیش کیا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی) چیف ایڈیٹرروزنامہ علاقہ منڈی بہاء ُالدین و جنرل سیکرٹری پریس کلب منڈی بہاء ُالدین خالد پرویزسندھو کے چچا میاں خاں سندھو کی وفات پرمعززین کااظہارتعزیت سابق وفاقی وزیرمملکت ورکن قومی اسمبلی ممتازاحمدتارڑ، محمدمنشاگوندل سابق ممبرضلع کونسل، امجدگوندل، راجہ محمدسرور، عبدل آسی ،آغاسلیم خان ، سہیل اکرام سندھو، طیب موسیٰ ، راجہ یاورنے مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی اورلواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعاکی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے طلباء کو مفت درسی کتب کی اشاعت میں محکمانہ تاخیر اور بروقت کتب کی تیاری نہ ہونے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔اپنی تحریک التوائے کار میں انہوںنے کہا کہ درسی کتب کی اشاعت میں محکمانہ تاخیر سے آئندہ سال بچوں کو مفت کتب نہیں مل سکیں گے کتب کی تیاری کا عمل اگست میں مکمل ہونا تھا جو تاحال مکمل نہ ہوسکا ۔بچوں کے تعلیمی مستقبل سے کھیلنے والے پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور تاخیر کے اسباب سے متعلق رپورٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کی جائے۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے والدین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب بھرسرکاری سکولوں میں میٹرک تک مفت درسی کتب کی فراہمی کا فیصلہ کیا تھا جب تک وہ برسراقتدار رہے طلباء کو غلطیوں سے پاک نصاب بروقت ملتا تھا موجودہ حکمرانوںنے سابق وزیراعلیٰ کے دیگر فلاحی منصوبوں کے ساتھ ساتھ بچوں کو مفت تعلیم کی فراہم کا منصوبہ بھی ختم کرنے کی ٹھان رکھی ہے ۔تاخیری ہتھکنڈے اس کا ایک ثبوت ہے ۔انہوںنے اپنی تحریک میں کہا کہ4کروڑ62لاکھ کتب کی اشاعت کے لیے اگست میں تیاریاں شروع ہوجانی چاہیے تھیں جو ابھی تک نہیں ہوسکیں انہوںنے کہا کہ پنجاب میں بیڈ گورننس کا سب سے زیادہ شکار شعبہ تعلیم ہے اس لیے حکومت کو اس کی طرف خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی) نیشنل کائونٹر ٹیرازم سنٹر پبی (کھاریاں) میں نیشنل انٹنٹگریڈ کورس اور خیبر پختونخواہ پولیس کی استعداد کار میں اضافے کے کورس کی مشترکہ پاسنگ آئوٹ سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی انسداد دہشت گردی کی تربیت کے حوالے سے عملی مظاہرہ کیا گیا جس میں انتہائی مطلوب ہدف کے خلاف کارروائی، مغویوں کی بازیابی اور دشمن اور دہشت گردوں کے مضبوط گڑھ کو فتح کرنا شامل تھا پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ ساتھ مختلف سیکورٹی اداروں نے اس تربیتی مظاہرے میں حصہ لیا لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی کمانڈر منگلا کور نے بتایا کہ اب تک 60 ہزار سے زائد لوگ دہشت گردی کی نذر ہو چکے ہیں انہی قربانیوں کا ہی نتیجہ ہے آج ہمیں اپنے ملک میں امن و امان اور ترقی کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ شہید کا رتبہ نہ صرف اللہ کے نزدیک بہت بلند ہے بلکہ پوری قوم شہداء کی ممنون ہے جو اپنا خون پاک سرزمین کی آبیاری اپنے خون سے کرتے ہیں اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے کورسز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو گولڈ میڈل پہنائے اور کہا کہ وطن عزیز پاکستان کے دفاع کے لئے اس تربیتی پروگرام کو خوب سراہتا ہوں اور تمام فورسز کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی بھی کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کو ختم کرنے میں نمایاں اور کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور کامیابیاں حاصل کر رہی ہے جس کا جیتا جاگتا ثبوت آپریشن ضرب عضب ہے انہوں نے نوجوانوں کو تاکید کی کہ پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے پیش نظر ملک کی ترقی میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں قوم متحد ہے جس کی وجہ سے آج ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہے تقریب میں سینئر فوجی اور سول حکام، فوجی افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔