گجرات(نمائندہ خصوصی) سابق ناظم ماچھیوال اور علاقہ کی سیاسی وسماجی شخصیت چوہدری اکبر علی چنڈالہ نے کہا ہے کہ جوپاک سرزمین اپنے جانباز شہیدوں کے مقدس لہوسے سیراب ہوتی ہو چند گمراہ دہشت گرد اس کاوجود نہیں مٹاسکتے۔ ہم مٹھی بھردہشت گردوں کوپاکستان میں قیام امن کاخواب چکناچورکرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔پاکستان مہذب دنیا کے ساتھ تعمیروترقی کی دوڑ میں شریک ہے ،ہمارے ملک عزیز میںامن وآشتی کاسورج ضرورطلوع ہوگا۔
پاکستان میں ریکارڈ بیرونی سرمایہ کاری سے پریشان ہونیوالی اندرونی وبیرونی قوتوں کوباآسانی شناخت کیا جاسکتا ہے ۔بدامنی کی آگ بجھانے کیلئے سیاسی قیادت کی ڈائریکشن اور سکیورٹی فورسز کے ایکشن بارے کوئی ابہام نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ائیرپورٹ پرجوکچھ ہواوہ انتہائی اندوہناک اور افسوسناک ہے تاہم عوام صبروتحمل کادامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ کراچی ائیرپورٹ پرحملے میں بیرونی ہاتھ کاملوث ہوناخارج ازامکان نہیں ،کراچی ائیرپورٹ پر حملے کاماسٹرمائنڈضروربے نقاب ہوگا۔
دہشت گرداوران کے سرپرست قانون کی نگاہوں سے نہ چھپ سکتے ہیں اورنہ دنیا کی کوئی طاقت انہیں انجام سے بچاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنے شہریوں اورقومی اثاثوں کی حفاظت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی ۔دہشت گردو ں کیخلاف مزاحمت کے دوران جام شہادت نوش کرنیوالے اہلکار قومی ہیروزہیں،ان کی قربانی ناقابل فراموش ہے۔