گجرات کی خبریں 02/02/2015

Gujrat

Gujrat

گجرات ( جی پی آئی ) سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور لنڈ پور میں گزشتہ دو سالوں سے سوئی گیس بندش کے خلاف سینکڑوں خواتین و حضرت کا احتجاجی مظاہرہ ہریہ والا چوک بند کر دی گئی ۔ ٹریفک جام ‘ محکمہ سوئی گیس اور ضلعی انتظامیہ کے مذاکرات کے بعد دھرنا ختم ‘ تفصیلات کے مطابق موضع لنڈ پور کی رہائشی خواتین نے مردوں کے ساتھ مل کر ہریہ والا چوک میں ٹریفک بند کر دی ‘ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ سوئی گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے ‘ ندیم عباس ملہی کی قیادت میں خواتین نے مظاہرہ کیا ‘ کئی گھنٹے روڈ بند رہا ‘ ڈی ایس پی ٹریفک میا ں سہیل فاضل ‘ ڈی ایس پی سی آئی اے غلام محمد ‘ ایس ایچ او تھانہ صدر فراسٹ چٹھہ موقعہ پر پہنچائیں اور مظاہرین سے مذاکرات کئے مظاہرین نے منتشر ہونے سے انکار کر دیا ‘ اور کہا کہ جب تک محکمہ سوئی گیس کے افسران موقع پر نہیں آئیں گے ‘ ہم مظاہرہ ختم نہیں کرینگے ۔ محکمہ سوئی گیس کے ریجنل ہیڈ نے موقع پر پہنچ کر مذاکرات کئے ‘ ایک ہفتے کا ٹائم پریڈ مانگا اور کہا کہ ہم فوری طور پر گیس کی فراہم کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ مذاکرات کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی ) جی پی آئی کا تعزیتی اجلاس زیر صدارت ڈاکٹر رزاق احمد غفاری منعقد ہوا ‘ جس میں پریس کلب گجرات کے طارق نذیر پاشا کی محترمہ کی وفات پر اُن سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ۔ اور دعا کی اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت میں اعلیٰ جگہ اور لواحقین کو صبر و جمیل عطا فرمائے ۔ اجلاس میں عامر چوہدری ‘ اخلاق محمود ‘ عرفان بٹ ‘ یاسر وریا و دیگر بھی موجود تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی) مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی صد ر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے کہا ہے کہ بجلی کا پورا بل دینے والوں پر قرض ادائیگی سرچار ج لگانا ” جگا ٹیکس ہے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی کی سزا عوام کو دینا چاہتی ہے عوام سے وصول شدہ بجلی کے بلوں کی اگر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ادا نہیں کی جارہی تو ہر ماہ بجلی بلوں سے اربوں روپے کی رقم کہاں جارہی ہے ؟ عوام کو آگاہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول پر ایک ماہ میں10فیصد ٹیکس بڑھانے کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ہیں اس لیے یہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہائوس میں شعبہ خواتین کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ پٹرول میں کمی کا فائدہ غریب آدمی کو نہیں ملا ۔پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے ریلیف عوام تک منتقل کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی ) ضلع بھر میں مساجد اور مدارس کی رجسٹریشن کا فوری طور پر آغاز کردیا گیا ہے غیر رجسٹرڈ مساجد اور مدارس کی انتظامیہ بلا تاخیر ڈی سی او آفس سے درخواست فارم حاصل کر کے رجسٹریشن کیلئے درخواست جمع کروائیں ۔ یہ فیصلہ ڈی او سی شجاع قطب بھٹی کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں ڈی او انٹرپرائزز اکرام الحق اور مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے مذہبی راہنمائوں نے شرکت کی ۔انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت اور ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایات کے مطابق تمام مساجد اور مدارس کی رجسٹریشن لازمی ہے جس کا فوری طور پر آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ رجسٹریشن فارم ڈی او انٹر پرائزز کے دفتر سے حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن نہ کروانے والے مساجد اور مدارس کی انتظامیہ کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) ہائوسنگ سوسائیٹز اور بلڈرز کی دنیا میں رئیل ڈیل ڈویلپرز کا ایک منفرد اور انقلابی قدم گجرات سے ہریہ والا چوک بائی پاس جی ٹی روڈ گجرات میں جدی ترین سہولیات سے آراستہ عرب ویو ہائوسنگ سوسائٹی کو متعارف کروادیا’ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں عرب ویو ہائوسنگ سوسائٹی کی لانچنگ تقریب منعقد ہوئی’ جس میں گجرات بھر سے پراپرٹی ڈیلرز اینڈ بلڈرز سمیت ہر مکتبہ فکر کی معززین نمائندہ شخصیات کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مہمانوں کا استقبال عرب ویو ہائوسنگ سوسائٹی کے ڈسٹری بیوٹرز خورشید بلڈرز کے چیف ایگزیکٹو مرزا اظہر حسین ‘ ملک رشید’ شہزاد مہدی و دیگر نے کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی مہر غفار احمد صدر انجمن سبزی منڈی آڑھتیاں لالہ موسیٰ تھے’ تقریب کو عرب ویو ہائوسنگ سوسائٹی اونرز ملک رشید اور شہزاد مہدی نے آرگنائز کیا تھا

‘ تقریب کے شرکاء کو شاندار اور پر تکلف عشائیہ دیا گیا’ افتتاحی تقریب میں پراپرٹی ڈیلرز اینڈ بلڈرز ایسوسی ایشن کے دونوں گروپوں اتحاد گروپ اور اتفاق گروپ کے عہدیداران و ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی’ نمایاں شرکاء میں صدر پراپرٹی ڈیلرز راجہ سکندر سینئر نائب صدر’ چوہدری اشتیاق حسین ‘چوہدری مصطفی گورائیہ’ شیخ محمد افضال’ اتحاد گروپ کے امیدوار برائے صدر مرزامنیر حسین’ جنرل سیکرٹری اتحاد گروپ ملک ظہیر عامر’ سینئر نائب صدر چوہدری بشیر (بابر بلڈرز)’ اتحاد گروپ کے دیگر ممبران شیخ رضوان سمیت دیگر کثیر تعداد نے شرکت کی’ مہمانوں کا استقبال عرب ویو ہائوسنگ سوسائٹی کے ڈسٹری بیوٹرز خورشید بلڈرز کے چیف ایگزیکٹو مرزا اظہر حسین’ ملک رشید’ شہزاد مہدی و دیگر نے کیا’ عرب ویو سوسائٹی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ملک رشید اور شہزاد مہدی نے کہا کہ آبادی کی آلودگی سے پاک تازہ آب و ہوا بہترین لوکیشن’ خوبصورت کارپٹڈ روڈز سمیت زندگی کی تمام ضروریات سے آراستہ ایک مکمل پر سکون رہائشی منصوبہ ہے’ جہاں رہنے والوں کا معیار زندگی اچھا اور منفرد ہوگا اور یہاں پر رہائش پذیر لوگ فخر کریں گے’ لانچنگ کی تقریب کے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہیں اور اپنا قیمتی وقت دینے پر تہہ دل سے مشکور ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی )اسسٹنٹ کمشنر میاں اقبال مظہر نے زائد نرخوں پر پٹرول فروخت کرنے والے ایک پٹرول پمپ مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا جبکہ پیمانہ پورا نہ ہونے پر پٹرول پمپ مالک اور اشیاء خورد و نوش 4دکانداروں پر جرمانے عائد کر دئیے ہیں ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے طارق پٹرولیم خوجیانوالی کی چیکنگ کی جہاں پٹرول 80روپے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا تھا ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے پٹرول پمپ مالک طارق محمود کے خلاف تھانہ کنجاہ میں مقدمہ درج کروا دیا اسی طرح شادیوال اور نواحی علاقوں میں چیکنگ کے دوران مقامی پٹرول پمپ کا پیمانہ چیک کیا جو پورا نہ تھا پمپ مالک عامر مشتاق پر 5ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ۔ اسی طرح اشیاء خورد و نوش مہنگے داموں فروخت کرنے پر یاسین ، حماد ، یونس ، عدیل کو فی کس 2ہزار روپے جبکہ میاں مدثر پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی ) ضلع میں گائے ، بھینسوں ، بھیڑ ، بکریوں اور گھروں میں پالی جانے والی مرغیوں کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اے ڈی سی فاروق رشید سندھو نے مہم کا افتتاح کیا۔پہلے روز 75129جانوروں کو ٹیکے لگائے گئے ۔افتتاح تقریب میں ڈائریکٹر لائیو سٹاک گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر غلام محمد گل نے مہمان خصوصی بریفنگ دی جبکہ اس موقع پر ای ڈی او زراعت فیصل ہارون، ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر طاہر عزیز ، مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدری تنویر گوندل ، چوہدری ظہور الٰہی ، چوہدری خرم بھی موجود تھے ۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر غلام محمد گل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خادم اعلیٰ پنجاب کے خصوصی پروگرام کے تحت سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق ، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی زیر نگرانی جانوروں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کی اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے گجرات کے علاوہ ملحقہ اضلاع ، سیالکوٹ ، گوجرانوالہ ، منڈی بہائوالدین اور جہلم کا عملہ تعینات کیا گیا ہے ۔ جس میں پانچ اضلاع کے ضلعی افسران ، 52وٹرنری افسران اور 218 وٹرنری اسسٹنٹ حصہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع گجرات میںاس مہم کے دوران پانچ لاکھ پچاس ہزار گائے اور بھینسوں ،2لاکھ چالیس ہزار بھیڑ ، بکریوں اور 2لاکھ 75ہزار مرغیوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جائیں گے جبکہ پانچوں اضلاع کی تشخیصی لیبارٹریوں کا عملہ گھر گھر جا کر جانوروں کی بیماریوں کی تشخیص کر رہا ہے اور ویکسینیشن کے ساتھ ساتھ محکمہ لائیو سٹاک کا تمام عملہ علاج معالجہ کی سہولت بھی مہیا کر رہا ہے

جبکہ جانوروں کے درست اعداد و شمار بھی مرتب کیے جا رہے ہیں ۔مہمان خصوصی ڈی سی فاروق رشید سندھو نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لائیو سٹاک کا شعبہ ملکی ترقی میں اہم کردار اور روزگار کے مواقع فراہم کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحت مند جانور مویشی پال حضرات کی خوشحالی کا باعث بنیں گے اس مقصد کے حصول کیلئے جانوروں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم نہایت اہمیت کی حامل ہے جس کی کامیابی کیلئے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور عملہ کو سخت محنت کی ضرورت ہے اسی طرح مویشی پال حضرات بھی اپنے جانوروں کی صحت اور تندرستی کیلئے بھرپور تعاون کرتے ہوئے جانوروں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگوائیں اس کیلئے ان سے کوئی فیس بھی وصول نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کی 100 فیصد کامیابی یقینی بنانے کیلئے سخت محنت کی جائے۔