ڈینگی سے بچائو کے لئے محکمہ صحت، ٹی ایم ایز الرٹ ہو جائیں۔ لیاقت علی چٹھہ
Posted on April 26, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز, گجرات
گجرات : ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ ڈینگی سے بچائو کے لئے محکمہ صحت ، ٹی ایم ایز الرٹ ہو جائیں۔ ضلع بھر میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں اورعوام الناس میں آگاہی کے لئے مہم چلائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کے لئے اقدامات کا جائز ہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ای ڈی سی فاروق رشید سندھو، ڈی او سی محمد احمد، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر سلطان، ڈی ایچ او ڈاکٹر عابد غوری، اسسٹنٹ کمشنرز افشاں رباب، پی ایس او ندیم بٹ، ٹی ایم اوز، روٹر ی کلب کے نمائندہ اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ جن پلاٹس میں کوڑا کرکٹ جمع ہے یا جہاں پانی کھڑا ہے انکی فہرست بناکر ٹی ایم ایز کو دی جائے جو بلا تاخیر وہاں سے پانی ختم اور صفائی یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے عوام الناس کو ہدایت کی کہ تین دن میں اپنے خالی پلاٹس کی صفائی کر وا لیں اور ا ن میں کھڑا پانی ختم کیا جائے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ز ایسا نہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کے مجاز ہوں گے۔ ڈی سی او نے کہا کہ گذشتہ برس جن مقامات سے ڈینگی کا لاورا ملا تھا ان علاقوں کے رہائشوں سے میٹنگز کی جائیں اور اس خطرناک مچھر سے بچائو اور تدارک کیلئے انہیں آگاہی فراہم کی جائے۔ ڈی سی او نے ٹی ایم ایز کو ہدایت کی جن مقامات کی صفائی کی جائے ان کے قریبی رہائشی افراد کے فون نمبر ز حاصل کئے جائیں تاکہ وہ خود بھی ان نمبرز کے ذریعے عوام الناس سے رابطہ کرکے انتظامیہ کے اقدامات بارے معلومات حاصل کر سکیں۔
ڈی سی او نے کہا کہ تمام سرکار ی اور غیر سرکاری ھسپتالوں اور لیبارٹریوںمیں ڈینگی سے متعلق فلیکس آویزاں کیے جائیںکہ یہاں ڈینگی ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے ۔اور اس کی فیس 90 روپے رکھی جا ئے۔ڈی سی او نے ای ڈی او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز، تحصیل ہیڈ کوارٹرز، رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت میں ڈینگی سے آگاہی کیلئے بینرز اور فلیکس لگائے جائیں، ڈینگی وارڈز میں تما م تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، یہاں تشخیص کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں اور تربیت یافتہ عملہ کو الرٹ رکھا جائے۔ا نہوں نے ای ڈی او ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ دو دن میں تمام سرکاری اور غیر سرکاری سکولوں میں گیٹ کے باہر اور اسمبلی والی جگہوں پر ڈینگی سے آگاہی کے لئے بینرز یا فلیکس لگوائیں۔ ڈی سی او نے ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ خراب ٹائروں کو تلف کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں اور ٹائروں کی دوکانوں میں موجود پرانے ٹائروں کی شریڈنگ کروائیں ۔ انہوں نے واضع کیا کہ ڈینگی کے تدارک اور اس سے بچائو کے لئے حکومت پوری طرح متحرک ہے تمام ادارے اور افسران اس مقصدر کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com