گجرات (جیوڈیسک) فرضی قبر میں لیٹ کر دکھاوے کا چلہ کاٹنے والے شخص کو پولیس نے قبر سے نکال کر گرفتار کر لیا۔
گجرات کے نواحی گاؤں دریا کا رہائشی محمد افضال گزشتہ شب چھ بجے ڈھولوں کی تھاپ پر کراچی میں مقیم اپنے پیر مرشد کے حکم پر زندہ قبر میں لیٹ کر چلہ کاٹ رہا تھا جسے تین گھنٹے کے بعد قبرکو اوپر سے مٹی ڈال کر بند کر دیا جہاں اُس کے سانس لینے کے لئے دو سے تین سوراخ رکھ دیئے گئے اور محمد افضال کو موبائل سگریٹ بھی قبر میں فراہم کر دیئے گئے جو اپنے مرشد سے موبائل پر ہدایات لیتا رہا اور پھر چلہ پورا کرنے کی کوشش کرتا رہا۔
اہل علاقہ کی اطلاع پر کنجاہ پولیس نے چھاپہ مار کر محنت کش افضال کو زندہ قبر سے بازیاب کرکے گرفتار کر لیا جبکہ محمد افضال کے والد غلام حسین اور گاﺅں میں مقیم خلیفہ منیر احمد ساکن دریا کو بھی حراست میں لے لیا۔