گجرات (جیوڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی نئی آنے والی فلم ’’رئیس‘‘ کی گجرات میں جاری شوٹنگ وشواہندو پریشد کے احتجاج کے باعث روک دی گئی ہے۔
جی ہاں شاہ رخ خان نے بھارت میں بڑھتی ہوئی ہندو انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خلاف آواز کیا بلند کی،انتہا پسند ہندو تنظیموں نے گویا ان کے خلاف محاذ ہی کھول دیا۔ انہیں نہ صرف ملک دشمن قرار دیا گیا بلکہ ان کی فلم ’’دل والے‘‘ کے بائیکاٹ کی مہم چلائی گئی جس کے بعد انہیں معافی مانگتے ہوئے اپنا بیان واپس لینا پڑا۔
اب کنگ خان کی نئی آنے والی فلم ’’رئیس‘‘ کے لیے بھی مشکلات پیدا کی جارہی ہیں۔ انتہا پسند جماعت وشواہندو پریشد کی جانب سے شاہ رخ خان اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی فلم ’’رئیس‘‘ کی بھارتی گجرات میں شوٹنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ مظاہرین نے شاہ رخ خان کی تصویر والے پوسٹرز نذر آتش کرتے ہوئے ان کی شوٹنگ کی اجازت منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا جس کے باعث فلم کی شوٹنگ روک دی گئی۔