گجرات (پریس ریلیز) خانقاہ نیک آباد مراڑیاں شریف گجرات میں عظیم الشان شہادت کربلا کانفرنس و عرس مبارک قطب الاولیاء حضرت خواجہ پیر محمد اسلم قادری رحمة اللہ علیہ کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔ ہزاروں حضرات و خواتین نے شریک ہو کر فیوض وبرکات حاصل کئے۔ تقریبات کی صدارت مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد اشرف القادری اور سرپرستی پیشوائے اہلسنت پیر محمد افضل قادری نے کی۔ جبکہ ممتاز علماء اسلام اور مشائخ عظام نے خطابات کئے اور نواسہ رسول، فرزند بتول، امام عالی مقام حضرت امام حسین اور دیگر شہداء کربلا رضوان اللہ علیہم اجمعین کے فضائل مناقب اور شہادتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ علماء اسلام نے کہا کہ امام عالی مقام سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ نے قرآن وسنت کی بالا دستی کیلئے کربلا کے مقام پر عظیم تاریخ رقم فرمائی۔ واقعہ کربلا صبح قیامت تک مشعل نور اور صبر واستقامت کی عظیم مثال ہے۔ محبت امام پاک کا تقاضا ہے کہ مسلمان اپنا کردار اچھا کریں اور تقوی وطہارت اختیار کریں۔ مقررین نے کہا کہ مملکت خدا داد پاکستان کے استحکام وسلامتی کیلئے ضروری ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں رحمة للعالمین ۖ کا نظام مصطفی نافذ کیا جائے۔ دہشت گردوں کی انتہا پسندی اور لادینیت وفحاشی پھیلانے والوں کی انتہاء پسندی دونوں کی مذمت کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ تحفظ ناموس رسالتۖ، حرمت آل واصحاب اور تحفظ پاکستان کیلئے قوم متحد ہے۔ اس موقع پر صاحب عرس قطب الاولیاء حضرت خواجہ پیر محمد اسلم قادری کی دینی وروحانی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ ان کی زندگی زہدوعبادت ، اطاعت خدا، عشق مصطفی، محبت آل واصحاب ومحبت غوث اعظم اور بے مثال دینی وروحانی خدمات سے عبارت ہے۔ آپکی قائم کردہ درسگاہ جامعہ قادریہ عالمیہ کے ہزاروں فارغ التحصیل علماء وعالمات دنیا بھر میں شاندار دینی خدمات انجام دے رہے ہیں اور دنیا بھر میں سینکڑوں شاخیں قائم ہوچکی ہیں۔ جبکہ انکے ہاتھوں ان گنت کرامات ظاہر ہوئیں اور ہزاروں لاکھوں لوگ انکے علمی وروحانی فیض سے مستفید ہوئے۔ علامہ قیصر قادری، شعبہ نشر واشاعت