گجرات کی خبریں 11.7.2013

ملک بھر کی طرح گجرات میں بھی رمضان دستر خوانوں کا قیام عمل میں آ گیا

گجرات (جی پی آئی) ملک بھر کی طرح گجرات میں بھی رمضان دستر خوانوں کا قیام عمل میں آ گیا، ممتاز تاجر راہنما صدر انجمن تاجران خان بہادر پلازہ سیٹھ جاوید اقبال صراف کی کوششوں سے خان بہادر پلازہ میں رمضان دستر خوان قائم کیا گیا ہے، جس میں سینکڑوں روزہ داران کی افطاری کا انتظام کیا گیا ہے، سیٹھ علی اصغر، سیٹھ علی عابد، سیٹھ علی اکبر ان کی خدمت کرنے کیلئے کوشاں ہیں، سید علی اصغر نے بتایا کہ ہر سال رمضان المبارک کے دوران، خان بہادر پلازہ میں رمضان دستر خوان قائم کیا جاتا ہے تا کہ سفید پوش افراد کیلئے افطاری کا بندوبست ہو سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممتاز کاروباری شخصیت طارق سلامت صراف نے ڈی سی او گجرات آصف بلال لودھی سے ملاقات کی
گجرات(جی پی آئی)ممتاز کاروباری شخصیت طارق سلامت صراف نے ڈی سی او گجرات آصف بلال لودھی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران مختلف موضوعات پر گفتگو کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلع گجرات میں لگائے گئے رمضان سستا بازاروںمیں مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہیں
گجرات(جی پی آئی)ضلع گجرات میں لگائے گئے رمضان سستا بازاروںمیں مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہیں، سبزیاں اور فروٹ ناقص فروخت ہو رہے ہیں، عوامی حلقوں نے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ڈی سی او گجرات سے اپیل کی ہے کہ وہ تازہ سبزیاں و فروٹ کی فراہمی کو یقینی بنائیں تا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں لوگوں کو سہولت مل سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
این جی اوز اپنی مدد آپ کے تحت سماجی شعبے میں قابل تعریف خدمات سرانجام دے رہی ہیں:ڈی سی او آصف بلال لودھی
گجرات(جی پی آئی)ڈی سی او آصف بلال لودھی نے کہا ہے کہ این جی اوز اپنی مدد آپ کے تحت سماجی شعبے میں قابل تعریف خدمات سرانجام دے رہی ہیں تاہم خدمات میں مزید بہتری کے لئے انہیں اپنی ترجیحات کا تعین کر نا چاہیے تاکہ وہ معاشرے کے لئے زیادہ موثر انداز سے کام کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام این جی اوز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ چوہدری محمد نواز، ڈی او سوشل ویلفئیر محمد ارشد، ضلعی صدر این جی اوز کورآڈینیشن کونسل جاوید بٹ، ڈاکٹر اعجاز بشیرودیگر نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ ای ڈی اوہیلتھ ڈاکٹر خالد فیاض، صدر انجمن بہبودی مریضاں میاں اعجاز احمد، منور کھوکھر، خادم علی خادم اور دیگر افسران اور این جی اوز سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔ڈی سی او نے کہا کہ این جی اوز پندرہ روز میںصحت، تعلیم سمیت اپنی ترجیحات کا فیصلہ کر کے سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ کر دیں جس کی روشنی میں حکومت اور انتظامیہ عوام کی بہتری کے لئے انکی خدمات سے استفاد ہ کر سکے گی۔آصف بلال لودھی نے این جی اوز کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ ماہ رمضان میں رمضان دستر خوان کے انعقاد، راشن کی تقسیم سیمت دیگر ذرائع سے غریبوں کی امداد کے لئے حکومت کا ہاتھ بٹائیں تاکہ ایسے افراد کو بھی عید کی خوشیوں میںشامل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ این جی اوز عوام الناس میں ڈینگی اور خسرے سے آگاہی کے لئے بھی حکومت اور انتظامیہ کا ساتھ دیں۔انہوں نے واضع کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے آنیوالے این جی اوز عہدے داروں کے لئے انکے دروازے کھلے ہیں۔ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ چوہدری محمد نواز نے کہا کہ رضا کاریت کا عمل ابتدائے انسانیت سے چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گجرات میں رجسٹرڈ این جی اوز نے قدرتی آفات سمیت ہر موقع پر بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے۔ ضلعی صدر این جی اوز کو آرڈینیشن کونسل جاوید بٹ نے این جی اوز نمائندوں پر زور دیا کہ وہ خدمت خلق کے لئے ہر وقت تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گجرات کی این جی اوز نے اس ضمن میںہمیشہ حکومت اور انتظامیہ کی معاونت کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محکمہ سوئی گیس گجرات کی شہری حدود میں واقع 37 سی این جی اسٹیشنز کے گیس کے میٹرز اتار کر قبضہ میں لے لیے ہیں
گجرات (جی پی آئی) محکمہ سوئی گیس گجرات نے اوگرا حکام کی ہدایات پر گجرات کی شہری حدود میں واقع 37 سی این جی اسٹیشنز کے گیس کے میٹرز اتار کر قبضہ میں لے لیے ہیں میٹر اترنے کے بعد سی این جی مالکان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے مذکورہ سی این جی اسٹیشنز بند ہونے سے ٹرانسپورٹروں اور شہریوں کو گیس کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے سینکڑوں گاڑیاں جو کہ گیس پر چلتی تھیں وہ بند ہو گئی ہیں دوسری طرف سی این جی مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت نے شہری حدود میں سی این جی اسٹیشنز بند کر کے ہمارے ساتھ ظلم کیا ہے ایک طرف حکومت اور اس کے ماتحت ادارے سی این جی اسٹیشنز کے این او سی جاری کرتے ہیں اور دوسری طرف حکومت انہیں بند کرنے کے احکامات جاری کر دیتی ہے گجرات شہر میں بند ہونے والے سی این جی اسٹیشنز پر کام کرنے والے سینکڑوں مزدور بیروزگار ہو کر حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں یاد رہے کہ اوگرا کی جانب سے بند کئے جانے والے 37 سی این جی اسٹیشنز شہری آبادی میں قائم تھے جو کسی وقت بھی کسی بڑے حادثہ کا سبب بن سکتے تھے محکمہ سوئی گیس نے تمام سی این جی اسٹیشنز کے میٹر قبضہ میں لے کر اوگرا کو رپورٹ بھجوا دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رمضان المبارک شروع ہوتے ہی ذخیرہ اندوزوں نے کمر کس لی
گجرات (جی پی آئی ) رمضان المبارک شروع ہوتے ہی ذخیرہ اندوزوں نے کمر کس لی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں از خود اضافہ کر کے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا رمضان المبارک سے ایک دن قبل مرغی کے گوشت کی قیمت 230 روپے فی کلو گرام تھی جبکہ رمضان شروع ہوتے ہی قیمت 30 روپے فی کلو گرام اضافہ کے ساتھ 260 روپے کر دی گئی اسی طرح سبزیوں پھلوں دودھ دہی کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کرنے لگی اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی ان کالے چوروں کے خلاف کارروائی کرنے سے قاصر نظر آ رہی ہیں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے لگائے گئے سستے رمضان بازار دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں رمضان بازاروں میں فروخت ہونے والی ناقص اور غیر معیاری اشیاء کی قیمتیں زائد وصول کی جا رہی ہیں جس سے شہری سخت پریشانی میں مبتلا ہیں اس سلسلہ میں ڈی سی او گجرات اور عوامی نمائندے ان ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آبادی کا تیزی سے بڑھنا پاکستان کا ایک بہت بڑا مسئلہ
گجرات (جی پی آئی ) آبادی کا تیزی سے بڑھنا پاکستان کا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ آبادی کی خطرناک حد تک نمو ملک کی ترقی پر برے اثرات ڈالتی ہے۔ معاشرہ میں مختلف قسم کے جرائم اور تشدد میں اضافہ ہوتا ہے۔ اگر آبادی حد سے زیادہ برھ جائے تو ملکی وسائل خطرناک طور پر کم پڑ جاتے ہیں۔ ساری دنیا میں 11 جولائی کو آبادی کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس سال آبادی کے عالمی دن کی تھیم کم عمری کی شادی اور اس سے پیدا ہونے مسائل ہیں۔ دنیا کے مختلف معاشروں میں لڑکپن کی شادیاں عام ہیں حالانکہ یہ بات قانوناً ممنوع ہے۔ خوش قسمتی سے پاکستانی معاشرہ میں لڑکپن کی شادیوں کی شرح نسبتاً بہت کم ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں لڑکیوں کا تعلیم حاصل کرنا عام ہو گیا ہے۔ لڑکیوں کے تعلیم حاصل کرنے سے ہمارے معاشرہ میں مثبت تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین نے سنٹر برائے پاپولیشن، اربن اور ماحولیاتی سٹڈیز اور شعبہ سوشیالوجی و شعبہ سائیکالوجی کے اشتراک سے ورلڈ پاپولیشن ڈے کے موقع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانون نسل کو صحت بارے آگاہی مہیا کرنا حکومت اور معاشرہ کا اولین وفرض ہے ۔ لڑکپن اور کم عمری کی شادی کی وجہ سے کئی مسائل جنم لیتے ہیں۔ ترقی پذیر ممالک میں لڑکپن کی شادیاں عام ہیں۔ نوجوان نسل ہمارا قیمتی سرمایہ ہے اور ان کی بہترین انداز میں راہنمائی ہمارا فرض ہے۔ پاکستان اس وقت آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا سب سے بڑا ملک ہے۔ اگر آج بھی ہم نے آبادی کے مسئلہ پر سنجیدگی سے غور نہ کیا تو بڑھتی ہوئی آبادی مستقبل میں ملکی ترقی کے لیے شدید خطرات کا باعث بنے گی۔ پرنسپل نواز شریف میڈیکل کالج ڈاکٹر سجاد حسین نے اس موقع پر کہا کہ آبادی پر قابو پانے کے لیے صحیح اعداد و شمار کی ضرورت ہے۔ ہمارے ملک میں اعداد و شمار کو صحیح طریقہ سے استعمال نہیں کیا جا رہا۔ اعداد و شمار کو پالیسی سازی کے لیے صحیح طریقہ سے استعمال کرنا بہت ضروری ہے ۔ تاکہ بہتر نتائج برآمد ہو سکیں۔ جہاں تک کم عمری کی شادی کا تعلق ہے تو اس کے لیے والدین کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت بھی بہت ضروری ہے ۔ حضرت علی کے قول کے مطابق اپنی اولاد کی پرورش اس طریقہ پر مت کرو جس طریقہ پر تمہاری ہوئی ۔ مطلب یہ کہ نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت زمانہ کے حالات کے مطابق کی جانی چاہئے۔ شعبہ سائیکالوجی کی صدر شعبہ ڈاکٹر بشریٰ اکرم نے کم عمری کی شادی اور دماغی صحت کے موضوع پر ایک تفصیلی تعارف پیش کیا جبکہ شعبہ سائیکالوجی ہی کے پروفیسر ڈاکٹر گلزار احمد نے آبادی کے عالمی دن کے حوالہ سے کم عمری کی شادی کے جسمانی و نفسیاتی تناظر کے موضوع پر سلائیڈز کی مدد سے سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہاکہ کم عمر لڑکیوں کی شادی اور ان کی زچگی ایک غیر فطری بات ہے اور اس سے کئی جسمانی و نفسیاتی مسائل جنم لیتے ہیں ۔ لڑکپن عمر کا ایک ایسا دور ہے جب لڑکیوں کی جسمانی، جذباتی و ذہنی نشوونما ہو رہی ہوتی ہے اس پر مستزاد کہ ان پر عمر کے اس نازک دور میں بچے پیدا کرنے کا بوجھ ڈال دیا جائے۔ ڈائریکٹر سوشل سائنسز ڈاکٹر فریش اﷲیوسفزئی نے سیمینار کے اختتام پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ سیمینار کی نظامت کے فرائض سنٹر برائے پاپولیشن، اربن و ماحولیاتی اسٹڈیز کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر فوزیہ مقصود نے سر انجام دیئے اور اپنی علمی گفتگو کے ذریعے سامعین کو وقفہ وقفہ سے دنیا کے آبادیاتی اعداد و شمار بارے قابل قدر اطلاعات بہم پہنچائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن کے رہنما سیف الرحمن بھٹی نے ڈی پی او گجرات سید علی ناصر رضوی کو جی ٹی ایف کے قیام پر مبارکباد پیش کی
گجرات (جی پی آئی) مسلم لیگ ن کے رہنما سیف الرحمن بھٹی ایڈووکیٹ نے ڈی پی او گجرات سید علی ناصر رضوی کو جی ٹی ایف کے قیام پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گجرات ٹائیگر فورس کا قیام ڈی پی او کا عظیم کارنامہ ہے گجرات ٹائیگر فورس کے ذریعے شہریوں کو بھرپور ریلیف ملے گا اور جرائم میں کمی واقع ہو گی انہوں نے کہا کہ ڈی پی او گجرات سید علی ناصر رضوی محنتی اور باصلاحیت پولیس آفیسر ہیں اور وہ گجرات کے عوام کیلئے کچھ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم ڈی پی او گجرات کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں اور ان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں سیف الرحمن بھٹی نے مزید کہا کہ جی ٹی ایف سے جرائم کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میاں عمران مسعود نے رانا عبدالرزاق کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا
گجرات (جی پی آئی ) سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے سابق کونسلر بلدیہ یو سی 49 اور سینئر نائب صدر یوتھ ونگ سٹی گجرات رانا عبدالرزاق کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
DPOگجرات کی ہدائیت پر گجرات پولیس نے ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائی کی
گجرات (جی پی آئی)DPOگجرات کی ہدائیت پر گجرات پولیس نے ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مندرجہ ذیل ملزما ن کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے ۔تھانہ صدر گجرات پولیس نے دوران انٹیروگیشن ملزم (١) سجاد احمد عرف شاد ولد فیاض احمد قوم کھوکھر سکنہ گورالی سے رائفل 12بور اور ملزم (٢) نوید احمد عرف ننھا سکنہ گورالی سے پسٹل 30بور برآمد کرلیا ۔تھانہ دولت نگر پولیس نے ملزم زاہد الیاس سکنہ باشنہ سے پسٹل 30بور معہ 40ضرب روند برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا ۔تھانہ کنجاہ پولیس نے دوران ناکہ بندی ملزم غلام عباس ولد غلام رسول قوم گوندل سکنہ منڈی بہائوالدین سے رائفل پمپ ایکشن معہ 6ضرب کارتوس برآمد کرلئے جبکہ ملزم (٢) معظم علی ولد محمد طفیل قوم مغل سکنہ فتح پور گجرات کو نشہ شراب کی حالت میں غل غباڑہ کرتے ہو ئے گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔