گجرات کی خبریں 1/11/2013

سینئر صحافی و نمائندہ سچ ٹی وی چینل ضیاء سید دورہ یورپ کے دوران فرانس پہنچ گئے ہیں
گجرات (جی پی آئی)سینئر صحافی و نمائندہ سچ ٹی وی چینل ضیاء سید دورہ یورپ کے دوران فرانس پہنچ گئے ہیں ، وہاں پر ان کا استقبال دوست احباب نے کیا ، وہ اپنے دورہ کے دوران مختلف سیاسی ، سماجی تنظیموں کے عہدیداران سے ملاقاتیں بھی کرینگے ، فرانس پہنچنے پر سینئر صحافی زمان احمد بٹ نے ان کے اعزاز میں گرینڈ ڈنر کا اہتمام بھی کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات میں قرآن مجید اور مقدس اوراق جلانے کے سانحہ کے خلاف تنظیم اہلسنت کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ ہوا
گجرات (جی پی آئی)گجرات میں قرآن مجید اور دیگر مقدس اوراق جلانے کے سانحہ کے خلاف تنظیم اہلسنت کے زیر اہتمام جی ٹی ایس چوک میں زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوا ، جس میں بڑی تعداد میں علماء و مشائخ اور ہر شعبہ زندگی کے عوام نے شرکت کی ، تنظیم اہلسنت کے مرکزی امیر پیشوائے اہلسنت پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ قرآن مجید کے مقدس اوراق کو کوڑے کچرے کے مقام پر جلا کر امت مسلمہ کے جذبات کو شدید مجروح اور کتاب اللہ کی انتہائی توہین کی گئی ہے ، اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، انہوں نے کہا کہ توہین قرآن کا جرم سب فقہا ء اسلام کے نزدیک درجہ کفر کا گناہ ہے ، جبکہ قرآن مجید سورہ اجزاب آیت نمبر 57میں ارشاد باری تعالیٰ ہے ” بیشک جو لوگ اللہ اور اسکے رسول کو ایذا پہنچاتے ہیں ان پر دنیا و آخرت میں لعنت ہے اور ان کیلئے رسوائی والا عذاب ہے تیار کر رکھا ہے ” اور سورہ حج میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ ” جو اللہ کی نشانیوں کی تعظیم کرے تو یہ تعظیم دلوں کے تقویٰ کی وجہ سے ہے ” پیر محمد افضل قادری نے انتظامیہ گجرات سے مطالبہ کیا کہ تمام ذمہ داران کے خلاف بلا تفریق سخت ترین کاروائی کی جائے ، اور مجرموں کو کیفر کر دار تک پہنچایا جائے ، علماء نے کہا کہ جو لوگ قرآن مجید کے آدب سے ناآشنا ہیں ، انہیں مسلمان بچوں کو تعلیم دینے کا کوئی حق نہیں ، ایسے سکولوں اور اداروں پر پابندی لگائی جائے ۔ مقررین نے تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ قرآن مجید اور دیگر مقدس اوراق حتیٰ کہ اخبارات کو محفوظ کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں ، اور حکیم مشتاق احمد قادری اور ان کی ٹیم کی طرح ” قرآن محل ” بنا کر مقدس اوراق کو محفوظ کریں یا پھر قبر کی طرح لحد تیار کر کے قرآن مجید اور مقدس اوراق دفن کئے جائیں یا پھر کم از کم دریاء میں ادب کیساتھ پانی کے سپرد کر دئیے جائیں ۔ علماء نے کہا کہ گلیوں اور سڑکوں پر میلاد اور دیگر جلسوں کے اشتہار اس طرح لگانا کہ بعد میں وہ نالیوں راستوں میں گرتے رہیں ، اس روش کو بھی بدلا جائے اور اللہ تعالیٰ اور اسکے رسول اکرم ۖ سے ڈرتے ہوئے آیات مبارکہ، احادیث طیبہ اور اسماء مقدسہ کی بے ادبی سے پرہیز اور ان کو محفوظ کرنے کا بندوبست کیا جائے ، اس موقع پر پیر جواد الرحمن نظامی ، مولانا شاہد چشتی ، مولانا خادم حسین ، علامہ راشد تنویر ، پیر اختر حسین اویسی ، مولانا حکیم انصر ، مولانا مختار سعیدی ، علامہ تلاوت خان ، علامہ قیصر قادری ، قاری خالد قادری ، الیاس زکی ، شبیر ساہی ، قاری نذیر احمد ، مولانا وحید بیگ ، علامہ عصمت اللہ ، پروفیسر ابرار قادری و دیگر شریک تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

شیعہ ایکشن کمیٹی ضلع گجرات کے زیر اہتمام لبیک یا حسین ریلی امام بارگاہ حسینیہ سے نکالی گئی
گجرات (جی پی آئی)شیعہ ایکشن کمیٹی ضلع گجرات کے زیر اہتمام لبیک یا حسین ریلی امام بارگاہ حسینیہ سے نکالی گئی ، ضلع گجرات کے زیر اہتمام مجالس لائسنس ہولڈرز، صدر و انجمن ہائے ، علماء کرام ، ذاکرین عظام ، تمام ماتمی سنگتوں کے علاوہ کثیر تعداد مومنین کی شرکت تھی ، ریلی امام بارگاہ حسینیہ سے مچھلی چوک ، شیشہ والا چوک اور حسن چوک سے ہوتی ہوئی کچہری چوک میں جلسے کی شکل اختیار کر گئی ، ریلی کے دوران استقبال محرم الحرام کے سلسلہ میں لبیک یا حسین کی صدائیں گونجتی رہیں ، ہر عزادار نے عہد کیا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی محرم الحرام پہلے سے زیادہ پر جوش انداز میں منایا جائے گا ، ریلی کی قیادت چوہدری منظور حسین وڑائچ ، حسن علی ، سید محبوب شاہ ، سید علمدار حسین شاہ ، سید ناصر حسین شاہ ، سید رضی شاہ ، زلفی شاہ ، حاجی چوہدری انور ، سید سرفراز حسین جعفری ،سید الطاف عباس کاظمی ، علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی ، علامہ سید آغا مبارک علی موسوی ، مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزا داری سید الشہداء سے ہر دور کے ظالموں کی مخالفت اور مظلوم کی حمایت کا درس دیتا ہے ، ضلع گجرا ت میں ہونے والے جلوس و مجلس عزاء میں شرکت کرنے والے عاشقانِ حسین کو تحفظ فراہم کرنا حکومت اور ریاست کی اولین ذمہ داری ہے ، کربلا ہر دور کے لئے مینار نور ہے ، مقررین نے شہدائے جسوکی کی عظمت کو سلام پیش کیا اور کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے ، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری ریلی کے ہمراہ تھی ، مومنین نے ایکشن کمیٹی کو عزاداری کے مسائل سے آگاہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے فنانس سیکرٹری راجہ محمد اعجاز کے والد محترم کا ختم قل آج پڑھا جائیگا
گجرات (جی پی آئی)سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے فنانس سیکرٹری راجہ محمد اعجاز اور ممتاز کاروباری شخصیت راجہ غلام مرتضیٰ آف آٹو ٹیک کے والد محترم صوفی محمد الیاس مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے ختم قل آج 2نومبر 2013بروز ہفتہ صبح دس بجے ان کی رہائشگاہ راجہ ہائوس بالمقابل الخدمت ہسپتال تیمور چوک جیل روڈ گجرات میں پڑھا جائیگا ، نقابت کے فرائض شہنشاہ نقابت خاور بشیر بٹ گولڑوی سرانجام دینگے ، تلاوت قرآن پاک کا شرف فخر القراء قاری لیاقت منیر نقشبندی حاصل کرینگے ، جبکہ ممتاز ثنا خوان سید دلدار حسین شاہ اور مرزا اکبر بیگ برلاس ہدیہ نعت پیش کرینگے ، تلاوت و نعت کے بعد ممتاز مذہبی سکالر حضرت علامہ صاحبزادہ ظہیر الدین معظمی پرنسپل قمر العلوم گجرات خصوصی خطاب فرمائیں گئے ، جبکہ پیر طریقت رہبر شریعت صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان ٹھیک گیارہ بجے اجتماعی دعا کرینگے ، ایصال ثواب کی محفل پاک میں شرکت فرما کر ثواب دارین حاصل کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

عالمی مبلغ اسلام حضرت علامہ مولانا مفتی محمد انصر القادری خطیب اعظم انگلینڈ 7نومبر 2013کو پاکستان پہنچیں گے
گجرات (جی پی آئی)عالمی مبلغ اسلام حضرت علامہ مولانا مفتی محمد انصر القادری خطیب اعظم انگلینڈ 7نومبر 2013کو پاکستان پہنچیں گے ، اپنے دورے کے دوران وہ متعدد اولیائے کرائم کے عرس مبارک اور محرم الحرام کے سلسلے میں منعقدہ محافل پاک میں خصوصی خطاب فرمائیں گے ، وحدت اسلامیہ ضلع گجرات کے عہدیداران و ممبران نے ان کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بائو السید ناصر عباس کاظمی ،محلہ کٹٹرا، حیکیماں بازار صرافہ بازار میں یکم محرم الحرام سے نو محرم الحرام تک ہوگی
گجرات( جی پی آئی) عشرہ محرم الحرام کے دوران مستورات کے لئے مجلس عزاء بر مکان بائو السید ناصر عباس کاظمی ،محلہ کٹٹرا، حیکیماں بازار صرافہ بازار میں یکم محرم الحرام سے نو محرم الحرام تک ہوگی۔ مجلس عزاء کا آغاز روزانہ رات 8بجے اور اختتام رات 10بجے ہوگا۔ذاکرہ اہلبیت ندا فاطمہ فضائل و مصائب اہلبیت بیان کریں گی جبکہ نرجس ثناء فرحت سوز و سلام پیش کریں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے میں ہم ڈی پی او سی علی ناصر رضوی کے ساتھ ہیں:چوہدری عمر گجر
گجرات (جی پی آئی )ڈسٹرکٹ کو آرڈی نیٹر مصالحتی کمیٹیز چوہدری عمر گجر نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دورا ن سکیورٹی کا بنایا گیا گجرات کا پلان پنجاب کا بہترین سکیورٹی پلان قرار پایا ہے جس پر ہم ڈی پی او گجرات سید علی ناصر رضوی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوںنے کہا کہ ڈی پی او گجرات نے پورے ضلع کے تمام سرکلز کا خود دورہ کرکے ایک ایک محرم روٹ چیک کیا ہے ، اس سے پہلے کبھی کسی ڈی پی او نے اس لیول پر محر م کے سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ نہیں کی چوہدری عمر گجر نے کہا کہ ضلع گجرات میں امن و امان کی بحالی میں مصالحتی کمیٹیوںکا ہمیشہ مرکزی کردار رہا ہے ہر میٹنگ میں مصالحتی کمیٹیوں کے ممبران کو شامل کیا جارہا ہے گجرات کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے میں ہم ڈی پی او سی علی ناصر رضوی کے ساتھ ہیں اور انشاء اللہ ڈی پی ا و گجرات کے ساتھ ملکر محرم الحرام میں ضلع بھر کادورہ کرینگے اور سکیورٹی انتظامات کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیاجائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

EDO ہیلتھ کے ڈرائیور محمد ارشد اوڈی ڈی ایچ او کے ڈرائیور ر محمد آصف مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ریٹائرڈ ہو گئے
گجرات(جی پی آئی)ای ڈی او ہیلتھ کے ڈرائیور اور ہیلتھ ڈرائیورز ایسویسی ایشن کے صدر محمد ارشد اوڈی ڈی ایچ او کے ڈرائیور ر محمد آصف مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ریٹائرڈ ہو گئے ہیں۔ دونوں اہلکاروں کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر انکے اعزاز میں پروقار تقریب ہوئی جس میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نصر ت ریاض، ڈی ایچ او ڈاکٹر عابد غوری، ڈی ڈی او ایچ مفتی محمد علی، ایڈمن آفیسر ڈاکٹر مشتاق،راجہ عبدالرحمان اور محکمہ تمام ڈرائیوروں اور دیگر افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نصرت ریاض نے ریٹائرڈ ہونے والے اہلکاروں کو یادگاری شیلڈ زاور تحائف پیش کئے ۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر نصر ت ریاض نے محمد ارشد اور محمد آصف کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ڈیوٹی کے ساتھ انکی لگن اور فرض شناسی دیگر ملازمین کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریٹائرمنٹ کے باوجود محکمہ کے تمام دفاتر میں انکے لئے عزت و وقار ہمیشہ موجو د رہے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سرکاری افسرا ن کی بنیادی ذمہ داری حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد یقینی بنا کر عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے:ڈی سی او گجرات
گجرات(جی پی آئی)ڈی سی او آصف بلا ل لودھی نے کہا ہے کہ سرکاری افسرا ن کی بنیادی ذمہ داری حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد یقینی بنا کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے زیر تربیت افسران سے الوداعی ملاقات کے موقع پر بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی فاروق رشید، ڈی او سی شجاع قطب بھٹی، اے سی وقار خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ پانچ مرد اور دو خواتین زیر تربیت افسران ایک ہفتہ گجرات میں مقیم رہے اور انتظامی امور بارے عملی تربیت حاصل کی۔ ڈی سی او آصف بلا ل لودھی نے زیر تربیت افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں محنت اور دیانتداری سے ادا کریں اور ملک اور قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کر دار ادا کریں۔ بعد ازاں انہوں نے نوجوان افسران کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ زیر تربیت افسران نے عملی تربیت کے بہترین مواقع فراہم کرنے پر ڈی سی او اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ضلعی حکومت نے محرم الحرام کے دوران اسلحہ کی نمائش، وال چاکنگ، فرقہ وارنہ پر مبنی لٹریچر چھاپنے پر پابندی عائد کر د ی ہے
گجرات(جی پی آئی)ایڈمنسٹریٹر ضلعی حکومت/ڈی سی او آصف بلا ل لودھی نے محرم الحرام کے دوران پر قسم کے اسلحہ کی نمائش، وال چاکنگ، فرقہ وارنہ نفرت انگیز مواد پر مبنی لٹریچر چھاپنے، تقسیم کرنے اور بینرز لگانے پر پابندی عائد کر د ی ہے۔ اس ضمن میں نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی او نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اس حکم پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہوگی اور مجاز عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

59 نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ 9,10نومبر کو جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے:خضر حیات راجہ
گجرات(جی پی آئی)پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری خضر حیات راجہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ 59 نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ 9,10نومبر کو جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے،جس میں صوبہ بلوچستان، فاٹا،اسلام آباد، صوبہ خیبر پختونخواہ، صوبہ پنجاب، صوبہ سندھ، پاکستان آرمی، ہائر ایجوکیشن، پاکستان ریلوے، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، پاکستان ائرفورس، اور پاکستان نیوی کی ٹیمیں شرکت کریگی، اس چیمپیئن شپ میں ایشن گیمز اور کامن ویلتھ گیمز کے ٹرینگ کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کی سلیکشن کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پنجاب ویٹ لفٹنگ ٹیم ٹرائل 4نومبر بروز سوموار کو شیرانوالہ باغ گوجرانوالہ میں منعقد ہونگے:محمد ادریس بٹ
گجرات(جی پی آئی)پنجاب ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد ادریس بٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوے بتایا کہ پنجاب ویٹ لفٹنگ ٹیم ٹرائل 4نومبر بروز سوموار کو شیرانوالہ باغ گوجرانوالہ میں منعقد ہونگے، یہ ٹرائل پنجاب ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کی زیر نگرانی اور گوجرانوالہ ڈویژن کے زیر اہتمام ہونگے، اس ٹرائل میں راولپنڈی ڈویژن، سرگودھا ڈویژن، فیصل آباد ڈویژن، گوجرانوالہ ڈویژن ، لاہور ڈویژن، ساہیوال ڈویژن، ملتان ڈویژن، بہاولپور ڈویژن، ڈیرہ غازی خان ڈویژن، کے کھلاڑی شرکت کریں گے،جس میں پنجاب ویٹ لفٹنگ ٹیم 9اور10نومبر کو جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں 59ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ میں شرکت کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ 4نومبر سے 9نومبر تک منایا جائے گا
گجرات(جی پی آئی)ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ 4نومبر سے 9نومبر تک منایا جائے گا ۔ ضلع بھر میں لیڈی ہیلتھ ورکرز خصوصی ہیلتھ سیشن کے ذریعے خصوصی معلومات اور کتابچے فراہم کریں گی ۔ ان خیالات کا اظہار ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نصرت ریاض نے پریس بریفنگ کے دوران کیا ۔ اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر عابد محمود غوری اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر نیشنل پروگرام ڈاکٹر اکرم بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ہفتے کے دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر خواتین اور بچوں کی صحت بارے خصوصی معلومات فراہم کریں گی جبکہ خواتین میں شعور کے لئے لیڈی ہیلتھ ورکرز روزانہ کی بنیاد پر ہیلتھ سیشن کریں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ دو سال سے پانچ سال کے بچوں کو پیٹ کے کیڑوں کی میڈیسن ‘دو سال کی عمر تک وہ بچے جن کو حفاظتی ٹیکے نہیں لگے اُن کو ٹیکے لگائے جائینگے حاملہ خواتین کوٹیکے اور آئرن کی میڈیسن بھی فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ آمدہ موسم کی وجہ سے حالیہ مہم کو خصوصی ہدف بچوں کو نمونیا سے بچانے کیلئے آگاہی فراہم کرنا ہو گا تاہم اس کے ساتھ کسی وجہ سے حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہ جانے والے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے ۔ اس کے ساتھ محفوظ ڈیلیوری ‘ بچوں کو دودھ پلانے ‘ خسرہ ‘ پولیو اور ڈینگی سے بچاؤ کیلئے بھی آگاہی فراہم کی جائے گی ۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نصرت ریاض نے بتایا کہ ماں اور بچے کی صحت کے ہفتے کے تمام مراحل کی نگرانی لیڈی ہیلتھ سپروائزر اور نیو ٹریریشن سپروائزر کریں گے اس کے ساتھ محکمہ صحت کے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے۔