گجرات کی خبریں 15.08.2013

ضلع بھر میں ملک کا 67واں یوم آزادی انتہائی جوش وجذبے کے ساتھ منا یا گیا
گجرات ( جی پی آئی)ضلع بھر میں ملک کا 67واں یوم آزادی انتہائی جوش وجذبے کے ساتھ منا یا گیا۔مرکزی تقریب ضلع کونسل ہال میں ہوئی جہاں ڈی سی او گجرات آصف بلال لودھی نے ڈی پی او سید علی ناصر رضوی اور ارکان اسمبلی و معززین ضلع کے ساتھ پر چم کشائی کی ۔اس موقع پر ایلیٹ فورس اور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی جبکہ پولیس بینڈ نے مارچ پاسٹ کیا ۔بعد ازاں ضلع کونسل ہال میں پر وقار تقریب ہوگی جس کی صدارت ڈی سی او آصف بلال لودھی نے کی جبکہ اے ڈی سی سمیر احمد سید ،ڈی اوسی شجاع قطب بھٹی، ارکان اسمبلی چوہدری جعفر اقبال،ملک حنیف اعوان ،حاجی ناصرمحمود، حاجی عمران ظفر، میجر (ر) معین نواز ،چوہدری رضا علی متا، صدر چیمبر آف کامرس عدنان اقبال مکی ،جاوید بٹ، ای ڈی اوز ،محمد نواز ،ڈاکٹر خالد فیض ،رائو خالد محمود، ایاز طارق، صدر ڈسٹرکٹ بار راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ،ڈی ایم او ضمیر حسین بٹ، ای ایس او فیاض موہل،محمود اقبال گوندل ،اسسٹنٹ کمشنرز عمر فاروق ،افضل حیات ،ماریہ طارق، ممتاز سماجی کارکن خادم علی خادم،میڈم نگہت اقبال قریشی سیاسی راہنما، ودیگر نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او آصف بلال لودھی نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے جس کا جتنا بھی شکر کیا جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں پھر کچھ اور ہیں ۔آصف بلال لودھی نے کہا کہ 14اگست کا دن جہاں آزادی کی خوشیاں منانے کا موقع ہے وہیں خود احتسابی کا بھی تقاضا کرتا ہے کہ اس ملک نے ہمیں کیا دیا اور بدلے میں ہم نے کیا لوٹایا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن ہم سے طاقتور نہیں 18کروڑ عوام انکا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں اسکے باوجود آزادی کی خوشیاں منا رہے ہیں یہ ہمارے دشمنوں کے لئے پیغام کہ ہم متحد ہیں اور انہیں جان لینا چاہئیے کہ انہوں نے کس قوم سے ٹکر لی ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ارکان اسمبلی چوہدری جعفر اقبال، حاجی عمران ظفر ،میجر (ر)معین نواز،ملک حنیف اعوان نے کہاکہ پاکستان لاکھوں شہدا کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم ہماری آبرو ہے ،ہمین قوم میں ایک بار پھر جذبہ حب الوطنی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے زور دیکر کہاکہ ملک کی ترقی ،خوشحالی کے لئے ہمیں ہر قسم کے سیاسی اور گروہی اختلافات سے بالا تر ہوکر کام کرنا چاہئیے ۔ڈی سی او آصف بلال لودھی بعد ازاں ڈسٹر کٹ جیل اور عزیز بھٹی شہید ہسپتال کا دورہ کیا اور قیدیوں ،مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلع گجرات کو سرسبزوشاداب بنانے کے لئے مون سون شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا
گجرات (جی پی آئی) ضلع گجرات کو سرسبزوشاداب بنانے کے لئے مون سون شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ڈی سی او آصف بلال لودھی نے ضلع کونسل کے احاطہ میں واقع پلاٹ مین پودا لگا کر شجر کاری مہم کاافتتاح کیا۔ ایم این اے چوہدری جعفر اقبال ،اے ڈی سی سمیر احمد سید ،ڈی اوسی شجاع قطب بھٹی ،ارکان پنجاب اسمبلی ملک حنیف اعوان،میجر (ر) معین نواز ،حاجی عمران ظفر ،حاجی ناصر محمود ،صدر چیمبر عدنان اقبال مکی ،ای ڈی او ہیلتھ ڈاختر خالد فیض نے بھی اس موقع پر پودے لگائے۔ شجر کاری مہم کے آغاز سے قبل ڈی سی او کو بریفنگ دیتے ہوئے ای ڈی او زراعت خالد محمود نے بتا یاکہ حالیہ مہم کے دوران1لاکھ72ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ ان میںسے 1لاکھ 10ہزار پودے صوبائی محکمہ جنگلات ،62ہزار ضلعی محکمہ جنگلات لگائے گا۔ انہوں نے بتا یا کہ یہ پودے سرکاری جنگلات و دفاتر کے ساتھ پرائیو یٹ مقامات پر لگائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ افرادکو تین روپے فی پودا کی معمولی قیمت پر پودے فراہم کئے جائیں گے۔ ڈی سی او نے اس موقع پر ہدائیت کی کہ شجر کاری مہم کے دوران درخت لگانے کے ساتھ انکی نگہداشت بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو ساف ستھرا رکھنے کے لئے معاشرے میں درخت لگانے کے رجحان کو فروغ دینا ہوگا۔ ارکان اسمبلی نے اس موقع پر امید کا اظہار کیا کہ ڈی سی او آصف بلال لودھی ان کی ٹیم گجرات کو سر سبز بنانے کامشن کامیابی سے مکمل کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جشن آزادی کے سلسلہ میں لائنز کلب انٹرنیشنل کے زیر اہتمام بہت بڑی واک کا انعقاد کیا گیا
گجرات (جی پی آئی)جشن آزادی کے سلسلہ میں لائنز کلب انٹرنیشنل کے زیر اہتمام بہت بڑی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں گجرات کے تمام لائنز کلبوں کے عہدیداران، ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی، واک کی قیادت ڈسٹرکٹ گورنر عامر نعمان، اشفاق احمد رضی، ڈاکٹر امین گل و دیگر ممبران نے کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات فرینڈز لائنز کلب کے عہدیداران نے صدر فراز ملک کی سربراہی میں جشن آزادی کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی واک میں بھرپور شرکت کی
گجرات (جی پی آئی) گجرات فرینڈز لائنز کلب کے عہدیداران نے صدر فراز ملک کی سربراہی میں جشن آزادی کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی واک میں بھرپور شرکت کی اور ملک کی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، اس موقع پر لائنز کلب کے مختلف عہدیداران کی کثیر تعداد موجود تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سفینہ میرج ہال گجرات میں 8اجتماعی شادیاں منعقد ہوئیں
گجرات (جی پی آئی) سفینہ میرج ہال گجرات میں 8اجتماعی شادیاں منعقد ہوئیں ،اس تقریب میں ضلع بھر سے اہم شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، جن میں صاحبزادہ پیر رضوان منصور آوانی زیب سجادہ نشین آستانہ عالیہ آوان شریف و مہمدہ شریف، صاحبزادہ پیر سید حسن محمود شاہ گجراتی، پیر سید جماعت علی شاہ، جاوید بٹ، شیخ عرفان پرویز، خاور بشیر بٹ، ڈاکٹر شیخ ثوبان شاہد، تنویر بھٹی، عامر چوہدری، سید جماعت علی شاہ، ذوالفقار پپن، سیٹھ ظہیر عباس صراف، انجم رحمان، مرزا خالد محمود، ارشاد نذر، علامہ محمد اشرف نقشبندی، علامہ اصغر سعیدی، مبشر چوہدری، چوہدری عبدالوحید، مرزا شفقت، سرفراز پہلوان، شاہد میر و دیگر اہم شخصیات کی کثیر تعداد اور دولہا و دلہنوں کے عزیز و اقارب کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، اس موقع پر ملک کی ترقی و سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں اور 8نئے جوڑوں کو لبیک یا رسول اللہ ۖ کی طرف سے جہیز بھی دیا گیا، اس تقریب میں شریک تمام مہمانوں کو لبیک یا رسول اللہ ۖ کی طرف سے کھانا بھی کھلایا گیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی ضلع گجرات کے راہنما ڈاکٹر طارق سلیم نے فاران گروپ آف انسٹی ٹیوٹس میں یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب کے دوران خطاب
گجرات (جی پی آئی) جماعت اسلامی ضلع گجرات کے راہنما ڈاکٹر طارق سلیم نے فاران گروپ آف انسٹی ٹیوٹس میں یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، جب تک ہم نئی نسل کو ٹیکنکل ایجوکیشن کی طرف راغب نہیں کرینگے ، ملک میں معاشی ترقی ممکن نہیں ہو سکتی، انہوں نے کہا کہ فاران گروپ آف انسٹی ٹیوٹس نے ملک میں معیار تعلیم کیلئے جدید طریقہ ہائے تعلیم کو متعارف کروایا ہے، جس سے عوام الناس کو بے پناہ سہولیات میسر آرہی ہیں، اور وہ اپنے گھر کے نزدیک ہی جدید ٹیکنالوجی سے مزین تعلیم حاصل کر سکتے ہیں، اور فاران گروپ آف انسٹی ٹیوٹس میں تمام تر سہولیات مہیا کی گئی ہیں ، اس سلسلہ میں طارق جاوید چوہدری ایم ڈی اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جو نوجوان نسل کی بہترین تعلیم و تربیت کیلئے کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر نئی نسل میں جذبہ حب الوطنی بیدار کیا جائے تو وہ بہتر انداز میں ملک و قوم کی بہتری کیلئے کام کر سکتے ہیں، ایم ڈی طارق جاوید چوہدری نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو جدید ترین تقاضوں کے مطابق تعلیم دینا چاہتے ہیں ، اس سلسلہ میں ہم نے اپنے اداروں میں ایسی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے جس سے انہیں مستقبل کے چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا ہو ، تمام ٹیکنالوجیوں میں تعلیم کا سلسلہ جاری ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممتاز تاجر راہنما چوہدری عامر جاوید آف جیٹ میڈیکل نے مسلم لیگ ن کے راہنما رانا مشرف علی ناز سے ملاقات
گجرات (جی پی آئی)ممتاز تاجر راہنما چوہدری عامر جاوید آف جیٹ میڈیکل نے مسلم لیگ ن کے راہنما رانا مشرف علی ناز سے ملاقات، اور انہیں عمرہ سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد پیش، اس موقع پر ممتاز شخصیات کی کثیر تعداد موجود تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عروف صحافی صہیب سرور اور ڈاکٹر رزاق احمد غفاری نے رانا مشرف علی ناز کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک بادپیش کی
گجرات (جی پی آئی)عروف صحافی صہیب سرور اور ڈاکٹر رزاق احمد غفاری نے رانا مشرف علی ناز کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک بادپیش کی ہے، اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے ، اس موقع پر چوہدری فیصل آف فیصل موٹرز ، سابق ناظم سید مسعود مشہدی و دیگر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
PTIضلع گجرات کے ضلعی سیکرٹریٹ میں یوم آزادی کے حوالہ سے خصوصی اجلاس زیر صدارت چوہدری محمد الیاس منعقد ہوا
گجرات(جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف ضلع گجرات کے ضلعی سیکرٹریٹ یوسف پلازہ رحمان شہید روڈمیں یوم آزادی کے حوالہ سے خصوصی اجلاس زیر صدارت ضلعی صدر چوہدری محمد الیاس منعقد ہوا ۔ جس میں ضلعی تحصیل عہدیداران کے علاوہ ٹکٹ ہولڈروں اور دیگر راہنمائوں نے بھر پور شرکت کی ۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور پرچم کشائی سے کیا گیا ۔ تقریب کے شرکاء سے ضلعی صدر چوہدری محمد الیاس ، ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری شرافت حسین ایڈووکیٹ ، ڈاکٹر عثمان غنی ، چوہدری احمد ندیم گجر ، نوازش علی شیخ، الحاج محمد افضل گوندل، چوہدری ناصر چھپر نے یوم آزادی اور تحریک پاکستان کے حوالہ سے خصوصی خطاب کیا۔ ضلعی راہنمائوں نے کہا کہ قوم نے بڑی قربانیوں کے بعد دنیا کے نقشے پر ایک منفرد ملک حاصل کیا مگر آج افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ چند خاندانوں نے اس ملک کو تباہ اور برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ پہلے قومی دولت کو جی بھر کے لوٹا اور ہھر قرضوں کے بدلے پوری قوم کو گروی رکھ دیا۔ ضلعی راہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انڈیا کے سامنے معذرت خواہانہ رویہ ترک کر کے بھر پور جواب دیا جائے۔ ہم جنگ نہیں چاہتے مگر ملک و قوم کی آن کے لیے ہمارا ہر کارکن جان کی بازی لگانے کے لیے تیار ہے۔ اجلاس میں تجدید عہد کیا گیا کہ ہم قائد عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر بنا کر قوم کی تقدیر بدلیں گے ۔ ضلعی سیکرٹری اطلاعات ملک عبد الستار نے بتایا کہ اجلاس میں تمام کمیٹیوں کے ممبران نے اپنے اپنے حلقوں کی کارکردگی رپورٹس پیش کی۔ این اے 104، پی پی 108، پی پی 109 کے حوالہ سے چوہدری احمد ندیم گجر ، چوہدری زبیر احمد خان ٹانڈہ اور عثمان طارق، این اے 105، پی پی 110 کے حوالہ سے الحاج محمد افضل گوندل، چوہدری افتخار احمد سماں، چوہدری طارق جاوید وڑائچ ایڈووکیٹ ، این اے 106 میں میاں مبین حیات ، این اے 107، پی پی 114 پی پی 115 کے حوالہ سے چوہدری محمد الیاس ، ناصر چھپر اور راجہ ندیم نواز نے اپنی اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی جس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ اجلاس میں تمام کمیٹی ممبران ہر یونین کونسل کی سطح پر تنظیمی عہدیداروں کے حوالہ سے تفصیلی رپورٹس تیار کر ینگے ۔ جس کے بعد تنظیمی عہدوں میں تبدیلیوں کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ضلعی سیکرٹری فنانس مہر امتیاز نے تحریک انصاف ضلع گجرات کی طرف سے یوم آزادی کا کیک کا اہتمام کر رکھا تھا ۔ کیک کاٹنے کے بعد تمام شرکاء نے استحکام پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی۔ ضلعی نائب صدر مرزا عثمان اقبال، محسن جاوید بٹ، ڈاکٹر خضر حیات، چوہدری بہادر خان، راجہ ندیم نواز، اشرف شریف، اجمل علی خاور، محمد احسن، ظفر ریاض، راجہ اصغر پرنس، ملک اعجاز، افتخار نبی وریاء، محمد افضال چیچی ، تنویر احمدقریشی، شہزاد افضل میر، نورین اشفاق، سعدیہ بشارت، بشیر احمد، خادم حسین، عاصم شفیع، عبد اللہ چٹھہ، محمد انیس بھٹی، خاور شہزاد، محمد حمزہ سعید، چوہدری مہدی خان، رانا قیصر حسین ،محمد آصف بٹ اور دیگر موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پولیس لائن گجرات میں یوم 14اگست کے حوالے سے پرچم کشائی کی پر وقار تقریب
گجرات (جی پی آئی)پولیس لائن گجرات میں یوم 14اگست کے حوالے سے پرچم کشائی کی پر وقار تقریب ،شہدا ء کی یاد گار پر پھولوں کا گلدستہ اور فاتحہ خوانی کی گئی تفصیلات کے مطابق یوم 14اگست کے حوالے سے پولیس لائن گجرات میں پر چم کشائی کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں پولیس افسران و ملازمان کے علاوہ پولیس شہداء کے ورثاء کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔پولیس کے چاک وچوبند دستے نے قومی پر چم کو سلامی دی اور پولیس شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی گئی ۔شہدا ء کے ورثا نے DPOگجرات سید علی ناصر رضوی کی تعریف کی اور کہا کہ پہلی دفعہ ہماری عزت افزائی کی گئی ہے۔DPOگجرات نے پولیس لائن میں شہداء کے ورثا ء کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔DPOگجرات سید علی ناصر رضوی نے پولیس شہداء کے ورثاء سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ شہد اء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ہمیں شہداء کے مشن کو جاری رکھنا ہے جو انہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دیا ہے کہ جرم اور برائی کی قوتوں کے سامنے ڈٹ جانا ہے چاہے جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔DPOگجرات نے تجدید عہد کر تے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی آنیوالی نسلوں کو پر امن اور جرائم سے پا ک معاشرہ فراہم کرنے کے لئے اپنے حصے کا کردار اد ا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کی کارروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شاہین چوکی پولیس کے ملازم کو تین نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے قتل اور ایک کو زخمی کر دیا
گجرات (جی پی آئی ) شاہین چوکی پولیس کے ملازم کو تین نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے قتل اور ایک کو زخمی کر دیا موٹر سائیکل سوار فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے بتایا گیا ہے کہ شاہین چوکی کے ملازم سرفراز احمد اپنے دوست شعیب احمد کے ہمراہ بڈھے والا کھوہ کے قریب ہوٹل پر بیٹھ کر ناشتہ کر رہے تھے کہ تین نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں کانسٹیبل سرفراز احمد موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا کانسٹیبل شعیب احمد شدید زخمی ہو گیا قتل کی واردات کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا سول لائن پولیس کے ایس ایچ او میاں توصیف پولیس کی نفری کے ہمراہ جائے مقدمہ پر پہنچ گئے نعش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے عزیز بھٹی شہید ہسپتال پہنچا دیا گیا سول لائن پولیس نے تین نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بڈھے والا کھوہ کے قریب تین نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے کانسٹیبل قتل
گجرات (جی پی آئی ) بڈھے والا کھوہ کے قریب تین نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل سرفراز احمد ولد شفقت حسین کا تعلق منگووال غربی سے تھا اور وہ 2007 ء میں بطور سپاہی پنجاب پولیس میں بھرتی ہوا شہید ہونے والا کانسٹیبل سرفراز احمد شادی شدہ تھا اور دو سال قبل اس کی شادی ہوئی سوگواروں میں ایک سالہ بیٹا اور بیوی چھوڑی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی:میر اسد رشید
گجرات(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ممتاز سیاسی وسماجی کارکن میر اسد رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی، اور عام انتخابات کی طرح اس بار بھی کلین سوئپ کرے گی، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حلقہ میں بھر پور محنت کریں گے اور اگر کوئی بھی کوتاہی باقی ہے تو اس کو بھی ختم کردیا جائے گا،ہم اپنے قائد ین میاں نواز شریف اور خادم اعلٰی میاںشہباز شریف کے نقشے قدم پر چل کر اپنے علاقہ کے عوام کی خدمت کر سکتے ہیں،اور عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے، ہم عوام کو ہمیشہ ساتھ لیکر چلے ہیں اور ساتھ لیکر چلیں گے، انہوں نے کہا کہ علاقہ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گے،ہم نے کبھی بھی باتوں سے عوام کے دل میں جگہ نہیں بنائی،بلکہ عوام کے مسائل کے ہمیشہ اپنا مسلہ سمجھ کر عوام کی خدمت کرتے ہیں،اور کرتے رہیں گے، ہم نے سیاست کو ہمیشہ عبادت سمجھ کر کیا ہے، اور عبادت سمجھ کر کرتے رہیں گے،
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاک بھارت سرحدی کشیدگی کسی ملک کے مفاد میں نہیں:چوہدری ذوالفقار پپن
گجرات(جی پی آئی)پاک بھارت سرحدی کشیدگی کسی ملک کے مفاد میں نہیں ، چند نادیدہ قوتیں سرحدی کشیدگی پیدا کر کے مذاکرات کے ماحول کو سبوتاژ کر کے اپنے عزائم کی تکمیل کر رہی ہیں، بھارت کو معاہدے کا پاس رکھتے ہوئے ایسے گھنائونے ارادے ختم کر دے، کیونکہ ہم پاکستانی ہیں، اور بھارت کی ایک نہ چلنے دیں گئے، ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ یوتھ ونگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری ذوالفقار پپن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوے کیا، انہوں نے کہا کہ اگر بھارت اپنے ہتھکنڈوں سے باز نہ آیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گئے، کیا عالمی اداروں اور اقوام متحدہ نے اپنی آنکھیں بند کی ہوئی ہیں، کیا ان کو یہ نظر نہیں آرہا، کہ بھارتی فوج کس طرح سرحدی پاس داریوں کی کیسے خلاف ورزیاں کر رہا ہے، اگر بھارت نہ روکا تو مجبوراہم بھی کسی سے کم نہیں، اور نہ ہی ہم نے کوئی چوڑیاں نہیں پہن رکھی،ہم بھی اپنے ملک کی خاطر اپنی جان کی قربانی دینے سے انکار نہیں کریں گئے،اور نہ ہی پیچھے ہٹیں گے کیونکہ یہ ملک ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دیکر حاصل کیا ہے،ہم اس کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر بھی ظلم بند کرے، ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں،