اضلاع کی خبریں 16.08.2013
Posted on August 16, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
پاکستان اور بھارت کا مستقبل امن میں ہی ہے’خواجہ غیور طارق نائیک
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ(ن)سٹی کے سینئر نائب صدر خواجہ غیور طارق نائیک نے کہا ہے پاکستان اور بھارت کو اپنے تمام تر مسائل مذاکرات کی میز پر حل کرنے چاہیں اور اسکے ساتھ ساتھ موجودہ کشیدگی کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے اعتماد کی فضا کو بحال کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان اور بھارت کا مستقبل امن میں ہی ہے اور اس حوالے سے دونوں ملکوں کے عوام کو بھی چاہیے کہ اس موجودہ کشیدگی کو ختم کرے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ اور انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب حکومت تمام بحرانوں کا خاتمہ کریگی اور کارکنوں کو مسائل حل کرنے کے حوالے سے بااختیار بنایا جائیگا۔ان خیالات کااظہار انہوںنے گذشتہ روز پارٹی ورکروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کی سیاست عوام کی خدمت اور مخلوق خدا کو راضی کرنے کی ہے وہ دن دور نہیں جب حکومت لوڈ شیڈنگ سمیت تمام بحرانوں کا خاتمہ کر دیگی ‘آخر میں انہوںنے کہاکہ پارٹی عہدیدار اور کارکن جماعت کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں عوام کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے بااختیار بنایا جائیگا اور ان کی تجاویز اور آراء کو اہمیت دی جائیگی اور ہمیں وطن کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حالیہ بارشوں میں واسا کے نااہل افسران و اہلکاران کی وجہ سے گوجرانوالہ شہر جوہڑوں، تالابوں کا منظر پیش کررہا ہے:ناصر محمود
گوجرانوالہ (جی پی آئی)فاونڈر و یونٹی گروپ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے صدر رانا ناصر محمود نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں میں واسا کے نااہل افسران و اہلکاران کی وجہ سے گوجرانوالہ شہر جوہڑوں، تالابوں کا منظر پیش کررہا ہے۔ ایم ڈی واسا خالد بشیر بٹ اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے پانی میں کھڑے ہوکر محض تصویریں اتروا رہے ہیں۔ ایک اَن ٹرینڈ اور محکمہ سے لاعلم شخص کو ایم ڈی واسا تعینات کرکے صرف اور صرف ن لیگی رہنمائوں کو نوازا جارہا ہے۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں گروپ سیکرٹریٹ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر حاجی عاصم انیس نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ میٹنگ میں گروپ کے سینئر قائدین شیخ محمد اسلم ضیاء اللہ عرفانی، شیخ شوکت جاوید، محمد اقبال بٹ اور دیگر راہنما بھی موجود تھے ۔رانا ناصرمحمود نے کہا کہ گوجرانوالہ میں ن لیگ کے ترقیاتی کاموں اور نکاسِ آب کیلئے کئے گئے اقدامات عوام کے سامنے عیاں ہوچکے ہیں۔ واسا میں ن لیگ ارکانِ اسمبلی کے حمایت یافتہ آفیسر تعینات ہیں۔ جب عوام اُن کے پاس اپنی فریاد لیکر جاتے ہیں تو ٹال مٹول سے کام لینے کے بعد اُن کو دھمکا دیتے ہیں کہ جائو ”میرا” کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ رانا ناصر محمود نے کہا کہ اگر گوجرانوالہ میں قائم واسا میں غیر جانبدارانہ آفیسر تعینات کردئیے جائیں اور اُن پر کڑی نگرانی کی جاتی تو آج گوجرانوالہ شہر گندے پانی میں لپیٹ میں نہ ہوتا۔ سڑکیں تالابوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔ نشیبی علاقوں میں نکاس آب کا کوئی بندوبست نہیں ہے۔ گلیوں میں گندا پانی، گٹر اُبل رہے ہیں جس سے نمازیوں، بچوں کیلئے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اِن حالات میں اگر ایم ڈی واسا اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرسکتا تو اُسے چاہیے کہ رضاکارانہ طور پر اپنے عہدے سے سکبدوش ہوجائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان کو عظیم قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے:خادم رضوان اسلم بٹ
گوجرانوالہ (جی پی آئی)ٹکٹ ہولڈر حلقہ پی پی 91، عوامی خادم رضوان اسلم بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کو عظیم قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے۔ ہمارے آبائو اجداد نے اس کے حصول کیلئے جانیں تک قربان کردیں۔ گھر بار چھوڑا اور بچوں کو شہید کروایا جب تک ہم ایک قوم نہیں بنیں گے تب تک ہم ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتے۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رضوان اسلم بٹ نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات قتل و غارت کے پیش نظر ہمیں اپنے ذاتی اختلافات بھلا کر پاکستان کی سالمیت، مضبوطی اور بقا ء کیلئے کوششیں کرنی چاہیے۔ حالیہ بارشوں سے ہونیوالی تباہی کے بارے میں رضوان اسلم بٹ نے کہا کہ اگر ضلعی انتظامیہ ایک مخصوص پلاننگ کے تحت سیلاب سے نمٹنے کیلئے تیار ہوتی تو بڑی تباہی سے بچا جاسکتا تھا۔ لیکن ہمارے ہاں کوئی بھی اپنی ڈیوٹی سے انصاف کرنا نہیں چاہتا اور اِسی کوشش میں ہوتا ہے کہ اُسے کوئی کام نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں نکاسِ آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث سڑکوں پر پانی گشت کررہا ہے اور اُسے کنٹرول کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ صرف اور صرف بڑھکیں ماررہی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام یوم آزادی کے سلسلہ میں تقریب منعقد ہوئی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام یوم آزادی کے سلسلہ میں تقریب منعقد ہوئی جس میں عہدیدران اراکین کی کثیر تعداد نے شرکت کی تقریب میں ملکی سا لمیت اور استحکام کے لیے دعا کی گئی کیک کاٹا گیا اور مٹھائی تقسیم کی گئی تقریب کے آخر میں اعلی کارکردگی کی بنا پر نور احمد کھوکھر ،اسحاق کمبوہ، رانا ندیم ،حافظ محمد واجد ،سید حسن شاہ،میڈم لبنی بٹ، میڈم روبینہ ابراہیم، میڈم مافیہ فیاض، کو ممبر شپ کارڈ دیے گئے اس موقع پر نور احمد کھوکھر نے تنظیم کے عہدیدران کا شکریہ ادا کیا،اور یقین دلایا کہ وہ تنظیم کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق تمام مذاہب اور مسالک کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکھٹا کر کے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوام مشکلات اور مصیبتوں کی وجہ سے مایوس نہ ہوں: غلام دستگیر خان
گوجرانوالہ(جی پی آئی) مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما و سابق وفاقی وزیرغلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ عوام مشکلات اور مصیبتوں کی وجہ سے مایوس نہ ہوں،مسلم لیگ ن قائد اعظم کے افکار پر عمل کرکے پاکستان کو مصائب کی دلدل سے نکالے گی اور میاں نواز شریف عوام کی دعائوں سے سرخرو ہوں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں کے ہمراہ یوم آزادی کے سلسلہ میں کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ آج ملکی حالات کسی بھی لحاظ سے اطمینان بخش نہیں ہیں لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت میاں نواز شریف کی قیادت میں پوری تندہی اور دلجمعی سے کام کر رہی ہے ہماری جماعت قائد اعظم کے اصولوں اور افکار پر عمل کر کے ملک کو بحرانوں سے نجات دلائے گی اور اسے ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور قابل فخر ملک میں تبدیل کرے گی انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام امتحان کی ان گھڑیوں میں مایوسی ترک کرے نواز شریف کا بھرپور ساتھ دیںاورتعمیر وطن کے مشن میں اپنا حصہ ڈالیں ،اس موقع پرعامر یعقوب وڑائچ ایڈووکیٹ، عامر اکرام بٹ،میاں عمر بشیر، نعیم یونس بٹ، طارق سعید،خالد پرویز ڈار، ماما شہباز احمد ،سعید بٹ، صفت علی بٹ ،خالد سعید لون ودیگر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈاکٹر سید وسیم اختر نے پنجاب اسمبلی میں قواعد وضوابط کو ملتوی کراتے ہوئے قرار داد پیش کی
لاہور(جی پی آئی)امیرجماعت اسلامی پنجاب و پارلیمانی لیڈرپنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے پنجاب اسمبلی میں قواعد وضوابط کو ملتوی کراتے ہوئے قرار داد پیش کی جس کو ہائوس نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ قرار داد میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس مصر میں فوج کے ذریعے جمہوری عمل کے خاتمے اور منتخب جمہوری صدر ڈاکٹرمرسی کی بر طرفی اور اس کے خلاف پر امن احتجاج کرنیوالوں پر فوج کا وحشیانہ تشدد اور قتل عام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرنا ہے اور اس قتل عام کو رکوانے اور جمہوری حکومت کی بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے وقفہ سوالات میں سرکٹ ہائوس بہا ولپور کے ملازمین کو عرصہ15 سے 20 سالوں سے چلے آرہے ہیں ان کو ریگو لر نہیں کیا گیا اور اسی طرح پنجاب کے دیگر محکموں میں عارضی بھرتی کئے گئے ملازمین کے معاملے کو اُٹھایا اور وزیر مواصلات و تعمیرات نے یقین دہانی کروائی کہ وہ صوبائی کا بینہ کے آئندہ اجلاس میں اس پر غور کیا جائے گااور ورک چارج ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس اعلان پر جو الیکشن سے قبل ورک چارج ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کیا تھا پر عمل درآمد کو یقینی بنا یا جائے گا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوام ضمنی انتخابات میںبھی مسلم لیگ(ن) کو بھر پور اعتماد سے نوازیں گے۔حمزہ شہباز
لاہور(جی پی آئی)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنماوایم این اے حمزہ شہباز شریف نے کہاہے کہ عوام ضمنی انتخابات میں بھی مسلم لیگ(ن) کو اپنے بھر پور اعتماد سے نوازیںگے وزیراعظم نواز شریف کی پر خلوص کوششوں کی بدولت ملک کو مسائل سے ضرور چھٹکارہ ملے گا توانائی بحران اور دہشت گردی کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیحات ہیں ان دونوں مسائل کے حل سے ملکی معیشت کا پہیہ حرکت کرے گا اور روزگار وقومی ترقی کی راہیں کھلیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھاکی تحصیل شاہ پور میں ضمنی انتخاب این اے 68 کے مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار شفقت حیات بلوچ کی انتخابی مہم کے ضمن میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ میں ایم این ایز چوہدری حامد حمید ‘ محسن شاہنواز رانجھا ذوالفقار علی بھٹی طارق سی قیصر ‘ شہزادی عمر زادی ٹوانہ ایم پی ایز عبدالرزاق ڈھلوں ‘رانا منور غوث نظام الدین سیالوی شاہنواز رانجھامقامی مسلم لیگی قیادت’ یوتھ ونگ ایم ایس ایف کے نمائندوں او رعوام کے جم غفیر نے شرکت کی ۔حمزہ شہباز شریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی او راس سے قبل کی حکومت نے ملکی ترقی پر جو کاری ضربات لگائی ہیں اس کو مندمل کرنے کیلئے کچھ وقت لگے گا۔ انہوں نے توقع کا اظہا رکیا کہ توانائی کابحران جلد ختم ہو جائے گا اور ملک کی تاریکیاں ختم ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ اب ملک کی مخلص قیادت ملکی مسائل کے حل کیلئے سرجوڑ کر بیٹھ گئی ہے۔ 700 میگا واٹ کا نندی پور پراجیکٹ گزشتہ تین سال سے رشوت خور حکمرانوں کی حرص ولالچ کی بھینٹ چڑھ چکا تھاتاہم وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ چین سے واپسی سے قبل ہی چینی انجینئرز نندی پور منصوبہ پر کام کا آغاز کر چکے تھے ۔ اگر جذبے سچے اور لگن خالص ہو تو مسائل ختم کرنے میں دیر نہیں لگتی ۔حمزہ شہبازنے کہا کہ این اے 68 سے بھاری اکثریت سے منتخب ہونے والے وزیر اعظم میاں نواز شریف اس حلقہ کو اپنا گھر سمجھتے ہیں ۔اس کی ترقی او رخوشحالی کو اپنے گھر کی طرح عزیز جانتے ہیں۔ اس حلقہ کے عوام نے مسلم لیگ سے جس محبت اور عقیدت کا اظہار جنرل الیکشن 2013 میںکیا تھا۔ اسی عقیدت ومحبت سے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کوکامیابی دلا کر موجود ہ جمہوری حکومت کو مضبوط بنائیںگے۔ میاں نواز شریف نے حلقہ این اے 68کی سیٹ چھوڑی ہے یہاں کے عوام کا ساتھ نہیں چھوڑا بلکہ وہ اس علاقے کے عوام کی محبت او رپیار کا جواب یہاں کے عوام کی ترقی او رخوشحالی کیلئے گرینڈ ترقیاتی پیکج سے دیںگے۔صوبہ بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے دس ارب روپے کی گرانٹ سے فلٹریشن پلانٹس لگانے کامنصوبہ بنایاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع سرگودھا کا سب سے بڑا مسئلہ پینے کے صاف پانی کاہے۔ جس کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے دس ارب روپے مختص کر رکھے ہیں جس سے بڑے فلٹریشن پلانٹس نصب کئے جائیںگے او رصاف پانی کی پائپ لائنیں بچھائیں گے ۔انہوں نے حلقہ این اے 68 میں سڑکوں کا جال بچھانے اور عوام کے مطالبے پر اس علاقے میں ایک معیاری تعلیمی درس گاہ کے قیام کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر انہوں نے امیدوار این اے 68 شفقت بلوچ کے بارے میں کہاکہ وہ نوازشریف کے سچے اور مخلص سپاہی ہیں ،دھوپ اور چھائوں میں مسلم لیگ کے ساتھ کھڑے رہے ان کی کامیابی مسلم لیگ(ن) کی کامیابی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شہباز شریف نے پنجاب میں عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے ـ یوسف گھرکی
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے آج یہاں گھرکی خاندان کے سربراہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما حاجی محمد یوسف گھرکی نے ملاقات کی ـ ملاقات کے دوران حاجی محمد یوسف گھرکی نے پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیاـ حاجی محمد یوسف گھرکی پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق وزیر فاروق یوسف گھرکی کے والد ہیں ـاس موقع پر وزیر اعلی نے یوسف گھرکی کو مسلم لیگ(ن)میں شمولیت پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہےـہم مل جل کر ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے ـوزیر اعلی نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے ـگزشتہ پانچ برس کے دوران صوبہ پنجاب میں ترقی و خوشحالی کے سفر کی بنیاد رکھی گئی، صوبے میں میرٹ، شفافیت اور معیار کو فروغ دے کر نئی مثال قائم کیـ یہی وجہ ہے کہ عام انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیاـانہوںنے کہا کہ حکومت آئندہ پانچ برس کے دوران عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی ـتاریخ ساز مینڈیٹ کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر ملک و قوم کی خدمت میں جت جائیںـ انہوںنے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں اور تمام متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیںـاس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد یوسف گھرکی نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب نے بے مثال ترقی کی ہے اور مسلم لیگ (ن ) کوعوام کی بے لوث خدمت کاتاریخی صلہ عام انتخابات میں شاندار کامیابی کی صورت میں ملا ہےـاس موقع پر ایم این اے پرویز ملک ،خواجہ احمد حسان، سابق رکن اسمبلی رانا مبشراقبال اور طلحہ برکی بھی موجود تھےـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوام ضمنی انتخابات میںبھی مسلم لیگ(ن) کو بھر پور اعتماد سے نوازیں گے۔حمزہ شہباز
لاہور( جی پی آئی)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنماوایم این اے حمزہ شہباز شریف نے کہاہے کہ عوام ضمنی انتخابات میں بھی مسلم لیگ(ن) کو اپنے بھر پور اعتماد سے نوازیںگے وزیراعظم نواز شریف کی پر خلوص کوششوں کی بدولت ملک کو مسائل سے ضرور چھٹکارہ ملے گا توانائی بحران اور دہشت گردی کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیحات ہیں ان دونوں مسائل کے حل سے ملکی معیشت کا پہیہ حرکت کرے گا اور روزگار وقومی ترقی کی راہیں کھلیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھاکی تحصیل شاہ پور میں ضمنی انتخاب این اے 68 کے مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار شفقت حیات بلوچ کی انتخابی مہم کے ضمن میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ میں ایم این ایز چوہدری حامد حمید ‘ محسن شاہنواز رانجھا ‘ ذوالفقار علی بھٹی ‘طارق سی قیصر ‘ شہزادی عمر زادی ٹوانہ ‘ ایم پی ایز عبدالرزاق ڈھلوں ‘رانا منور غوث ‘ نظام الدین سیالوی ‘ شاہنواز رانجھامقامی مسلم لیگی قیادت ‘ یوتھ ونگ ‘ ایم ایس ایف کے نمائندوں او رعوام کے جم غفیر نے شرکت کی ۔حمزہ شہباز شریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی او راس سے قبل کی حکومت نے ملکی ترقی پر جو کاری ضربات لگائی ہیں اس کو مندمل کرنے کیلئے کچھ وقت لگے گا۔ انہوں نے توقع کا اظہا رکیا کہ توانائی کابحران جلد ختم ہو جائے گا اور ملک کی تاریکیاں ختم ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ اب ملک کی مخلص قیادت ملکی مسائل کے حل کیلئے سرجوڑ کر بیٹھ گئی ہے۔ 700 میگا واٹ کا نندی پور پراجیکٹ گزشتہ تین سال سے رشوت خور حکمرانوں کی حرص ولالچ کی بھینٹ چڑھ چکا تھاتاہم وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ چین سے واپسی سے قبل ہی چینی انجینئرز نندی پور منصوبہ پر کام کا آغاز کر چکے تھے۔ اگر جذبے سچے اور لگن خالص ہو تو مسائل ختم کرنے میں دیر نہیں لگتی ۔حمزہ شہبازنے کہا کہ این اے 68 سے بھاری اکثریت سے منتخب ہونے والے وزیر اعظم میاں نواز شریف اس حلقہ کو اپنا گھر سمجھتے ہیں ۔اس کی ترقی او رخوشحالی کو اپنے گھر کی طرح عزیز جانتے ہیں۔ اس حلقہ کے عوام نے مسلم لیگ سے جس محبت اور عقیدت کا اظہار جنرل الیکشن 2013 میں کیا تھا۔ اسی عقیدت ومحبت سے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کوکامیابی دلا کر موجود ہ جمہوری حکومت کو مضبوط بنائیںگے ۔میاں نواز شریف نے حلقہ این اے 68کی سیٹ چھوڑی ہے یہاں کے عوام کا ساتھ نہیں چھوڑا بلکہ وہ اس علاقے کے عوام کی محبت او رپیار کا جواب یہاں کے عوام کی ترقی او رخوشحالی کیلئے گرینڈ ترقیاتی پیکج سے دیںگے ۔صوبہ بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے دس ارب روپے کی گرانٹ سے فلٹریشن پلانٹس لگانے کامنصوبہ بنایاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع سرگودہا کا سب سے بڑا مسئلہ پینے کے صاف پانی کاہے ۔ جس کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے دس ارب روپے مختص کر رکھے ہیں جس سے بڑے فلٹریشن پلانٹس نصب کئے جائیںگے او رصاف پانی کی پائپ لائنیں بچھائیں گے ۔انہوں نے حلقہ این اے 68 میں سڑکوں کا جال بچھانے اور عوام کے مطالبے پر اس علاقے میں ایک معیاری تعلیمی درس گاہ کے قیام کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر انہوں نے امیدوار این اے 68 شفقت بلوچ کے بارے میں کہاکہ وہ نوازشریف کے سچے اور مخلص سپاہی ہیں ،دھوپ اور چھائوں میں مسلم لیگ کے ساتھ کھڑے رہے ان کی کامیابی مسلم لیگ(ن) کی کامیابی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یوم آزادی تجدید عہد کا دن ہے’ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا اب مسلم لیگ ہی اسے بچائے گی۔ حنا پرویز بٹ
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ یوم آزادی دراصل تجدید عہد کا دن ہے ‘ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا اب مسلم لیگ ہی اسے بچائے گی۔مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ قربانیاں دیں ہیں اور وہ ملک کی حفاظت کرنا بھی جانتی ہے۔مسلم لیگ(ن) ملکی ترقی و استحکام کے لیے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرے گی جبکہ ملک سے جہالت ، غربت ، بدعنوانی اور دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنا ئے گی ۔جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنا پرویز نے کہا کہ آج پاکستا ن کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق بھرپور محنت کرنا ہو گی۔تاکہ عالمی سطح پرپاکستان کا نام بلند ہونے کے ساتھ ساتھ عزت و وقار کی علامت ہو۔آج وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو پاکستان کے حصول کا مقصد سمجھائیں تا کہ وہ دو قومی نظریہ کو جان سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور قائداعظم محمد علی جناح کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر تمام بحرانوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق پاکستان کی ترقی کے لئے عمل پیرا ہیں اور عوام کو پورا یقین ہے کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں اب پاکستان موجودہ تمام بحرانوں سے باہر نکالے گا ۔ہمیں آج کے دن عہد کرنا ہوگا کہ آزادی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کریں گے اور ملک کو خوشحال ، تعلیم یافتہ اور معاشی طور پر مستحکم بنانے میں اپنی تمام توانائیاں صرف کریں گے جبکہ یہاں بھائی چارے کی فضاء قائم کریںگے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا وطن بے شمار قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ہمیں ان سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔معاشی انصاف کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ملکی مفاد کے خلاف کار فرما ہاتھوں کو روکنا ہوگا۔مسلم لیگ کے کارکن اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہو ئے ملک کی ترقی میں اہم کردار دا کریں گے۔محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) ملک کی تقدیر بدل دے گی۔انہوں نے کہا کہ۔ پاکستان کلمہ، توحید اور نظریہ پاکستان کی بدولت معرض و جود میں آیا اور قائد مسلم لیگ محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کے لئے محفوظ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد قومی تشخص، ملکی استحکام اور ملی وقار کی علامت ہیں اور پاکستان کی خوشحالی اور جمہوریت کی مضبوطی ان سے وابستہ ہے۔ ترقیاتی کام مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہے اس لئے عوام کے لئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا سلسلہ مستقل طور جاری رہے گا۔حنا پرویز بٹ نے کہا کہمسلم لیگ (ن) نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے متعدد قربانیاں دیں اوراگرجمہوریت بچانے کیلئے ہمیں اپناخون بھی دیناپڑاتوہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے وقار ‘استحکام ‘ترقی و خوشحالی اور وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے تمام سیا سی جماعتیں آئیںاور مل کراپنے پیارے قائد’محسن پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کی پیروی کریں تا کہ خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا جو خواب انہوں نے دیکھا تھا اس کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خرابی موسم کے باوجود شہباز شریف کا دورہ ہیڈ تریموں
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے خراب موسم کے باوجود آج تریموں ہیڈ ورکس ضلع جھنگ کا دورہ کیا اور وہاں سے گزرنے والے پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ بریفنگ کے بعد ہیڈتریموں پر گئے اور کچھ دیر پانی کی صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔ وزیراعلیٰ نے موقع پر موجود کمشنرز اور ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہنگامی انتظامات مکمل رکھیں اور ان کی سب سے پہلی ترجیح عوام کے جان و مال کا تحفظ ہونی چاہیئے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سیالکوٹ میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے روانہ ہوئے تاہم انتہائی خراب موسم کے باعث ان کا طیارہ سیالکوٹ لینڈ نہ کرسکا جس کے بعد وزیراعلیٰ نے فون پر سیالکوٹ کی انتظامیہ سے رابطہ کرکے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہی حاصل کی اور ہدایت کی کہ امدادی کام مزید تیز کیا جائے اور انہیں لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ رکھا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حمزہ شہباز سے اسلام آباد میں معروف سیاسی و سماجی شخصیات چوہدری امجد ایوب اور چوہدری واجد ایوب کی ملاقات
لاہور(جی پی آئی)رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے اسلام آباد میں ترنول کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات چوہدری امجد ایوب اور چوہدری واجد ایوب نے ملاقات کی اور انہوں نے اپنی برادری اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا اعلان کیاـارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ملک ابرار احمد اور ملک افتخار احمد ایم پی اے بھی اس موقع پر موجود تھےـ چوہدری امجد ایوب اور چوہدری واجد ایوب نے ملاقات میں وزیر اعظم محمد نواز شریف ، وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں پارٹی کارکن کے طور پر محنت اور لگن سے کام کریں گے اور این اے 48 کے ضمنی الیکشن میں اپنی برادری اور دوستوں کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر امیدوار کو بھرپور سپورٹ کریں گے اور اس کی کامیابی کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لائیں گےـ انہوں نے اس موقع پر حمزہ شہباز کو ترنول اسلام آباد میں جلسہ کی صدارت کر نے کی دعوت بھی دی ـرکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے ملاقات میں چوہدری امجد ایوب اور چوہدری واجد ایوب کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ان کی شمولیت سے حلقہ این اے 48 میں مسلم لیگ (ن) مزید مضبوط ہو گی ـ حمزہ شہباز نے کہا کہ پارٹی کارکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ ہیں اور جمہوریت کے لئے ان کی گرانقدر قربانیاں ہیں ـ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 48 کے ضمنی انتخاب میں پارٹی عہدیدار اور کارکن متحد ہو کر پارٹی امیدوار کو سپورٹ کریں اور حلقہ میں اس کی انتخابی مہم بھرپور طور پر چلائیںـ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عوام کی حمایت اور تائید سے مسلم لیگی امیدوار شاندار کامیابی حاصل کریں گےـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے قائم مقام قونصل جنرل کی ملاقات
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف سے آج یہاں متحدہ عرب امارات کے قائم مقام قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتھی(Mr. Bakheet Ateeq al-Romaithi)نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب میں ڈکیتی ،اغواء برائے تاوان کے ساتھ ساتھ اداروں میں کرپشن میں بھی اضافہ لمحہ فکریہ ہے:احمد سعید
لاہور(جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ پنجاب میں ڈکیتی راہزنی اغواء برائے تاوان کے ساتھ ساتھ اداروں میں کرپشن اور کمیشن میں بھی اضافہ حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے حکومت دہشت گردی کی روک تھام میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے دہشت گردی کے پے در پے واقعات نے حکومت کے ہوش اڑا کر رکھ دہے ہیں د و ماہ نے حکومت نے کوئی بھی فیصلہ نہیں کیا اور دہشت گردی کے خلاف کوئی پالیسی بھی نہیں لائی گئی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں نا کام ہیں، انہوںنے کہا کہ دہشت گردی بجلی بحران کے خاتمہ کے نام پر عوام سے ووٹ لینے والی مسلم لیگ (ن) کے دور میں دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اخوان المسلمون کے رہنمائوں و کارکنوںکے قتل عام پرعالمی دنیا نوٹس لے :جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی) ممبر صوبائی اسمبلی وپارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مرسی کے حامیوں کا دھرنا ختم کرانے کیلئے مصری فوج کی جانب سے بڑے پیمانے پر کریک ڈاون کے نتیجے میں اخوان المسلمون کے2200 کا رکنوں کی شہادت پر شدید غم و غصہ کا اظہارکرتے ہوئے اسے بزدلانہ کاروائی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ فوج نے پر امن مظاہروں پر فائرنگ سے نہتے بے گناہ افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ مصری افواج امریکہ اور یورپ کی پشت پناہی سے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔عالمی دنیا اور یواین او منتخب حکومت کی دوبارہ بحالی کے لئے اپنا کردار اداکریں۔ امریکہ کا جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے پر مصری فوج کی مذمت نہ کرنا افسوسناک اور شرمناک طرزعمل ہے۔اس سے امریکہ و یورپی ممالک کا بدترین اور مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو لبنان، فلسطین، ترکی و مصرسمیت اسلامی ممالک میں کہیں بھی اسلام پسند جماعتوں کی کامیابی ہضم نہیں ہوتی۔امریکی و یورپی ممالک کا یہ طرز عمل منافقانہ ہے اور ان کی عالم اسلام کے خلاف نفرت وکدورت کی عکاسی کرتا ہے۔ انسانیت کے علمبردار اور جمہوریت کاواویلا کرنے والے ممالک خاموش تماشائی بن چکے ہیں۔امریکہ و یورپی ممالک کو وسائل سے مالامال مسلم دنیا میں کٹھ پتلی حکمران چاہئیں جو اپنا پیسہ ان کے بنکوں میں رکھیں اور اشاروں پرمن و عن عملدرآمد کریں۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت عرب بہار کو عرب خزاں میں تبدیل کیاجارہا ہے۔ڈاکٹر سید وسیم اخترنے امید ظاہرکی کہ مصری عوام امریکی ایماء پر مصر میں جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور انشاء اللہ بہت جلد اخوان المسلمون وہاں دوبارہ قیادت سنبھالے گی اور مصری فوج اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن کی حکومت خارجہ پالیسی کو قوم مفاد اور زمینی حقائق کے مطابق تشکیل دے :ثمینہ خالد گھرکی
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت خارجہ پالیسی کو قوم مفاد اور زمینی حقائق کے مطابق تشکیل دے انہوں نے کہا کہ آزادی کے دنوں میں بھارت کا جنگی جنون اور الزام تراشی پر مبنی رویہ قابل مذمت ہے، پاک بھارت کشیدگی دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں ہے، حکومت پاکستان بھارت سے یکطرفہ دوستی کے رویہ سے باز رہے انہوں نے کہاکہ الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد تقرر و تبادلے کے خلاف الیکشن کمیشن نوٹس لے اور حکومت پنجاب کو اختیارات سے تجاوز کر نے سے روکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بارش نے لاہور کو ڈبودیا، ترقیاتی کاموں کا پردہ چاک ہوگیا ،میاں کامران سیف
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و جوائینٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے لاہور کو ڈبودیا، شہر ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگا ۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی حکومت اور واسا کو اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز دیئے گئے لیکن بارش نے ان تمام ترقیاتی کاموں کا پردہ چاک کردیا،متعلقہ محکموں کے تمام انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے ناقص انتظامات کے سبب بارش کا پانی نشیبی علاقوں کے علاوہ پوش علاقوں کے رہائشیوں اور سرکاری عمارات میں بھی داخل ہوگیا ۔بارشی پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہونے سے ان کا کروڑوں روپے مالیت کے الیکٹرانک سامان خراب ہوگیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے لاہور کو پیرس بنانے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ۔14اگست یوم آزادی کے دن لاہور بارش کے پانی میں ڈوبنے کے سبب عوام گھروں میں قید ہوکر رہ گئے اس طرح یوم آزادی کو پہلی بار عوام نے اپنے گھر میں رہ کر منایا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ لاہور میں سیوریج کے نظام کو جدید بنیادوں پر استوار کیا جائے اور عوام کو ذہنی اذیت سے نجات دلائی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوازشریف نے خطے میں امن کی کوششوں کے لیے جب بھی سنجیدہ اقدامات اٹھا ئے : پروفیسر ساجد میر
لاہور (جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ نوازشریف کے دور اقتدار میں بھارت سے کشیدگی کے واقعات میں تیزی آتی نہیں لائی جاتی ہے، محرکات کا گہرائی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ کچھ طاقتیں ایسی ہیں جو چاہتی ہیں کہ کشیدگی برقرار رہے۔ نوازشریف نے خطے میں امن کی کوششوں کے لیے جب بھی سنجیدہ اقدامات اٹھا ئے ، منفی صورت حال پیدا کردی جاتی ہیں۔ ماضی میں بھی ایسا ہو چکا ہے ۔ بھارت نے اپنے چھ فوجیوں کی ہلاکت پر ہیجان برپا کردیا ہے اور ہمارے درجنوں فوجی جوان تخریب کاری کے مختلف واقعات کی نذر ہو چکے ہیں لیکن ہم نے کبھی شور نہیں مچایا جبکہ ان میں بہت سارے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔علماء کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشیدگی کے باوجود پاکستان نے مذاکرات کی پیشکش کی جسے بھارت نے حقارت سے مسترد کر دیا۔ بھارت کے پے درپے جارحانہ اقدامات اور زہریلے بیانات نے بھارتی عصبیت کا پول کھول دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی کالونی نہیں ایک الگ ملک ہیں اور اپنا دفاع کرنے کا حق اور صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو وہ کیا توقع کرتا ہے کہ ایٹمی پاکستان خاموشی سے اس کی جارحیت کو برداشت کرلیگا؟ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور پھر مسئلہ بھی پاکستان نے پیدا نہیں کیا اگر بھارت نے جنگی ماحول بنا دیا تو وہ خودبھی بربادی سے محفوظ نہیں رہے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مصر میں اخوان المسلمون کے ہزاروں کارکنان کو شہید اور پرامن مظاہرین کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا:
لاہور (جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مصر میں فوجی آمریت نے اخوان المسلمون کے ہزاروں کارکنان کو شہید اور ہزاروں پرامن مظاہرین کو براہ راست گولیاں مار کر زخمی کر دیاہے ۔ امریکہ ، یورپ اور مڈ ل ایسٹ کی حکومتوں کے جانبداراور جمہوریت پر شب خون ، فوجی انقلاب کی خاموش حمایت نے پرامن جمہوریت پسند مصری عوام کا قتل عام کرایا ہے ۔ عالمی برادری مصر میں خونی انقلاب کے خاتمہ ، صدر مرسی کی بحالی اور مصر میں نئے انتخابات کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے ۔ دنیا بھر کے امن پسند اور جمہوری اقدار کے علمبردار غمزدہ اور افسردہ ہیں اور اس یقین کا اظہار کرتے ہیں کہ مصرف میں تازہ فرعون بھی دریائے نیل میں غرق ہوں گے اور مصری عوام کی تاریخی جدوجہد کامیاب ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں محب دین عوام 16اگست کو مصری عوام سے یکجہتی اور بے گناہ انسانوں کے قتل عام پر پورے ملک میں احتجاج کریں گے ۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق انہو ں نے ان خیالات کااظہار سرگودہا میں جماعت اسلامی کے ضلعی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے ۔ بھارتی قیادت ہمسایہ ممالک کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے اور بے گناہ انسانوں کے قتل عام کی عادی مجرم قیادت ہے ۔ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ، کشمیریوں پر مظالم ، عالمی برادری کے کسی دبائو کو قبول نہ کرنا ، خطہ میں تھانیداری کے لیے ہر شیطانی کھیل کھیلنا بھارت کا وطیرہ ہے ۔ لائن آ ف کنٹرول اور سیالکوٹ نارووال سیکٹر پر بھارتی جارحیت اور گولہ باری بھارتی عزائم کو ظاہر کر رہی ہے ۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں ، قومی اتفاق رائے سے قومی سلامتی پالیسی بنائی جائے ۔ پاکستان کے ہر دشمن کے مقابلہ میں اٹھارہ کروڑ عوام کو یکسو اور یک جان کیا جائے پاکستان کی داخلہ اور خارجہ پالیسی کو امریکی اور بھارتی وائرس زدہ دانشوروں ، تجزیہ نگاروں اور ماہرین سے بچایا جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ بارش اللہ کی رحمت ہوتی ہے لیکن حکمرانوں او ر انتظامیہ کی بدانتظامی کرپشن اور اداروں کا زوال رحمت کو زحمت بنادیتاہے ۔ بلدیاتی اداروں کا وجود ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بارش اور سیلاب متاثرین کی بلاامتیاز مدد کی جائے ۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے رضا کار فوری فوری طور پر تمام متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں شروع کر چکے ہیں ہمیشہ کی طرح مصیبت زدہ بھائیوں بہنوں کی مدد کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مصیبت کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں، جان و مال کے تحفظ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے: شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ متاثرین سیلاب کی جان و مال کا تحفظ ‘ ریلیف اور بحالی اولین ترجیح ہے اوراس ضمن میں کوئی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ آئندہ دنوں میں کسی بھی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ کم سے کم نقصان ہو۔ ممکنہ سیلاب کی صورت میں عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے اور تمام تر انتظامات مکمل رکھے جائیں۔ ڈویژنل کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ تمام دریائوں میں سیلابی پانی کی صورتحال کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔ متاثرین کیلئے کئے جانے والے امدادی کاموں کو مزید تیز کیا جائے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج تریموں ہیڈ ورکس ضلع جھنگ میں دریائوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ کے دوران کیا ۔ وزیر اعلی پنجاب نے ڈویژنل کمشنرز اور ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ وہ دریائوں میں طغیانی پر کڑی نظر رکھیں اور دریائوں سے ملحقہ علاقوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے خطرہ کی صورت میں لوگوں کو بروقت آگاہ اور ان کے انخلاء کا فوری بندوبست کیا جائے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے متاثرین سیلاب کے لئے خشک راشن ‘ پینے کا صاف پانی ‘ ادویات ‘ خیمہ جات اور دیگر ضروریات کا خاطر خواہ بندوبست کرنے کا بھی حکم دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں دریائوں کے پانی میں متوقع اضافہ کی خطرناک صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے شورکوٹ اور گڑھ مہاراجہ کے درمیان دریائے چناب پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے بغیر حفاظتی بند کے نئے پل کی تعمیر کے باعث دریا کے پانی میں زیادہ اضافہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کمشنر فیصل آباد اور ڈی سی اوجھنگ کو ہدایت کی کہ مفاد عامہ کے لئے اس مسئلے کا فوری حل تلاش کیا جائے اور گڑھ مہاراجہ کو سیلابی پانی سے بچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات فوری طور پر اٹھائے جائیں۔ انہو ںنے کہا کہ اس اہم مسئلے کے حل کیلئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام سے بھی فوری رابطہ کیا جائے تاکہ لوگو ںکے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تریموں ہیڈ ورکس پر اس وقت پانی کا اخراج 81 ہزار کیوسک ہے جبکہ آئندہ چند روز میں اس کے دو لاکھ ساٹھ ہزار کیوسک ہونے کا خدشہ ہے جو کہ درمیانے درجے کا سیلاب ہوگا جس سے خطرہ کی کوئی بات نہیں ہے جبکہ1928ء میں تعمیر ہونے والے تریموں ہیڈ ورکس سے پانی کے اخراج کی استعداد 6 لاکھ 45 ہزار کیوسک ہے ۔ کمشنر سرگودھا نے بتایا کہ دریائے چناب میں طغیانی کے باعث تحصیل کوٹ مومن کا کچھ علاقہ سیلاب سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے اور اس علاقہ کی پانچ ہزار آبادی کے لئے 8 ریلیف سنٹرز قائم کرکے خوراک ‘ ادویات اور دیگر ضروریات کا بندوبست کر لیا گیا ہے ۔ کمشنر ملتان نے مزید بتایا کہ ابھی تک ملتان کے علاقہ میں سیلاب کا خطرہ نہیں تاہم دریا میں پانی کے اضافے سے ممکنہ متاثر ہونے والے علاقوں کے لوگوں کے تحفظ کے لئے تمام تر اقدامات مکمل ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہیڈ تریموں پر پانی کی صورتحال کاجائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کی طرف سے کئے گئے انتظامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ۔ فیصل آباد ‘ ملتان اور سرگودھا ڈویژن کے کمشنرز ‘ چیف انجینئر آبپاشی ملتان زون اور سپرنٹنڈنٹ انجینئر حویلی کینال سرکل ملتان نے وزیراعلیٰ کو سیلاب سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور دریائے جہلم اور چناب میں پانی کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کنٹونمنٹ بورڈ میںبلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف بھر پور حصہ لے گی ،نصراللہ مغل
لاہور(جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنمانصراللہ مغل نے ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کی تیاری کو درس سمت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف بھر پور حصہ لے گی، انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں بھی بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا جلد اعلان کیا جائے اور بلدیاتی الیکشن سیاسی بنیادوں پر ہی کروائیں جائیں تاکہ عوام نچلی سطح پر اپنے نمائندے منتخب کرسکیں۔نصر اللہ مغل نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140-Aکے تحت اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنالازم ہے مگر موجود بلدیاتی نظام جسے حکومت پنجاب اسمبلی سے منظور کروانا چاہتی ہے اس میں ابہام موجود ہے پنجاب حکومت نئے بلدیاتی نظام میں اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کیلئے قانون سازی کرے اور مجوزہ ہیلتھ اور ایجوکیشن اتھارٹی کی سربراہی بھی بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کو دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے مجوزہ بلدیاتی نظام میں خواتین کی نمائندگی کم کردی گئی ہے خواتین کی نمائندگی سابق بلدیاتی نظام کے تناسب سے ہی مقرر کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مصری عوام کا قتل عام کھلی ریاستی دہشت گردی ہے۔ عتیق الرحمن
لاہور(جی پی آئی)مصری عوام کا قتل عام کھلی ریاستی دہشت گردی ہے۔ منتخب صدر محمد مرسی کے مظاہرین کے خلاف سفاکانہ فوجی آپریشن قابل مذمت ہے۔ سید منور حسن کی اپیل پر آج ملک بھر میں شباب ملی بھرپور احتجاج کرے گی۔ ان خیالات کااظہار صدر شباب ملی پاکستان عتیق الرحمن، سیکرٹری جنرل قیصر شریف ، نائب صدر محمد عظیم بلوچ اور ساجد علی چدھڑ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصر میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں پُرامن مظاہرین کا قتل عام فرعونیت کی بدترین مثال ہے۔ دنیا کا ہر ضابطہ پُرامن مظاہروں کی ضمانت دیتا ہے۔ مصر میں نانہاد عبوری حکومت نے پُرامن لوگوں کا قتل عام کر کے تاریخ میں بد ترین باب کا اضافہ کیا ہے۔ مصرکے کروڑوں عوام گزشتہ 48دنوں سے منتخب حکومت پر ڈاکہ زنی کے خلاف پُرامن دھرنا دئیے بیٹھے ہیں۔ انھوں نے کسی موقع پر تشدد یا اشتعال انگیزی کا رستہ اختیار نہیں کیا لیکن جنرل سیسی نے فرعونیت کا رستہ اختیارکرتے ہوئے ایک بار پھر مصر کی سڑکوں کو خون رنگ کر دیا ہے۔ مصر میں مصری قوم اور اخوان المسلمون کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بالآخر امریکا اوراسرائیل کے ہاتھوں میں کھیلنے والے جنرل سیسی اوراس کے حواری بُری طرح ناکام ہوں گے اور مصری قوم کے خون سے ایک لازوال انقلاب برپا ہو گا۔ اس موقع پرانھوں نے کہا کہ سید منور حسن امیر جماعت اسلامی پاکستان کی کال پر شباب ملی 16 اگست کو پورے ملک میں بڑے پیمانے پر مصر کے حالات، بھارت کی جارحیت کے خلاف سرپا احتجاج ہو گی اور جماعت اسلامی کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مصردور جدیدیہ کے فرعونوں نے دور جاہلیہ کے فرعونوں کو ظلم وبربریت میں مات دے دی
لاہور(جی پی آئی)سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین ڈاکٹر رخسانہ جبین نے مصر میںاخوان المسلمون کے احتجاجی دھرنوں اور مظاہروں پرمصری افواج کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کی شرمناک خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ ظلم و بربریت میں دور جدیدیہ کے فرعونوں نے دور جاہلیہ کے فرعونوں کو بھی مات دیدی ہے۔ڈاکٹر جبین نے کہا کہ سیسی کی ا فواج بے گناہ اور نہتے شہریوں ،عورتوں اور بچوں کو قتل کر رہی ہے مگر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔اسلام پسندوں کی معمولی غلطی پر آسمان سر پر اٹھالینے والا میڈیا اتنے بڑے پیمانے پر قتل عام کونظر انداز کئے ہوئے ہے جو کہ دوغلے پن کا ثبوت ہے۔ڈاکٹر رخسانہ جبین نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے کہا کہ وہ مصر کے مجبور عوام اور ان پر ہونے والے مظالم پر آواز اٹھائیں۔ڈاکٹر جبین نے شہداء کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوںکے لئے دعائے صحت کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ اپنے مصری اخوان بھائیوں کے لئے قنوت نازلہ اور خصوصی دعائوں کا اہتمام کریںانہوں نے کہا کہ اللہ کے حضور اس ظلم کے خاتمے کے لئے گڑگڑا کر دعائیں کی جائیں کہ مظلومین کے لئے رحمت ربی جوش میں آئے اور ظالم کیفر کردار تک پہنچیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آزادی کی نعمت کا شکر نظام مصطفےٰ ۖ کے نفاذ ہی سے ادا کیا جاسکتا ہے:ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی
لاہور( جی پی آئی)بانی و سربراہ ادارہ صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ آزادی کی نعمت کا شکر نظام مصطفےٰ ۖ کے نفاذ ہی سے ادا کیا جاسکتا ہے۔فکری غلامی نے آزاد قوم کو غلامانہ طرز حیات پر مجبور کر رکھاہے۔قوم کو فکری غلامی سے نجات دلوانے کیلئے ایک اور تحریک ِآزادی کی ضرورت ہے۔ڈرون اوراندرون حملوںسے نجات کے بغیر جشن آزادی کا منظر بے رنگ نذر آتاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر ادارہ صراط مستقیم پاکستان کے زیر اہتمام روشن ہال میں یوم آزادی سیمینا ر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ کا کروڑوں بار شکر ہے جس نے ہمیں پاکستان جیسا ملک عطا کیا۔ جو ایک نظریاتی سٹیٹ ریاست ،مدینہ شریف کا عکسِ جمیل اور وادی عشق رسول علیہ السلام ہے۔ برصغیر کے مسلمانوں نے آزادی کے حصول کیلئے جو جدوجہد کی تاریخ عالم میں اس کی مثال بہت کم ملتی ہے۔اپنے دین کیلئے بیس لاکھ مسلمانوں کاجام شہادت نوش کرنا اور دو کروڑ مسلمانوں کا ہجرت کرنا بر صغیر کے مسلمانوں کا ایک لازوال کردار ہے۔ افسوس ہے جس ملک کے حصول کیلئے اتنی مقدّس جانوں کا نذرانہ پیش کیا گیا وہ آزادی کے بعد بھی غلامی کی زنجیروں میںجکڑاہو ا نظر آتا ہے ۔انہوں نے کہاآج پاکستان جس طرح بے بسی کی تصویر بنا ہوا ہے یہ اس کی آزادی پر سوالیہ؟ نشان ہے۔ نظریہ پاکستان کی حفاظت ہی یوم آزادی کا نورہے ۔پاکستان پر مُسلّت کی گئی نام نہاد روشن خیالی اور اکھنڈ بھارت کے نظریے کو مسترد کیے بغیرشہداء آزادی کو خراج تحسین پیش نہیں کیا جاسکتا ۔سیمینا ر کی صدارت پیر سیدمحمد نوید الحسن مشہدی نے کی۔اس موقع پر ناصر محمود ایڈووکیٹ ،ڈاکٹر سکندر حیات گوندل اورماسٹر احمد رضا بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مصردور جدیدیہ کے فرعونوں نے دور جاہلیہ کے فرعونوں کو ظلم وبربریت میں مات دے دی
لاہور(جی پی آئی)سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین ڈاکٹر رخسانہ جبین نے مصر میںاخوان المسلمون کے احتجاجی دھرنوں اور مظاہروں پرمصری افواج کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کی شرمناک خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ ظلم و بربریت میں دور جدیدیہ کے فرعونوں نے دور جاہلیہ کے فرعونوں کو بھی مات دیدی ہے۔ڈاکٹر جبین نے کہا کہ سیسی کی ا فواج بے گناہ اور نہتے شہریوں ،عورتوں اور بچوں کو قتل کر رہی ہے مگر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اسلام پسندوں کی معمولی غلطی پر آسمان سر پر اٹھالینے والا میڈیا اتنے بڑے پیمانے پر قتل عام کونظر انداز کئے ہوئے ہے جو کہ دوغلے پن کا ثبوت ہے۔ڈاکٹر رخسانہ جبین نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے کہا کہ وہ مصر کے مجبور عوام اور ان پر ہونے والے مظالم پر آواز اٹھائیں۔ ڈاکٹر جبین نے شہداء کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کے لئے دعائے صحت کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ اپنے مصری اخوان بھائیوں کے لئے قنوت نازلہ اور خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں انہوں نے کہا کہ اللہ کے حضور اس ظلم کے خاتمے کے لئے گڑگڑا کر دعائیں کی جائیں کہ مظلومین کے لئے رحمت ربی جوش میں آئے اور ظالم کیفر کردار تک پہنچیں۔