گجرات کی خبریں 16.7.2013
Posted on July 17, 2013 By Geo Urdu گجرات
ٹی ایم اے گجرات کی نااہلی کی وجہ سے بارش اور گٹروں کا پانی دربار حضرت کبیر الدین شاہدولہ دریائی کے صحن میں داخل ہو گیا
گجرات (جی پی آئی)ٹی ایم اے گجرات کی نااہلی کی وجہ سے بارش اور گٹروں کا پانی دربار حضرت کبیر الدین شاہدولہ دریائی کے صحن میں داخل ہو گیا، کئی گھنٹے زائرین دربار شریف پر حاضری نہ دے سکے، علاقہ کی سیاسی و سماجی شخصیات نے اس پر شدید احتجاج کیا ہے کہ ہے، محکمہ اوقاف اور ٹی ایم اے کے حکام دربار شریف سے پانی کے نکاس کے لئے مناسب اقدامات نہیں کر رہے، جس کی وجہ سے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور گندے پانی کی وجہ سے دربار کا تقدس بھی پامال ہو رہا ہے ، محکمہ نے اس سلسلہ میں مناسب انتظامات نہ کیے تو عوام بھرپور احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممتاز سماجی شخصیت میاں عبدالرشید پگانوالہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا :محمد فاروق نقشبندی
گجرات (جی پی آئی)ممتاز مذہبی شخصیت صاحبزادہ محمد فاروق نقشبندی سنی فورس سرگودھا روڈ گجرات نے اپنے بیان میں ممتاز سماجی شخصیت میاں عبدالرشید پگانوالہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مرحوم بلاشبہ ایسی شخصیت تھیں جو ہمیشہ خدمت خلق کیلئے کوشاں رہے اور انہوں نے اپنی سازی زندگی عوام کی خدمت کیلئے صرف کی اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تھانہ سول لائن گجرات نے دربار کانوواں والی سرکار پر حملہ کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی
گجرات (جی پی آئی)تھانہ سول لائن گجرات نے دربار کانوواں والی سرکار پر حملہ کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، تفصیلات کے مطابق گدی نشین دربار سائیں کرم الٰہی المعروف کانوواں والی سرکار الحاج سائیں اختر حسین کے بھائی سائیں ساجد حسین پر نامزد مسلح افراد صدف الٰہی عرف مجاہد اور آصف الٰہی نے اس وقت حملہ کیا جب دربار شریف پر بیٹھے ہوئے تھے، حملہ کے نتیجہ میں دربار کے خادم مولوی محمد اعظم شدید زخمی ہو گئے ، جنہیں فوری طور پر عزیز بھٹی شہید ہسپتال پہنچایا گیا ، پولیس تھانہ سول لائن نے میڈیکل رپورٹ کے بعد صفدر الٰہی عرف مجاہد اور آصف الٰہی اور تین نامعلوم افراد کے خلاف بجرم 337A,337A1,147اور 149ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہوٹل کھلے
گجرات (جی پی آئی) حکومت پنجاب نے ماہ رمضان المبارک میں ہر قسم کے کھانے پینے کے ہوٹلوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے مگر واضح ہدایت کے باوجود گجرات شہر اور گردونواح میں حکومت پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہوٹل کھلے ہیں جی ٹی روڈ ریلوے اسٹیشن جنرل بس اسٹینڈ ضلع کچہری جیل چوک سرگودھا روڈ سمیت دیگر اہم مقامات پر سر عام کھانوں کی فروخت جاری ہے دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے ان ہوٹل مالکان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی ہوٹلوں میں روزہ خوروں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے گجرات کے سماجی و عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے ہوٹلوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات کے شہریوں کو اپنے معاملات نپٹانے کیلئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے
گجرات (جی پی آئی ) گجرات میں ایس پی ہیڈ کوارٹر ڈی ایس پی ٹریفک سیکرٹری آر ٹی اے موٹر وہیکل ایگزامینر اور ایم ایم پی آئی کی سیٹیں عرصہ دراز سے خالی پڑی ہیں جس کی وجہ سے گجرات کے شہریوں کو اپنے معاملات نپٹانے کیلئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ڈی او سی شجاع قطب بھٹی کے پاس سیکرٹری آر ٹی اے اور سول ڈیفنس کا بھی اضافہ چارج ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا
گجرات (جی پی آئی ) گجرات میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا حبس اور گرمی سے شہریوں کی جان چھوٹ گئی گذشتہ روز گجرات اور گردونواح کے علاقوں لالہ موسیٰ کھاریاں سرائے عالمگیر جلالپورجٹاں کوٹلہ ارب علی خان کنجاہ منگووال ڈنگہ سمیت بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا گرمی اور حبس ختم ہونے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے تمام دن ہلکی بارش اور بادل چھائے رہنے سے گرمی اور حبس ختم ہو گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات میں بارش سے موسم خوشگوار ہونے کے باوجود بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے
گجرات ( جی پی آئی ) گجرات میں بارش سے موسم خوشگوار ہونے کے باوجود بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے گجرات شہر اور گردونواح کے علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل ترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے شہریوں نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے شہریوں نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ختم نہ کئے جانے پر احتجاج کا اعلان کر دیا افطاری سحری اور نماز تراویح کے وقت لوڈشیڈنگ معمول بن چکا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات کی یونین کونسل 49 میں واٹر سپلائی پانی کی بندش سے اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے
گجرات (جی پی آئی ) گجرات کی یونین کونسل 49 میں واٹر سپلائی پانی کی بندش سے اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے یونین کونسل 49 کے اکثر علاقوں میں گذشتہ دو روز سے پانی کی بندش سے اہل علاقہ کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے پانی بند ہونے کے باعث روزہ داروں کو بھی مشکلات درپیش ہیں جبکہ خواتین کو گھریلو کام کاج اور افطاری اور سحری کے وقت پانی کی عدم دستیابی سے ان کے کام متاثر ہو رہے ہیں اہل علاقہ نے ٹی ایم اے کے اعلیٰ حکام سے پانی کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
موضع دالی بانٹھ ڈیرہ پر آکر توڑ پھوڑ کرنے اور انجیکٹر پمپ چوری کرنے پر تھانہ کنجاہ میں 6نامزد دو نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج
گجرات (جی پی آئی ) موضع دالی بانٹھ ڈیرہ پر آکر توڑ پھوڑ کرنے اور انجیکٹر پمپ چوری کرنے پر تھانہ کنجاہ میں 6نامزد دو نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج ۔تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ کنجاہ نے دلاور حسین ولد محمد شریف کی درخواست پر صغیر احمد ولد منظور حسین، محمد اشفاق ولد محمد لطیف، فیصل لطیف ، رفاقت ولد محمد شریف، محمد بوٹا ولد غلام رسول، محمد لطیف ولد علی کیخلاف ٹریکٹر پر سوار ہو کر ڈیرا پر آکر توڑ پھوڑ کرنے ، بجلی کا سیمنٹ والاکھمبا توڑنے اور انجیکٹر چوری کرنے پر مقدمہ نمبر 457زیر دفعہ 379/427ت پ درج کر کے کاروائی شروع کر دی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رمضان سستا بازار عوام کی خدمت کی ایک کڑی ہے :میاں اکمل حسین
گجرات (جی پی آئی)رمضان سستا بازار عوام کی خدمت کی ایک کڑی ہے، میاں شہباز شریف کی سربراہی میں صوبہ بھر میں لگائے گئے رمضان سستا بازاروں میں لوگوں کو اشیاء صرف کی اشیاء سستے داموں میسر ہیں، ان خیالات کا اظہار ممبر رمضان سستا بازار کمیٹی میاں اکمل حسین نے شاہجہانگیر روڈ پر منعقدہ رمضان سستا بازار کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ اگر ہر شہری اپنے فرض کو پہچانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کرے تو رمضان سستا بازار بہتر انداز میں کام کر سکتے ہیں، ہم نے گجرات میں حاجی ناصر محمود کی سربراہی میں رمضان سستا بازار قائم کیے ہیں ، انتظامیہ کے افسران معیار اور وزن کو مد نظر رکھتے ہیں، اس موقع پر محمد اشرف آڑھتی، محمد آصف مارکیٹ کمیٹی گجرات و دیگر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کو سرکاری ہسپتالوں میں ایک سال کی ہائوس جاب سہولیات مہیا کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا
گجرات (جی پی آئی)حکومت پنجاب نے ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کو سرکاری ہسپتالوں میں ایک سال کی ہائوس جاب سہولیات مہیا کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، پاکستان ہومیو کمیونٹی گجرات کے ترجمان ڈاکٹر انجم نور دین کے مطابق یہ نوٹیفکیشن اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی درخواست پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسسز نے جاری کیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق وہ ہومیو ڈاکٹرز جو ڈی ایچ ایم ایس ڈپلومہ پر کسی بھی یونیورسٹی سے بی ایس سی (ہومیو)کا ایکوینلس سرٹیفکیٹ یا بی ایچ ایم ایس کی ڈگری رکھتے ہیں، وہ پنجاب کے سرکاری ٹی ایچ کیو یا ڈی ایچ کیو ہسپتالوں سے ایک سال کی ہائوس جاب مکمل کر سکتے ہیں، انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسسز ہومیو پیتھک ڈاکٹر جمیل اختر غوری کو خراج تحسین پیش کیا ، جنکی یہ ذاتی کوشش سے جاری ہوا، انہوں نے بتایا کہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایم بی بی ایس اور ہو میو ڈگری کورس بی ایچ ایم ایس کا استحقاق برابر ہیں، ہو میو ڈگری کورس کو ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ایم ایس سی کے برابر قرار دیا گیا، جس طرح کہ ایم بی بی ایس بھی ایم ایس سی کے برابر ہے، ایم بی بی ایس ڈاکٹرز اور بی ایچ ایم ایس ڈاکٹرز سرکاری آسامیوں پر نہ صرف گریڈ 17میں بھرتی ہو سکتے ہیں، بلکہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق ایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلوں کے لئے بھی اہل ہے، ڈاکٹر انجم نور دین نے بتایا کہ یونیورسٹی آف گجرات کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا کہ ہومیو ڈگری کورس کو جامعہ گجرات میں بھی شروع کرنے کے لئے پہلے سرکاری ہسپتالوں کو ہائوس جاب کیلئے ہومیو کالجز سے متصل کیا جا ئے انہوں نے کہا کہ اب یہ مطالبہ بھی پورا ہو گیا اس لئے یونیورسٹی آف گجرات میں بی ایچ ایم ایس ڈگری کورس کا اجراء فی الفور کیا جائے، گجرات ہومیو کمیونٹی نے یہ نوٹیفکیشن یونیورسٹی آف گجرات کی بی ایچ ایم ایس کمیٹی کے حوالے کر دیا ہے، جو اس ماہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دربار سائیں کرم الٰہی سرکار پر کسی کا کوئی قبضہ نہیں اور دربار کے دروازے پر خاص و عام کے لئے کھلے ہیں :سائیں اختر حسین
گجرات (جی پی آئی)دربار سائیں کرم الٰہی المعروف سائیں کانوواں والی سرکار پر کسی کا کوئی قبضہ نہیں اور دربار کے دروازے پر خاص و عام کے لئے کھلے ہیں، ان خیالات کاا ظہار گدی نشین آستانہ عالیہ کانوواں والی سرکار سائیں الحاج اختر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہم حضرت سائیں کرم الٰہی المعروف سائیں کانوواں والی سرکار کے خانوادے ہیں اور ہمارا خاندان شروع سے ہی دربار پر بطور خادم ڈیوٹی دے رہا ہے اور زائرین کی خدمت کیلئے دربار پر موجود ہوتے ہیں، اور جو لوگ دربار شریف پر ویلفیئر کے کام نہیں ہونے دیتے اور جنہوں نے محکمہ اوقاف کے کاموں میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے عدالتوں میں اسٹے آرڈر لیے وہ آج ہم پر الزامات لگا رہے ہیں، وہ کس منہ سے گدی نشینی کے دعوے دار ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم دربار پر کسی کو غنڈا گردی نہیں کرنے دیں گے اور دربار شریف پر آنے والی مائوں بہنوں کا تحفظ کریں گے اور قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیں گے، محکمہ اوقاف اور حکومت پاکستان کا ریکارڈ گواہ ہے ہے کہ ہم نے تمام ٹیکس اور حکومتی واجبات ادا کرنے کے بعد دربار کا ٹھیکہ حاصل کیا الحاج سائیں اختر حسین نے کہا کہ دربار شریف پر ہونے والے سالانہ عرس مبارک، محافل، میلاد اور گیارہویں شریف کے ختم کا انتظام اپنی گرہ سے کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کسی بھی معاملہ کو اس کے صحیح تناظر میں دیکھنے کے لیے اعداد و شمار بہت اہمیت رکھتے ہیں:پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین
گجرات (جی پی آئی)کسی بھی معاملہ کو اس کے صحیح تناظر میں دیکھنے کے لیے اعداد و شمار بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ دور حاضر میں مختلف مسائل کا حل اس مسئلہ کے متعلق جمع شدہ اعداد و شمار کے ایماندارانہ تجزیہ کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔ آج کی بدلتی دنیا میں اعداد و شمار کے صحیح تجزیہ سے ہی وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہے ۔ میں ڈاکٹر عاطف اور ان کی ٹیم کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ریسرچ طریق کار سے اہم موضوع پر ایم فل کے طالب علموں اور نوجوان اساتذہ کے لیے اس ورکشاپ کا اہتمام کیا ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین نے شعبہ معاشیات کے زیر اہتمام ریسرچ طریق کار سے متعلق منعقدہ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں یونیورسٹی آف گجرات میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ ریسورسز سنٹر تمام شعبہ جات میں وسیع پیمانہ پر اس قسم کی ورکشاپس منعقد کروانے کے لیے سرگرم عمل ہو جائیگا۔ شعبہ معاشیات کے زیر اہتمام منعقدہ اس دو روزہ ورکشاپ کا مقصد ایم فل کے طالب علموں اور نوجوان اساتذہ کو ریسرچ کے طریق کار سے روشناس کروانا اور آگاہی بخشنا تھا ۔ اس ورکشاپ میں SPSS کے ذریعے ایم فل کے طالب علموںاور نوجوان اساتذہ کو شماریاتی اور تجزیاتی مہارتوں کو بڑھانے کے طریق کار سے آگاہ کیا گیا۔ یونیورسٹی آف گجرات کے شعبہ معاشیات اور شعبہ سوشیالوجی سے تقریباً35 طالب علموں اور نوجوان اساتذہ نے اس ورکشاپ میں شرکت کی ۔ اس ورکشاپ کے انسٹرکٹر کے فرائض سرگودھا یونیورسٹی کے شعبہ معاشیات کے چیئر مین ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے سر انجام دیئے جنہوں نے حال ہی میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کی سند حاصل کی ہے۔ اس ورکشاپ کی آرگنائزنگ ٹیم میں صدر شعبہ معاشیات ڈاکٹر عاطف علی جعفری، لیکچرر شعبہ معاشیات سید بدر حسنین رضوی، ریسرچ آفیسر روما اسجد اور ایسوسی ایٹ لیکچرر منیبہ ثناء شامل تھے۔ ورکشاپ کے اختتام پر ٹریژرر اور ایکٹنگ رجسٹرار UOG طارق سعید نے شعبہ معاشیات کی کوششوں کو سراہا اور ورکشاپ کے تمام شرکاء میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے۔