گجرات کی خبریں 17.7.2013

صحافی کالونی گجرات کے مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا جائیگا
گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر وقار حیدر نے کہا ہے کہ صحافی کالونی گجرات کے مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا جائیگا، وہ گزشتہ روز صحافی کالونی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ مجھے دیکھ کر افسوس ہوا ہے کہ ہائوسنگ ڈیپارٹمنٹ صحافی کالونی کی طرف توجہ نہیں دے رہا، پانی و بجلی کے مسائل کی وجہ سے یہ کالونی آباد نہیں ہو رہی، میں DGPR، کمشنر، ڈی سی او گجرات اور وزیراعلیٰ پنجاب تک صحافیوں کی آواز پہنچائوں گا، اور یہاں پر موجود مسائل کے حل کیلئے اقدامات کیے جائینگے، اس موقع پر ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ، نوازش علی نوازش، راجہ ریاض احمد راسخ و دیگر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کے سلسلہ میں ڈی سی او آفس گجرات میں خصوصی میٹنگ منعقد ہوئی ،
گجرات (جی پی آئی) پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کے سلسلہ میں ڈی سی او آفس گجرات میں خصوصی میٹنگ منعقد ہوئی، جس کی صدارت ڈی سی او گجرات آصف بلال لودھی نے کی، اجلاس کے دوران ڈی سی او گجرات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو اپنے فرائض سے غفلت برتنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، اور جو لوگ اپنی ڈیوٹی سے غفلت برتتے ہیں، کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی، پولیو ڈیوٹی صحیح طریقہ سے سرانجام نہ دینے والے ملازمین کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی، انہوں نے کہا کہ این جی اوز، علمائے کرام، ہومیو ڈاکٹرز و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی معاونت سے پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائیگا ، ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ چوہدری عدنان، چوہدری منظور وڑائچ، سید الطاف عباس کاظمی، خادم علی خادم، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری اور میری سٹوک کے نمائندہ ارشد بھی موجود تھے، ڈی سی او گجرات نے کہا کہ فیملی پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کو محکمہ صحت کی طرف سے سہولیات فراہم کی جائینگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
درجنوں افراد کا ای ڈی او ہیلتھ کے آفس کے باہر BHUگورالہ کی لیڈی ڈاکٹر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
گجرات (جی پی آئی)درجنوں افراد کا ای ڈی او ہیلتھ کے آفس کے باہر BHUگورالہ کی لیڈی ڈاکٹر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ، تفصیلات کے مطابق گورالہ کے رہائشی درجنوں افراد گزشتہ روز ای ڈی او ہیلتھ کے آفس پہنچ گئے اور BHUگورالہ میں تعینات لیڈی ڈاکٹر سمیرا کے ناروا رویہ کے خلاف احتجاج کیا، اور بتایا کہ لیڈی ڈاکٹر عرصہ دراز سے اس جگہ پر تعینات ہے لیکن عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے، اور BHUسنٹر جانے والے افراد کو نظر انداز کیا جاتا ہے اور من پسند افراد کو BHUسنٹر میں داخلہ کی اجازت اور وہ لوگ ہی میڈیکل کی سہولت سے آراستہ ہو رہے ہیں، علاقہ کی 80فیصد آبادی لیڈی ڈاکٹر کے ناروا رویہ اور غیر ذمہ داری کی وجہ سے سخت نالاں ہیں، لہٰذا حکومت پنجاب BHUگورالہ سنٹر میں نئی لیڈی ڈاکٹر کو تعینات کرے اور سنٹر کو عام آدمی کیلئے سہولیات فراہم کرنے کا پابند بنایا جائے، تا کہ عام آدمی صحت کی بنیادی سہولتوں سے آراستہ ہو سکیں، مظاہرہین کا کہنا تھا کہ لیڈی ڈاکٹر سمیرا انتہائی بااثر ہیں ِ جس کی وجہ سے وہ ایک عرصہ سے یہاں پر تعینات ہیں، اور عوام کو جان بوجھ کر تنگ کیا جاتا ہے اور دوسرے سنٹرز میں جانے پر مجبور کیا جاتا ہے، ای ڈی او آفس کے عملہ نے احتجاجی مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کیے اور ان سے تحریری شکایات وصول کرتے ہوئے یقین دلایا کہ BHUسنٹر گورالہ میں جلد نیا عملہ تعینات کر دیا جائیگا اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منظور حسین وڑائچ ریٹائرڈ پرنسپل صدر حسینیہ ٹرسٹ رجسٹرڈ گجرات ممبر و ڈویژنل امن کمیٹی گوجرانوالہ نے کہا کہ میاں عبدالرشید پگانوالہ کی موت سے انسانی ہمدردی، خدمت خلق، شرافت اور افلاس کا ایک باب بند ہو گیا
گجرات (جی پی آئی) منظور حسین وڑائچ ریٹائرڈ پرنسپل صدر حسینیہ ٹرسٹ رجسٹرڈ گجرات ممبر و ڈویژنل امن کمیٹی گوجرانوالہ نے کہا کہ میاں عبدالرشید پگانوالہ کی موت سے انسانی ہمدردی، خدمت خلق، شرافت اور افلاس کا ایک باب بند ہو گیا ، موت ایک اٹل حقیقت ہے ، اس کا وقت متعین ہے، ہر ذی روح نے اس دنیا سے کوچ کرنا ہے، لیکن کچھ شخصیات کی موت سے معاشرے میں خلا پیدا ہو جاتا ہے، میاں عبدالرشید پگانوالہ مرحوم انسانی ہمدردی، خدمت خلق اور شرافت کا پیکر تھے، ضرورت مند انہیں رستے میں روک لیتے آپ انکی بات غور سے سنتے اور انکی داد رسی کیلئے پوری کوشش کرتے ، اس سلسلہ میں زمانہ اقتدار میں جب وہ ایم پی اے تھے کوئی فرق ان میں دیکھنے میں نہیں آیا، میرے تو وہ کلاس فیلو اور گہرے دوست تھے، میں ایک قابل اعتماد دوست سے محروم ہو گیا ہوں، لیکن مریض غریب اور بے سہارا لوگ بھی انکی موت کو شدت سے محسوس کر رہے ہیں ، کیونکہ خدمت خلق کیلئے انہوں نے اپنی زندگی وقف کی ہوئی تھی وہ کسی کو بھی تکلیف نہیں دیکھ سکتے تھے، انجمن بہبودی مریضاں بھی انکی خدمات کو بھلا نہیں سکے گی، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان کی آئندہ زندگی آسان کرے، انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور انکے بچوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میاں برادران کی زیر قیادت حکومت نے توانائی کے بحران پر قابو پا کر اندھیر ے ختم کرنے کا چیلنج قبول کیا ہے:شاہد گوندل
گجرات(جی پی آئی)وزیر اعلی ٰ پنجاب کے کوآرڈینیٹر برائے توانائی شاہد ریاض گوندل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت نے توانائی کے بحران پر قابو پا کر اندھیر ے ختم کرنے کا چیلنج قبول کیا ہے ، اس مقصد کے لئے نئے منصوبہ جات کے ساتھ موجودہ وسائل کو بھی پوری استعداد اور صلاحیت سے استعمال کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شادیوال پاور پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ایس ای منگلا عبدالقیوم بابر اور ریذیڈنٹ ڈائریکٹر شادیوال راجہ صغیر احمد نے انہیں بریفنگ دی۔ ڈی سی او گجرات آصف بلال لودھی، ایم این اے چوہدری جعفر اقبال، ایم پی ایز حاجی عمران ظفر، نوابزادہ حیدر مہدی، سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود، ایس ای گیپکو گجرات محمد شبیر طور، اے ای ایس او فیاض احمد موہل، ایس ڈی او محمد اشرف اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلی ٰ پنجاب کے کوآرڈینیٹر برائے توانائی شاہد ریاض گوندل نے کہاکہ موجودہ بدترین لوڈ شیڈنگ نے معیشت تبا ہ کرکے رکھ دی ہے ان حالات میں بجلی کا ہر واٹ، کلو واٹ اور میگا واٹ قوم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی ترجیح پاور جنریشن کے ایسے منصوبے ہیں جن سے حاصل ہونے والی بجلی عوام کی قوت خریدسے باہر نہ ہو۔ شاہد ریاض گوندل نے بتایا کہ شادیوال پاور ہاوس میں بجلی پید اکرنے کی صلاحیت 13.5میگا واٹ ہے جبکہ اس وقت یہ پاور ہاوس 3.8میگا واٹ بجلی پیدا کر رہا ہے جو اسکی کل استعداد کا 25فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے جو وسائل درکار ہوئے وہ فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی ٰ پنجاب کی ہدایت پر تین ہفتے قبل انہوں نے رسول پاور اسٹیشن کا دورہ کیا تھا جہاں اس وقت 4میگا واٹ بجلی پید ا ہو رہی تھی لیکن اب پر وڈکشن 12میگا واٹ تک پہنچ چکی ہے اسی طرح شادیوال پاور پر اجیکٹ کی پیداواری صلاحیت بھی بڑھائی جائے گی۔ شاہد ریاض گوندل نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں کہیں بھی ایک لمحے کے لئے بجلی بند نہ ہو تاہم مجبورا بجلی بند کرنا پڑتی ہے جس کی وجہ گذشتہ حکومت کی طرف سے بجلی کی پیداوار پر توجہ نہ دینا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کا سسٹم بھی بر ی طرح ناکا رہ ہو چکا ہے اور اگر بیک وقت مزید 6ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے تو ترسیلی نظام اسکی صلاحیت ہی نہیںرکھتا۔ انہوں نے بتا یا کہ ترسیلی نظام کی بہتری این ٹی ڈی سی کی ذمہ داری ہے لیکن گذشتہ پانچ سال میں اس جانب توجہ ہی نہیں دی گئی۔ شاہد ریاض گوندل نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا ہے جس کے نتیجے میں چینی کمپنیاں دوبارہ نندی پور پاور پراجیکٹ پر کام شروع کرنے پر آمادہ ہوئی ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ اس پرا جیکٹ کی لاگت 22ارب روپے سے بڑھ کی 57ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیلم جہلم ہائیڈل پر اجیکٹ کی تکمیل سے 950میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی جبکہ وزیر اعظم پاکستان نے ہدایت کی ہے کہ پر اجیکٹ کی تکمیل تک ترسیلی نظام بھی مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیح شفافیت ہے یہی وجہ ہے کہ سرمایہ کار پاکستا ن کا رخ کر رہے ہیں۔ قبل ازیں شاہد ریاض گوندل نے شادیوال پاور ہائوس کا معائنہ بھی کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لبیک یا رسول اللہ ۖ گجرات کا ایک اہم اجلاس صاحبزادہ پیر رضوان منصور آوانی زیب سجادہ نشین آستانہ عالیہ آوان شریف و مہمدہ شریف منعقد ہوا
گجرات (جی پی آئی) لبیک یا رسول اللہ ۖ گجرات کا ایک اہم اجلاس صاحبزادہ پیر رضوان منصور آوانی زیب سجادہ نشین آستانہ عالیہ آوان شریف و مہمدہ شریف منعقد ہوا ، تلاوت و نعت کے بعد لبیک یا رسول اللہ ۖ کے روح رواں محمد عمر شریف قادری نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی اور بتایا کہ انشاء اللہ 14اگست 2013ء کو بارہ مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیوں کا پروگرام ہو گا ، جس میں آپ سب ساتھیوں کے تعاون سے بچیوں کیلئے جہیز کا انتظام کیا جائیگا ، صاحبزادہ پیر محمد رضوان منصور آوانی نے عمر شریف قادری کو یقین دہانی کرائی کہ اجتماعی شادیوں کیلئے وہ بھی جہیز کا سامان لیکر دینگے ، جبکہ پنجاب نعت کونسل کے صدر شیخ عرفان پرویز نے 25ہزار روپے مالیت کا سامان لیکر دینے کا وعدہ کیا اجلاس میں دیگر ممبران نے بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، اجلاس میں افتخار احمد، علی گویا، زاہد پہلوان، میاں جمال صفدر، اقبال صراف، صدر پنجاب نعت کونسل شیخ عرفان پرویز، صدر قمر اکیڈمی خاور بشیر بٹ گولڑوی، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری، نثار احمد نثاری ، صاحبزادہ عبدالرحمن آوانی، عارف شاہد گوندل و دیگر بھی شریک تھے، درخواستیں وصول کرنے کا عمل طے پاگیا ہے، اب درخواستوں کی چھان بین ہو رہی ہے، اور جو بچیاں زیادہ مستحق ہوئیں، انہیں پہلے مرحلے میں رکھا جائیگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سابق چیئرمین بلدیہ چوہدری محمد طفیل کی ہمشیرہ محترمہ اور AVPنیشنل بینک آف پاکستان چوہدری محمد افضل طاہر کی اہلیہ محترمہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے ختم چہلم
گجرات (جی پی آئی) سابق چیئرمین بلدیہ چوہدری محمد طفیل کی ہمشیرہ محترمہ اور AVPنیشنل بینک آف پاکستان چوہدری محمد افضل طاہر کی اہلیہ محترمہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے ختم چہلم آج 18جولائی 2013بروز جمعرات بعد نماز عصر مرکز تبلیغ اسلامی نزد دربار حضرت سائیں کانوواں والی سرکار گجرات میں ہو گا، سات بجے ختم شریف و دعا ہو گی اور انشاء اللہ سات بج کر پندرہ منٹ پر روضہ افطار کیا جائیگا، ایصال ثواب کی محفل پاک میں شرکت فرما کر ثواب دارین حاصل کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے صدر چوہدری علی ابرار جوڑا کے والد محترم سابق ناظم یونین کونسل 58الحاج چوہدری ابرار اصغر جوڑا کی چھٹی برسی کی بابرکت محفل پاک مسجد خواجگان قبرستان میں منعقد ہوئی
گجرات (جی پی آئی)سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے صدر چوہدری علی ابرار جوڑا کے والد محترم سابق ناظم یونین کونسل 58الحاج چوہدری ابرار اصغر جوڑا کی چھٹی برسی کی بابرکت محفل پاک مسجد خواجگان قبرستان میں منعقد ہوئی، نقابت کے فرائض شہنشاہ نقابت خاور بشیر بٹ گولڑوی نے سرانجام دئیے، تلاوت قرآن پاک کا شرف قاری محمد بلال نے حاصل کیا اور ممتاز ثناء خوانِ سید دلدار حسین شاہ نے ہدیہ نعت پیش کیا، جبکہ ممتاز مذہبی سکالر حضرت علامہ مولانا پیر صاحبزادہ محمد ظہیر الدین معظمی نظامی ناظم قمر العلوم گجرات اور نوجوان مذہبی سکالر حضرت علامہ مولانا محمد آصف نے روضے کے فضائل اور والدین کی عظمت پر خصوصی خطاب کیا برسی کی بابرکت محفل میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی، نمایاں شخصیات میں سابق امیدوار حلقہ پی پی 111چوہدری سلیم سرور جوڑا، سابق ناظم چوہدری نجیب اشرف چیمہ، سابق ناظم چوہدری اصغر تیل والا، انجمن آرائیاں پنجاب کے نائب صدر مہر سعید انور سونی ، پاکستان تحریک انصاف تحصیل گجرات کے صدر عرفان سلیم بٹ، سٹیزن فرنٹ کے نائب صدر ضلع محمد اشرف منہاس ، جنرل سیکرٹری محمد یاسین ناصر، فنانس سیکرٹری راجہ محمد اعجاز، سیکرٹری اطلاعات عامر چوہدری ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری پروفیسر گلزار احمد گولڑوی، سٹیزن فرنٹ سٹی گجرات کے صدر شیخ عرفان پرویز ، سینئر نائب صدر محمد الیاس راجپوت ، نائب صدر سیٹھ یعقوب سیٹھی، نائب صدر حاجی مہر ممتاز احمد ، فنانس سیکرٹری طارق سلامت ، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر رزاق احمد غفاری، ممبران سپریم کونسل گلنواز ، ملک فراز، حاجی محمد ریاض ، نصر اللہ بھٹٰ، اسد اللہ طاہر ، لعل باز خان، تنویر بھٹی، محمد عارف عطاری ، حافظ شفیق آرزو، ممتاز سیاسی و سماجی راہنما چوہدری وقار حسین جوڑا ، چوہدری اکبر حیات جوڑا، مہر تنویر احمد، حمید اللہ بھٹی، خان دلاور خان، چوہدری محمد اصغر ، چوہدری اختر حسین جوڑا ، چوہدری نبیل اختر جوڑا، خرم جاوید جوڑا، مہر طیب، مرزا امتیاز ، راجہ عمر آفتاب، چوہدری زرغام وسیم جوڑا ، ناصر وریال ، سید آصف رضا نقوی، نعیم سندھو ایڈووکیٹ ، کلیم اختر جوڑا ، چوہدری حسین وقار جوڑا ، چوہدری احمد وقار جوڑا ، ملک شاہد ، محمد فاروق، محمد آصف ، مہر محمد شفیق ، ڈاکٹر ارشد چوہدری ، سیٹھ جاوید صراف ، ہاشم زیب جوڑا ، محمود اختر محمود، مقبول الٰہی بٹ و دیگر شامل تھے، بعد ازاں ختم شریف اور خصوصی دعا ہوئی اور محفل پاک میں شرکت کرنے والے تمام شرکاء کو افطار ڈنر بھی دیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر مصالحتی کمیٹیز چوہدری عمر گجر یورپی یونین کے دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
گجرات (جی پی آئی)ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر مصالحتی کمیٹیز چوہدری عمر گجر ڈنمارک ناروے پولینڈ اٹلی سوئٹز رلینڈ اور سپین کے ایک ماہ کے دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ۔ انہوں نے سکینڈے نیوین کے مختلف ممالک کی سماجی تنظیموں کی طرف سے دی گئی دعوت پر خصوصی دورہ کیا ۔ پاکستان سے مختلف ممالک میں آئے ہوئے مختلف برادریوں کے افراد کے آپس میں تنازعات چل رہے تھے جن کی صلح کا انہیں مشن سونپا گیا تھا۔ چوہدری عمر گجر پاکستان میں گجرات کی مصالحتی کمیٹیوں کے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور انہیں ضلع گجرات میں اعلیٰ پولیس افسران کی طرف سے کئی قتلوں کے وَیر اور خاندانی دشمنیاں ختم کروانے پر تعریفی سرٹیفکیٹس اور اسناد دی جاچکی ہیں۔ ضلع گجرات میں ”امن کے سفیر کے نام سے پہچان رکھنے والے چوہدری عمر گجر نے ڈنمارک ناروے اٹلی اور سپین میں مقیم ضلع گجرات کے رہائشی کئی خاندانوں کے آپس میں تنازعے حل کروائے اور انہوں نے سکینڈے نیویا میں بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیا۔ چوہدری عمرگجر نے وطن واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے دور رہ کر میرا ایک دن بھی سکون سے نہیں گزرا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ناروے ڈنمارک اٹلی سپین سوئٹز ر لینڈ کی بلند و بانگ عمارتوں میں بڑی کشش ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستان کے دیہاتوں کی مٹی کی کشش آج بھی ان بلند و بانگ عمارتوں کی کشش سے بہت زیادہ ہے اور اپنے شہر کے کچے مکان بھی مجھے سوئٹزر لینڈ سے خوبصورت دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے جو مشن سونپا گیاتھا خدا کے فضل و کرم سے اس پرپورا اترا ہوں۔ تارکین وطن ملک وقوم کا سرمایہ ہیں’ انہیں آپس میں محبت اوربھائی چارے کو فروغ دینا چاہئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مہر محمد افضل آف جلالپور جٹاں ناروے میں مقیم ہونے کے باوجود اسلامی طرز زندگی کو اہمیت دیتے ہیں
گجرات (جی پی آئی ) گجرات کے رہائشی بزنس مین نے ناروے میں بھی اپنے خاندان کو غیر اسلامی رسم و رواج میں نہ رنگنے دیا۔ تفصیلات کے مطابق گجرات علاقہ جلالپور جٹاں کے رہائشی چوہدری مہر محمد افضل کئی سالوں سے نارروے میں مقیم ہیں ‘ ان کی پوری فیملی بھی ان کے ساتھ رہ رہی ہے لیکن یہ بڑی حیران کن بات ہے کہ چوہدری مہر محمد افضل کا خاندان کئی سالوں سے ناروے میں رہائش پذیر ہونے کے باوجود اپنے آپ کو اسلامی روایات اور اقدار کا پابند رکھے ہوئے نظرآتا ہے۔ چوہدری مہر محمد افضل اور ان کے خاندان کے تمام افراد ‘ مرد و خواتین اور ان کے بچے ناروے میں رہنے کے باوجود پاکستانی لباس پہنتے ہیں اور نماز پنجگانہ کے پابند ہیں۔ گھر میں مکمل اسلامی اور پاکستانی ماحول نظر آتا ہے۔مہر محمد افضل نے ناروے میں بھی اپنے ہمسائیوں کے ساتھ بھائی چارے کو فروغ دیا ہے جبکہ ناروے کے رسم و رواج کے مطابق ہمسائیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ کوئی سروکار نہیں ہوتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات کی یونین کونسل مدینہ سیداں میں واٹر سپلائی پانی کی بندش سے اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے
گجرات (جی پی آئی) گجرات کی یونین کونسل مدینہ سیداں میں واٹر سپلائی پانی کی بندش سے اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے یونین کونسل مدینہ سیداں میںکے اکثر علاقوں میں گذشتہ دو روز سے پانی کی بندش سے اہل علاقہ کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے پانی بند ہونے کے باعث روزہ داروں کو بھی مشکلات درپیش ہیں جبکہ خواتین کو گھریلو کام کاج اور افطاری اور سحری کے وقت پانی کی عدم دستیابی سے ان کے کام متاثر ہو رہے ہیں اہل علاقہ نے ٹی ایم اے کے اعلیٰ حکام سے پانی کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مرکزی انجمن تاجران چوک پاکستان کے جنرل سیکرٹری ملک جاوید اختر اعوان اور صدر چوہدری خالد اصغرنے سابق ایم پی اے میاں عبد الرشید پگانوالہ کی ناگہانی وفات پر دلی صدمے کا اظہار کیا ہے
گجرات(جی پی آئی)مرکزی انجمن تاجران چوک پاکستان کے جنرل سیکرٹری ملک جاوید اختر اعوان اور صدر چوہدری خالد اصغرنے سابق ایم پی اے میاں عبد الرشید پگانوالہ کی ناگہانی وفات پر دلی صدمے کا اظہار کیا ہے اُنھوں نے مرحوم کے بیٹوں ڈاکٹر فیصل رشید پگانوالہ اور ڈاکٹر بلال رشید پگانوالہ سے اظہار افسوس کیا اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔ملک جاوید اختر اعوان نے کہا میاں عبد الرشید پگانوالہ غریب مریضوں کے سر پر سایہ تھے ۔انجمن بہبود مریضاں کے بانی تھے ۔اس انجمن کو اُنھوں نے اپنی اولاد کی طرح پروان چڑھایا اور غریب مریضوں کی بے لوث خدمت کی ۔انھوںنے عوامی خدمت کا دائرہ وسیع کیا ۔اُنھوں نے عوامی فلاح و بہبود کیلئے اپنی ذاتی زندگی کی قربانی دی۔چوہدری خالد اصغر نے کہامیاں عبدا لرشید پگانوالہ گجرات کا سرمایا اور اہل گجرات کے لئے باعث فخر تھے ۔اُنکا اوڑھنا بچھونا انسانیت کی خدمت تھی۔اُنھوں نے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی ۔عوام اُن پر بھر پور اعتماد کرتے تھے اور انجمن بہبود مریضاں کیلئے لاکھوں کے فنڈز دیتے تھے۔اُنکی وفات سے پیدا ہونیوالا خلا پورا ہونا ممکن نہیں وہ خدا ترس اور نیک دل انسان تھے اُنکی خدمات رہتی دنیا تک زندہ جاوید رہیں گی۔