گجرات کی خبریں 21.06.2013

آستانہ عالیہ مہمدہ شریف میں ماہانہ محفل گیارہویں شریف عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی
گجرات (جی پی آئی ) آستانہ عالیہ مہمدہ شریف میں ماہانہ محفل گیارہویں شریف عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس کی صدارت زیب سجادہ نشین آستانہ عالیہ مہمدہ شریف پیر رضوان منصور آوانی نے کی، جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم عارف شاہد گوندل، محمد امین، سلیم مہروی و دیگر نے پیش کی، ملک کی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور لنگر تقسیم کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آج سٹیزن فرنٹ ضلع و سٹی گجرات کا اجلاس چار بجے چوہدری علی ابرار جوڑا کی رہائشگاہ پر منعقد ہو گا
گجرات (جی پی آئی )آج سٹیزن فرنٹ ضلع و سٹی گجرات کا اجلاس چار بجے چوہدری علی ابرار جوڑا کی رہائشگاہ پر منعقد ہو گا، جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا، جبکہ بعد ازاں پانچ بجے ایک فکری نشست منعقد ہو گی ، جس میں سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ خطاب کرینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حضرت کبیر الدین شاہدولہ دریائی کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کے سلسلہ میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ہیں
گجرات (جی پی آئی ) حضرت کبیر الدین شاہدولہ دریائی کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کے سلسلہ میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ہیں، دربار کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے، محکمہ اوقاف کی طرف سے دربار و مسجد کی تزئین و آرائش کے سلسلہ میں ہنگامی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے، تا کہ عرس کے موقع پر زائرین کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان اور بیرون ملک پاکستانیوں کی تنظیم کا قیام عمل میں آ گیا ہے
گجرات (جی پی آئی ) پاکستان اور بیرون ملک پاکستانیوں کی تنظیم کا قیام عمل میں آ گیا ہے، جس کا مقصد ملک میں متناسب نمائندگی کے حوالہ سے انتخابات کا انعقاد ہے، ایک اجلاس جس میں قاضی شاہد رشید ایڈووکیٹ ، محمد عثمان وڑائچ ایڈووکیٹ، ملک یاسر محمود ایڈووکیٹ، پیرس میں مقیم پاکستانیوں جن میں میرمحمد یونس وزیرآباد ، میاں خالد لالہ موسیٰ، سلیمان خان کراچی، ملک لائق راولپنڈی ، نعیم رضا گجرات و دیگر نے شرکت کی اس موقع پر پاکستان میں جو انتخابی طریقہ کار فی الوقت رائج ہے، اس کے تحت اکثر یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ وہ جماعتیں عوام کا اکثریتی ووٹ نہ ہونے کے باوجود پارلیمنٹ میں حق حکمرانی پر قبضہ جمائے ہوتی ہیں ، جس کی وجہ سے پاکستان کی اکثریتی عوام کی نمائدگی اور انکی سوچ کی عکاسی اور عوامی مسائل سے حکمران بے خبر رہتے ہیں ، پاکستان میں متناسب نمائندگی کے ذریعے اگر انتخابات کروائے جائیں تو پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے پاس جس قدر عوامی مینڈیٹ ہو گا اسی قدر وہ پارلیمنٹ میں پاکستانی عوام کی نمائندگی کریں گے اس سسٹم کے تحت سیاسی جماعتیں اپنے اپنے انتخابی نشان سے الیکشن لڑیں گی اور عوام صرف اس جماعت کے انتخابی منشور کو سامنے رکھتے ہوئے انتخابی نشان کو ووٹ دیں گے اور پھر ہم عوام کی متناسب نمائندگی کے تحت انہیں پارلیمنٹ میں بھیجیں گے ، اس سے اچھے ، قابل اور اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگوں کے بھی پارلیمنٹ میں آنے کی راہ کھلنے کی قوی امید ہو جائے گی اور متوسط طبقہ کے لیے الیکشن میں حصہ لینا ممکن ہو جائے گا، اور چھوٹی سیاسی جماعتوں کو بھی پارلیمنٹ میں نمائندگی کا موقع ملے گا ، آکر میں اپیل کرتا ہوں کہ آئیں ہم ایسے الیکشن کی بنیاد رکھنے کی کوشش کریں جس میں ہر طبقے کی نمائندگی ہو اور ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جائے
گجرات (جی پی آئی ) ایڈمنسٹریٹر ضلعی حکومت /ڈی سی او گجرات آصف بلال لودھی نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کے لئے شب برات کے موقع پر دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے ضلع بھر میں ہر قسم کے آتش بازی کے سامان کی تیاری ،خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہو گا ۔اس حکم نامے کے تحت خلاف ورزی کرنیوالے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی اور ان کے خلاف مقدمات مجاز عدالت میں چلائے جائیں گے۔ڈی سی او نے پو لیس کو ہدایت کی کہ آتش بازی کے سامان کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی کے احکامات پر عملدرامد یقینی بنایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈی سی آصف بلال لودھی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے
گجرات (جی پی آئی ) ڈی سی آصف بلال لودھی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل افس کڑیانوالہ میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق ناظم یونین کونسل حاجی محمد افضل، چیئرمین مصالحتی کمیٹی و سابق کونسلر فیاض شاہد بٹ، مظہر حسین اور دیگر اہل علاقہ نے ڈی سی او کو اپنے مسائل سے اگاہ کیا۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر خالد فیاض، ڈی او سی او اقبال گوندل، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سید وقار حسین، محکمہ تعلیم ، ریونیواور دیگر ڈیپارٹمنٹس کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی او آصف بلال لودھی نے عوامی شکایات پر بوائز ہائی سکول میں فوری طور پر ہیڈ ماسٹر کی تعیناتی کے احکامات صاد ر کئے جبکہ گرلز سکول میں بعض طالبات کو داخلہ سے انکار پر ہیڈمسٹریس سے جواب طلب کر لیا ہے۔ انہوں نے ای ڈی او ہیلتھ کو ہدایت کہ بنیادی مرکز صحت میں ڈاکٹر کی مستقل تعیناتی تک عارضی انتظام کیا جائے اور جلد اس ہسپتال میں ڈاکٹر کی تعیناتی کے لئے اقدامات کئے جائیں نیز ہسپتال میں ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔ڈی سی او نے کہا کہ کڑیانوالہ میں واٹر سپلائی سکیم کی تکمیل کے لئے آئندہ مالی سال کے دوران فنڈز فراہم کر دیے جائیں گے اسی طرح صفائی کے نظام کی بہتری کے لئے عملہ کی باقاعدہ ڈیوٹی لگائی جائے گی۔ ڈی سی او نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ جناح آبادی کے الاٹیوں کو بلاتاخیر انکے پلاٹوں کی نشاندہی اور قبضہ دیا جائے ۔ انہوں نے عوامی شکایات پر ٹانڈہ روڈ، قبرستان دیہہ سے تجاوزات کے خاتمہ اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا اعلان کیا۔انہوںنے کہا کہ علاقہ کی سٹرک جلد مرمت اور گلیوں نالیوں کی تعمیر کے لئے ارکان اسمبلی سے ملکر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ایک بزرگ سائل کی درخواست پر تحصیلدار کو ہدایت کی کہ اسکی زمین سے قبضہ فی الفور واگزار کرایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات پولیس نے ناجائز اسلحہ اورمنشیا ت فروشوں کے خلاف کارروائی
گجرات (جی پی آئی)گجرات پولیس نے ناجائز اسلحہ اورمنشیا ت فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہو ئے 220گرام چرس ،2عدد پسٹل 30بور اور 1عدد رائفل 12بور برآمد کر کے 5ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے۔تھانہ A/DIV پولیس نے دوران ناکہ بندی 2کس ملزمان سے چرس اور ناجائز پسٹل برآمد کرکے الگ الگ مقدمات درج کر لئے (١) ملزم ارشاد احمد ولد مشتاق حسین قوم بھٹی سکنہ چوہڑکی ونڈ شادیوال سے 110 گرام چرس (٢) ملزم خدا بخش ولد قادر بخش سکنہ سید پور روڈ مظفر گڑھ سے پسٹل 30 بور تھانہ صدر لالہ موسیٰ پولیس نے دوران گشت ملزم علی عباس ولد محمد حسین سکنہ محلہ اسلام پورہ سے 110 گرام چرس برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ۔تھانہ صدر گجرا ت پولیس نے دوران گشت ملزم زمان ولد طالب حسین قوم گھمن سکنہ گھمن سے پسٹل 30 بور برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا ۔تھانہ ککرالی پولیس نے ملزم عمر شہزاد ولد محمد حسین سکنہ پنڈی جاتلاں سے بندوق 12 بور برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یونیورسٹی آف گجرات کے شعبہ بزنس اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے استاد مرزا اشفاق احمد نے پولیٹکل مارکیٹنگ میں پاکستان کی پہلی ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر لی
گجرات (جی پی آئی) یونیورسٹی آف گجرات کے شعبہ بزنس اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے استاد مرزا اشفاق احمد نے پولیٹکل مارکیٹنگ میں پاکستان کی پہلی ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر لی۔ ڈاکٹر مرزا اشفاق احمد نے NCBAE سے PhDکی ڈگری حاصل کی۔ انکے ڈاکٹریٹ کے مقالے کا موضوع پولیٹیکل برانڈ ایکویٹی تھا۔ ڈاکٹر مرزا اشفاق احمد جامعہ گجرات کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے ایک ممتازاستادگجرات کے قابل فخر فرزند ہیں اور ان کے کئی علمی وتحقیقی مقالے بین الاقوامی سطح کے تحقیقی جرنلزمیں چھپ چکے ہیں ۔ پاکستان میں پولیٹیکل مارکیٹنگ کے موضوع کے حوالہ سے ڈاکٹر مرزا اشفاق احمد کو تفویض کی جانے والی یہ پہلی پی ایچ ڈی کی ڈگری ہے۔ ڈاکٹر مرزا اشفاق احمد اپنے شعبہ میں علم اور ذہانت کا معیار ہیں اور ان کے علمی مقالوں کو عالمی سطح پر تسلیم کرتے ہوئے ایک مقالہ کو بہترین مقالے کا ایوارڈ بھی دیا گیا ۔ یونیورسٹی آف گجرات کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نظام الدین رجسٹرار ڈاکٹر طاہر عقیل اور سینئر ڈاپریکٹرز و فیکلٹی ممبران نے مبارکباد دی اور ڈاکٹر مرزا اشفاق احمد کی علمی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری ملنے پر دلی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ شعبہ مینجمنٹ کے فیکلٹی ممبران نے بھی ڈاکٹر مرزا اشفاق احمد کو ڈگری ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نظم و ضبط اور ترتیب ہمیں بہتر اور متوازن زندگی گزارنے کی طرف راغب کرتی ہے
گجرات ( جی پی آئی) نظم و ضبط اور ترتیب ہمیں بہتر اور متوازن زندگی گزارنے کی طرف راغب کرتی ہے ۔ کسی بھی کام میں سلیقہ اور ترتیب کا نظر آنا اسے دوسروں کی نظر میں خوبصورت بنا دیتا ہے ۔ یونیورسٹی آف گجرات کے کیمپس اپنی خوبصورتی میں مثالی ہیں۔ طالب علموں کا بنیادی فریضہ ہے کہ وہ کیمپس کو اپنی اجتماعی کاوشوں سے مزید خوبصورت بنائیں۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ اﷲ خوبصورتی کو پسند کرتا ہے ۔ بحیثیت مسلمان ہمارے لیے صفائی کو نصف ایمان قرار دیا گیا ہے۔ میرا یونیورسٹی کے تمام طالب علموں کو مشورہ ہے کہ وہ شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے اساتذہ اور طلباء کی طرف سے چلائی جانے والی مہم کے مقاصد میں ان کا بھرپور ساتھ دیں اور یونیورسٹی کیمپس میں انتہائی نظم و نسق اور سلیقہ کا ثبوت دیتے ہوئے یونیورسٹی آف گجرات کی نیک نامی کو مزید دوام بخشیں” ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات ڈاکٹر محمد نظام الدین نے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے زیر اہتمام منعقدہ ایک کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس کیمپ کے منتظمین میں مینجمنٹ سائنسز کے اساتذہ ڈاکٹر مرزا اشفاق احمد، محمد وقاص، مس رمیزہ اور طالب علم سید علی اور مبشرہ شامل تھے ۔ ان کا ساتھ ایم بی اے مارکیٹنگ کے طلباء نے دیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مرزا اشفاق احمد نے کہا کہ اس کیمپ کا مقصد طالب علموں میں سماجی اور تخلیقی رویوں کو پیدا کرنا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی کسی یونیورسٹی میں سوشل مارکیٹنگ کے حوالہ سے کوئی کورس پڑھایا گیا ہو۔ آج لگائے جانے والے کیمپ کا مقصد طالب علموں میں یونیورسٹی پراپرٹی کی حفاظت، یونیورسٹی کی سڑکوں پر ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا، یونیورسٹی کو شور و غل سے پاک رکھنا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ڈاکٹر محمد نظام الدین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس مہم کا دائرہ کار بڑھائیں گے تاکہ تمام اساتذہ اور طالب علموں میں ان مقاصد کا شعور بہتر طریقہ سے اجاگر کیا جاسکے ۔ اس موقع پر مختلف شعبہ جات کے صدور، فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ کے نمائندگان وائس چانسلر کے ہمراہ تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈرامہ نگاری ایک ہشت پہلو فن ہے جس کے کئی اسرار و رموز ہیں۔ ڈرامہ پڑھنے کی نہیں دیکھنے کی چیز ہے
گجرات (جی پی آئی )ڈرامہ نگاری ایک ہشت پہلو فن ہے جس کے کئی اسرار و رموز ہیں۔ ڈرامہ پڑھنے کی نہیں دیکھنے کی چیز ہے ۔ تمثیل نگاری کا ذکر قرآن پاک میں بھی آیا
ہے ۔ تمثیل کا مقصد گذرے ہوئے واقعات کو ناظرین کے سامنے سبق آموز انداز میں پیش کرنا ہوتا ہے ۔ قدیم دنیا کی تقریباً سبھی تہذیبوں میں ڈرامہ اور ڈرامہ نگاری کے فن کو بہت اہمیت حاصل رہی ہے ۔ یونانی تہذیب میں ڈرامہ نگاری کے فن نے اپنی معراج کو چھو لیا۔ آج یونیورسٹی آف گجرات کے گلیڈی ایٹرز نے جس کامیابی، مہارت اور فنکارانہ عظمت کے ساتھ مشہور یونانی ڈرامہ نگار سوفو کلینر کے شہرہ آفاق ڈرامے ‘ایڈی پس ریکس کو ناظرین کے سامنے پیش کیا میں انہیں دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات نے ڈرامہ سوسائٹی گلیڈی ایٹرز کی طرف سے پیش کردہ ڈرامہ ایڈی پس ریکس کے فنکاروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کیا ۔ گلیڈی ایٹر UOG کے طالب علم فنکاروں کی وہ ٹیم ہے جس کی تربیت اور راہنمائی کا فریضہ شعبہ انگریزی کے ایک انتہائی محنتی اور ذہین استاد عثمان علی سر انجام دے رہے ہیں۔ ڈرامہ کے پروڈیوسر سر عثمان علی کے مطابق ہر کام کو پوری محنت، لگن، ایمانداری اور انہماک سے سر انجام دینا چاہئے۔ عثمان علی کے مطابق یونیورسٹی آف گجرات کے طلباء و طالبات میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جو کسی اچھے اور محنتی فنکار میں ہونا چاہئے اور اگر یہ نوجوان طالب علم اسی محنت سے کام کرتے رہے تو وہ یقینا اپنے فن کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے ۔ اس ڈرامہ کے ناظرین میں یونیورسٹی کے ڈائریکٹران، مختلف شعبہ جات کے صدور، فیکلٹی ممبران اور سول سوسائٹی کے افراد شامل تھے ۔ طلباء و طالبات نے بھی ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات میں بولے پل کے قریب کار سوار لیڈی ہیڈ کانسٹیبل نے ٹکر مار کر نوجوان کی ٹانگ توڑ ڈالی
گجرات (جی پی آئی ) گجرات میں بولے پل کے قریب کار سوار لیڈی ہیڈ کانسٹیبل نے ٹکر مار کر نوجوان کی ٹانگ توڑ ڈالی تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز گجرات میں تعینات لیڈی کانسٹیبل رخسانہ اپنی گاڑی پر سوار ہو کر ڈی پی او آفس آ رہی تھی کہ بولے پل کے قریب کار بے قابو ہو کر سڑک کراس کرتے ہوئے ایک نوجوان عاشق جاوید سے ٹکرا ہو گئی جس کے نتیجہ میں نوجوان کی ٹانگ ٹوٹ گئی جسے فوری طبی امداد کیلئے عزیز بھٹی شہید ہسپتال پہنچا دیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات میں شدید گرمی کے باعث بوڑھی خاتون جاں بحق جبکہ 4 افراد بیہوش ہو گئے
گجرات (جی پی آئی ) گجرات میں شدید گرمی کے باعث بوڑھی خاتون جاں بحق جبکہ 4 افراد بیہوش ہو گئے بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز کھاریاں کے بس اسٹینڈ پر 70 سالہ ضعیف العمر خاتون حمیدہ بی بی گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے جاں بحق ہو گئی جبکہ گجرات شہر میں ریاض اصغر بلال اور نثار شدید گرمی کے باعث بیہوش ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کے زیر اہتمام شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی 59 ویں سالگرہ گذشتہ روز ضلعی صدر پیپلز پارٹی شعبہ خواتین عفت ممتاز شاہ کی رہائش گاہ پر منائی گئی
گجرات (جی پی آئی ) پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کے زیر اہتمام شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی 59 ویں سالگرہ گذشتہ روز ضلعی صدر پیپلز پارٹی شعبہ خواتین عفت ممتاز شاہ کی رہائش گاہ پر منائی گئی سالگرہ کے موقع پر بے نظیر بھٹو کیک کاٹا گیا سالگر میں ضلع بھر سے خواتین ونگ کی تمام ذیلی تنظیموں کی نمائندوں اور عہدیداران نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر بیگم عفت ممتاز شاہ نے بے نظیر بھٹو شہید کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو جیسی دلیر لیڈر صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں محترمہ پاکستان کی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کی لیڈر تھیں جنہوں نے ملک میں جمہوریت کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کر کے اصولوں پر سودے بازی نہیں کی رہتی دنیا تک بھٹو خاندان کا نام زندہ رہے گا انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان کے مشن کی تکمیل کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کنجاہ پولیس نے فائرنگ کے الزام میں ملک بشارت وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا
گجرات (جی پی آئی ) کنجاہ پولیس نے فائرنگ کے الزام میں ملک بشارت وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا بتایا گیا ہے کہ ساروکی کے رہائشی ملک اعظم اعوان کی رہائشگاہ پر رات ساڑھے 11 بجے کے قریب ملک بشارت وغیرہ نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں کوئی جانی نقصان نہ ہو سکا تاہم کنجاہ پولیس نے ملک محمد اعظم اعوان کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممتاز کاروباری شخصیت ملک بشارت آف ملک موٹرز نے کہا ہے کہ ملک اعظم اعوان کی طرف سے تھانہ کنجاہ میں میرے خلاف مقدمہ من گھڑت اور بوگس ہے
گجرات (جی پی آئی ) ممتاز کاروباری شخصیت ملک بشارت آف ملک موٹرز نے کہا ہے کہ ملک اعظم اعوان کی طرف سے تھانہ کنجاہ میں میرے خلاف مقدمہ من گھڑت اور بوگس ہے میرا اس واقعہ سے قطعی طور پر کوئی تعلق نہیں ہے ملک اعظم اعوان اور میرے درمیان عدالتی معاملات چل رہے ہیں ملک اعظم اعوان نے ہمارے لاکھوں روپے ہڑپ کر لیے ہیں جس کے مقدمات تھانہ لاری اڈا میں درج ہیں لہٰذا اس فائرنگ کے واقعہ سے میرا کوئی تعلق نہیں۔