گجرات کی خبریں 21/11/2013

ایس پی ٹریفک گوجرانوالہ ریجن کی ہدایت پر چلائی گئی:میاں سہیل فاضل
گجرات(جی پی آئی )ایس پی ٹریفک گوجرانوالہ ریجن کی ہدایت پر چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران ٹریفک پولیس گجرات نے ایک ماہ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث 6250گاڑیوں کے چالان کر کے 21لاکھ، 70ہزار روپے جرمانہ سرکاری خزانہ میں جمع کر وایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی ٹریفک میاں سہیل فاضل نے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوںنے بتایا کہ جن گاڑیوں کے چالان کئے گئے ہیں ان میں بسیں، ویگنیں، کاریں، موٹر سائیکل اور دیگر نوعیت کی گاڑیاںشامل ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب 24ڈرائیورز کے لائسنس معطل کر کے ان کے خلاف مزید کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام الناس میں ٹریفک قوانین کا شعور اجاگر کرنے کے لئے ایجوکیشن ونگ کو متحرک کر دیا گیا ہے اس کے ساتھ ٹریفک پولیس اور عوام میں روابط بہتر بنانے کے لئے ویب سائٹ قائم کر دی گئی ہے۔ عوام الناس کسی بھی نوعیت کے ٹریفک مسائل، معلومات اور آراء کے لئے ویب سائٹ www.trafficpolice.punjab.gov.pkپر رابطہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کے ٹریفک مسائل، معلومات کی فراہمی یا حصول، اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے ویب سائٹ کے ذریعے اپنی آرا ء سے اعلی حکام کو آگاہ کر سکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ضلع میں جاری انسداد پولیو مہم کامیابی سے مکمل کر لی گئی :ڈاکٹر نصرت ریاض
گجرات(جی پی آئی )ضلع میں جاری انسداد پولیو مہم کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے۔ تین روزہ مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیموں نے 100فیصدسے زائد ٹارگٹ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے۔ان خیالات کااظہار ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نصرت ریاض نے ڈی سی او آصف بلا ل لودھی کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 18نومبر سے 21نومبر تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک عمر کے 397637بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر تھا جبکہ محکمہ کی ٹیموں نے اس دوران 398999بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جو کل ہدف کا 100.3فیصد ہے۔ ای ڈی او ہیلتھ نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم میں 781موبائل ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ 119فکس سنٹرز اور 31ٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی حفاظتی قطر ے پلائے گئے اس دوران محکمہ صحت کو انتظامیہ ، پولیس، ریونیو ڈیپارٹمنٹ، میڈیا اور مذہبی، سماجی حلقوں اور این جی اوز کا بھی بھر پور تعاون حاصل رہا۔ ای ڈی او ہیلتھ نے بتایا کہ تین روزہ انسداد پولیو مہم کے بعد دو روزہ فالو اپ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جو آج (22نومبر)تک جاری رہے گی اور اس دوران کسی وجہ سے پولیو قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیںگے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او آصف بلا ل لودھی نے کامیاب انسداد پولیو مہم پر محکمہ صحت کے افسران اور ٹیم ممبران کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فالو اپ مہم کے دوران یقینی بنایا جائے کہ اگر کوئی بچہ کسی وجہ سے بھی پولیو سے بچائو کے قطرے پینے سے محروم رہ گیا ہے تو اسے ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوںنے اس امر پر زور دیا کہ صحت مند نئی نسل کے لئے ملک سے پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

قو موں کی خوشحالی میں تعلیم ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے:چوہدری اکرم منہاس
گجرات(جی پی آئی) قو موں کی خوشحالی میں تعلیم ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ الفلاح سکالر شپ پاکستان پروگرام وطن عزیز میں تعلیم کے فروغ اور نوجوان کی فلاح و بہبود اورشعورو آگاہی کے سلسلہ میں اپنے کردارو عمل کے حوالہ سے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ جس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ان خیالات کا اظہار پی او اے ایف انٹرنیشنل کے صدر چوہدری اکرم منہاس نے گزشتہ روزالفلاح سکالر شپ کی جانب سے ان کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا پی او اے ایف انٹر نیشنل گزشتہ تین سال سے تارکین وطن کی بے لوث خدمت میں مصروف عمل ہے۔الحمداللہ آج 30سے زائدممالک میں بسنے والے لاکھوں پاکستانیوں اور حکومت پاکستان نے اس فورم پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پی او اے ایف انٹرنیشنل کا اوورسیز منسٹری آف پاکستان کے ساتھ باقاعدہ الحاق اس کی واضح مثال ہے۔چوہدری اکرم منہاس نے پی او اے ایف انٹرنیشنل کی جانب سے الفلاح سکالر شپ پاکستان کے ساتھ اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ا نشا ء اللہ سکالر شپ پروگرام میں پاکستانی کمیونٹی کی معاونت کو ممکن بنانے کیلئے جلد ہی الفلاح سکالر شپ کی ایگزیکٹو باڈی ممبران کے دورہ یورپ کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس موقع پرانہوں نے الفلاح سکالر شپ پروگرام کیلئے فوری طور پر دو طالبعلموں کے وظائف کا چیک متذکرہ تنظیم کے سر پرست اعلیمیاں عبدالشکور کو پیش کیا۔اس موقع پر میاں عبدالشکور نے اظہار تشکر کرتے ہوئے چوہدری اکرم منہاس کو اوورسیز پاکستانیوں کی بے لوث خدمات کے سلسلے میں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے الفلاح سکالر شپ پاکستان پروگرام کی کارکردگی اور غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ الفلاح سکالر شپ پروگرام گزشتہ پندرہ سال سے مستحق اور ذہین طلباء و طالبات کے تعلیمی اخراجات مہیا کرنے کا بیڑہ اٹھائے ہوئے ہے۔ الحمداللہ تارکین وطن اور پاکستان میں بسنے والی مخیر شخصیات کی مالی معاونت سے الفلاح سکالر شپ پروگرام کا سلسلہ پاکستان بھر میںرواں دواں ہے۔ میاں عبدالشکور نے کہا کہ الفلاح سکالر شپ پروگرام تمام مکتبہ فکر کی غیر سیاسی نمائندہ تنظیم ہے۔ہمارے ہاں کسی بھی مستحق طالب علم کے وظیفہ کے اجراء کے سلسلے میںمکمل غیر جانبداری اور شفافیت کو ملخوظ خاطر رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی او اے ایف انٹر نیشنل کی شاندار کارکردگی کے پیش نظر جلد ہی ان کے ساتھ الحاق کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں دونوں تنظیموں کی مجالس عاملہ کامشترکہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں دونون تنظیموں کی جانب سے باقاعدہ الحاق اور آئندہ پروگرام ترتیب دیا جائے گا۔اس موقع پر پی او اے ایف انٹرنیشنل کے فنانس سیکرٹری رزاق گجر عرف باوا گجر۔چوہدری ہارون ولایت گوندل آف ناروے ۔طاہر جمیل سیال چیف ایڈیٹر تخلیق ٹائمز گروپ آف پبلیکیشنز،سینئر صحافی راجہ نصرت علی ، ساجد خان، چوہدری مجید احمد چیئر مین الفلاح سکالر شپ پروگرام،ڈاکٹر خالد محمود ثاقب جنرل سیکرٹری ،کیپٹن عمر حیات عمر پروگرام مینیجر، اور دیگر نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

الخدمت اسلامک مائیکروفنانس نے ماہِ نومبر08 افراد کو 195,000/-کی رقم کے قرض حسنہ جاری کیئے ۔
گجرات(جی پی آئی)الخدمت اسلامک مائیکروفنانس نے ماہِ نومبر08 افراد کو 195,000/-کی رقم کے قرض حسنہ جاری کیئے ۔تفصیلات کے مطابق الخدمت مائیکروفنانس سے قرض حاصل کرنے والے افراد میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب جامع مسجدشفیق جی ٹی روڈ کھاریاں میں منعقد ہوئی ۔مہمان خصوصی چوہدری غیاث احمد ڈائریکٹر دارلاسلام ہائی سکول تھے۔مائیکرو فنانس ڈائریکٹر چوہدری غضنفر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج سے چار سال پہلے چند اقابرین نے مل کر اس کارِ خیر کا آغاز20ہزار روپے کے پہلے قرضے سے کیا ۔ اور الحمدُلِلہ آج یہ ایک اپنی نوعیت کاایک منفرد پروجیکٹ ہے۔ اُنھوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہاکہ الخدمت فائونڈیشن ضلع گجرات عام لوگوں میں باعزت روزگار کے لئے بلا تفریق خدمت خلق میں مصروف ہے ۔ انہوں نے صاحب حیثیت لوگوں سے اپیل کی کہ الخدمت فائونڈیشن کے دست و بازو بنیں ۔ تاکہ اس کام کومزید وسعت دی جائے ۔مائیکرو فنانس ڈائریکٹر چوہدری غضنفر اقبال نے کہا کہ قرض حسنہ حاصل کرنے والے افراد بروقت اقساط ادا کریں تاکہ آئیندہ ماہ نئے لوگوں کو بلا تاخیر قرض حسنہ دیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکم الہی کی تکمیل کرتے ہوئے کسی ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر خدمت کرتے ہیں تاکہ معاشرے میں بیروزگاری کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔ شرکاء میں مائیکرو فنانس مینیجر نوید احمد گوند ل، اکا ئونٹ مینیجر ضلع گجرات جمشید اقبال شامل تھے ۔یاد رہے کہ الخدمت فائونڈیشن ضلع گجرات اب تک323 افراد کوتریسٹھ لاکھ اٹھائیس ہزار (6,328,000/-) کے چھوٹے بلاسود کاروباری قرضے فراہم کرچکی ہے۔ان تک 184افراد نے قرضہ مکمل واپس کر دیا ہے جسکی رقم 3,320,000/- روپے ہے۔