گجرات کی خبریں 22.08.2013

ضلع میں انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے
گجرات (جی پی آئی) ضلع میں انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے پہلے تین دن کے دوران پانچ سال تک عمر کے 99 فیصد ٹارگٹ بچوں کو حفاظتی قطرے پلا دیے گئے ہیں جبکہ باقی رہ جانے والے بچوں کو قطرے پلانے کے لئے فالو اپ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر خالد فیاض نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے پہلے دن 136535بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف تھا ان میں سے 135848 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے۔ انسداد پولیو مہم کے دوسرے دن ٹارگٹ 132524 میں سے 130425 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے۔ تیسرے روز کے دوران ٹارگٹ 126932بچوں میں سے 124425 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ19سے 21 اگست تک ضلع گجرات میں تین دن کے دوران 395991 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف تھا ان میں سے 390698 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے جو کل ہدف کا 99 فیصد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رہ جانے والے بچوں پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کے لئے فالو اپ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ابتک باقی رہ جانے والے 34056 میں سے 11189 بچوں کو کور کر لیا گیا ہے۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر خالد فیض نے بتایا کہ مہم کے دوران 6افراد نے بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے انکار کیا تاہم انہیں فالو اپ کے دوران کور کر لیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محکمہ صحت کے زیر اہتمام پرائیویٹ پریکٹیشنرز کو ڈینگی سے آگاہی کے لئے سیمینار منعقد ہوا
گجرات(جی پی آئی) محکمہ صحت کے زیر اہتمام پرائیویٹ پریکٹیشنرز کو ڈینگی سے آگاہی کے لئے سیمینار عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر خالد فیض نے سیمینار کی صدارت کی ۔ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال ڈاکٹر طاہر نوید نے شرکاء کو ہسپتال ڈینگی کے علاج کے لئے ہسپتال میں دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر سید بابر حسنین نے شرکاء کو ڈینگی مر ض کی علامات اور علاج سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوںنے کہا کہ ڈینگی ایک خطرناک مرض ہے لیکن احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس سے بچائو ممکن ہے۔ انہوں نے پرائیوٹ پریکٹیشنرز پر زور دیا کہ وہ اپنے زیر علاج مریضوں اور انکے اہلخانہ کو ڈینگی مرض اور اس سے بچائو کے طریقوں بارے آگاہ کریں۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر خالد فیض نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر کو پنجاب حکومت کی طرف سے ڈینگی سے بچائو کے لئے اقدامات سے پر بریفنگ دی۔ سیمینار میں ضلع بھر کے پرائیویٹ ہسپتالوں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین ڈاکٹر ز نے کثیر تعداد میںشرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری ذوالفقار علی کی والدہ محترمہ کو سپرد خاک کر دیا گیا
گجرات ( جی پی آئی ) ٹبی مرلاں یو سی 45 کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت حاجی چوہدری محمد صدیق آف ٹبی مرلاں رہنما مسلم لیگ ن اور چوہدری محمد رفیق چوہدری محمد علی چوہدری لیاقت علی چوہدری عدالت خاں چوہدری ذوالفقار علی کی والدہ محترمہ چوہدری شاہد صدیق کی دادی جو کہ گذشتہ روز رضائے الٰہی سے انتقال کر گئی تھیں کی نماز جنازہ ٹبی مرلاں میں ادا کی گئی مرکز اہل سنت نیک آباد کے سجادہ نشین ممتاز مذہبی رہنما پیر افضل قادری نے نماز جنازہ پڑھائی مرحومہ کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا مرحومہ کی نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی مذہبی کاروباری طبقہ سمیت ہر مکتبہ فکر کے افراد نے بھرپور شرکت کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے والی نمایاں شخصیات میں حاجی ناصر محمود سابق ایم پی اے سابق امیدوار حلقہ این اے 105 و رہنما تحریک انصاف الحاج افضل گوندل چوہدری اسد سیٹھی چوہدری وقاص جمنا چوہدری محمد اعظم سابق ناظم یو سی 45 چوہدری شاہد سٹار کیبل والے چوہدری محمد اصغر رزاق انصاری محبوب بٹ چوہدری ظفر گجر مرزا طاہر بیگ مرزا اکبر بیگ عرفان مٹھو عمران عطاری مقدس عمر صبا سٹیل والے ماسٹر شفقت اللہ بٹ رشید بٹ مرزا نعیم گل امجد بٹ سمیت دیگر سینکڑوں افراد نے شرکت کی مرحومہ کی روح کے ایصالِ ثواب کیلئے ختم قل 24 اگست بروز ہفتہ صبح 10 بجے جامع مسجد ٹبی مرلاں میں پڑھا جائے گا اجتماعی دعا دن 11 بجے ہو گی دوست احباب سے شرکت کی استدعا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
DCOآصف بلال لودھی کا ہولی روزری کھتولک چرچ کا دورہ
گجرات(جی پی آئی)DCOآصف بلال لودھی کا ہولی روزری کھتولک چرچ کا دورہ، فادر طارق بھٹی اور ممتاز مسیحی راہنما مستری جاوید جلال نے مسیحی برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جبکہ اس موقع پر فادر ولی سٹریکٹس،سسٹر سپیریر رضیہ برکت،سسٹر ٹامینا اور سسٹر مگدلین بشیر بھی مو جود تھیں،اس موقع پر DCO آصف بلال نے کہا کہ ضلع کی تعمیرو ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ہم سب ایک قوم ہیں اور بحیثیت پاکستانی سب کی قومی ذمہ داری بنتی ہے کہ ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا موثر اور مثبت کردار ادا کریں، DCOآصف بلال نے مسیحی برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے یقین دہانی بھی کروائی اور کہا کہ جلد ہی گجرات میں مخیر حضرات اورچیمبر کے تعاون سے رہاشی سکیم کا آغاز کیا جاے گا جس میں مسیحی برادری کو بھی کوٹہ دیا جاے گا، DCOآصف بلال نے مزید کہا کہ ہر کمیونٹی کے افرد میرے لیے قابل احترام ہیں، اس موقع پر انہوں نے مستری جاوید جلال کی سماجی خدمات کو بھی ذبردست خراج تحسین پیش کیا،اس موقع پر مستری جلال جاوید نے مسیحی برادری کیلئے رہائش تعلیم صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور پڑھے لکھے ہنر مند نوجوانوں کے لیے روذگار کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا، اور اپیل کی کہ سرکاری سطح پر ہونے والی تقریبات میں مسیحی کمیونٹی کو بھی باضابطہ مدعو کیا جائے اور ضلعی سطح پر تمام کمیٹیوں میں مناسب نمائندگی بھی دی جائے، جبکہ فادر چرچ طاوق بھٹی نے DCOآصف بلال لودھی کا ہولی روزری کھتولک چرچ سول لائن روڈ گجرات کا دورہ کرنے پر انکا شکریہ ادا کیابعد ازاں DCOآصف بلال کو ہولی روزری کھتولک چرچ اور سکول کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کرایا گیا،
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک کی ترقی اور وسائل سے صحیح طور پر مستفید ہونے کے لئے آبادی میں بے تحاشا اضافہ پر کنٹرول کرنا ہوگا:ڈی سی او گجرات
گجرات ( جی پی آئی) ڈی سی او آصف بلا ل لودھی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور وسائل سے صحیح طور پر مستفید ہونے کے لئے آبادی میں بے تحاشا اضافہ پر کنٹرول کرنا ہوگا، اس مقصد کے لئے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے منصوبہ بندی کے ساتھ موثراقداما ت اٹھائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اے ڈی سی فاروق رشید، ای ڈی اوز چوہدری محمد نواز، محمد نواز غازی، سید وقار الحسن، ڈاکٹر خالد فیض، اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر ماریہ طارق، ڈی او سوشل ویلفیئرمحمد ارشد، ڈی او پاپولیشن ویلفیئر عدنان اسلم، ڈی ایم او ضمیر حسین، چوہدری منظور حسین، خادم علی خادم و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی او پاپولیشن ویلفیئر عدنان اسلم نے اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دی۔ ڈی سی او نے کہا کہ آبادی پر کنٹرول کے لئے اہداف کے حصول کے لئے مرد اہم ترین کردار ادا کر سکتے ہیں اس مقصد کے لئے یونین کو نسل سطح پر سیمینار اور آگاہی کے پر و گرام کئے جائیں اس کے ساتھ ہومیو پیتھک، ایلو پیتھک اور حکمت سے وابستہ میڈیکل پریکٹیشنرز کی رجسٹریشن کی جائے اور آباد ی میں بے تحاشا اضافہ پر کنٹرول کے لئے انکی بھی خدمات حاصل کی جائیں اور علماء کرام اور میڈیا کی خدمات سے بھی استفاد ہ کیا جائے۔ انہوںنے ڈی او پاپولیشن ویلفیئر کی درخواست پر ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر خالد فیض کو ہدایت کی کہ ضروری آپریشنز کے لئے محکمہ کو لیڈی ڈاکٹر فراہم کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈاکٹر طارق سلیم اور امیر منڈی بہائوالدین ضیغم مغیرہ کی وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نظام الدین سے خصوصی ملاقات
گجرات (جی پی آئی ) ممتاز مذہبی سکالر و جماعت اسلامی ضلع گجرات کے راہنما ڈاکٹر طارق سلیم اور ضلع منڈی بہاؤالدین کے امیر ضیغم مغیرہ کی یونیورسٹی آف گجرات کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نظام الدین سے خصوصی ملاقات اور ستارہ امتیاز ملنے پر مبارکباد۔ الخدمت فائونڈیشن کے مرکزی راہنما اور جماعت اسلامی کے سابق امیدوار حلقہ پی پی 111ڈاکٹر طارق سلیم اور ضلعی امیر جماعت اسلامی منڈی بہاؤالدین ضیغم مغیرہ جامعہ گجرات پہنچے اور رئیس الجامعہ ڈاکٹر محمد نظام الدین سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں شعبہ تعلیم میں قابل فخر خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے اعتراف خدمات ایوارڈ ستارہ امتیاز ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ ڈاکٹر نظام الدین نے علمی خدمات سے گجرات کی شناخت تبدیل کر کے رکھ دی ہے۔ ڈاکٹر نظام الدین بلاشبہ اس علاقہ میں فضل ربی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے تعلیم و تحقیق کی روایت کو مضبوط کر کے ثقافتی تبدیلی کا انقلاب برپا کر دیا ہے۔ انہیں ستارہ امتیاز ملنا علم دوستوں کا افتخار ہے۔ جماعت اسلامی ضلع منڈی بہاؤالدین کے امیر اور ماہر تعلیم ضیغم مغیرہ نے ڈاکٹر نظام الدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ علم ہی کسی قوم کی حقیقی میراث ہے اور عالم ہی قوموں کا فخر ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر نظام الدین کی علم دوستی، فکری پختگی اور عزم و حوصلہ مثالی اور لائق تحسین ہے۔ ڈاکٹر نظام الدین نے مختصر عرصہ میں دانش گاہ گجرات کو درس گاہ سے بڑھ کر دانشمندی کا مرکز بنا دیا ہے۔ یونیورسٹی آف گجرات ایک ایسا ادارہ ہے جس کی تعلیمی روشنی سے جہالت کے دیرینہ ختم ہو رہے ہیں۔ ہم ڈاکٹر نظام الدین کو ستارہ امتیاز ملنے پر مبارکباد دیتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محلہ قلعی جنوبی گجرات کی گلیاں اور نالیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،پانی گھروں میں داخل
گجرات (جی پی آئی ) محلہ قلعی جنوبی گجرات کی گلیاں اور نالیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے سے بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے سینکڑوں گھروں کی بنیادیں بیٹھ گئیں مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے پر اہل علاقہ کا شدید احتجاج محلہ قلعہ جنوبی کی گلیاں اور نالیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے اور شدید بارشوں کے باعث غریب لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہونے سے سینکڑوں گھروں کی حالت ابتر ہو چکی ہے اور گھروں کی حالت خراب ہونے سے گرنے کے امکانات بڑھ چکے ہیں جس سے کوئی بھی بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے اہل علاقہ نے مناسب اقدامات نہ اٹھائے جانے پر ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور گھروں کے علاوہ گلیاں اور نالیاں مرمت کرنے کا مطالبہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محکمہ واپڈا گجرات کی ٹیموں نے ضلع بھر میں بجلی چوری روکنے کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دئیے ہیں
گجرات (جی پی آئی ) محکمہ واپڈا گجرات کی ٹیموں نے ضلع بھر میں بجلی چوری روکنے کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دئیے ہیں اس سلسلہ میں واپڈا کی ٹیموں نے ضلع بھر کے شہری اور دیہاتی علاقوں میں بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرتے ہوئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور اس سلسلہ میں بجلی چوری میں ملوث اہم سیاسی شخصیات کے گھروں دفاتر فیکٹریوں اور کارخانوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے اور متعدد افراد کے خلاف بجلی چوری کرنے پر مقدمات بھی درج کرا دئیے گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انجمن تاجران پرانا لاری اڈا کے الیکشن 31 اگست کو ہوں گے:ملک عاطف
گجرات ( جی پی آئی ) چیئرمین انجمن تاجران پرانا لاری اڈا ملک عاطف نے بتایا ہے کہ انجمن تاجران پرانا لاری اڈا کے الیکشن 31 اگست کو ہوں گے اس سلسلہ میں الیکشن لڑنے کے خواہش مند تین گروپوں خالد بٹ گروپ عتیق بٹ گروپ اور انور شیخ گروپ نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
16 سال تک تاجر برادری کا استحصال کرنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے:محمد انور شیخ
گجرات (جی پی آئی ) انجمن تاجران پرانا لاری اڈا کے الیکشن 2014-15 ء کے جنرل سیکرٹری کے امیدوار سینئر صحافی محمد انور شیخ نے کہا ہے کہ 16 سال تک تاجر برادری کا استحصال کرنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اب پڑھی لکھی قیادت کو آگے آنا ہو گا اور تاجروں کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کروانا ہو گا انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاریخ میں تاجر برادری کے آئین میں کہیں بھی یہ موجود نہیں ہے کہ 16 سال تک فرد واحد زبردستی انجمن پر قابض رہے ان کی اجارہ داری کو توڑنے کیلئے میدان میں آئے ہیں انشاء اللہ 31 اگست کو تاجر برادری کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کریں گے انور شیخ نے مزید کہا کہ اب کسی تاجر بھائی کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی بلکہ ان کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے تمام مسائل کو حل کروائیں گے تاجر برادری 31 اگست کو قبضہ مافیا کو ہمیشہ کیلئے ختم کر دے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مصر میں بربریت ، جمہوریت کے چیمپینز اور اقوام متحدہ کے مُنہ پر کھلا طمانچہ ہے:سہیل انور راجہ
گجرات (جی پی آئی)امریکی واسرائیلی نواز مصری آمر جنرل السیسی نے ڈاکٹر مرسی کی جمہوری حکومت کا نہ صرف تختہ الٹا بلکہ ڈاکٹر مرسی کے حق میں مظاہرین پر جو ظلم اور تشدد کیا ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ان خیالات کا اظہار سہیل انور راجہ رابطہ سیکرٹری جماعت اسلامی گجرات نے کرتے ہوئے مزید کہا کہ مصری فوج نے نہیتے مصری عوام پر جو بربریت و ظلم کی خوفناک انتہا کر دی ہے اُس سے تو چنگیز خان کی روح بھی شرمندہ ہو گئی ہو گی۔نہتے مصری عوام پر ٹینکوں سے چڑھائی کی گئی ۔ گولیوں سے مسجدوں میں نماز پڑھنے والے نمازیوں کو بھون دیاگیا۔ زخمی لوگوں کو خیمہ ہسپتالوں میں زندہ جلا دیا گیا۔ ہیلی کاپٹروں سے بھی گولیاں برسا کر نہتے عوام کو شہید کیا گیا ہے۔ افسوس کہ مصری فوجی آمر السیسی کے بے پناہ ظلم پر ابھی تک اقوام متحدہ اور جمہوریت کے ٹھیکیداروں نے کوئی بھی اقدام نہیں اٹھایا صرف معمولی سازبانی جمع خرچ یا مذمت کے علاوہ اندرون خانہ تمام طاغوتی طاقتیں ابھی تک مصری فوج کے مظالم کو خاموشی سے دیکھ بھی رہی ہیں اور سپورٹ بھی کر رہی ہیں۔ مصری عوام کو جمہوریت کے حق سے زبردستی محروم کر دیا گیا۔ لیکن پھر بھی اخون المسلمین کے عزم واستقلال ابھی تک اللہ کے راستے میں بلنداور مضبوط ہیں۔ اللہ تعالیٰ اخوان المسلمین اور مصری عوام کی جدوجہد کو اسلام کے حق میں قبول فرمائے۔ آمین !