گجرات کی خبریں 24.2013
Posted on July 25, 2013 By Geo Urdu گجرات
گجرات روحانی پیشوا حکیم پیرزادہ جاگیردار گل نواز جٹ رندھاوا ہوتی لاہوتی علمدار المعروف مخدوم باوا سائیں اللہ ہو سرکار نے ڈی سی او گجرات آصف بلال لودھی سے ان کے دفتر میں بارش کے دوران ملاقات کی
گجرات (جی پی آئی) روحانی پیشوا حکیم پیرزادہ جاگیردار گل نواز جٹ رندھاوا ہوتی لاہوتی علمدار المعروف مخدوم باوا سائیں اللہ ہو سرکار نے ڈی سی او گجرات آصف بلال لودھی سے ان کے دفتر میں بارش کے دوران ملاقات کی، ملاقات کے دوران عوامی مسائل کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا، خصوصی طور پر گجرات میں سیوریج کے ناقص انتظام پر روشنی ڈالی گئی، ڈی سی او گجرات سے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر سیوریج کے نظام کی درستگی کیلئے اقدامات کیے جائیں، تا کہ مون سون کے موسم میں شہریوں کو سہولت مل سکے، پورا شہر پانی میں ڈوبا ہوا ہے ، اس وجہ سے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، اگر فوری طور پر ان مسائل پر قابو نہ پایا گیا تو شدید مشکلات پیش آ سکتی ہیں، وبائی امراض پھیل سکتے ہیں، ڈی سی او گجرات نے حکیم پیرزادہ گل نواز جٹ رندھاوا کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ میں اس سلسلہ میں حکومت پنجاب سے رابطہ کر کے یہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کی کوشش کرئوں گا تا کہ شہریوں کو سہولت مل سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید نوید الحسن شاہ کو دنیا ٹی وی کی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ روز لاہور میں منعقدہ پروگرام میں الیکشن 2013میں صوبہ بھر میں سب سے بہتر اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کرنے پر تعریفی اسناد اور نقد انعام سے نوازا
گجرات (جی پی آئی ) گجرات الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید نوید الحسن شاہ کو دنیا ٹی وی کی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ روز لاہور میں منعقدہ پروگرام میں الیکشن 2013 میں صوبہ بھر میں سب سے بہتر اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کرنے پر تعریفی اسناد اور نقد انعام سے نوازا دنیا ٹی وی کی انتظامیہ نے سید نوید شاہ کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاہے سید نوید شاہ نے الیکشن کے دوران جس طرح اپنی صحافتی خدمات سرانجام دی ہیں وہ قابل ستائش ہیں اور ضلع گجرات میں دنیا ٹی وی بہتر رپورٹنگ کر رہا ہے جس کا سہرا ضلع گجرات کی تمام ٹیم کو جاتا ہے جو دن رات عوام مسائل پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور بلا تفریق حقائق پر مبنی خبریں نشر کر رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممتاز مسلم لیگی خاتون راہنما سابق ممبر ضلع اسمبلی گجرات بیگم سائرہ امتیاز سید نے گزشتہ روزہر سال کی طرح اس سال بھی امتیاز لیبر ہال فیض آباد گجرات میں ڈیڑھ سو سے زائد مستحق اور غریب افراد میں راشن تقسیم کیا
گجرات (جی پی آئی ) ممتاز مسلم لیگی خاتون راہنما سابق ممبر ضلع اسمبلی گجرات بیگم سائرہ امتیاز سید نے گزشتہ روزہر سال کی طرح اس سال بھی امتیاز لیبر ہال فیض آباد گجرات میں ڈیڑھ سو سے زائد مستحق اور غریب افراد میں راشن تقسیم کیا اس موقع پر مستحق اور غریب افراد کو افطاری بھی کروائی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ میٹرک 2013کے نتائج کا اعلان 25جولائی بروز جمعرات کو کرے گا
گجرات (جی پی آئی ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ میٹرک 2013کے نتائج کا اعلان 25جولائی بروز جمعرات کو کرے گا اس سلسلہ میں پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات کو دعوت نامے جاری کر دئیے گئے ہیں جبکہ بورڈ جماعت نہم کا رزلٹ اگست کے پہلے ہفتے میں جاری کریگا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عید الفطر کے قریب آتے ہی ملک بھر سے سینکڑوں بھکاریوں پر مشتمل ایک بڑی فوج گجرات شہر سمیت ضلع بھر کے تمام چھوٹے بڑے قصبوں اور شہروں میں داخل ہو گئی ہے
گجرات (جی پی آئی )عید الفطر کے قریب آتے ہی ملک بھر سے سینکڑوں بھکاریوں پر مشتمل ایک بڑی فوج گجرات شہر سمیت ضلع بھر کے تمام چھوٹے بڑے قصبوں اور شہروں میں داخل ہو گئی ہے لاری اڈا ،ریلوے اسٹیشن سمیت ضلع بھر کی تمام کاروباری مارکیٹوں اور بازارو ں میں بھکاریوں کی فوج کی یلغار ہے اور عام آدمی کی بجائے بھکاری افراد اپنی پیشہ وارانہ خدمات کے لئے کوشاں ہیں عام آدمی کو بھکاریوں کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاجر حضرات کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے افراد بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں بھکاریوں کی فوج روزانہ کی بنیادپر ہزاروں روپے اکٹھے کر رہی ہے جس کی وجہ سے شہر کا پرامن ماحول خراب ہوتا ہوا نظر آرہاہے ضلع بھر کے سماجی اور کاروباری حلقوں نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کی فوج کیخلاف بھر پور ایکشن لیاجائے تاکہ بھکاریوں کی وجہ سے ضلع کا امن خراب نہ ہو سکے اور رمضان ڈیوٹی پر معمور پولیس ملازمین کو پابند کیاجائے کہ بھکاریوں کو فی الفور گرفتار کر کے جیلوں میں ڈالا جائے اور ان سے تفتیش کی جائے تاکہ جرائم کی وارداتوں پر قابو پایاجاسکے اور امن وامان کو خراب ہونے سے روکا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات پولیس اور ٹریفک پولیس نے مشترکہ طور پر عیدی مہم کا آغاز کر دیا شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس ناکے عوام کو بلاوجہ تنگ کر رہے ہیں
گجرات (جی پی آئی ) گجرات پولیس اور ٹریفک پولیس نے مشترکہ طور پر عیدی مہم کا آغاز کر دیا شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس ناکے عوام کو بلاوجہ تنگ کر رہے ہیں پولیس ملازمین موٹر سائیکل سوار ،چنگی چی سوار اور دیگر ٹرانسپورٹروں کو بلاوجہ حراساں کرتے نظر آتے ہیں ،ٹریفک پولیس کیساتھ کیساتھ گجرات پولیس کے نوجوان بھی پولیس ناکے لگا کر کاغذات کی چیکنگ اور عوام کی جامع تلاشی لینے میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے ناصرف ٹریفک پولیس کے ملازمین ٹرانسپورٹروں سے منتھلی کیساتھ کیساتھ عیدی اکٹھی کر رہے ہیں بلکہ گجرات پولیس کے تھانوں اور چوکیوں کے ملازمین بھی عیدی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں عوامی حلقوں نے ڈی پی او گجرات سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس اور گجرات پولیس میں شامل کالی بھیڑوں کیخلاف ایکشن لیاجائے اور عیدی مہم میں جو پولیس ملازمین ملوث پایاجائے اس کیخلاف سخت کاروائی کی جائے کیونکہ عوام میں پہلے ہی پولیس کے بارے میں تاثر انتہائی غلط پایا جاتا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میٹرک کے امتحانات کے نتائج سے قبل تمام سرکاری وغیر سرکاری کالجوں نے داخلہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے
گجرات ( جی پی آئی) میٹرک کے امتحانات کے نتائج سے قبل تمام سرکاری و غیر سرکاری کالجوں نے داخلہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے اور تمام تعلیمی اداروں نے اپنی اپنی میرٹ لسٹیں بھی تیار کر لی ہیں جبکہ کالجز نے پراسپیکٹس بھی سال 2013.14کے لئے پرنٹ کروا لئے ہیں 25 جولائی کو میٹرک کے امتحانات کے نتائج کا اعلان ہوتے ہی 26جولائی سے تمام سرکاری وغیر سرکاری کالجز میں داخلہ جات کا سلسلہ شروع ہو جائے گا جبکہ اس بار گورنمنٹ کامرس کالج برائے خواتین جلالپور جٹاں روڈ اور یونیورسٹی آف گجرات ریلوے روڈ کیمپس نے سب سے زیادہ داخلہ جات کا شیڈول مرتب کیا ہے اور دونوں کالجز میں بہتر اور نمایاں نمبرز حاصل کرنیوالی طالبات کو داخلہ جات دینے کیلئے لائحہ عمل بنایاگیا ہے تاکہ طالبات اپنی تعلیمی قابلیت کو بروئے کار لا کر ان تعلیمی اداروں کا بھی نام روشن کر سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شیخ ابرار سعید نے ہمیشہ سماجی کاموں میں بڑھ چڑ ھ کر حصہ لیا ہے
گجرات( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سابق امیدوار حلقہ پی پی 112شیخ عمر اعجاز نے ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت شیخ ابرار سعید کو پنجاب سپورٹس کمیٹی کا سینئر نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ ابرار سعید نے ہمیشہ سماجی کاموں میں بڑھ چڑ ھ کر حصہ لیا ہے اور یہ گجرات کے لئے اعزاز ہے کہ ایک قابل اور محنتی شخص کو صوبائی سطح پر آگے لایا گیا’ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے ادا کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز کے ایک وفد نے پیر زادہ امتیاز سید کی قیادت میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور سے دورہ گجرات کے دوران ملاقات کی
گجرات( جی پی آئی) آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز کے ایک وفد نے پیر زادہ امتیاز سید کی قیادت میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور سے دورہ گجرات کے دوران ملاقات کی وفد نے ٹی ایم اے ملازمین اور بھٹہ خشت ملازمین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے محنت کش مزدوروں اور جبری مشقت چائلڈ لیبر کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا اور صوبائی محکمہ جات کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا جس پر صوبائی وزیر محنت نے پیر زادہ امتیاز سید کو وفد سمیت لاہور طلب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سفارشات مکمل کرکے جلد از جلد صوبائی سیکرٹری محنت و افرادی قوت کو جمع کروائیں تاکہ قانونی طریقے سے محنت کش مزوروں کو انکے جائز حقوق دلوائے جا سکیں جبکہ محکمہ سوشل سیکورٹی کو ضلع بھر میں جلد از جلد تمام بھٹہ خشت کو رجسٹرڈ کرکے مزدوروں کی رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام محکمہ جات محنت کش مزدورں کے حقوق کے تحفظ کے لئے تنظیموں سے مشاورت کرتے ہوئے مکمل تعاون کریں تاکہ انسانی اور مزدوروں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔ صوبائی وزیر محنت نے پیرزادہ امتیاز سید کی محنت کش مزدوروں کی خدمات کو سراہا پیر زادہ امتیاز سید نے صوبائی وزیر محنت کو اے پی ایف یو ٹی یو کے زیر اہتمام ماہ ستمبر میں منعقد ہونیوالی عالمی لیبر کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممتاز صنعتکار حاجی محمد الیاس کا الخدمت فائونڈیشن کے راہنما ڈاکٹر طارق سلیم کے ہمراہ یونیورسٹی آف گجرات کا دورہ
گجرات( جی پی آئی) ممتاز صنعتکار حاجی محمد الیاس کا الخدمت فائونڈیشن کے راہنما ڈاکٹر طارق سلیم کے ہمراہ یونیورسٹی آف گجرات کا دورہ، وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نظام الدین کو یونیورسٹی آف گجرات کے اینڈوومنٹ فنڈ”SAFE” کے لیے دس لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ اس موقع پر حاجی محمد الیاس نے کہا کہ یونیورسٹی آف گجرات کے اینڈوومنٹ فنڈ میں اپنا حصہ ڈال کر قلبی اطمینان حاصل کیا ہے۔ جامعہ گجرات اہل گجرات کا فخر بن چکی ہے۔ ڈاکٹر نظام الدین کی قیادت میں مختصر عرصہ میں اس جامعہ نے اپنی شناخت بنائی اور نمایاں مقام حاصل کیا۔ اس یونیورسٹی کے استحکام اور طالبعلموں کی فلاح کے لیے ہر شہری کو اپنی استعداد کے مطابق اینڈوومنٹ میں حصہ ڈالنا چاہیے، آئندہ بھی یونیورسٹی آف گجرات سے دامے، درمے، سخنے تعاون جاری رکھیں گے۔ ممتاز سماجی، سیاسی شخصیت ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ یونیورسٹی آف گجرات کے طالبعلموں کی تعلیم و تحقیق کے لیے مستقل وظائف کا انتظام اینڈوومنٹ فنڈ کی صورت میں کر دیا گیا ہے۔ اس وژن اور خدمت کے لیے علم دوست حلقے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نظام الدین کے شکر گزار ہیں۔ مخیر حضرات اور اہلِ ثروت کا فریضہ ہے کہ وہ اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ یونیورسٹی آف گجرات کا استحکام اس علاقہ کے روشن مستقبل کی کنجی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حاجی محمد الیاس نے گجرات کے صنعتکار حلقوں میں سے پہل کر کے ایک ملین روپے کی رقم کا چیک یونیورسٹی آف گجرات کے اینڈوومنٹ فنڈ میں جمع کرا دیا ہے۔ یہ آغاز اور حاجی محمد الیاس کا جذبہ قابل تحسین اور لائق فخر ہے۔ یونیورسٹی آف گجرات کے وقف فنڈ میں عطیہ جمع کرانے والے بنک آف پنجاب یونیورسٹی آف گجرات میں اکائونٹ نمبر AC 663-1 میں جمع کروا سکتے ہیں۔ جامعہ گجرات کے اینڈوومنٹ فنڈ کے لیے جلد بھرپور کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس فنڈ کے استعمال کے لیے بورڈ تشکیل دیا جارہا ہے۔ اس فنڈ کے قیام اور استعمال میں ٹرانسپیرنسی کے تمام تقاضے ملحوظ رکھے جائیں گے ۔ جامعہ گجرات کو کمیونٹی کے اشتراک و تعاون سے ورلڈ کلاس یونیورسٹی بنا کر دم لیں گے۔ چیک وصولی کی تقریب میں رجسٹرار جامعہ گجرات ڈاکٹر طاہر عقیل، ڈائریکٹر SSC سید شبیر حسین شاہ ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پبلی کیشنز شیخ عبدالرشید اور جی ایف سی فین گجرات کے مبین الیاس نے بھی شرکت کی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سینئر صحافی محمد انور شیخ نے پرویز اقبال کی اہلیہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا
گجرات (جی پی آئی) گجرات پریس کلب کے جنرل سیکرٹری محمد انور شیخ نے ایک تعزیتی بیان میں معروف سماجی شخصیت اور وطن ٹبیکو کمپنی کے چیف ایگزیکٹو پرویز اقبال کی اہلیہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے محمد انور شیخ نے کہا کہ ہم پرویز اقبال کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈی سی او گجرات آصف بلال لودھی نے ٹی ایم اے گجرات میں جعلی بلوں کی ادائیگی کے ذریعے کرپشن کرنے کا نوٹس لے لیا
گجرات (جی پی آئی ) ڈی سی او گجرات آصف بلال لودھی نے ٹی ایم اے گجرات میں گیارہ لاکھ روپے کے جعلی بلوں کی ادائیگی کے ذریعے کرپشن کرنے کا نوٹس لے لیا ہے ڈی سی او نے ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے گجرات سمیر احمد سید کو کرپشن کے معاملات کی جانچ پڑتال کیلئے انکوائری آفیسر تعینات کر دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات پولیس نے منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائی کی
گجرات (جی پی آئی)گجرات پولیس نے منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1 کس منشیات فروش رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جبکہ 1کس ملزم سے رائفل 8 MM معہ 31روند برآمد کرلی ۔تھانہ ڈنگہ پولیس کو دوران گشت اطلاع ملی کہ ملزم سجاد حسین ولد ولد جمال حسین سکنہ شاہسوار ڈنگہ میں چل پھر کر چرس فروخت کر رہا ہے ۔اس اطلاع پر پولیس تھانہ ڈنگہ نے فوری ریڈ کر کے ملزم سجا د حسین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ اور ملزم کے قبضہ سے 480 گرام چرس اور 25400 روپے وٹک برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ۔تھانہ ڈنگہ پولیس نے دوران گشت ملزم محمد ارشد ولد محمد مالک قوم جٹ سکنہ ٹپیالہ سے رائفل 8 MM معہ 31روند برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔