گجرات کی خبریں 27.05.2013
Posted on May 28, 2013 By Geo Urdu گجرات
گجرات (محمد بلال احمد بٹ ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد طارق عباسی نے سانحہ منگوال کے حوالے سے ڈی سی او، ڈی پی او اور ڈی ایس پی ٹریفک کو ہدایت کی ہے کہ مختلف روٹس پر چلنے والی تمام گاڑیوںکے سی این جی سلنڈرز کی چیکنگ کی جائے ،او رمستقبل میں سانحہ منگوال جیسے حادثات سے بچنے کے لئے سب سٹینڈرڈ گیس سلنڈرز فی الفور اتارے جائیں۔ فاضل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے سانحہ منگوال کے فوری بعد جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا تھا اور اس حوالے سے ایک مراسلے کے ذریعے ڈی پی او گجرات سیواقعہ بارے فوری رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے ڈی پی او کو ہدایت کی کہ معاملہ کی تحقیقات کی جائیں ، حادثہ کی وجوہات کا پتہ چلایا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے۔ سیشن جج محمد طارق عباسی نے ایک اور مراسلے میں ڈی سی او گجرات کو لکھا کہ رپورٹس کے مطابق مختلف روٹس پر چلنے والی گاڑیوں میں سب سٹینڈرڈ گیس سلنڈر لگے ہیں اور مجاز اتھارٹی سے انکی ویری فیکیشن بھی نہیں کرائی گئی۔ انہوںنے ہدایت کی کہ ایسے اقدامات کئے جائیں کہ جن گاڑیوں میں سی این جی گیس سلنڈر لگے ہیںاور مجاز اتھارٹی نے انکے معیاری ہونے کا سرٹیفیکٹ نہیں دیا ایسی گاڑیوں میں سی این جی کی فلنگ نہ ہو سکے۔ انہوں نے ڈی ایس پی ٹریفک کو ہدایت کی کہ روڈ پر چلنے والی ہر گاڑی جس میں سی این جی لگی ہے کی چیکنگ یقینی بنائیں ۔ اور رپورٹ پیش کی جائے کہ کتنی گاڑیوں میں سی این جی سلنڈر معیار کے مطابق ہیں اور کتنی ایسی گاڑیاں ہیں جن کے سلنڈر غیر معیاری ہیں۔ انہوں نے ڈی ایس پی ٹریفک کو ہدایت کی کہ وہ گاڑیوں سے غیر معیاری سلنڈرز کو فی الفور ہٹانے کے لئے اقدامات کریں تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جاسکے جبکہ اس حوالے سے رپورٹ بلاتاخیر انہیں پیش کی جائے۔