گجرات کی خبریں 28/4/2014

دی ایگزا سکول گجرات میں ہفتہ اقبال 28 اپریل سے 2 مئی تک منایا جا رہا ہے
گجرات(جی پی آئی)دی ایگزا سکول گجرات میں ہفتہ اقبال 28اپریل سے 2مئی تک منایا جا رہا ہے ، گزشتہ روز حضرت علامہ محمد اقبال کی یاد میں تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ، جن کی صدارت پرنسپل مسز حمیرا نے کی ، اس موقع پر بچوں نے خوبصورت انداز میں اقبال کے فلسفے اور اقبال کی شاعری پر خطاب کیا ، یہ پورا ہفتہ ایگزا سکول میں ہفتہ اقبال کے نام سے منایا جا رہا ہے ، جس میں علامہ محمد اقبال کے کوئز مقابلہ جات ، ٹیبلو وغیرہ پیش کیے جائیں گے تا کہ طلباء کو اقبال کی شاعری اور فلسفہ خودی سے آگاہ کیا جا سکے ، تقریری مقابلہ میں زیب نثار نے پہلی علی ارضیاب نے دوسری اور مریم نے تیسری پوزیشن حاصل کی ، آج اقبال کوئز منعقد ہو نگے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
29ویں سالانہ قومی شطرنج چیمپین شپ کے تیسرے دن سسنی خیز مقابلے کے بعد نوجوان کھلاڑی سید احمد علی نے موجودہ چیمپین اورانٹرنیشنل کھلاڑی ماسٹر محمودلودھی سے گیم ڈراکرلی
گجرات(جی پی آئی)29ویں سالانہ قومی شطرنج چیمپین شپ کے تیسرے دن سسنی خیز مقابلے کے بعد نوجوان کھلاڑی سید احمد علی نے موجودہ چیمپین اورانٹرنیشنل کھلاڑی ماسٹر محمودلودھی سے گیم ڈراکرلی اگرچہ میچ کے آخری لمحات میں محمود لودھی کاپلہ بھاری رہامگرسید احمد علی جارہانہ انداز اختیار کرتے ہوئے میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئے۔دوسرے قابل ذکرمقابلے میں نوجوان اورنئے کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔اور تجربہ کارانٹرنیشنل کھلاڑیوں کو سخت مشکلات سے دوچار کئے رکھا۔جن میں قابل ذکر مقابلہ موجودہ پنجاب چمپیئن شپ سرگودھا کے وسیم گل اور حیدر آباد کے انٹرنیشنل کھلاڑی انور قریشی کے درمیان ہوا یہ میچ بھی ڈرا پر اختتام پذیر ہوا ، پاکستان کے دوسرے بڑے مشہوری کھلاڑی کراچی کے شہزاد مرزا نے بھی اپنا میچ جیت کر اپنی پوزیشن مستحکم رکھی ، چمپیئن شپ کی فائنل سٹینڈنگ کا فیصلہ 30اپریل کو ہو گا ، یہ چمپیئن شپ پاکستان شطرنج فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر نعیم حمید مرزا کی ہدایات کے تحت آفیشلز کی مکمل نگرانی میں ہو رہے ہیں ، تا کہ شفاف کھیل کو یقینی بنایا جا سکے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خوبصورت گجرات پروگرام کے تحت جی ٹی روڈ کی مرمت اور گرین بیلٹ تعمیر کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے ،
گجرات (جی پی آئی)خوبصورت گجرات پروگرام کے تحت جی ٹی روڈ کی مرمت اور گرین بیلٹ تعمیر کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے ، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ ، سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود نے معززین شہر اور میڈیا کے نمائندوں کی موجودگی میں منصوبے کا افتتاح کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ گجرات کی ترقی کیلئے لاہور اور فیصل آباد کی طرح گجرات ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کی جائے گی ، جس کے ممبران میں سرکاری افسران کے ساتھ عوامی اور کاروباری نمائندے شامل ہونگے اور شہر کی ترقی کے تمام منصوبہ جات کے فیصلے یہ بورڈ ہی کیا کرے گا ، میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ 14.26کلو میٹر طویل جی ٹی روڈ کی مرمت کا منصوبہ ایک ماہ میں مکمل کر لیا جائیگا ، اور اس پر 7کروڑ روپے خرچ ہونگے ، جبکہ سڑک کے میڈین پر 18لاکھ روپے کی لاگت سے ایوان صنعت و تجارت پودے اور درخت لگائے گا ، سڑک کے دونوں اطراف گرین بیلٹ مقامی بزنس کمیونٹی اور رہائشی افراد تعمیر کرینگے ، انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے گجرات میں 92ایکٹر رقبہ پر گوجرانوالہ ڈویژن کے سب سے بڑے پارک کی منظوری دے دی ہے ، دریائے چناب کے کنارے بنائے جانے والے اس پارک کے ساتھ فور سٹار ہوٹل ، تھری ڈی سینما اور جمنیزیم بھی بنایا جائیگا ، پارکنگ پلازہ کی تعمیر آخری مراحل میں ہے ، جبکہ پرانا ٹی ایم اے آفس کی جگہ پر بھی پارکنگ پلازہ بنانے کی تجاویز ہے ، انہوں نے بتایا کہ جنرل بس اسٹینڈ کے ساتھ پندرہ فٹ اونچی دیوار تعمیر کر کے اس پر شہدائے گجرات اور قومی ہیروز کے پورٹریٹ بنائے جائیں گے ، ڈی سی او نے بتایا کہ جی ٹی روڈ کے بعد دیگر سڑکوں کی بھی تعمیر کی جائیگی ، انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر محمد سرور پونے تین کروڑ روپے کی لاگت سے عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں برن یونٹ تعمیر کروا رہے ہیں ، ندیم ملہی انڈر پاس کو کلمہ چوک کی طرح ڈویلپ کریں گے ، جبکہ شہر کے دونوں اطراف بابِ گجرات تعمیر کرنے کا بھی منصوبہ ہے ، سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف گجرات کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ شہر کی دیگر سڑکوں سمیت اجتماعی مفادات کے منصوبوں کیلئے حکومت بھرپور فنڈز فراہم کر رہی ہے ، حاجی ناصر نے امید ظاہر کی کہ دریائے چناب کے کنارے پارک کی تعمیر کا اسی سال آغاز ہو جائیگا ، انہوں نے کہا کہ خوبصورت گجرات پراجیکٹ کیلئے تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کاروائی کی گئی ہے اور کوئی شخص یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ، حاجی ناصر محمود نے کہا کہ گجرات کی سڑکوں اور دیگر منصوبوں کیلئے اسی سال فنڈز مل جائیں اور دو سال میں شہر کا نقشہ تبدیل ہو جائیگا ، صدر چیمبر آف کامرس ملک طارق بلال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کی بزنس کمیونٹی شہر کی خوبصورتی کیلئے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتی ہے اور اس کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا ، اس موقع پر معززین شہر الحاج محمد افضل گوندل ،چوہدری اعجاز آف شاہدولہ ٹائون ، ندیم ملہی ، قاسم امجد ، امجد فاروق ، عنصر گھمن ، اصغر تیل والا ، حاجی محمد اعظم پارٹری والے ، صدر انجمن تاجران جاوید بٹ ، ای ڈی اوز علی نواز ، چوہدری محمد اصغر ، اسسٹنٹ کمشنر وقار خاں ، پی ایس او ندیم بٹ اور بڑی تعداد میں کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب حکومت کسانوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی ، حالیہ گندم خریداری مہم کے دوران کاشتکار کو اس کی فصل کا بہترین معاوضہ کی فوری ادائیگی کی جا رہی ہے، انور رشید
گجرات(جی پی آئی) ضلع گجرات کیلئے گندم خریداری مہم کے نگران و سیکرٹری ماحولیات پنجاب انور رشید نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی ، حالیہ گندم خریداری مہم کے دوران کاشتکار کو اس کی فصل کا بہترین معاوضہ کی فوری ادائیگی کی جا رہی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلالپور جٹاں ، گجرات ، منگوال ، لالہ موسیٰ مراکز کے معائنہ کے موقع پر کیا ، اس موقع پر ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ ، ایم پی اے میجر معین نواز ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سفیان آصف و دیگر افسران بھی موجود تھے ، سیکرٹری ماحولیات نے دوران کے دوران مراکز خریداری گندم میں باردانہ کے اجزا خریداری کا ریکارڈ چیک کیا اور کسانوں کیلئے سہولیات کا جائزہ لیا ، سیکرٹری ماحولیات انور رشید نے کہا کہ مراکز خریدری گندم پر پارکنگ کا مناسب انتظام یقینی بنایا جائے ، ٹینٹ ، کرسیوں اور ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا جائے ، ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے سیکرٹری ماحولیات کو بتایا کہ ضلع گجرات کیلئے گندم کی خریداری کا ہدف 25ہزار میٹرک ٹن مقرر ہے ، باردانہ کا میرٹ پر اجراء کیا جا رہاہے اور کسان بھائیوں کے تعاون سے حدف حاصل کر لیا جائیگا ، سیکرٹری ماحولیات نے دورہ کے موقع پر مراکز خریداری پر انتظامات پر مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جیو کے اینکر پرسن حامد مپر پر قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے پر بھرپور مذمت کرتے ہیں

گجرات(جی پی آئی) ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت شیخ راحیل نثار سابق جنرل کونسلر یوسی 51اور معروف بزنس مین ملک اشفاق احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جیو کے اینکر پرسن حامد مپر پر قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے پر بھرپور مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلانہ حملے میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ حامد میر کو جلد از جلد صحت یابی عطا فرمائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات کے مایہ ناز تعلیمی ادارے دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس ہائی سکول میں یوم صدیق اکبر عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

گجرات(جی پی آئی) گجرات کے مایہ ناز تعلیمی ادارے دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس ہائی سکول میں یوم صدیق اکبر عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ، اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی ، جس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بارہ دری سکول محمد شہزاد شفیق نقشبندی نے کہا کہ خلیفہ اول حضرت سیدنا ابوبکر صدیق کا طرز زندگی ناصرف عام مسلمانوں کے لیے بلکہ حکمرانوں کے لئے بھی مشعل راہ ہے ، جب مسلم امہ کے حکمران اس دنیا سے رخصت ہوتے تھے تو وہ مقروض ہوتے تھے لیکن قوم مقروض نہیں ہوتی تھی ، مگر اب حکمران رخصت ہوتے ہیں تو قوم و ملک مقروض ہوتا ہے اور حکمران مقروض نہیں ہوتے ، حضرت ابوبکر صدیق نے جس طرح عملی طور پر اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ایک نمونہ دیا اس پر ہمیں عمل کرنا چاہیے اور بچوں کو اپنے اسلاف کی قربانیوں اور جدوجہد کے بارے میں آگاہ کرنا چاہیے تا کہ وہ اچھے مسلمان اور بہترین شہری بن سکیں ، دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس نے اسی طرز پر تعلیم دی جا رہی ہے ، اور انہیں کامیاب شہری بنانے کیلئے تربیت کا عمل جاری و ساری ہے ، اس سلسلہ میں بارہ دری سکول کی انتظامیہ نے جدید ترین آلات اور تربیت یافتہ اساتذہ کی مدد سے بچوں کی نگہداشت کی جاتی ہے ، اس موقع پر بچوں نے درود و سلام پیش کیا ، ملک ترقی و سلامتی کی دعائیں کی گئیں۔