گجرات کی خبریں 9/1/2014

گجرات (جی پی آئی) کاروانِ مالک اشتر کے چیف ایگزیکٹو سید اظہر نقوی عراق کے دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، عراق میں انہوں نے مختلف مقامات کی زیارت کی اور ملک کی ترقی و سلامتی کیلئے دعائیں کیں، ان کے ہمراہ مختلف شخصیات بھی تھیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) قائم مقام ڈی پی او گجرات سید غلام مصطفی گیلانی نے کہا ہے کہ GPIآفس میں ہونے والی چوری کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے اقدامات کیے جائیں اور چوری کو فوری برآمد کیا جائیگا ، وہ گزشتہ روز صاحبزادہ حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے انہوںنے کہا کہ صحافی ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور صحافیوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ، جی پی آئی آفس میں ہونے والا واقعہ افسوسناک ہے ، اور ہم واقعہ کی مکمل تحقیقات کرینگے اور ملزمان کو گرفتار کیا جائیگا ، اس سلسلہ میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ، جو کہ مکمل طور پر واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے ، انہوںنے کہا کہ رزاق احمد غفاری کی خدمات شعبہ صحافت کیلئے قابل تحسین ہیں ، اور انہوں نے جس انداز میں صحافت میں نام پیدا کیا ہے ہم انہیں سراہتے ہیں ، اور انہیں ریلیف فراہم کیا جائیگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کا قافلہ ربیع الائول کے مرکزی جلوس میں بھرپور شرکت کرے گا ، اس بات کا اعلان سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے صدر چوہدری علی ابرار جوڑا نے سٹیزن فرنٹ کی سپریم کونسل کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوںنے کہا کہ 14جنوری 2013ء بمطابق 12ربیع الائول بروز منگل بعد نماز ظہر سٹیزن فرنٹ ضلع و سٹی گجرات کے عہدیداران و ممبران میری رہائشگاہ اکٹھے ہونگے جہاں سے سٹیزن فرنٹ کا قافلہ سٹی صدر شیخ عرفان پرویز کی قیادت میں جامعہ شاہ ولایت کی طرف روانہ ہو گا اور صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی ممبر اسلامی نظریاتی کونسل کی قیادت میں نکلنے والے مرکزی میلاد جلوس میں شامل ہو گا ، اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ربیع الائول کے اس مبارک مہینے میں سٹیزن فرنٹ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان محفل میلاد بھی منعقد کی جائے گی ، قبل ازیں اجلاس کا باقاعدہ آغاز حاجی اسلم جاوید آرائیں نے تلاوت قرآن پاک سے کیا ، جبکہ ایم وائی ناصر نے اپنی خوبصورت آواز میں نعت شریف پڑھی ، جس کے بعد سیکرٹری سپریم کونسل محمد اشرف منہاس نے سابقہ اجلاس کی کاروائی پڑھ کر سنائی اور ہائوس سے اس کی توثیق کروائی ، آخر میںچوہدری اسد اللہ طاہر نے خصوصی دعا فرمائی ، اجلاس میں افتخار الدین بھٹہ ، چوہدری ندیم طفیل ، شیخ عرفان پرویز ، راجہ محمد اعجاز ، اکبر بیگ برلاس ، حاجی مہر ممتاز احمد ، عامر چوہدری ، ملک طارق محمود ، فراز ملک ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ، محمد سلیم خان اور حاجی مہر عنصر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) ممتاز سماجی و کاروباری شخصیت چوہدری محمد شبیر و چوہدری محمد صغیر آف چشتی پلائی وڈ کی والدہ محترمہ کے ختم قل کی محفل پاک جامعہ مسجد محمدیہ مسلم پورہ امین آباد گجرات میں منعقد ہوئی ، تلاوت و نعت کے بعد حضرت علامہ ابوتراب بلوچ نے ماں کی شان کے موضوع پر مفصل خطاب فرمایا ، جبکہ ختم شریف کے بعد حضرت علامہ قاری افضل بٹ نے خصوصی دعا کی ختم قل میں حاجی ظفر رحمانی ، مرزا ذیشان بیگ ، تنویر بھٹی ، سعید کمبوہ ، چاچا عاشق ، اصغر بٹ ، مولوی نذیر ، نواز گوندل ، سید سادت شاہ ، مرزا شوکت ، حاجی منیر ، چوہدری شریف گجر ، منظور گاکھڑ اور نذیر غفاری کے علاوہ سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)ڈی پی او سرگودھا راجہ بشارت علی تعزیت کیلئے صاحبزادہ حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی کی رہائشگاہ پر گئے اور ان کی والدہ محترمہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی اور گہرے رنج وغم اظہار کیا اس موقع پر قائمقام ڈی پی او گجرات سید غلام مصطفی گیلانی ، انچارج ایلیٹ فورس گوجرانوالہ ضیغم ثناء وڑائچ ، انسپکٹر ریاض کدھر ، انسپکٹر ممتاز میکن ، ملک فراز ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری بھی موجود تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) ممتاز تعلیمی شخصیت صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے مکہ مکرمہ سے اپنے تعزیتی بیان میں صاحبزادہ پیر حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی کی والدہ محترمہ کی وفات پر ان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)صاحبزادہ پیر حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی نے ممتاز ماہر تعلیم افتخار چیمہ اور طارق جاوید چوہدری کو میزان پبلک سکول کے دورہ کے موقع پر اسلامی کتب کا تحفہ دیا جن میں منہاج السوی ، عرفان القرآن ، نور الابصار و دیگر کتب شامل ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) صدر پنجاب نعت کونسل شیخ عرفان پرویز ، جنرل سیکرٹری عامر چوہدری ، سیٹھ ظہیر عباس صراف ، مہر عثمان عرف شاری ، میاں سہیل منیر ، اورنگزیب مرل و دیگر عہدیداران نے GPIآفس میں چوری کی ورادات کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گجرات میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے کے سلسلہ میں کاروائی کی جائے ، کیونکہ گجرات پولیس اس میں ناکام ہو چکی ہے ، اگر یہ صورتحال جاری رہی تو عوام عدم تحفظ کا شکار ہو جائیں گے ، حکومت پنجاب صحافیوں کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کرے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) ممتاز روحانی شخصیت حکیم پیرزادہ جاگیردار گل نواز جٹ رندھاوا نے کہا ہے کہ GPIآفس میں چوری کی واردات افسوسناک ہے ، اور گجرات پولیس اس سلسلہ میں اقدامات کریں اور اس واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کیے جائیں ، اور ہم گجرات پولیس کی کارکردگی کو بھی افسوسناک کہتے ہیں جس نے ابھی تک اس واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کیلئے کوئی کاروائی نہیں کی ، ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر اس واقعہ میں ملوث افراد کو قرار واقعہ سزا دی جائے اور چوری کو برآمد کروایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) آل پنجاب پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر طارق جاوید چوہدری ، سرپرست اعلیٰ افتخار چیمہ آف دارارقم سکول گزشتہ روز صاحبزادہ پیر حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی کی رہائشگاہ پر گئے اور ان کی والدہ محترمہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) المیزان پبلک سکول صاحبزادہ پیر حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی کا شاندار کارنامہ ہے ان خیالات کا اظہار صدر آل پنجاب پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز مینجمنٹ ایسوسی ایشن طارق جاوید چوہدری اور سرپرست اعلیٰ افتخار چیمہ نے المیزان پبلک سکول کے دورہ کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ بلاشبہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم ضروری ہوتی ہے ، صاحبزادہ پیر حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی نے اس سلسلہ میں شاندار کام سرانجام دیا ہے اور ہم حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ بہتر انداز میں عوام کو تعلیم کی سہولت فراہم کر رہے ہیں اور سکول میں شاندار نتائج بھی ان کی شبانہ روز کوششوں کا نتیجہ ہے ، یہ سلسلہ جاری رہے گا اور آل پنجاب پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی کی کاوشوں کو سراہتی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) مرکز اہلسنت نیک آباد (مراڑیاں شریف) کے زیراہتمام جشن عید میلاد النبیۖ کے سلسلہ میں 12ربیع الاول بمطابق 14جنوری بروز منگل عظیم الشان جلوس میلاد النبیۖ نکالا جائے گا۔ قیادت عالمی تنظیم اہلسنت کے امیر حضرت علامہ صاحبزادہ پیر محمد افضل قادری سجادہ نشین آستانہ عالیہ نیک آباد (مراڑیاں شریف) کریں گے۔ جلوس صبح ساڑھے نو بجے نیک آباد سے شروع ہوگا اور باب غوث اعظم، بائی پاس روڈ گجرات سے ہوتے ہوئے، شاہین چوک، بجلی گھر، سٹاف گلہ، محمدی بیکرز، جی ٹی روڈ، چوک جی ٹی ایس سے گزرتے ہوئے فوارہ چوک میں اختتام پذیر ہوگا۔ مفتی اسلام پیر محمد عثمان افضل قادری نے کہا ہے کہ غلامان رسول میلاد النبیۖ کو شایان شان طریقہ سے منانے کی تیاریاں تیز تر کردیں، انہوں نے کہا آمد رسول ۖ اللہ رب العالمین کا سب سے بڑا فضل اور کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے لہذا میلاد النبیۖ کے موقع پر امت مسلمہ اللہ تعالیٰ کا شکر بھی ادا کرے اور آمد مصطفیۖ پر خوشیاں کا اظہار بھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات(جی پی آئی)محکمہ زراعت نے کسانوں کو مقررہ نرخوں پرکھادوں کی فراہمی اور بلیک میں فروخت روکنے کے لیے تما م کمپنیوں کی کھادوں کے ریٹس مقرر کر دیے ہیں اور تما م ہول سیل ڈیلرز کو پابند بنا دیا گیا ہے کہ وہ کھاد کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائیں اور ہر سیل کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے جبکہ کیش میمو پر خریدار کا نا م اور مکمل پتہ تحریر کیا جائے۔ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت توسیع / ڈپٹی کنٹرولرفرٹیلائزر محمد صدیق کی طرف سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق اینگرو کمپنی کی یوریا کھاد 1930روپے فی پچاس کلو گرام ہوگی، ڈی اے پی کی بوری 3470روپے، اور زرخیز گرین 2980روپے میں فروخت ہوگی۔ ایف ایف سی کمپنی کی یوریا کھاد 1910روپے، ڈی اے پی 3470روپے اور پوٹاش کی بوری4200روپے فی پچاس کلو گرام فروخت ہوگی۔ پاک عرب کمپنی کی یوریا کھاد 1910روپے، کین 1600روپے، این پی 2340روپے فی پچاس کلو گرام فروخت ہوگی۔ تارا کمپنی کی ایس ایس پی 1100روپے فی پچاس کلو گرام جبکہ امپورٹڈ یوریا کھاد 1650روپے اور سراج فرٹیلائزرز کی ڈی اے پی کی پچاس کلو گرام بوری کا ریٹ 3470روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ۔ڈی او زراعت (توسیع) محمد صدیق نے واضع کیا کہ کوئی ڈسٹری بیوٹر یا دوکاندار مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول نہیں کر ے گا اور ہر دوکاندار کیش میمو پر خریدار کسان کا نام و مکمل پتہ درج کر نے کا پابند ہوگا۔ ہر ڈسٹری بیوٹر یا دوکاندار نمایاں جگہ پر نوٹس بورڈ پر ریٹس لسٹ آویزاں کرنے کا پابند ہوگا جبکہ کوئی ڈسٹری بیوٹر یا دوکاندار کسان کوکھاد فروخت کرنے سے انکار نہیں کر ے گا۔اسی طرح ہر ڈسٹی بیوٹر او ر دوکاندار پابند ہوگا کہ محکمہ زراعت کے افسران کو ڈیمانڈ پر سیل کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کرے۔ڈی او زراعت نے اپنے حکمنامے میں تما م ڈیلر ز کو پابند بنا دیا ہے کہ وہ ہر طرح کی کھادوں سے متعلق سٹاک بارے متعلقہ زراعت افسران کو مطلع کرے، ڈیلر شپ سرٹیفیکٹ نمایا ںجگہ آویزاں کرے نیز یقینی بنایا جائے کہ ہر بوری میں کھاد کا وزن پورا ہے۔ ڈی او زراعت (توسیع ) کا جاری کردہ حکمنامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والے ڈسٹری بیوٹرز، ڈیلرز اور دوکاندار کے خلاف Essential Articles (Control)ایکٹ 1973کی دفعہ 6اور 7کے تحت کاروائی ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) امیر جماعت اسلامی ضلع گجرات ڈاکٹر سید احسان اللہ شاہ نے کہا ہے کہ برصغیر میں انگریز تجارت کے بہانے ایسٹ انڈیا کمپنی بنا کر آئے تھے اور برصغیر پر قابض ہو گئے اسی طرح اب ملٹی نیشنل کمپنیوں کا کلچر بھی ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح پاکستان میں ہو چکا ہے جو ہمارے بچوں سے ہماری تاریخ چھین رہی ہیں اور جس قوم سے تاریخ چھین لی جائے اس قوم کا جغرافیہ چھیننا مشکل نہیں ہوتا میڈیا اپنے قلم سے اسلام ، نظریہ پاکستان اور اس ملک کے اسلامی خطہ کو اجاگر کرے ۔ اور جہاں تک ممکن ہو سکے اس خطہ کے واقعات کو اپنی تحریروں کے ذریعے اجاگر کرے ۔ کیونکہ یہ خطہ شخصیات ، بہادر لوگوں سے مالا مال ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دینے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر جماعت اسلامی شہر گجرات ، ڈاکٹرطارق سلیم، صدر الخدمت فائونڈیشن چوہدری انصر محمود دھول ایڈووکیٹ، میاں شبیر احمد خاور ضلعی جنرل سیکرٹری، حافظ زبیر احمد سابق امیدوار حلقہ این اے 105، قاری گل شیر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے گجرات پریس کلب کے نو منتخب صدر وسیم اشرف بٹ اور جنرل سیکرٹری محمود اختر محمود اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب کوششیں جاری ہیں کہ پاکستان قائم نہ رہے ہمارے میڈیا کو پاکستان کی مضبوطی اور قائد اعظم محمد جناح کی کوششوں اور دیگر رہنمائوں کو ہماری نسل کو آگاہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے اس وقت ملک میں زرائع ابلاغ اور میڈیا کا سونامی آ گیا ہے مگر اس کے باوجود ابھی بھی میڈیا آزاد نہیں ہے ابھی بھی پائوں کی بیڑیاں نیشنل اور انٹر نیشنل سطح پر پڑھی ہیں وہ ماسٹر اور بگ باسز جو چاہتے ہیں عوام سے چھپا لیتے ہیں اور جو ان کی مرضی ہو تی ہے وہ میڈیا میں اجاگر کرتے ہیں میڈیا اس دورمیں سچ شاید مکمل نہیں دکھایا جاتا ، اداکارہ کے پائوں پر موچ آ جائے تو وہ بریکنگ نیوز سارا دن چلتی ہے ۔ صحافی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے سچ کو نہ چھپائیں بلکہ سامنے لے کر آئیں ۔اس موقع پر ڈاکٹر سید احسان اللہ شاہ نے گجرات پریس کلب کو بھی 20ہزار روپے کا فنڈ بھی دیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی )پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء یوسی13جلالپور صوبتیاں کے سرکردہ نوجوان لیڈر چوہدر ی نعمان مظہر نے کہا ہے کہ جو لوگ اپنی یوسی کو چھوڑ کر چلے گئے ہوں وہ کیا کسی کی خاک سرپرستی کر تی گے سرپرستی تو وہ لوگ کرتے ہیں جو میدان میں ہوتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین نہ تو خود ٹکٹ ملا اور نہ ہی وہ کسی کو ٹکٹ دلا سکے وہ کسی کا کیا فیصلہ کر سکتے ہیں ۔ہم عوام میں موجود ہیں اور عوام کے درمیان رہتے ہیں ہمارا جینا مرنا اسی علاقے میں ہیں حکومت ہو یا اپوزیشن ہم اپنے علاقے میں ہی رہتے ہیں اب بڑھکیں مارنے والوں کا دور ختم ہو چکا ہے لوگ چوہدراہٹ کو پسند نہیں کرتے ، انشاء اللہ تعالی بلدیاتی انتخابات میں جلالپور صوبتیاں کے عوام انہیں ان کی حیثیت اپنی ووٹ کی طاقت سے بتائے گی جیسے کہ جنرل الیکشن میں بھی بتا چکے ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی )امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ مثبت اور تعمیری صحافت کرنے والے خراج تحسین کے مستحق ہوتے ہیں گجرات پریس کلب میں عہدیداران ، ممبران نے خوبصورت گلدستے کا انتخاب کیا ہے جس کی وجہ سے آج گجرات کی ممتاز شخصیات گجرات پریس کلب آ کر انہیں مبارکباد دے رہی ہیں اور وائس چانسلر ، ڈی پی او، صنعتکار، تاجر برادری ہر مکتبہ فکر کے لوگ نو منتخب صدر وسیم اشرف بٹ اور انکے ساتھیوں کی صحافت میں خدمات کا اعتراف کر رہے ہیں اس میں کوئی شک نہیں ہم انہیں الفاظ اور عمل سے بڑھ کر خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔گجرات پریس کلب شہریوں کے مسائل اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کر ے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات پریس کلب میں نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ گجرات کے صحافیوں کے درمیان اور ہمارے درمیان کوئی فاصلے نہیں ہیں ۔ صدر الخدمت فائونڈیشن چوہدری انصر محمود دھول ایڈووکیٹ، سابق امیدوار حلقہ این اے 105نے کہا کہ گجرات کے صحافی مثبت صحافت کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور گجرات میں صحافت کو بیلنس رکھیںانہوں نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ، ضلعی جنرل سیکرٹری میاں شبیر احمد خاور نے کہا کہ صحافت کا پیشہ انبیاء اکرام کا بھی ہوتا تھا ، صحافت انسان کو تبدیل کر دیتی ہے ۔ گجرات کے صحافی منفی پہلو کو ختم کرنے کی کوشش کریں اور اپنے پیشہ کو حق سچ ، صداقت کا محور بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ صحافی ایک آئینہ ہوتے ہیں اسلامی صحافت میں منفی چیزوں کو چھپایا جاتا ہے اور مثبت چیزو ں کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ صدر وسیم اشرف بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ گجرات پریس کلب کو مثبت سر گرمیوں کا پلیٹ فارم بنائیں گے شہریوں کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔انہوں نے جماعت اسلامی کے آنے والے وفد کا شکریہ ادا کیا اس موقع پرجنرل سیکرٹری محمود اختر محمود، سنیئر صحافی طفیل میر، مقبول الٰہی بٹ، سنیئر نائب صدر فیا ض بٹ، نائب صدر ظہیر مرزا، جائنٹ سیکرٹری نوازش علی نوازش، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر رزاق غفاری، سجاد حیدر ناز، سیکرٹری تقریبات عاصم رضا سید، سیکرٹری لائبریری جاوید اختر بٹ، سیکرٹری سپورٹس مرزا محمد یونس، سید انوار شاہ ، وحید مرزا، بھی موجود تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی )جماعت اسلامی کے ایک بڑے وفد نے گجرات پریس کلب جا کر نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی وفد میں امیر جماعت اسلامی ضلع گجرات ڈاکٹر سید احسان اللہ ، امیر جماعت اسلامی شہر گجرات ڈاکٹر طارق سلیم ، ضلعی جنرل سیکرٹری میاں شبیر احمد خاور، چوہدری انصر محمود دھول ایڈووکیٹ صدر الخدمت فائونڈیشن ،حافظ زبیر احمد، قاری گل شیر نے فرداً فرداً نو منتخب عہدیداران صدر وسیم اشرف بٹ، جنرل سیکرٹری محمود اختر محمود، سنیئر نائب صدر فیا ض بٹ، نائب صدر ظہیر مرزا، جائنٹ سیکرٹری نوازش علی نوازش، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر رزاق غفاری، سجاد حیدر ناز، سیکرٹری تقریبات عاصم رضا سید، سیکرٹری لائبریری جاوید اختر بٹ، سیکرٹری سپورٹس مرزا محمد یونس کو ہار پہنائے اور گجرات پریس کلب کو20ہزار روپے کا فنڈ بھی دیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی)سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے کہا ہے کہ ہمارے خاندان کو سیاست میںاہل گجرات کی خدمت کرتے ہوئے 96سال کا عرصہ بیت گیا ہے اور6سال بعد اہل گجرات کی خدمت کرتے ہوئے100سال ہو جائینگے اور یہ خدمت کا تسلسل جاری رہے گا میں نے 1990ء میں اپنی سیاست کا آغاز کیا تھا ۔میڈیا کو سیاست کا حصہ سمجھتا ہوں اور صحافیوں کے بغیر یہ حصہ مکمل نہیں ہو سکتا ہے گجرات کے صحافی خراج تحسین کے مستحق ہیں اور وہ شہر کی سیاست پر کڑی نظر رکھتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات پریس کلب کے نو منتخب صدر وسیم اشرف بٹ ، جنرل سیکرٹری محمود اختر محمود اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دینے کے بعد کیا انہوں نے فرداً فرداً تمام عہدیداران کو ہار پہنائے ، سابق تحصیل ناظم میاں ہارون مسعود اور مرزا شہزاد بیگ ان کے ہمراہ تھے ۔ میاں عمران مسعود نے کہا کہ ہم نے اپنے دور اقتدار میں اہل گجرات کی بھر پور خدمت کی گجرات کے صحافیوں کابھی ہمارے ساتھ تعاون رہا ہم نے ابھی بہت کچھ کرنا ہے بہت سے مسائل ابھی باقی ہیں جنہیں ہم نے حل کرنا ہے گجرات میں سب سے بڑا مسئلہ سیوریج کا تھا چوہدری پرویز الٰہی کے دور میں ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈ سے سیوریج ڈالا گیا ۔ یونیورسٹی آف گجرات جو خواب تھا اسے حقیقت میں تبدیل کیا گیا ۔ اور اس میں میڈیکل کالج ، لاء کالج کی گنجائش بھی تھی اب وہاں لاء اور انجینئرنگ بھی کروائی جارہی ہے۔ میاں ہارون مسعود نے کہا کہ کوئی اچھا کام کرنے کیلئے ایم این اے ایم پی اے بننا ضروری نہیں گجرات سے ہمارا پرانا رشتہ ہے ہمارے بزرگ عرصہ دراز سے گجرات کے لوگوں کی خدمت کرتے رہے اور ہم نے اس تسلسل کو قائم رکھا اوراب بھی خدمت کا عمل جاری رکھیں گے تحصیل ناظم کی حیثیت سے ہم نے آنے والی نسلوں کے لئے یونیورسٹی آف گجرات کے قیام کیلئے تحریک چلائی اور میں نے تحصیل اسمبلی میں قرارداد پیش کی 1992ء میں عمران نے اسے منظور کیا اور ہماری یہ جدوجہد ایک تحریک کی شکل اختیار کر گئی نو منتخب صدر وسیم اشرف بٹ نے بھی گجرات پریس کلب میں یونیورسٹی کی تعمیر کیلئے قرار داد منظور کروائی اور پھر چیمبر، ڈسٹرکٹ بار ہرجگہ یونیورسٹی بنانے کیلئے جدوجہد کی گئی اور سابق گورنر خالد مقبول کی گجرات آمد پر اس کی منظوری ہوئی اور انہوں نے زمیندار کالج کو اپ گریڈ کر کے اسے یونیورسٹی کادرجہ دلوایا۔ اس موقع پر صدر گجرات پریس کلب وسیم اشرف بٹ نے کہا کہ انشاء اللہ ہم گجرا ت پریس کلب کو شہریوں کی سرگرمیوں کا محور بنائیںگے اور ان کے مسائل اجاگر کریں گے۔ سیکرٹری اطلاعات مرزا شہزاد بیگ نے کہا کہ سیاسی شخصیت کو اجاگر کرنے کی بجائے اس کے کام کو اجاگر کریں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی )پاکستان مسلم لیگ ن یوسی2کے امیدوار برائے چیئر مین حاجی محمد آصف رضا اور امیدوار برائے وائس چیئر مین ملک عمران شریف اورمرزا محمد الیاس جرال کی قیادت میں ایک وفد نے گجرات پریس کلب کا دورہ کیا اور نو منتخب صدر وسیم اشرف بٹ، جنر ل سیکرٹری محمود اختر محمود اور دیگر افراد کومبارکباد دی اور فرداً فرداً تمام عہدیداران کو ہار پہنائے اس موقع پر وفد کے ہمراہ سنیئر نائب صدر کٹڑہ بازار گل خان ، عدیل الیاس جرال امیدوار یوتھ کونسلر ، چوہدری عرفان ، چوہدری عزیزاحمد، سلیم بن طاہر ، چوہدری فیاض احمد بھی ہمراہ تھے ۔ حاجی محمد آصف نے گجرات پریس کلب کے صدر وسیم اشرف بٹ کو 10ہزارروپے گجرات پریس کلب کے لئے فنڈ بھی دیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات(جی پی آئی )ضلع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم 20جنوری سے 22جنوری تک جاری رہے گی اس دوران پانچ سال تک عمر کے 4لاکھ بچوںکو پولیوسے بچائو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جبکہ 23اور 24جنوری کو فالو اپ مہم چلائی جائے گی۔ انسداد پولیو کیلئے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام ادارے باہم کوآرڈینیشن سے کام کریں ۔ ا ن خیالات کااظہار ڈی سی او آصف بلا ل لودھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں اے ڈی سی فاروق رشید ،ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نصرت ریاض، ای ڈی او ایجوکیشن کاشف طاہر ، ای ڈی او سی ڈی چوہدری محمد نواز، ڈی ایچ او ڈاکٹر عابد غوری، ڈی او پاپولیشن ویلفیئر محمد عدنان، سماجی کارکن خادم علی خادم، ٹی ایم ایز کے افسران نے شرکت کی۔ڈی سی او آصف بلا ل لودھی نے سرکاری محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ انسداد پولیو مہم میں شرکت کرنے والے اپنے محکموں کے اہلکاروںکی ضروری تربیت کا انتظام کریں اور اس مہم کے دوران باہم رابطے بہتر بنانے کے لئے فوکل پر سنز کا تقرر کریں۔ انہوںنے ہدایت کی کہ ماضی میں پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنے والی فیملیز کے بچوں کو پولیو مہم کے آغاز سے قبل ہی قطرے پلا دیے جائیں۔ ڈی سی او نے ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ ٹرانز ٹ پوائنٹس پر صفائی سمیت دیگر ضروری انتظامات کئے جائیں۔ قبل ازیں اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نصرت ریاض نے بتایا کہ20 جنوری سے 22جنوری تک انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر کی 119یونین کونسلوں کے 1084دیہات اور اربن ایریاز میںپانچ سال تک عمر کے 4لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے اس مقصد کے لئے781موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 119فکس سنٹرز اور31 ٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی بچوںکو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، اس کے ساتھ518 خانہ بدوش بستیوں میں مقیم 518فیملیز کے بچوںکو قطرے پلانے کے لئے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ تین روزہ انسداد پولیو مہم کے بعد دو روزہ فالو اپ مہم بھی چلائی جائے گی جس میں کسی وجہ سے محروم رہ جانے والے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ای ڈی او ہیلتھ نے بتایا کہ انسداد پولیومہم کی کامیابی کے محکمہ تعلیم 124سکاوٹس فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ سول ڈیفنس کے سکائوٹس ،ٹریفک پولیس اور موٹروے پولیس ، ٹی ایم ایزاور ریونیو ڈیپارٹمنٹ بھی محکمہ صحت کی مدد کریںگے جبکہ کینٹ ایریا میںبچوں کو قطرے پلانے کے لئے فوجی حکام سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کی مساجد میں انسداد پولیو مہم سے قبل اعلانات کرائے جائیں گے اس کے ساتھ مذہبی راہنمائوں،سماجی حلقوںاور میڈیا بھی بھر پور معاونت حاصل کی جائے گی۔ ڈاکٹر نصرت ریاض نے کہا کہ ضلع گجرات 1997سے پولیو فری ہے اور اجتماعی کاوشوں سے اس حیثیت کو برقرار رکھنے اور نئی نسل کو پولیو جیسی خطرناک بیماری سے محفوظ رکھنے کے لئے یہ جد و جہد جاری رہے گی۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک عمر کے بچوں کو ہر صورت پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پلائیں اور پولیو ٹیم نہ آنے کی صورت میں کنٹرول روم کے نمبر 0539260300 پر رابطہ کریں۔