چوہدری برادران پرانے سازشی ہیں، پنجاب بنک پر اربوں کے اپنے ڈاکے کا حساب دیں : حمزہ شہباز گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ چوہدری برادران پرانے سازشی ہیں وہ کرپشن کے خلاف جہاد کے اعلان سے پہلے پنجاب بنک پر اربوں کے اپنے ڈاکے کا حساب دیں ـقوم پر جب بھی مشکل وقت آیا چوہدری صاحبان دور دور تک نظر نہیں آئے ـ عمران خان کا چور دروازے سے وزیر اعظم بننے کا خواب ڈی چوک میں چکنا چور ہو چکا ہےـسیلاب زدگان کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گےـحمزہ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج گجرات ،سیالکوٹ اور ڈسکہ میں قائم فلڈ ریلیف کیمپوں میں سیلاب زدگان کی مالی امداد کے موقع پر متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ـاس موقع پر مقامی عوامی نمائندے اور ضلعی انتظامیہ بھی موجود تھی ـحمزہ شہباز شریف نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سیاست میں ناشائستگی ، ہٹ دھرمی ، عدم برداشت اور نفرت کے جو بیج عمران خان اور طاہر القادری بو رہے ہیں ان کی فصل کاٹتے ہوئے اُن کے اپنے ہاتھ زخمی ہوجائیں گےـ حمزہ شہباز شریف نے کہاکہ نئے پاکستان کی تعمیر کے دعوے دار اپنے سیاسی جلسوں میں جس قسم کی نازیبا زبان استعمال کررہے ہیں وہ کسی بھی مہذب سیاست دان کو زیب نہیں دیتی ۔انہوں نے کہاکہ دھرنا سیاستدان اپنے سیاسی طرز عمل کے ذریعے اپنے کارکنوں کی جو تربیت کررہے ہیں اس کے ملکی سیاست پر منفی اثرات مرتب ہونگے ـمسلم لیگی رہنما نے کہاکہ جمہوریت کے خلاف لندن پلان کی گھناؤنی سازش کے بے نقاب ہونے سے عوامی حقوق کے علمبرداروں کے اصلی چہرے عوام پر آشکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران اور طاہر القادری کی دھرنیوں کی وجہ سے چینی صدر نے پاکستان میں 32 ارب ڈالر کے بجلی کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کا اعلان موخر کیا اس سے بڑھ کر دھرنا سیاست کا ملکی مفاد کو اور کیا نقصان ہو سکتا ہےـ رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہاکہ عوامی مسائل سے ان رہنما ؤںکی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب کے دوران جب سیلاب زدگان ڈوب رہے تھے تو یہ لوگ ڈی چوک میں ناچ گانوں کی محفلیں لگا کر حد درجہ بے حسی کا مظاہرہ کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگی قیادت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کرکے اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی ہمیشہ دلجوئی کی ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور ہر قسم کے سیاسی مفادات سے بالا تر ہوکر سیلاب زد گان کے دکھ درد میں شریک رہے گی ۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ گجرات میں جلال پور جٹاں کے قریب شہبا ز پور کے مقام پر دریا چناب پر نئے پل کی تعمیر بہت جلد شروع ہو جائے گی جس سے علاقے میں صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا ـ انہوں نے متاثرین سیلاب میں رقوم تقسیم کیں اور سیالکوٹ کے سرحدی علاقوں میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کے ورثاء کیلئے پانچ ، پانچ لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان بھی کیا ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی ) مسلم لیگ ن کے راہنما ایم این اے حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے دوران مویشیوں فصلوں اور املاک کا بہت زیادہ نقصان ہوا ، متاثرین سیلاب کے دکھوں کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا ، لیکن نقصانات کے ازالہ تک ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں پیروں پر کھڑا کر کے دم لیں گے ۔گجرات کو سیالکوٹ سے ملانے کیلئے شہباز پور کے مقام پر دریائے چناب پر پل تعمیر کیا جائیگا ، حکومت اس منصوبے کا جلد آغاز کرے گی اور ہم ہی اس کا افتتاح کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات کے سیلاب سے متاثرہ علاقہ شہباز پور میں متاثرین سیلاب کو معاوضہ جات کی ادائیگی کی پہلی قسط دینے کے موقع پر کیا ۔ اس موقع پرمسلم پر حکومت پنجاب کے ترجمان و مشیر وزیراعلیٰ پنجاب سید زعیم حسین قادری، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ ، ڈی پی او رائے اعجاز احمد ، اے ڈی سی فاروق رشید سندھو ، ارکان اسمبلی نوابزادہ مظہر علی خاں ، میجر (ر) معین نواز ، نوابزادہ حیدر مہدی ، چوہدری اشرف دیونہ ، چوہدری شبیر کوٹلہ ، سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود و دیگر بھی موجود تھے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ متاثرین سیلاب کو معاوضہ جات کی پہلی قسط کے پیسے ادا کیے جا رہے ہیں ، فصلوں اور دیگر نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائیگا ، انہوں نے کہا کہ ہم ان میں سے نہیں جو صرف طفل تسلیاں دیتے ہیں ، ماضی میں جنوبی پنجاب میں سیلاب آیا کو جب تک متاثرین کو نئے گھر تعمیر کروا کر ان میں آباد نہیں کیا اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے ، حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے دکھوں کا مداوا نہ ہونے تک ان کا ساتھ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو ملک میں سیلاب سے تباہی مچی ہوئی ہے اور دوسری طرف اسلام آباد میں دو لوگ دھرنا دے کر بیٹھے ہوئے ہیں ، جنہیں اس چیز کی پروا نہیں کہ لوگوں کے بچے بھوکے رہیں یا ان کے گھر اجڑ جائیں ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی اور وہ روزانہ ناچ گانے کی محفل سجاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں دھرنے والوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور متاثرین سیلاب کے دکھ بانٹنے میں حکومت کا ساتھ دیں یہی سیاست ہے اور یہی پاکستانیت ہے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ وقت کے ساتھ دھرنے والوں کی سازشیں بے نقاب ہو گئیں ہیں ۔ پہلے یہ لوگ لندن میں ملاقات سے انکاری تھے لیکن اب تسلیم کرتے ہیں کہ دو ، دو ملاقاتیں ہوئیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خاں راتوں رات سازش کر کے وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہے تھے لیکن عوام نے انہیں ناکام بنا دیا ۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر نے پاکستان کے دورے کے دوران 32ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کرنا تھا ، لیکن دھرنیوں کی وجہ سے یہ دورہ موخر کرنا پڑا ، اگر چین کے صدر پاکستان کا دورہ کرتے تو ملک میں شمسی توانائی کے کارخانے لگتے اور سستی بجلی پیدا ہوتی جس سے ملک ترقی کرتا ، تاہم یہ لوگ پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل ہو گئے ، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رہے گا ، حمزہ شہباز نے کہا کہ آپ کے ضلع میں ایسے لوگ بھی ہیں جو کہتے تھے کہ عید سے پہلے قربانی ہو گی ، وہ کبھی قادری اور کبھی عمران کے کنٹینر میں جاتے لیکن سیلاب آیا تو کہیں نظر نہیں آئے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان پر جب بھی مشکل وقت آیا چوہدری برادران کہیں نظر نہیں آتے ۔ انہوں نے کہا کہ جب لاہور سے لانگ مارچ کا آغاز ہوا تو چوہدری برادران کہتے تھے کہ کرپشن کے خلاف جہاد کرنے جا رہے ہیں ۔ لیکن پہلے وہ بینک آف پنجاب میں اربوں روپے کے غبن کا حساب دیں ۔ پھر کرپشن کے خلاف جہاد کی باتیں کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے سازشیں کر کے سیاست میں جگہ بنائی ، لیکن قوم نے اب انہیں مسترد کر دیا ہے ، پاکستان کی سیاست میں اب ان کے لئے کوئی جگہ نہیں ۔اس سے قبل ایم این اے حمزہ شہباز نے دریائے چناب کے کنارے شہباز پور پل کیلئے مجوزہ مقام کا دورہ کیا ، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہاں دو رویہ پل کی تعمیر پر 3ارب روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے گجرات ، سیالکوٹ کے درمیان آمدورفت میں آسانی ہو گی اور ائیر پورٹ تک بھی رسائی آسان ہو گی ۔حمزہ شہباز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے تمام منصوبہ جات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات ( جی پی آئی )قاری محمد شفیع نوشاہی سے والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کرلئے علماء و مشائخ کی جامعہ تبلیغ الا سلام دولت نگر آمد سیاسی سماجی شخصیات کی فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ‘ علامہ پیر غلام سرور نقشبندی ‘ علامہ پروفیسر نوید اقبال ‘ علامہ سید طارق حسین شاہ خطیب اعظم ماچھوال ‘ چوہدری عتیق الزمان ڈوگہ ‘ حافظ محمد شفیق ‘ صاحبزادہ عبدالمصطفیٰ سیالوی ‘ رانا مشرف ناز ‘ راجہ طارق محمود ‘ عمران الٰہی بھٹی ‘ محمد عنصر چوہان ‘ چوہدری قدوس ‘ عمران ‘ صاحبزادہ پیر سید محمد شاہ ‘ مظفر نوشاہی ‘ چوہدری خالد حسین خالد نے اظہار تعزیت کیا ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات ( جی پی آئی ) قاری محمد شفیع نوشاہی کی والدہ محترمہ کے ایصال ثواب کیلئے ختم دسواں کی تقریب ان رہائش گاہ ڈوگہ شریف میں منعقد ہوئی ‘ صدارت صاحبزادہ پیر سید تصور حسین شاہ نوشاہی سجادہ نشین دربار نوشاہی ڈوگہ شریف نے فرمائی ‘ میاں محمد افضل چشتی خطیب اعظم حافظ لیاقت علی نوشاہی نے تلاوت کلام پاک و ہدیہ نعت پیش ‘ شرکاء میں خلیفہ میاں خان نوشاہی ‘ مہدی خاں ‘ رانا محمد صدیق ‘ عمران الٰہی ‘ لال خاں بھٹی ‘ خالد حسین بھٹی ‘ عمران عالم ‘ مہر ولائیت محمد بشیر کالس ‘ محمد اعظم کالس ‘ صوبیدار غلام حسین ‘ محمد علی قادری سمیت دیگر احباب نے شرکت کی ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات (جی پی آئی ) دکھی انسانیت کی خدمت کرنیوالے لوگ عظیم ہیں ‘ سیلاب سے متاثرہ آٹھ سو مریضوں کو فری میڈیکل چیک اپ اور ادویات دینے پر سٹیزن فرنٹ اور ہیومن ویلفیئر ایسوسی ایشن گجرات کے عہدیداران مبارکباد کے مستحق ہیں ‘ ان خیالات کا اظہار سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے صدر چوہدری علی ابرار جوڑا نے سٹیزن فرنٹ کی سپر یم کونسل کے ماہانہ اجلاس میں اراکین سپریم کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کوٹ قطب دین میں سٹیزن فرنٹ اور ہیومن ویلفیئر ایسوسی ایشن گجرات کے اشتراک سے لگنے والے گرینڈ فری میڈیکل کیمپ سے قاسم آباد ‘ کوٹ نتھو ‘ کوٹ موج دین ‘ و دیگر ملحقہ دیہات کے سینکڑوں افراد کو فائدہ پہنچا ہے میڈیکل کیمپ کا شاندار انعقاد کرنے پر سٹی صدر شیخ عرفان پرویز ‘ مہر مشتاق احمد ‘ راجہ اعجاز احمد ‘ مرزا اکبر بیگ برلاس ‘ ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ‘ حاجی مہر افضل نمبردار ‘ چوہدری فیاض چیمہ ‘ ڈاکٹر انجم نور دین اور ڈاکٹر عدنان بٹ دلی مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ قبل ازیں کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا ‘ جس کی سعادت حاجی اسلم جاوید آرائیں نے حاصل کی ‘ ہدیہ نعت مرزا اکبر بیگ برلاس نے پیش کی جبکہ میڈیکل کیمپ آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئر مین شیخ عرفان پرویز نے کیمپ کی رپورٹ پیش کی جسے اراکین اجلاس نے بے سرحد سراہا ‘ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہیومن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر انجم نور دین اور ڈاکٹر عدنان بٹ کو لیٹر آف تھینکس بھی دیا جائے گا ‘ آخر میں حاجی اسلم جاوید آرائیں نے سٹیزن فرنٹ کے بانی چوہدری محمد طفیل مرحوم و دیگر مرحومین کیلئے خصوصی دعا کی اس موقع پر فنانس سیکرٹری راجہ محمد اعجاز نے مالی امور کی رپورٹ بھی پیش کی ‘ اجلاس میں رانا مشرف علی ناز ‘ چوہدری اورنگزیب ‘ طارق سلامت ‘ فراز ملک ‘ شاہد پال ‘ محمد سلیم خان ‘ عامر چوہدری ‘ ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ‘ شیخ عرفان پرویز ‘ راجہ محمد سلیم خان ‘ عامر چوہدری ‘ ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ‘ شیخ عرفان پرویز ‘ راجہ اعجاز ‘ حاجی اسلم جاوید اور مرزا اکبر بیگ برلاس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات ( جی پی آئی ) گجرات میں مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے ‘ لوڈ شیڈنگ اور غربت کا جینا محال کر دیا ہے ۔ عید الاضحی کی آمد پر دوکانداروں نے اپنے سطح پر قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے ‘ جس میں عوامی مسائل بڑھ گئے ‘ پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی اپنے فرائض ادا کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہیں ۔ ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ایکشن لیں ‘ اور مہنگائی کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی میں عمل میں لائی جائے ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات ( جی پی آئی ) ممتاز عالم دین حضرت علامہ محمد شاہد چشتی سنگار پور ‘ ملائیشیا ‘ ہالینڈ کے کامیاب دورہ کے بعد دو اکتوبرکو پاکستان پہنچ گئے ۔ لاہور ایئر پورٹ پر اُن کا شاندار استقبال کیا جائے گا ۔ وہ خطبہ جمعہ المبارک قادری مسجد اور جملہ شاہ مسجد میں دینگے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات( جی پی آئی ) مناظر اسلام علامہ محمد یونس سیالوی کا 14واں اور حافظ ولایت اللہ قادری کا پہلا عرس مبارک تین اکتوبر کو کھیرایانوالی میں بعدا ز نماز عشاء منعقد ہوگا۔ خصوصی خطاب علامہ محمد شاہد چشتی اور علامہ عبدالغفار سیالوی کرینگے ۔ تقریب کی صدارت پیر محمد افضل قادری کرینگے ‘ جبکہ یہ محفل زیر نگرانی علامہ ساجد محمود قادری اور علامہ قادری مصطفی سیالوی منعقد ہوگی۔ خصوصی نعت قاری محمد شفیع نوشاہی اور علی نوری پیش کرینگے۔