گجرات کی خبریں 16/9/2014

Gujarat News Picture

Gujarat News Picture

گجرات (جی پی آئی) ضلعی حکومت اور مقامی راہنمائوں کی طرف سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کٹھالہ، پنڈی تارڑ، نت، گورالہ، تارڑ گڑھ، چک رحمان، چانگانوالی، دھارووال، گولیکی، جسوکی، خوجیانوالی، شہباز پور، مائی وال ، خاصہ، علی شیر موٹا و دیگر میں روزانہ کی بنیاد پر تقسیم کیے جانے والے راشن کے سلسلہ میں گزشتہ روز بھی متاثرین سیلاب میں راشن تقسیم کیا گیا ،اس موقع پر ایم پی اے نوابزادہ حیدرمہندی ، ایم پی اے میجر (ر)معین نواز ، چوہدری رضا علی وڑائچ ، اے ڈی سی فاروق رشید سندھو ، اے سی سٹیلمنٹ وقار خاں و دیگر ضلعی انتظامیہ کے افسران اور عوامی نمائندگان بھی موجود تھے ، دریں اثناء جن علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی شکایات آ رہی تھیں ان علاقوں میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صاف پانی فراہم کر دیا گیا ہے اس موقع پر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر متاثرین سیلاب کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ، جس میں روزانہ کی بنیاد پر اشیاء خوردونوش فراہم کی جا رہی ہیں ، اور انشاء اللہ بہت جلد متاثرین سیلاب اپنے معمول کی زندگی گزاریں گے انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے نقصانا ت ہوئے ہیں ، ان کا جلد از جلد سروے مکمل کر کے متاثرین کے نقصانات کاازالہ کیا جائیگا ،ایم پی اے میجر (ر) معین نواز ، ایم پی اے نوابزادہ حیدر مہندی ، چوہدری رضا علی وڑائچ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایا ت کے مطابق تمام متاثرہ علاقوں کا سروے شروع کر دیا گیا اور بہت جلد متاثرین کو نقصانات کا معاوضہ ادا کر دیا جائیگا۔ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کے لئے وافر مقدار میں راشن فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ جن افراد کے مکانات کو نقصان پہنچا ہے انکے رہنے کا انتظام کرنے کے لئے خیمے مہیا کئے جائیں گے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرہ افرد کو طبی امداد بھی دی جا رہی ہے ، انہوںنے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کے لئے چارہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے، اور جانوروں کی ویکسینیشن بھی کی جا رہی ہے اور سیلاب متاثرین کی بحالی تک ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی ) سفیر امن پاکستان مستری جلال جاوید نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھانہ سٹی جلالپور کے انچارج اور تفتیشی نے مسیحی برادری کو کمزور سمجھتے ہوئے حوالات میں بند کر کے مسیحی قوم کے منہ پر تماچہ مارا ہے ‘ اور تقریباََ 14ہزار روپے خرچ بھی کروا دیئے ہیں ‘ تفصیلات کے مطابق نسرین ڈیوڈبیوہ ڈیوڈ سکنہ محلہ سادھو جلالپورجٹاں نے جائیداد کے معاملہ پر تھانہ سٹی جلالپورجٹاں میں درخواست دی تو انہوں نے داد رسی کرنے کی بجائے دفعہ 751لگا کر حوالات میں بند کر دیا جس پر پورے ڈسٹرکٹ گجرات کی مسیحی برادری سراپا احتجاج ہے ‘ مستری جلال جاوید نے آئی جی لاہور ‘ آر پی او گوجرانوالہ اور ڈی پی او گجرات سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا نوٹس لیا جائے اور ہمیں انصاف مہیا کیا جائے اگر ہماری دادرسی نہ کی گئی تو مسیحی برادری بھرپور احتجاج کریگی ‘ اور مظاہرے کئے جائیں گے ‘ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کو کمزور نہ سمجھا جائے اور ڈی سی او گجرات اور اے سی افشاں ارباب سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ معاملہ کا نوٹس لیں تھانہ سٹی پولیس نے ہمارے ساتھ سخت زیادتی کی ہے وہاں ایس پی بھی موجود تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی )سالانہ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 155واں سالانہ عرس مبارک محبوب سبحانی ‘ قطب ربانی’ شہباز لا مکانی قندیل نورانی حضور سید ناغوث الا عظم جیلانی الحسنی و الحسینی رضی اللہ عنہ اور عاشق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ولی ابن ولی جگر گوشہ پیر سید احمد شاہ بخاری قادری الحسنی والحسینی فخر السادات حضرت قبلہ الحاج پیر سید فضل حسین شاہ بخاری قادری الحسنی و الحسینی المعروف سید العارفین شہنشاہ فضل کا 31واں سالانہ عرس مبارک 21ستمبر 2014ء بروز اتوار دربار عالیہ غوثیہ فضلیہ کھپڑانوالہ شریف گجرات میں نہایت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوگا ‘ عرس مبارک کی تقریبات صوفی باصفا پیر طریقت صاحبزادہ پیر سید محمود الحسن شاہ بخاری قادری الحسنی والحسینی سجادہ نشین آستانہ عالیہ غوثیہ فضلیہ کھپیڑانوالہ شریف کی زیر صدارت ہوگئی ‘ 21ستمبر کو نماز فجر سے لیکر نماز ظہر تک قرآن خوانی ہوگی ‘ نماز ظہر کے بعد نماز عصر تک ختم غوثیہ شریف اور تمام بزدگان دین کیلئے ایصال ثواب اور خصوصی دعائیں ہو نگی اور لنگر شریف تقسیم ہوگا ۔ محفل نعت کا آغاز نماز عشاء کے بعد ہوگا اور نماز فجر تک جاری رہے گا 22ستمبر بروز سوموار نماز فجر کے بعد سلام والوداعی تقریب ہوگی اور اس کے بعد بھی لنگر شریف تقسیم ہو گا ۔ اس موقع پر صاحبزادہ پیر سید فضل حسین شاہ بخاری قادری الحسنی والحسینی کی اہلیہ محترمہ کا سالانہ ختم شریف ہوگا جبکہ صاحبزادہ پیر سید افتخار حسین شاہ بخاری قادری رحمتہ اللہ علیہ ‘ صاحبزادہ پیر الحاج کیپٹن سید محمد فیض الحسن شاہ بخاری قادری رحمتہ اللہ علیہ کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی ‘ عرس مبارک میں ممتاز علماء کرام مشائخ عظائم نعت خوانان شریں بیان اور قراء حضرات کے علاوہ اندرون و بیرون ممالک سے ہزاروں پیر بھائی مرید اور عقیدت مندوں کے علاوہ معززین شہر شرکت کرینگے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( نمائندہ خصوصی ) بغیر شناخت کے معززین کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں ضلعی انتظامیہ ڈی پی او کی ہدایات پر شرفاء کے گھروں میں چھاپے مار کر کسی سیاسی و مذہبی تنظیم سے تعلق نہ ہونے کے باوجود خانہ پوری کیلئے گرفتاریاں کر رہی ہے ‘ ان خیالات کا اظہار سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے صدر چوہدری علی ابرار جوڑا نے ممتاز مذہبی شخصیت نائب صدر سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات سید صفدر حسین شاہ کی جیل سے رہائی کے بعد ملاقات کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سید صفدر حسین شاہ جیسے مذہبی اور شریف انسان کو پاکستان عوامی تحریک کا رہنما سمجھ کر دو ہفتے جیل میں رکھنا غیرقانونی اور غیر اخلاقی حرکت ہے ‘ سٹیزن فرنٹ اس واقعہ کی پر زور مذمت کرتی ہے چوہدری علی ابرار جوڑا نے مزید کہا ہے کہ پولیس کو شر پسند عناصر اور معززین میں تمیز کرنی چاہیے اس موقع پر سٹیزن فرنٹ کے عہدیداران شیخ عرفان پرویز ‘ مہر مشتاق احمد اور عامر چوہدری بھی موجود تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی )گلیانہ پولیس نے بھاری تعداد میں ایلیٹ پولیس کے ہمراہ اسلحہ پکڑ لیاتفصیلات کے مطابق DPOگجرات رائے اعجاز احمد کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے SHO تھانہ گلیانہ عابد رسول معہ نفری نے ناجائز اسلحہ بردار گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔SHOگلیانہ عابد رسول نے جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کے لیے علاقہ تھانہ ڈنگہ ہیڈ کھوکھراں ناکہ بندی کر رکھی تھی مشکوک افراد کو چیک کرنے پر ان سے بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ بر آمد کیا۔اس بہترین کارکردگی پر DPOگجرات رائے اعجاز احمد نے SHO گلیانہ اور ان کی ٹیم اور ایلیٹ فورس کی ٹیم کو تعریفی سرٹیفیکٹ دینے کا اعلان کیا ۔گرفتار ملزمان سے ایل ایم جی ایک عدد ‘ رائفل 223بور دو عدد ‘ کلاشنکو دو عدد و دیگر اسلحہ برآمد کر لیا ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی ) گدی نشین دربار سائیں کانواں والی سرکار صاحبزادہ الحاج سائیں اختر حسین کے والد محترم سائیں انور حسین کی سالانہ برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوگی ۔ صبح گیارہ بجے مستحقین میں خشک راشن تقسیم کیا جائے گا ۔ دو بجے خصوصی محفل منعقد ہوگی ۔ جس کی صدارت سائیں اختر حسین کرینگے ۔ جبکہ خصوصی خطاب صاحبزادہ غلام بشیر نقشبندی کرینگے ۔ چار بجے لنگر تقسیم کیا جائے گا ۔ اور پانچ بجے چادر پوشی کی جائے گی ۔ تمام عقید ت مند شریک ہونگے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی ) معروف بینک سونیری بینک گجرات برانچ میں یوم پاکستان اور یوم دفاع کے سلسلہ میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ بینک مینجر شہزاد رسول وڑائچ کی سربراہی میں بینک کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا اور کیک کاٹا گیا ۔ مس روزینہ خلیل ‘ امتیاز حسین ہاشمی ‘ فیصل خان ‘ محمد افضل اور سید حسن حیدر و دیگر سٹاف نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی )تھانہ لاری اڈا کے علاقہ گڑھی احمد آباد میں منشیات فروشی کرتے ہوئے جاوید شاہ کو گرفتار کر لیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ چوکی گڑھی احمد کے انچارج چوہدری اشرف ملہی نے بدنام زمانہ منشیات فروش جاوید شاہ عرف جیدی شاہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے منشیات برآمد کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔یاد رہے کہ ملزم عرصہ دراز سے علاقہ میں منشیات فروش کا دھندا کرتا تھا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی )تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان شمالی پنجاب کے انتخابات مرکز اہلسنت نیک آباد مراڑیاں شریف گجرا ت میں منعقد ہوئے جس میں 600سے زائد فوقانی اور وسطانی اور تحتانی مدارس کے مہتمم حضرات نے حصہ لیا ۔پیر طریقت صاحبزادہ عبد المالک الیکشن کمیشن کے چیئرمین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ الیکشن کی نگرانی کی جبکہ تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ صاحبزادہ عبد المصطفیٰ ہزاروی اور کچھ عہدیدارن بھی نگرانی کرتے رہے ۔خواجہ الطاف محی الدین قادری 266ووٹ لے کر صدر اور سید عنایت الحق شاہ 235ووٹ لے کر ناظم اعلیٰ منتخب ہوئے ۔الیکشن انتہائی پر امن اور اخوت ومحبت کے ماحول میں ہوئے، تمام علماء ومشائخ نے الیکشن کو تسلیم کیا اور مرکز اہلسنت نیک آباد مراڑیاں شریف کے اساتذہ وطلبہ کے مثالی انتظامات اور وسیع ضیافت کی بے حد تحسین کی ۔پیشوائے اہلسنت صاحبزادہ پیر محمد افضل قادری نے نو منتخب صدر خواجہ الطاف محی الدین اورناظم اعلیٰ سید عنایت الحق شاہ کو مبارک باد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ تنظیم المدارس کی ترقی کے لئے شاندار خدمات سر انجام دیں گے۔