گجرات کی خبریں 19/08/2015

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) تعلیمی اداروں کے ارد گرد ویڈیو اور بلیرڈ گیمز تعلیمی معیار میں کمی کا باعث بن رہے ہیں۔ طلباء سکولوں سے غائب ہو کر ان گیموں میں چلے جاتے ہیں جہاں پر جرائم پیشہ افراد ان بچوں کے مستقبل کو تباہ و برباد کر رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ تعلیمی اداروں کے نزدیک ترین واقعہ ان گیمز کی دکانوں اور ٹھکانوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی۔ تعلیمی اداروں کے سربراہان بھی کئی دفعہ ان گیمز کے بارے میں خدشات کا اظہار کر چکے ہیں ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ کو چاہئے کہ فوری طور پر تعلیمی اداروں کے ارد گرد گیمز کی دکانوں کو بند کروائیں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف DPO گجرات کو منظم انداز میں آپریشن کرنا چاہئے۔ ان گیمز میں مشکوک افراد اکثر دیکھے جاتے ہیں ۔
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………

گجرات (جی پی آئی) دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں تعلیمی سرگرمیاں شروع ہو گئیں۔ موسم گرما کی تعطیلات ختم ہوتے ہی طلباء نے اپنی تعلیمی سرگرمیوں کی توجہ دینا شروع کر دی۔ گزشتہ روز ڈائریکٹر دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس شہزاد شفیق نقشبندی کی زیر صدارت ایک خصوصی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ایڈمنسٹریٹر حافظ محمد طاہر اور تمام ایریا ہیڈ نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران طلباء کی تعلیم و تربیت کے حوالہ سے مختلف امور پر گفتگو کی گئی اور آئندہ کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ ڈائریکٹر دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس شہزاد شفیق نقشبندی نے کہا کہ اساتذہ طلباء کیلئے والدین کا درجہ رکھتے ہیں جس طرح والدین اپنے بچوں کو بہتر مستقبل کیلئے پریشان رہتے ہیں اسی طرح اساتذہ کو بھی چاہئے کہ بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے تگ و دو کریں۔ ان کی تعلیمی ضروریات کا احساس کریں اور ان کی بہترین راہنمائی کریں تاکہ طلباء بہترین شہری بن سکیں۔
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام گلشن سینٹر میں پاکستان بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ رحمة اللہ علیہ کے سجادہ نشین پیر سید منور علی شاہ جماعتی کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ ،سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔جس میں قیام پاکستان میں برصغیر پاک و ہند کے علماء و مشائخ کی قیادت کرتے ہوئے پیر سید جماعت علی شاہ علیہ الرحمہ نے جو خدمات سرانجام دیں انکو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ پیر سید منور علی شاہ جماعتی برطانیہ سے پاکستان کے دورے پر تشریف لائے ہوئے ہیں۔تقریب میں پروفیسر محمد احمد قادری، پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری ، پروفیسر عبدالجبار قریشی ، پروفیسر دلاور خان نوری ،ڈاکٹر حسن امام، ڈاکٹر محمد عثمان بھٹی ، ڈاکٹر ناصر الدین صدیقی،ادریس عبدالغفار ، مولانا شاہدین اشرفی،مولانا ریاض الدین قادری ، معین الدین نوری ،محمد اسماعیل بدایونی ، احمد رضا طیب و دیگر نے خصوصی شرکت کی ۔

استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید منور علی شاہ جماعتی نے کہا کہ پاکستان عظیم اور لازوال قربانیوں کا ثمر ہے نظام مصطفی کے عملی نفاذ کیلئے قائداعظم اور مسلمانوں نے جدوجہد کی ۔مگر افسوس کہ آج ہم اسے صحیح طور پر نبھا نہیں سکے۔جس طرح سے ماضی میں علماء و مشائخ نے متحد ہوکر پاکستان بنایا تھا آج بھی ضرورت ہے کہ علماء و مشائخ متحد ہوکر پاکستان بچائیں ۔انہوںنے کہاکہ یہ وعدہ اللہ کے رسول ۖ تھا اس وعدے کو آج وفا کرنا ہوگا ۔ تحریک پاکستان کے وقت نواب بہادر یار جنگ نے کہا تھا کہ اگر اِس وقت لوگ کسی شخصیت پر متحد ہوسکتے ہیں تو وہ پیر سید جماعت علی شاہ صاحب ہیں ۔برصغیر میں صرف پیر سید جماعت علی شاہ کی وہ شخصیت تھی جو انگریزوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکتی تھی ۔

سات لاکھ افراد کا اجتماع انگریز کے خلاف اُن مجاہدین کا تھا جو کفن باندھ کر نکلے تھے ۔جب کانگریسی مولوی پاکستان کے خلاف فتویٰ بازی کررہے تھے تو اُس وقت امیر ملت نے پاکستان کے حق میں فتویٰ دیااور کہا کہ جو میرا مرید ہے وہ مسلم لیگ سے بھرپور تعاون نہ کرے تومیرا اس سے کوئی تعلق نہیں ۔ اور اسے مسلمانوں کے قبرستان میں دفن نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پیر آف مانکی شریف نے پیر سید جماعت علی شاہ کی دعوت پر لبیک کہا اور خانقاہ سے نکل کر رسم شبیری ادا کرنے کیلئے کھڑے ہوئے اسی لئے آج بھی اس بات پر عمل کرنے کی ضرورت بڑھ چکی ہے اور اب مشائخ کو اپنی خانقاہوں سے نکل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ہم بزرگوں کے طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے وطن عزیز کو نظام مصطفی گہوارہ بناسکیں ۔حاجی محمد حنیف طیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکمران صحیح طور پر نظریہ پاکستان کا تحفظ کریں تو ملک بہت زیادہ ترقی کی راہوں پر گامزن ہوسکتاہے ۔ ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جسکی جدوجہد قائداعظم کے ساتھ ملکر اکابرین اہلسنت اور باالخصوص پیر سید جماعت علی شا ہ صاحب نے بڑھ چڑھ کر کی ۔ انہوں نے پیر سید منور علی شاہ جماعتی کا شکریہ ادا کیا کہ وہ المصطفیٰ کے دورے پر تشریف لائے اور المصطفیٰ کی کارکردگی کو سراہا۔
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) ناروے کی ممتاز شخصیت چوہدری اسرار احمد کھٹانہ کی بھاوج جو گزشتہ دنوں رضائے الٰہی سے انتقال کر گئی تھیں کے ایصال ثواب کیلئے ختم چالیسواں آج صبح 10 بجے انکی رہائشگاہ گلی ڈاکٹر غلام سرور ریلوے روڈ ، نزد گورنمنٹ وویمن کالج منعقد ہو گا۔ ٹھیک گیارہ بجے اجتماعی دعا کی جائے گی۔ دوست احباب سے شرکت کی استدعا کی جاتی ہے۔
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ میں داخلوں کا رجحان میٹرک پاس طلبہ داخلوں کیلئے رجوع کر رہے ہیں۔ مینجنگ ڈائریکٹر طارق جاوید چوہدری نے کہا ہے کہ فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ میں میرٹ پر داخلوں کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔ محدود نشستوں پر داخلے کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنالوجی کی زیر نگرانی مختلف ٹیکنالوجیز میں بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے اور انہیں ملک کی ترقی کیلئے تیار کیا جاتا ہے ۔ طارق جاوید چوہدری نے کہا کہ فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کا معیار طلباء کی کامیابی کا ضامن ہے جہاں پر ماہر تعلیم اساتذہ ‘ انجینئرز’ بچوں کو خوبصورت ماحول میں تربیت دیتے ہیں۔ اس سلسلہ میں مانیٹرنگ کا بہترین نظام رکھا گیا ہے ۔ کلاس رومز اور گرائونڈز میں بھی سی سی ٹی وی کیمرے منصب ہیں تاکہ طلباء کی تمام سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ہے اور اس کا تحفظ اور ترقی کیلئے ہم سب نے اپنا پنا کردار ادا کرنا ہے اور نوجوان ہی پاکستان کی ترقی کے ضامن ہیں۔
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) بیوٹیفکیشن آف گجرات کے ساتھ ساتھ گجرات کی عوام کو خوبصورت میوزیم بھی فراہم کیا جائے۔ ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ گجرات میوزیم کے بارے میں بھی فوری طور پر احکامات جاری کریں۔ سابقہ حکومت نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین فوارہ چوک کے ہاسٹل رام پیاری محل کو خالی کروا کے میوزیم بنانے کا منصوبہ بنایا اور کروڑوں روپے کے فنڈز بھی مختص کئے گئے محکمہ آثار قدیمہ نے عملہ بھی تعینات کر دیا۔ کئی سال گزرنے کے باوجود ابھی تک گجرات کے شہریوں کو میوزیم کا دروازہ تک نہیں دکھایا گیا۔ محکمہ آثار قدیمہ کا عملہ مفت میں تنخواہیں وصول کر رہا ہے۔ ڈی سی او گجرات کو چاہئے کہ وہ گجرات میوزیم کی طرف بھی توجہ دیں۔
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) پرنس چوک میں واقع ایک نجی بیکری بیماریوں کا باعث بننے لگی۔ ڈی سی او گجرات کی سربراہی میں ضلعی مشینری ناقص اشیاء اور صفائی نہ ہونے کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔ لیکن پرنس چوک میں واقع اس بیکری جس کے فرسٹ فلور پر بیکنگ کا کام بھی ہوتا ہے میں صفائی کا فقدان ہے اور اہل علاقہ بیکری میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے پریشان بھی ہیں۔ ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ ‘ AC گجرات ‘ ٹی ایم او گجرات اس بیکری کو بھی چیک کریں۔
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ جلالپور جٹاں تا کڑیانوالہ ساڑھے 11کلو میٹر طویل سٹرک کی بحالی کے منصوبے پر فوری کام کا آغاز کر دیا کیا جا رہا ہے پراجیکٹ پر ساڑھے 10کروڑ روپے خر چ ہوں گے اور اسے دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سڑک کے معائنہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ایم پی اے میجر (ر) معین نواز ، ای ڈی او فنانس چوہدری محمد اصغر ، مسلم لیگ ن کے راہنما نوابزادہ طاہر الملک ، چوہدری اشرف ریحانیہ ، سید عدیل شاہ ، ڈی او روڈز رائے محمد نواز ، ڈی ڈی او روڈز محمد منصور بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈی او روڈز رائے نواز نے ڈی سی او کو منصوبے کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی کہ سڑک کے دونوں اطراف پانی کے نکاس کیلئے نالے تعمیر کیے جائیں جبکہ منصوبے کی افادیت میں اضافہ کیلئے سڑک کوٹی ایس ٹی بنایا جائے ۔ ڈی سی او نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 6.95کلو میٹر سڑک تعمیر کی جائے گی جس پر 5کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں سڑک کی تعمیر پر ساڑھے پانچ کروڑ روپے خرچ ہونگے ۔ انہوں نے ڈی او روڈز کو ہدایت کی کہ جلالپور جٹاں تا کڑیانوالہ روڈ انتہائی اہم منصوبہ ہے اس کی تعمیر کے دوران اعلیٰ کوالٹی میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے ناقص میٹریل کا استعمال کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ اس سے قبل بریفنگ دیتے ہوئے ڈی او روڈز رائے محمد نواز نے بتایا کہ سڑک کے پہلے مرحلے پر کام کے آغاز کیلئے ورک آرڈ الاٹ کیا جا چکا ہے اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلا تاخیر کام کا آغاز کرے۔
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی صدر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے الیکشن کمیشن کی طرف سے پنجاب میں بلدیاتی انتخاب کے بار با التواء کی درخواستوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے پنجاب میںمرحلہ وار بلدیاتی الیکشن منعقد کرنے پر تمام سیاسی جماعتوں کی طرح ہمارے بھی شدید تحفظات ہیں انہوںنے کہا کہ پورے ملک میں قومی و صوبائی اسمبلی کے الیکشن ایک ہی دن میں ہوسکتے ہیں تو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ایک ہی دن منعقدکیوں نہیں ہوسکتے۔انہوںنے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی ان درخواستوں کو نمٹا کر جمہوریت پسند عوام اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا ہے۔بلوچستان اور خیبر پختونخواہ سب سے زیادہ(Disturb)ڈسٹرب صوبے تھے اگر وہاں بلدیاتی انتخابات ہوسکتے ہیں تو پنجاب میں کیوں نہیں۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ہمیشہ کہتے ہیں صوبہ میں لاء اینڈ آرڈر اور سیلاب کا کوئی مسئلہ نہیں مگر جب بلدیاتی انتخابات کروانے کی بات ہو تو وہ الیکشن کمیشن کو آگے کرکے لاء اینڈ آرڈر اور سیلاب کی آڑ لے لیتے ہیں۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کے درمیان ملی بھگت اور پارٹنر شپ کو ختم کرینگے اور سپریم کورٹ کے اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے مقررہ وقت پر بلدیاتی انتخابات منعقد کروائینگے۔انہوںنے کہا کہ ہمارے لوکل گورنمنٹ آرڈینینس 2015پر بھی شدید تحفظات ہیں خواتین ،اقلیتوں اور یوتھ کو براہ راست الیکشن کے آئینی حق سے محروم رکھ کر آئین کے آرٹیکل14-Aکی خلاف ورزی ہے۔انہوںنے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں حکومت کے غیر آئینی اور غیر جمہوری اقدامات پر اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے ملکر صدائے احتجاج بلند کرینگے۔
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید اور دیگر شہدائے سانحہ اٹک کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کے لئے جامع مسجد ضلع کونسل میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ، ڈی پی او رائے ضمیر الحق، ایم پی اے میجر(ر) معین نواز، ڈی او سی وقار حسین، مسلم لیگ ن کے راہنما حاجی ناصر محمود، نوابزادہ طاہر الملک، ممتاز عالم دین سید الطاف الرحمان، سید الطاف عباس کاظمی، سماجی کارکن خادم علی خادم، سینئر صحافی راجہ ریاض احمدراسخ، محمد شعیب، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سید وقار نقوی، پی ایس او ٹو ڈی سی او عثمان سرور، پی ایس او ٹو ڈی پی او محمد سعید سمیت کثیر تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ معروف عالم دین حکیم جواد الرحمان نظامی سیفی نے شہید وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ اور دیگر شہدا کی بلندی درجات اور شہدا ء کے ورثا کو صبر جمیل کے لئے دعا کرائی۔ تقریب میں وطن عزیز کی سلامتی ، دہشتگردی کی لعنت کے خاتمہ ، مسلح افواج کی آپریشن ضرب عضب میں فتح و نصرت ، شہدائے پاک فوج ، پولیس و سکیورٹی فورسز کی بلندی درجات کے لئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی ایس پی ٹریفک سہیل فاضل کی ہدایت پر ڈینگی سے بچائو کیلئے ٹریفک آفس گجرات میں سپرے کروایا گیا بعد ازاں ایجوکیشن ونگ کے انچارج رائو محمد ارشد بمعہ ٹیم لاری اڈا کے قریب ٹائر مارکیٹ گئے اور وہاں پر موجود پرانے ٹائروں کو قبضہ میں لے کر اپنی نگرانی میں تلف کروا دیاگیا ۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ کہیں بھی صاف پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے تا کہ ڈینگی وائرس کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ خواتین کو ہنر مند اور اپنے پائوں پر کھڑے ہونے کے قابل بنانا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں سر فہرست ہے ایسی خواتین اپنے خاندان اور معاشرے کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صنعت زار میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت فیشن ڈیزاننگ اینڈ ڈریس میکنگ کورس کی فارغ التحصیل طالبات میں اسناد اور سلائی مشینیں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطابکرتے ہوئے کیا، ایم پی اے میجر (ر) معین نواز، ای ڈی او فنانس اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ چوہدری محمد اصغر، ڈی او سوشل ویلفیئر امجد کلیر و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔مینجر صنعت زار محمد ارشد ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت 25طالبات نے کورس میں شرکت کی جنہیں چھ ماہ تک ماہانہ 2ہزار روپے وظیفہ دیا گیا جبکہ اختتام کورس پر انہیں اسناد اور سلائی مشین دی جا رہی ہیں۔

ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کامیابی سے کورس مکمل کرنیوالی خواتین کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ معاشرے کی بہتر اور فعال رکن کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کریں گی۔ انہوںنے کہا کہ جدید اور ترقی یافتہ معاشروں میں مرد و خواتین دونوں معاشی لحاظ سے خود کفیل ہیں اور یہی خود کفالت انکی ترقی کا اہم رازہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جدید اور خوشحال ریاست بنانے کے لئے خواتین کو عملی زندگی میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہوگا وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور حکومت پنجاب کی طرف سے ہنر مندی کے لئے متعارف کرائے جانیوالے پروگرام اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ صنعت زار میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت تربیت ان خواتین کی شخصیت کا حصہ بن جائے گا اور وہ باوقار طریقے سے نہ صرف اپنی زندگی کو بہتر طریقے سے گذار سکیں گی بلکہ کسی مشکل کی صورت میں خاندان کی کفالت بھی کرسکیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ صنعت زار کو مزید موثر بنانے کے لئے ادارے کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے جائیں گے۔ ایم پی اے میجر (ر) معین نواز نے تربیتی کورس مکمل کرنیوالی خواتین کو مبارکباد دی اور کہا کہ حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب خواتین کو بااخیتار بنانے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے جس کے بہتر نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ ڈی سی او اور دیگر مہمانان خصوصی نے تربیتی کورس مکمل کرنیوالی خواتین میں اسناد اور سلائی مشینیں تقسیم کیں۔
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) جمعیت علما اہل حدیث کے چیرمین قاضی عبدالقدیر خاموش نے کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک اسحاق کی پولیس مقابلے میںہلاکت کا رد عمل قراردیا ہے اور کہا ہے کہ جس صوبے کا وزیر داخلہ محفوظ نہیں تو عام آدمی کو کیا تحفظ حاصل ہوگا۔ کونسل کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے ناسور کی طرح پاکستان کی سلامتی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔اس وقت انٹیلی جینس اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنا کر دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شجاع خانزادہ بلاشبہ ایک نڈر سپاہی اور بہادرسیاسی رہنما تھے۔ مگر افسوس کہ وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف نے انہیں انسداددہشت گردی فورس کا سربراہ مقرر کرکے لشکر جھنگوی کے سربراہ ملک اسحاق کو پولیس مقابلے میں قتل تو کروادیا۔ جس کے بعد ردعمل کے طور پر شجاع خانزادہ کوقتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں ، مگر انہیں سکیورٹی فراہم نہ کرکے تنہا کردیا گیا،جس کے باعث وہ دہشت گردوں کے لئے آسان ٹارگٹ بن کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہاکہ شجاع خانزادہ ناقص سکیورٹی کی وجہ سے لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں کا شکار ہوئے ہیں۔جس کی ذمہ داری وزیر اعلٰی شہباز شریف پر عائد ہوتی ہے۔
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ کا خوبصورت گجرات کی سڑکیں کھنڈرات بن گئیں شہریوں کو گززنے میں انتہائی مشکلات کا سامنا ،ڈی سی او گجرات خوبصورت گجرات کی بجائے صرف گجرات کی ٹوٹی ہو ئی سڑکوں کو ہی مرمت کروادیں تو ان کی بڑی مہربانی ہو گی ،گجرات شہر کی اہم سڑکیں جن میں ریلوے روڈ ،پھاٹک روڈ، کانواں والا روڈ ،مرغزار کالونی ،چنگی سٹاپ،مدینہ روڈقمر سیالوی روڈ ،بادشاہی روڈ، علی پورہ روڈ ،پدھے روڈ کی سڑکیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور ان سڑکوں کی عرصہ دراز سے تعمیر نہیں کی گئی جس کی وجہ سے علاقہ کے مکنیوں کو آنے جانے میں دشواری کا سامنا کر نا پڑتا ہے ان سڑکوں کی تعمیر نہ ہونے سے گجرات کی خوبصورت ماند پڑ رہی ہے ،ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ اگر ان سڑکوں کی تعمیر کی طرف توجہ دیں تو یہ سڑکیں بھی اپنی خوبصورتی میں اضافہ کر سکتی ہیں مگر ڈی سی او گجرات صراور صرف گجرات جی ٹی روڈ پر خوبصورتی کی طرف دھیان دینے میں مصروف ہیں ،ان سڑکوں پر بارش کے دنوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو جاتا ہے جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے ،گجرات کے سماجی عوامی حلقوں جن میں پیپلز پارٹی کے ممتاز راہنما چوہدری مسعود گجر،چوہدری خوشی محمد کمبوہ،چوہدری سلیم کمبوہ سابق نائب ناظم ،حاجی محمد انور شاد ،سمیت دیگر نے ڈی سی اواگجرات سے مطالبہ کیا ہیان سڑکوں کی فوری تعمیر کی جائے اور شہریوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) ویل ڈن چوکی انچارج شاہین چوکی ،،ایک خاتون سمیت چار منشیات فروش گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے ان کے خلاف 9Cکے تحت مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا،تفصیل کے مطابق گزشتہ روز چوکی انچارج شاہین چوکی پولیس مسعود عالم نے پولیس کی نفری کے ہمراہ چنگڑ کالونی ریلوے اسٹیشن کے قریب چھاپہ مار کر بدنام زمانہ منشیات فروش خاتون لبنیٰ بی بی اور شبیر عرف کاکو،علی رضا،اورقمر شہزاد کو پھاپہ مار کر رنگے ہاتھوں گرفتا ر کر لیا اور انکے قبضہ سے منشیات برآمد کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے یاد رہے کہ یہ ملزمان عرصہ دراز سے علاقہ میں منشیات فروخت کر رہے تھے
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) کوٹلہ ارب علی خان میں نوجوان نجم علی نے اپنی ماں کی ڈانٹ ڈپٹ سے تنگ آکر زیریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا گولیاں کھانے کے بعد نوجوان کو فوری ہسپتال لے جایا گیا مگر نوجوان جابر نہ ہو سکا اور موت کی وادی میں چلا گیا
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) گزشتہ روز ایم پی اے چوہدری شبیر کوٹلہ ،چوہدری شبیر ککرالی ایم پی اے اٹلی،چوہدری شکیل ذکاء اٹلی اور ساہیں نذیر احمد آف اٹلی کے یورپین صحافی ڈاکٹر آصف جاوید کی والدہ کی وفات پر ان کی رہائش گاہ محلہ امین آباد میں جاکر انفاتحہ خوانی کی اور مرحومہ کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی اس موقع پر ظہیر عباس سندھو کاشف علی ،علی قاسم،بھی موجود تھے
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) گجرات شہر اور گردونواح میں سخت گرمی میں لوڈشیڈنگ کی انتہا ہو گئی ،کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیران بنا دی بجلی نہ ہونے کی وجہ سے تمام کاروبار ٹھپہو کر رہ گئے ہیں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شہر بھر میں کربلا کا منظر ہے مگر واپڈا والوں کو تھوڑی بھی شرم نہیں ہے ،گجرات شہر میں بارہ سے اٹھارہ گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے واپڈا احکام کو کوئیم پوچھنے والا نہیں ہے واپڈا احکام ہر گھنٹے کے بعد تین تین گھنٹے کی بجلی بند کر رہے ہیں جو کہ سراسر زیادتی ہے بجلی نہونے کی وجہ لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں اور نمازی وضو کے لیے سخت پریشانی کے عالم میں مبتلا ہیں لوگ موجودہ حکومت کو ہاتھ اٹھا اٹھا کر بدعائیں دے رہے ہیں
……………………………………………………………………
……………………………………………………………………
گجرات (جی پی آئی) کیمسٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید ایاز شاہ اپنے عہدہ سے مستفیٰ ۔میڈیکل سٹور مالکان سے زیادتی برداشت نہیں کروں گا چاہے اس میں ہماری ایسوسی ایشن کے عہدیداران و ممبران ہی ملوث کیوں نہ ہوں ان حیالات کا اظہار میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید ایاز شاہ نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ میں اپنی خدمات تب تک نہیں پیش کروں گا جب تک صدر حافظ شہزاد میڈیکل سٹوروں سے ورکشاپ کی مد میں لاکھوں کی لی گئی رقم واپس نہیں کر دیتا۔انھوں نے کہا کہ ہماری تجاویز کے باوجود مذکور نے ون مین شو کا کردار ادا کیا۔جس سے پوری ایسوسی ایشن بلکہ موجودہ ڈرگز انسپکٹر چوہدری احسان الہی چیمہ کو بھی بہت سی باتوں کا سامنا کرنا پڑا انھوں نے کہا کہ میں اپنے تمام میڈیکل سٹورز بھائیوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ وہ نئے رولز اینڈ ریگو لیشن کے مطابق کام کریں انھیں انشاء اللہ کسی سفارش یا لے دے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔