گجرات کی خبریں 1/2/2014
Posted on February 2, 2014 By Geo Urdu سٹی نیوز
دارِ ارقم سکولزکایہ طرہ امتیاز ہے کہ عمومی تعلیم کے ساتھ ساتھ طالب علم کوباعمل مسلمان بنانا اور اس کے اسلامی تشخص کو ابھارنا اس کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے
گجرات(جی پی آئی)دارِ ارقم سکولزکایہ طرہ امتیاز ہے کہ عمومی تعلیم کے ساتھ ساتھ طالب علم کوباعمل مسلمان بنانا اور اس کے اسلامی تشخص کو ابھارنا اس کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے ۔ اس لحاظ سے دار ارقم سکولزگجرات کی سرگرمیاں بھی نہایت منفرد اور بامقصد ہوتی ہیں۔ اس کاعملی مظاہرہ حال ہی میں دارِ ارقم سکولزگجرات میں بارہ ربیع الاول کے حوالے سے8 جنوری سے15 جنوری 2014ء تک منائے گئے ہفتہ سیرت النبیۖ کے پروگرامات سے ہوا جن کے عمومی مقاصد تو نبی آخرالزمانۖ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤں سے طلبہ و طالبات کو روشناس کرانا، مسلمان کیلئے عقیدہ رسالت اور عقیدہ ختم نبوت اور ان کے عملی تقاضوں کی آگاہی دینا تھا تاکہ طلبہ و طالبات میں حضور صلی اللہ وآلہ وسلم سے عقیدت ومحبت پیدا ہو اور وہ باعمل مسلمان بنیں ۔ ان مقاصد کے حصول کیلئے مختلف سرگرمیوں کابہت جامع پروگرامات ترتیب دیئے گئے ۔ اسا تذہ نے پرنسپل شکیل احمد کی مؤثرنگرانی میں نہایت خلوص اور ذمہ داری سے سیرت النبیۖ کے موضوع پرتقاریر، نعت خوانی اور کوئز مقابلوں کیلئے نصاب تیار کیا جس کی تیاری کیلئے طلبہ نے بہت محنت کی۔مذکورہ مقابلوں میں ہر سطح کے طالب علم شامل تھے۔ کوئز کیلئے طلبہ و طالبات کوحضور صلی اللہ وآلہ وسلم کے حوالے سے پانچ قرآنی آیات اور پانچ احادیث زبانی یاد کرناتھیں، حیات طیبہ پر طلبہ و طالبات کو 100معلومات ازبر کرائی گئیں، ہر کلاس روم میں سیرت النبیۖ پر کم ازکم دس چارٹ لٹکائے گئے۔ ہر کلاس سے کم از کم پانچ بچوں کو نعتیں پڑھائی گئی اور ہر کلاس میں کم ازکم پانچ بچوں کو حیات طیبہ پر تقاریر دی گئیں اور بچوں کو سیرت کے موضوع پر علامہ اقبال کے اشعار بھی یاد کرائے گئے جو وہ ترنم سے پڑھتے تھے۔ہفتہ سیرت النبیۖ کے دوران روزانہ اسمبلی پر تلاوت وترجمہ کیلئے ایسی آیات کاانتخاب کیاجاتا جن میں حضور صلی اللہ وآلہ وسلم کاتذکرہ ہوتا، نعتیں پڑھی جاتیں، سیرت پر اشعارپڑھے جاتے اوربچوں سے تقاریر کرائی جاتیں۔روزانہ سکول کے نوٹس بورڈ پر طلبہ و طالبات کے یاد کرنے کیلئے سیرت کے موضوع پر قرآن پاک کی ایک آیت اور ایک حدیث لکھی جاتی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اس کے علاوہ دارارقم کے تمام کیمپسز میں ہفتہ سیرت النبیۖ کے دوران سیرت پاکۖ کے موضوع پر کتب میلہ لگائے گئے جس سے عام لوگ بھی مستفیض ہوئے اور دارِ ارقم سکولز کی طرف سے اسلامی قدروں کے فروغ کیلئے کاوشوں کو عوامی پذیرائی بھی ملی۔ یوں تو ہفتہ سیرت النبی ۖ میں ہر سرگرمی دلچسپ اور اہم تھی مگر اس کے کوئز، نعت خوانی اور تقریری مقابلوں میں طلبہ کا جوش و جذبہ واقعتاً قابل ستائش تھا۔ ابتدائی مقابلوں میں مقابلہ حسن نعت میں ہر کلاس کے تمام سیکشنز سے دو دو بچوں نے حصہ لیا اسی طرح ہرکلاس کے تمام سیکشنز سے دو دو طالب علم کوئز مقابلہ میں شامل ہوئے اور ہرکلاس کے تمام سیکشنز سے دو دو بچوں کو سیرتِ پاک پر تقریری مقابلہ کے لئے منتخب کیاگیا۔کلاس کی سطح پر مقابلہ جات کے نتیجہ میں نمایاں حیثیت حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے سکول کی سطح پر مقابلے کرائے گئے۔فائنل مقابلہ کے لئے 21طلبہ و طالبات منتخب ہوئے ۔ فائنل مقابلہ حسن نعت، تقاریر اور کوئز کے انعقاد کو ایک تقریب کی صورت میں 26جنوری 2014ء کو یادگار بنایا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی گجرات شہر ڈاکٹر طارق سلیم اور روزنامہ جذبہ گجرات کے منیجنگ ڈائریکٹر راجہ تیمور طارق تھے جبکہ صدارت ڈائریکٹر دارِ ارقم سکولزگجرات ریجن افتخار احمد چیمہ نے کی ۔ مہمانوں کی موجودگی میں ایک دلچسپ مقابلہ کے بعدججزنے نعت خوانی ، تقاریر اور کوئز میں فرسٹ ، سیکنڈ اور تھرڈ پوزیشن والے طلبہ کو انعامات کا مستحق قراردیا۔ ججز پینل تجربہ کار اساتذہ شہزاد ذوالفقار ،سہیل حمیداور محمد بشارت پر مشتمل تھا۔نعت خوانی میں دسویں کے احمد نوید اول ، N-9thکے عبدالرحمٰن دوئم اور نویں کے حسیب احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔تقریری مقابلہ میں دسویں کے عدیل اظہر اول ، آٹھویں کے یاسین شہزاد دوسرے نمبر پر جبکہ نویں)عمر( کے اسامہ شہزاد نے تیسرے نمبر رہے۔ کوئز مقابلہ جیتنے والوں میں نویں )علی (اسامہ شہزاد نے پہلی ، شعبہ حفظ کے طالب علم محمد بن جاوید نے دوسری اور آٹھویں کے عبداللہ شہباز نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔فائنل میں اول دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو نقد انعام (Cash Prize)سرٹیفکیٹس اورسیرت کے موضوع پر کتابوں کے تحائف دیئے گئے جبکہ فائنل مقابلوں میں حصہ لینے والے باقی بارہ طلبہ کو تعریفی
اسناد اور کتابوں کاتحفہ بدست مہمانانِ گرامی دیا گیا۔ اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر اساتذہ کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔ دارِ ارقم سکولزگجرات نے ہفتہ سیرت النبیۖ کے دوران ایسی سرگرمیاں جاری رکھیں جن کاواضح پیغام تھاکہ حب ّرسول صلی اللہ وآلہ وسلم ایمان کالازمی جزو اور اطاعت نبی آخرالزماں صلی اللہ وآلہ وسلم کاتقاضا ہے کہ دنیا اور آخرت کی کامیابی کیلئے اسوہ رسول صلی اللہ وآلہ وسلم پر عمل کیاجائے ۔مہمانِ خصوصی ڈاکٹر طارق سلیم نے دارِ ارقم سکولز میں طلبہ و طالبات کے اسلامی تشخص کواجاگر کرنے کیلئے دستیاب ماحول اور سرگرمیوں کو سراہاانہوں نے کہا کہ پاکستان کاقیام اسلام کے نام پر ہوا تھا اور اسے صحیح معنوں میں ایک اسلامی ملک بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں اسلامی قدروں کو فروغ ہو ۔ ڈائریکٹر دارِ ارقم سکولز گجرات افتخار احمد چیمہ نے مہمانوں کاشکریہ اداکیا اور پرنسپل اوراساتذہ کی محنت کو سراہا اور انعام جیتنے والے طلبہ کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ یقیناً ہفتہ سیرت النبی صلی اللہ وآلہ وسلم ۖ ہم سب کیلئے باعث رحمت تھاسب کو فائدہ ہوا ہے، سرگرمیاں بہت تعمیری تھیں طلبہ کے والدین کو اچھا پیغام گیا ہے اور دارِ ارقم سکولز کی عوامی پذیرائی میں اضافہ ہوا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب یوتھ سپورٹس فیسٹول 2014کے تحت فٹ بال کا ڈسٹرکٹ لیول مقابلہ سرائے عالمگیر کی ٹیم نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا ہے
گجرات(جی پی آئی) پنجاب یوتھ سپورٹس فیسٹول 2014کے تحت فٹ بال کا ڈسٹرکٹ لیول مقابلہ سرائے عالمگیر کی ٹیم نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا ہے گجرات کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی۔ یوتھ فیسٹول کے تحت فٹ بال کا فائنل زمیندارہ کالج گرائونڈ پر ہوا جسے بڑی تعداد میں شائقین دیکھنے کے لئے میدان میں موجود تھے۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے خلاف گول کے لئے بھر پور کوشش کی ۔ سرائے عالمگیر کی ٹیم دوسرے ہاف میں ایک گول کرنے میں کامیاب ہو گئی تاہم گجرات کی ٹیم مقابلہ برابر نہ کر سکی۔ میچ کے اختتام پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سلمان علی نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے۔ تحصیل سپورٹس آفیسر سید غلام عباس اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت دفاع چوہدری جعفر اقبال آف فتہ بھنڈ نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی کے قیام سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی ٹیم نے بڑی عرق ریزی کی اس معاملہ پر ملک کی تما م سیاسی جماعتیں
گجرات(جی پی آئی)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت دفاع چوہدری جعفر اقبال آف فتہ بھنڈ نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی کے قیام سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی ٹیم نے بڑی عرق ریزی کی اس معاملہ پر ملک کی تما م سیاسی جماعتیں ، آرمی چیف، اور دوسرے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا گیا اور حکومت نے مذاکرات کیلئے ماحول کو سازگار بنانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان حالیہ چند دنوں میں متعدد ملاقاتیں ہوئیں جبکہ وزیر اعظم نواز شریف ،چوہدری نثار احمد کی کاوشوں کا بھی بڑا عمل دخل ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات پریس کلب میں نو منتخب عہدے داروں کو مبارکباد دینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے عسکریت پسندی ، توانائی اور معیشت جیسے مسائل سے نبرد آزما ہونے کیلئے اپنی نیک نیتی کے ساتھ کوشش کر رہی ہے جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے اپنی صوابدید کا452ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ اراکین پارلیمنٹ کی ترقیاتی سکیموں کو دینے کیے بجائے بجلی پیدا کرنے کے نئے منصوبوں پر لگانے کا فیصلہ کیا جبکہ سرکل ڈیٹ پر قابو پانے کیلئے حکومت نے آتے ہی 5سو ارب روپے کی ادائیگی کی اور یہ رقم قرضے کی بجائے قومی بچت کے ذریعے حاصل کی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنے آخری مالی سال میں ترقیاتی سکیموں کے نام پر اربوں روپے کی لوٹ کھسوٹ کی انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے ان متذکرہ سکیموں کی جانچ پڑتال کیلئے حکومت نے میاں حمزہ شہباز کی سربراہی میں ایک پارلیمانی کمیٹی بنائی جس کے وہ خود رکن ہیں اور اس کمیٹی نے اب تک صرف ملک کی سات آٹھ اضلاع میں پاک پی ڈبلیو ڈی کی ترقیاتی سکیموں کی جانچ پڑتال کی جس میں حیرت انگیز انکشافات ہوئے ہیں انہوںنے بتایا کہ یہ کمیٹی روزانہ آٹھ آٹھ گھنٹے کام کرتی ہے صوبہ خیبر پختونخواہ کے مین اضلاع لوئر دیر اپر دیئر اور مالا کنڈ میں تین ارب روپے سے زائد کا فنڈز فرضی سکیموں کے نام پر کھایا جا چکا ہے لوئر دیررکی ایک واٹر سپلائی کی سکیم کے نام پر پچاس کروڑ روپے کی رقم خزانہ سے لی گئی لیکن موقع پر ایک ٹونٹی بھی نہیں لگائی گئی اس طرح گوجرانوالہ میں امتیاز صفدر وڑائچ، راولپنڈی میں راجہ پرویز اشرف ، اور فیصل آباد کی ترقیاتی سکیموں کو دیکھا گیا ہے جہاں بہت بڑی بڑی بے ضابطگیاں نظر آئیں ان کا کہنا تھا کہ لگ بھگ 66سو سکیموں کی جانچ پڑتال کی جانی ہے انہوں نے کہا کہ جو لوگ حکومت کی سات ما ہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہیں میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ وزیر اعظم نے صاف اور شفاف کردار کے حامل اور محنتیلوگوں کو اپنی کابینہ کا حصہ بنایا ہے صدر اور وزیر اعظم کے اخراجات30فیصد کمی کی گئی ہے اور اس وقت بجلی پیدا کرنے کی درجنوں نئی سکیموں پر عملاً کام شروع ہو چکا ہے جن میں نیلم ،جہلم کا نو سو میگا واٹ نند پور، چیچوں کی ملیاں کراچی میں گڈانی میں کوئلے سے 660میگا واٹ بہاولپور میں ایک ہزار میگا واٹ کا قائد اعظم سولر پارک جیسے منصوبوں کو آئندہ دو سے تین سالوں میں مکمل کر لیا جائے گا جبکہ چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں 1100گیارہر سو میگا واٹ کے سول نیو کلیئر منصوبوں پر کام جاری ہے انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے صرف چند مخصوص یونیورسٹیوں کو فنڈز دئیے جن میں کام سیٹس یونیورسٹی کی ہی بہت سی سکیمیں شامل ہیں حالانکہ یہ یونیورسٹی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے بھی فنڈز حاصل کرتی ہے جعفر اقبال کا کہنا تھا کہ ریلوئے کے محکمہ میں خواجہ سعد رفیق نے اپنی محنت اور دوڑ دھوپ کے بغیر کوئی نیا فنڈحاصل نہیں کیا ۔اور اس میں بتدریج بہتری لائی ہے جب ہماری حکومت کو چارج ملا تو ریلوئے کے پاس ایک دن کیلئے ایندھن کا ذخیرہ نہیں تھا اور اب ریلوئے کے پاس 12دنوں کا ایندھن موجود ہوتا ہے البتہ کوئی نئی ٹرین چلائے بغیر پہلے سے چلنے والی96ٹرینوں کے نظام کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی ہے 50انجنوں کی بحالی پر کام ہورہا ہے رسالپور میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر90نئے انجن بنانے کا منصوبہ شروع ہو چکا ہے جبکہ آئندہ تین سالوں میں پانچ سو مسافر اور پانچ سو کیرج بوگیاں بنانے کا حدف ہے چین سے 27انجن آرہے ہیں جو مال گاڑیوں کیلئے دئیے جائینگے اور صرف چھ ماہ میں پونے دو ارب روپے سے زائد کا ریلوئے کا خسارہ کم ہو اہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت دفاع چوہدری جعفر اقبال آف فتہ بھنڈ نے کہا ہے کہ گجرات میں امن و امان کے قیام کیلئے پولیس کو مکمل فری ہینڈ ہے
گجرات(جی پی آئی)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت دفاع چوہدری جعفر اقبال آف فتہ بھنڈ نے کہا ہے کہ گجرات میں امن و امان کے قیام کیلئے پولیس کو مکمل فری ہینڈ ہے اور حالیہ چند سالوں میں اسلحہ کی نمائش اور جائیدادوں پرقبضوں اور زیادتیوں کے دیگر واقعات میں کمی آئی ہے حالانکہ ق لیگ کے دور حکومت میں جب گجرات میں راجہ منور جیسے لوگ ڈی پی او تھے تو تھانے بکتے تھے SHOکی تعیناتی کیلئے باقاعد ہ نرخ مقرر تھے قاتلوں اور اشتہاریوں کو تحفظ دیا جاتا تھا گجرات پر یس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع گجرات کے تمام اراکین اسمبلی ہر ہفتہ میں کسی ایک محکمہ کے ساتھ باقاعدہ میٹنگ کر رہے ہیں اس ضمن میں ہفتہ کے روز ڈی پی او گجرات کے ساتھ ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اسلحہ کی نمائش پر مزید سختی کی جائے ہر تھانہ میں رپورٹنگ روم بنائے جائیں جہاں خوش اخلاق پولیس ملازمین کو تعینات کیا جائے اور سائلین کی درخواستوں پر فوری داد رسی منشیات کی روک تھام کیلئے اقدامات تجویز کئے گئے انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی نے فیصلہ کیا ہے کہ گجرات ڈسٹرکٹ پولیس کمپلیکس کی تعمیر فوری طور پر شروع ہو نی چاہیے انہوں نے بتایا کہ ضلع گجرات کے دیہی اور شہری علاقوں کیلئے گجرات سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی کے قیام پر کام مکمل ہو چکا ہے جس کی رجسٹریشن کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اجازت طلب کی ہے سالڈ ویسٹ منصوبہ کیلئے پاکستان میں ناروے کے سفیر کی معاونت حاصل کی گئی ہے اور اس ضمن میں تکنیکی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں ہماری مدد کرے گا۔انہوں نے کہا کہ چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ اس سے قبل گجرات کے اراکین پارلیمان محکمہ شاہرات محکمہ لائیو سٹاک اور زراعت اور ٹریفک پولیس کے ساتھ ہفتہ وار ملاقاتیں کر چکا ہے ملاقاتوں کے نتیجہ میں ضلع بھر کی سڑکوں ضلع کے مختلف چوکوں میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کی طرف توجہ دی جارہی ہے کھاریاں ، ڈنگہ روڈچوک، ریلوئے چوک، جی ٹی روڈ لالہ موسیٰ، اور گجرات میں شاہین چوک کے مقام پر گول چکر کی تعمیر تجویز دی گئی ہے جبکہ جی ٹی روڈ پر جہلم سے گجرات تک محکمہ جنگلات کو نئی شجر کاری کا ٹاسک دیا گیا ہے انہو ں نے بتایا کہ ضلع کی تمام دیہی مراکز صحت تحصیل او ر ضلعی ہیڈ کوارٹر اور ہسپتالوں میں ادویات اور لیبارٹری کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے تقریباً 37کروڑ کی گرانٹ کی تجویز دی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ ضلع میں لائیو سٹاک زراعت کے سے صورتحال بہتر ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت دفاع چوہدری جعفر اقبال آف فتہ بھنڈنے گجرات پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رسول ٹیکنالوجی کالج کو اپ گریڈ کر کے ایک جدید ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنانے کے منصوبے کی وزیر اعلیٰ پنجاب نے منظوری دے دی ہے
گجرات(جی پی آئی)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت دفاع چوہدری جعفر اقبال آف فتہ بھنڈنے گجرات پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رسول ٹیکنالوجی کالج کو اپ گریڈ کر کے ایک جدید ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنانے کے منصوبے کی وزیر اعلیٰ پنجاب نے منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے وزیر اعلیٰ نے مجھے ایک کمیٹی کا سربراہ بنایا ہے جس نے اپنی سفارشات مرتب کر کے بھجوا دی ہیں جبکہ گجرات میں کالج اور ویٹرنری آف سائنس اینڈ لائیو سٹاک مینجمنٹ کے قیام کیلئے یونیورسٹی آف گجرات نے کام شروع کر دیا ہے اور ابتدائی طور پر یونیورسٹی آف گجرات میں ویٹرنری سائنس اینڈ لائیو سٹاک کا نیا شعبہ قائم کیا جائے گا البتہ ویٹرنری کالج کے قیام کیلئے کھاریاں کے قریب رکھ پبی سرکار میں صوبائی دارالحکومت سے تین سو ایکڑ اراضی مانگی گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت دفاع چوہدری جعفر اقبال آف فتہ بھنڈگجرات پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دینے کیلئے گجرات پریس کلب آئے
گجرات(جی پی آئی)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت دفاع چوہدری جعفر اقبال آف فتہ بھنڈگجرات پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دینے کیلئے گجرات پریس کلب آئے جہاں پر انہوں نے نو منتخب صدر وسیم اشرف بٹ، جنرل سیکرٹری محمود اختر محمود، اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دی اس موقع پر سنیئر صحافی سابق صدر گجرات پریس کلب طفیل میر، عبدالستار مرزا، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ، سجاد حیدر ناز، جاوید بٹ، ارشد بٹ، بھی موجود تھے چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ گجرات پریس کلب کے ممبران نے بہترین کابینہ کا انتخاب کیا ہے ۔ جو کہ مبارکباد اور خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت بجلی پرسبسڈی دے اور کیمپ وزیر اعلیٰ اب عوام کو سستی بجلی فراہم کرے۔ مرزا شہزاد بیگ
گجرات (جی پی آئی)انچارج میڈیا مسلم لیگ ق مرزا شہزاد بیگ نے اپنے پریس بیان میں کہا کہ موجودہ حکومت کا عوام پر ایک اور ڈرون حملہ۔ بجلی مزید مہنگی اور سبسڈی بھی ختم کر دی گئی۔ آخر حکومت عوام سے کس چیز کا بدلہ لے رہی ہے۔ غیر ملکی ڈکٹیشن نہ لینے کا نعرہ لگانے والے غیر ملکیوں کے سامنے گھٹنے ٹیک چکے ہیں۔ بجلی اتنی مہنگی کر دی گئی ہے کہ سفید پوش طبقہ میٹر اتروانے پر مجبور ہو جائے گا۔ کیمپ وزیر اعلیٰ اب بھی ٹینٹ لگائیں اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور بجلی سستی کریں جو کہ نا ممکن نظر آتا ہے۔ اگر حکومت کے یہی کر توت رہے تو وہ دن دور نہیں جب ظالم حکومت زمین بوس ہو جائیگی۔ جب وزیر اوروزیر اعظم ڈھٹائی سے ٹی وی پر تقریریں کرتے نظر آتے ہیں۔ خدا ان ظالم حکمرانوں کو ہدایت دے اور یہ عوام کے بارے میں بھی سوچیں۔