گجرات (جی پی آئی) عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں عملہ کی کمی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا، تفصیلات کے مطابق ضلع گجرات کے اکلوتے ڈسٹرکٹ ہسپتال عزیز بھٹی ہسپتال میں جہاں پر عام آدمی کو بروقت طبی امداد میسر نہیں اور نہ ہی ادویات ، ہسپتال میں عرصہ دراز سے 20سے زائد میڈیکل آفیسرز کی پوسٹیں خالی ہیں کوئی بھی ڈاکٹرگجرات میں آکر عوامی خدمت کرنے کو تیار نہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ دیگر کئی پوسٹیں بھی ہسپتال میں خالی پڑی ہیں عملہ کی کمی کی وجہ سے ڈاکٹروں کی جگہ پر ان پڑھ ٹیکنیکل سٹاف اور دیگر عملہ مریضوں کو چیک کررہا ہے جبکہ نیوروسرجن ڈیپارٹمنٹ میں بھی عملہ کی شدید کمی ہیں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور سرکاری ہسپتال میں عوام کی کوئی شنوائی نہ ہیں ،عوامی حلقوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عزیز بھٹی ہسپتال کو جدید بنیادی سہولتوں سے آراستہ کیا جائے اور ہسپتال میں عرصہ دراز سے عملہ کی کمی کو دور کیا جائے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات (جی پی آئی) پاکستا ن مسلم لیگ ن کے امیدوار جنرل کونسلر یوسی نارووالی مشتاق بٹ نے کہا ہے کہ ن لیگ کے دور حکومت میں پاکستا ن نے ہمیشہ ترقی کی ہے اور عوامی مسائل ترجیح بنیادوں پر بلا تفریق حل ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن جیت کر عوام کی عملی خدمت کرینگے جبکہ گجرات میں تاریخی ترقیاتی کام کروائے گئے ہیں یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کو یقینی بنانے کیلئے بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہے انہوں نے کہا کہ یوسی نارووالی میں جو ترقیاتی کام رہ گئے ہیں وہ بھی بلدیاتی انتخابات کے بعد مکمل کرلئے جائینگے ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات (جی پی آئی) الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن گجرات کے سینئر نائب صدر، بیوروچیف اب تک نیوز چینل عامر بیگ مرزا حج کی ادائیگی کیلئے گزشتہ روز اسلام آباد سے سعودی عرب روانہ ہوگئے ائیرپورٹ پر اہل خانہ، دوست احباب نے الوداع کیا ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات (جی پی آئی) پاکستان کا آئین اور قانون محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کرتے ہیں اورمساویانہ سلوک کا حکم دیتا ہے ان خیالات کا اظہار ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے سربراہ آئی اے رحمن نے آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز کے زیر اہتمام جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تقریب سے پیر زادہ امتیاز سید ، رانا ایوب خان، سلمان چوہدری ، سید ہ غلام فاطمہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1973ء کے آئین اور 1992ء اور 1995ء میں سپریم کورٹ ، شریعت کورٹ اور حکومتی اصلاحات اس بات کی گواہی ہیں کہ ملک میں جبری مشقت نہیں لی جاسکتی ۔آئین اور قانون مزدور کے حقوق کا تحفظ کرتے ہیں جبکہ حکمران اور ادارے اس کے برعکس کام کررہے ہیں ۔پاکستان کے محنت کش مزدور آج بھی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور وہ سوشل سیکورٹی ، پنشن، ورکرویلفیئر فنڈ جیسی سہولتوں سے محروم ہیں اور یہ سہولتیں بھی سرمایہ دار حاصل کررہے ہیں ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات( جی پی آئی) ولی ابن ولی فخر سادات حضرت قبلہ الحاج پیر سید فضل حسین شاہ الحسنی و الحسینی المعروف سید العارفین شہنشاہ فضل رحمتہ اللہ علیہ کے 32 ویں عرس مبارک کی پہلی نشست صاحبزادہ پیر سید محمود الحسن شاہ بخاری قادری الحسنی و الحسینی سجادہ نشین آستانہ عالیہ غوثیہ فضلیہ کھیپڑانوالہ شریف کی زیر صدارت انعقاد پذیر ہوئیں۔ نقابت کے فرائض پرنسپل دارالعلوم جامعہ غوثیہ فضلیہ کھیپڑانوالہ شریف قاری شفقت اللہ قادری نے سرانجام دئیے ۔ جبکہ ممتاز قراء حافظ محمد علی وقار اور حافظ عبدالغفار نے تلاوت قرآن پاک کا شرف حاصل کیا جس کے بعد ممتاز ثناء خواں عطاء جیلانی’ حافظ عابد حسین’ مظہر عزیز قادری’ ارمغان خالد’ عبدالطیف قادری اور مشتاق قادری نے ہدیہ نعت پیش کیا تلاوت و نعت کے بعد صاحبزادہ پیر سید امتیاز حسین شاہ’ صاحبزادہ پیر سید زاہد الحسن شاہ’ حضرت علامہ سید فیضان الحسن شاہ اور حضرت علامہ ثناء اللہ ربانی نے خصوصی خطاب کیا۔ بعد ازاں ختم غوثیہ شریف پڑھا گیا۔ ختم شریف کے بعد حضرت صاحبزادہ پیر سید محمود الحسن شاہ بخاری قادری الحسنی و الحسینی نے خصوصی دعائیں فرمائیں۔ عرس مبارک میں ہزاروں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ نمایاں شخصیات میں سید تجمل حسین شاہ’ سید عمران عباس بخاری’ پروفیسر سید سعادت مہدی’ سید حافظ بلال امتیاز شاہ’ سید گل شیر بخاری’ سید شہزاد محمد علی’ سید مدثر حسین شاہ بخاری’ سید عنایت حسین شاہ بخاری’ سید طیب حسین بخاری’ سید مدثر تجمل بخاری’ سید جابر حسنین بخاری’ سید ابرار حسین شاہ ‘ سید زوار حسین’ سید عاشر بخاری’ سید علی رضا رضوی’ علامہ مدثر حسین چشتی’ علامہ ساجد محمود قادری’ حاجی ممتاز احمد سیف’ حاجی خالد حسین سیفی’ علامہ محمد مظفر نقشبندی و دیگر ہزاروں پیر بھائیوں’ مریدوں’ عقیدت مندوں کے علاوہ معززین شہر نے شرکت کی۔ عرس مبارک کے موقع پر خادمین دربار شریف اور پولیس نے سیکورٹی کے زبردست حفاظتی اقدامات کئے ہوئے تھے۔ آخر میں تمام شرکاء کو بٹھا کر لنگر شریف بھی کھلایا گیا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات (جی پی آئی) ہیومن رائٹس سوشل ویلفیئر فار ویمن کے زیر اہتمام موضع شیخ پور میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جسکی صدارت مس رومانہ نورین نے کی جبکہ تقریب کے اہتمام مس عاصمہ نے کیا۔ اس موقع پر خواتین کے لئے سلائی سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ تقریب میں چوہدری محمد زمان ‘ چوہدری قمر عباس’ مرزا معظم بیگ سمیت خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد زمان نے کہا کہ خواتین کو ہنر مند بنا کر ہی خود مختار بنایا جا سکتا ہے تاکہ وہ بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔ مس رومانہ نورین نے کہا کہ گجرات کی خواتین کو بھی اب مواقع میسر آ رہے ہیں کہ وہ زندگی کی دوڑ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ‘ سیاست اور سماجی خدمت سے ہی سکون حاصل ہو سکتا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات (جی پی آئی) گزشتہ روز ہونے والی بارش کی وجہ سے گجرات شہر میں صفائی کا نظام کھل کر سامنے آ گیا ۔ ٹی ایم اے کی نا اہلی کی وجہ سے پرنس چوک ‘ ریلوے روڈ ‘ سرگودھا روڈ’ شادیوال روڈ’ شاہدولہ روڈ’ علی پورہ روڈ’ گندے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جبکہ جگہ جگہ پر گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ عوامی حلقوں نے ٹی ایم اے حکام کی توجہ دلاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صفائی کا نظام درست بنائیں۔