گجرات کی خبریں 28/02/2015

Gujarat

Gujarat

گجرات (جی پی آئی ) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ جن ٹھیکیداروں نے ورک آرڈر ملنے کے باوجود ابتک ترقیاتی پراجیکٹس پر کام شروع نہیں کیا انہیں بلیک لسٹ کرکے سکیورٹی ضبط کر لی جائے ۔افسران جاری ترقیاتی منصوبہ جات کا باقاعدگی سے معائنہ کریں ناقص میٹریل کا استعمال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ٹھیکیداروں کے ساتھ متعلقہ افسران کے خلاف بھی سخت ترین کاروائی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایم پی اے میاں طارق محمود کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ڈی او سی شجاع قطب بھٹی، ایس پی محمد ریاض،اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں افشاں رباب،ایم این ایز نوابزادہ مظہر علی خان، ایم پی ایز حاجی عمران ظفر، نوابزادہ حیدر مہدی، چوہدر ی اشرف دیونہ، میجر(ر) معین نواز، چوہدری شبیر احمد،سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود، ٹکٹ ہولڈر چوہدری رضا علی وڑائچ ، نواب زادہ طاہر الملک ، ای ڈی اوز چوہدری محمد اصغر، محمد ریاض، طاہر کاشف، فیصل ہارون، ٹی ایم اوز ، صوبائی اور ضلعی محکموں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ارکان صوبائی اسمبلی کے فنڈز سے 21مختلف منصوبہ جات پر کام جاری ہے ان سکیموں پر 70 ملین روپے خرچ ہوں گے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 10 ملین روپے لاگت سے سٹی ڈویلپمنٹ پیکج کوٹلہ ارب علی خان پر کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ 20 ملین روپے لاگت سے سیوریج اینڈ ڈرینج سکیم گجرات کا 87فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔انہوںنے بتایا کہ پراونشل اے ڈی پی کے تحت رواں مالی سال کے دوران 68 سکیموں پر 1636 ملین روپے خرچ کرنے کا تخمینہ ہے ان میں پراونشل ہائیوے کی 15 پبلک ہیلتھ کی 12 پراونشل بلڈنگز کی 26ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی 6اسپیشل ایجوکیشن کی 1جنگلات کی 1آرئیکالوجی، لیبر، اور محکمہ انہار کی ایک ایک سکیم شامل ہے، حکومت نے پراجیکٹ کے لئے 1416 ملین روپے جاری کر دیے ہیںاور ان منصوبہ جات پر 60 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے اسی طرح کھیت سے منڈی تک سٹرکوں کی تعمیر کے 28 پراجیکٹس پر 729 ملین روپے اخراجات کا تخمینہ ہے اور یہ منصوبہ حکومت کو منظوری اور فنڈز کے اجراء کے لئے بھجوا دیا گیا ہے ۔ڈ ی سی او نے بتایا کہ سکول ایجوکیشن کی 538 سکیموں پر 518ملین روپے خر چ ہوں گے ان میں سے 431 ملین روپے کے فنڈز جاری ہوچکے ہیں جبکہ اس منصوبہ کے تحت جو پراجیکٹ مکمل ہوں گے ان میں سکولوں میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کے 121منصوبہ جات پر 220 ملین روپے سکولوں کی اپ گریڈیشن پر 54ملین روپے، آئی ٹی لیبز کی فراہمی پر 62.5 ملین روپے، اضافی کمروں کی تعمیر کے 12 منصوبوں پر 26ملین روپے اخراجات ہوں گے، تیس سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی، 27تعلیمی اداروں کی خطرناک عمارتوں کی تعمیر، 194 سکولوں میں خاردار تار لگانے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور 22 سکولوں میں آئی ٹی لیبز کو جدید لیب سے تبدیل کرنے کے 22 منصوبہ جات شامل ہیں ، ضلع کے مختلف علاقوںمیں 26قبرستانوں کی بہتر ی کے 26 پراجیکٹس میں سے 25 کے ٹینڈرز جاری کر دیے گئے ہیں اس پراجیکٹ پر 26.681 ملین روپے اخراجات ہوں گے جبکہ حکومت نے تمام فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ ڈی سی او نے ٹی ایم اے گجرات اور کھاریاں کو اپنے علاقہ جات میں ترقیاتی منصوبہ جات پر کام تیز ی سے شروع کرنے کی ہدایت کی انہوںنے گجرات واٹر سپلائی سکیم سمیت دیگر منصوبہ جات پر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈی سی او نے افسران کو ہدایت کی کہ ارکان اسمبلی کی نشاندہی پر پراجیکٹس کے تخمینہ جات کی تیاری کے دوران تمام امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تاکہ کسی منصوبہ کی فنڈز ضائع نہ ہوں۔ ڈی سی سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے میاں طارق محمود نے کہا کہ ترقیاتی منصوبہ جات جات کے ٹینڈرز کا عمل ہرصورت شفاف بنایا جائے نیز تعمیراتی میٹریل کی کوالٹی پر ہرگز کو ئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوںنے بلڈنگز، ایجوکیشن اور ٹی ایم ایز کو فلاحی سکیموں کے حوالے سے اپنی کارکرگی میں مزید بہتری کی ہدایت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی ) نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ نے سینئر پارٹی راہنما خامد خان سے خصوصی ملاقات کی ،پارٹی کے اہم امور اور علاقائی و قومی سیاسی صورت حال پر تفصیلی طور پر بات چیت کی ،پاکستان تحریک انصاف ضلع گجرات کے راہنما ممبر صوبائی کونسل پنجاب نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما خامد خان ایڈووکیٹ سے لاہور میں ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے پارٹی امور اور موجودہ سیاسی صورت حال پر بھی تفصیلی گفتگو کی ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی ) کھاریاں بار ایسوسی ایشن کے وکلاء نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدارتی انتخابات میں ووٹ کاسٹ کئے صدر کھاریاں بار چوہدری خالد حسین ایڈووکیٹ آف شیخو چک ،جنرل سیکرٹری چوہدری محبوب ایڈووکیٹ علی آف ڈھولہ ، نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ ،راجہ محمد ندیم ایڈووکیٹ،اظہر محمود ایڈووکیٹ،شفقت محمود نقوی ایڈووکیٹ،دلاور علی جگر ایڈووکیٹ،آفتاب احمد ایڈووکیٹ،میاں محمد عمران ایڈووکیٹ،محمد شریف بھٹی ایڈووکیٹ ،محمد کاظم شاہ ایڈووکیٹ اور دیگر نے لاہور میں ہونے والے ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے سالانہ صدارتی انتخابات میں اپنے ووٹ کاسٹ کئے اس موقع پر انہوں نے خامد خان ایڈووکیٹ،محمد اویس ایڈووکیٹ،محمد شاہد مقبول سے ملاقاتیں کیں ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی ) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر تحصیل آفس میں اپنے مسائل کے سلسلے میں آنیوالوںکے لئے ویٹنگ روم قائم کر دیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر میاں اقبال مظہر نے بتایا کہ ویٹنگ روم میں جہاں خواتین اور حضرات کے لئے الگ الگ بیٹھنے کا انتظام ، پینے کے لئے صاف پانی اور گرمیوں میں پنکھے کی سہولت بھی میسر ہوں گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی ) وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے ویژن کے مطابق مستحق افراد کو مفت کھانے کی فراہمی کے لئے فارسٹ آفس جی ٹی روڈ پر مفت دسترخوان قائم کیا جائے گا جہاں سماجی شخصیت بائو ناصر مستحق افراد کو کھانا فراہم کریں گے۔ ڈی سی او کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر میاں اقبال مظہر نے بائو ناصر کے ہمراہ فری دسترخوان کے لئے جگہ کا معائنہ کیا اور تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ اس سے پہلے ضلع کونسل کے قریب زیب فری دسترخوان کا آغاز کیا جاچکا ہے جبکہ جی ٹی روڈ پر قائم اس فری دسترخوان سے بھی مستحق افراد مستفید ہو سکیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی ) ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف نے پنجاب ایگزمینیشن کمیشن کے زیر اہتمام جماعت کے امتحانی مراکز کااچانک معائنہ کیا اور فرائض میں غفلت برتنے پر تین اساتذہ کو معطل کر دیا ۔ ای ڈی او طاہر کاشف نے امتحانی مراکز میں شدید بد نظمی دیکھتے ہوئے گورنمنٹ ہائی سکول ککرالی مراکز میں تعینات نگران ای ایس ٹی محمود الحسن ،گورنمنٹ ہائی سکول لالہ موسیٰ میں قائم امتحانی مراکز ای ایس ٹی جمیل احمد اور گورنمنٹ مسلم ہائی سکول کے امتحانی مراکز میں ڈرائنگ ماسٹر مشتاق احمد اپنے فرائض میں غفلت برتنے پر ملازمت سے معطل کر دیا ہے۔ ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف نے کہا ہے کہ PECکے زیر انتظام امتحان میں نگرانی پر متعین اساتذہ کی طرف سے کسی قسم غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ کسی بھی شکایات کی صورت میں سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی ) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کا شہباز شریف پارک کا دورہ اس موقع پر ایم پی اے چوہدری اشرف دیونہ ،مسلم لیگی راہنما چوہدری تنویر گوندل ،چوہدری ظہور الہٰی بھی ان کے ہمرا ہ تھے ۔ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے پارک میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور ہدایت کی منصوبے کی بر وقت تکمیل کے لئے تمام محکمے اپنے فرائض جلد از جلد انجام د یں۔