گجرات (جی پی آئی) 28 محرم الحرام کو رانا مشرف علی ناز کی رہائشگاہ سے برآمد ہونے والے ماتمی جلوس کے سلسلہ میں خصوصی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈی ایس پی سٹی غلام مصطفی گیلانی نے کی ۔ اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن ‘ صدر شیعہ علماء کونسل سید الطاف عباس کاظمی ‘ رانا مشرف علی ناز ‘ جواد حسین جعفری ‘ سید آصف رضا نقوی ‘ رانا ثاقب علی ‘ رانا ملازم حسین و دیگر بھی موجود تھے ‘ اس موقع پر انتظامات کا باخوبی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات (جی پی آئی ) الخدمت روزگار پروگرام (مائیکروفنانس )کے تحت ماہِ نومبر 2014 میں 06افراد کو 145,000/-روپے کے قرض حسنہ جاری کیے۔ مہمان خصوصی میاں شبیر احمد خاور نائب امیر جماعتِ اسلامی ضلع گجرات اور ڈاکٹر خالد محمود ثاقب قیم جماعتِ اسلامی ضلع گجرات تھے۔تفصیلات کے مطابق الخدمت روزگار پروگرام (مائیکروفنانس )سے قرض حاصل کرنے والے افراد میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب الخدمت فائونڈیشن گجرات ضلعی دفتر میں بعد از نمازِ ظہرمنعقد ہوئی ۔ڈاکٹر خالد محمود ثاقب قیم جماعتِ اسلامی ضلع گجرات نے اس پراجیکٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے قرض گرہندوں سے کہا کہ وہ اپنی اقساط بر وقت ادا کریں تاکہ مزید افراد کو قر ضِ حسنہ دیا جاسکے۔اس کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ جب آپ اس قرض ِ حسنہ کو واپس کریں گے اور یہ رقم کسی دوسرے کے استعمال میںآئے گی تو اس ثواب میں آپ بھی حصہ دار ہو نگے۔ الخدمت فائونڈیشن ضلع گجرات عام لوگوں میں باعزت روزگار کے لئے بلا تفریق خدمت خلق میں مصروف ہے ۔تاکہ معاشرے میں بیروزگاری کو کم کرنے اور بے روزگار افراد کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔ شرکاء میں میاں شبیر احمد خاور نائب امیر جماعتِ اسلامی ضلع گجرات، میاں محمد اکرم صدر الخدمت فائونڈیشن ساروکی،عرفان غضنفر پروگرام مینجر الخدمت فائونڈیشن گجرات، نوید احمد گوند ل ما ئیکرو فنانس مینجر الخدمت فائونڈیشن ضلع گجرات اورذاہد حسین آئی۔ ٹی مینجر الخدمت فائونڈیشن گجرات شامل تھے ۔ یاد رہے کہ الخدمت فائونڈیشن ضلع گجرات اب تک432 افراد کو اٹھاسی لاکھ ستانوے ہزار روپے (8,897,000/-) کے چھوٹے بلاسود کاروباری قرضے فراہم کرچکی ہے۔اب تک224افراد نے قرضہ مکمل واپس کر دیا ہے جسکی رقم 4,244,000/- روپے ہے ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سرگودھا:آکسیجن نہ ملنے سے 8قیمتی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے،خدیجہ فاروقی گجرات ( جی پی آئی )مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی صدر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے ڈسٹرکٹ ہسپتال سرگودھا میں عملی کی غفلت اور آکسیجن نہ ملنے سے 8بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قبل ستمبر 2014میں ڈسٹرکٹ ہسپتال وہاڑی میں اسی قسم کا ایک واقعہ رونما ہوا تھا جس میں 7نوازائیدہ بچے جاں بحق ہوگئے تھے لیکن حکومت نے اس سے سبق نہیں سیکھا جس پر سرگودھا میں اسی قسم کے واقعہ میں8بچے جاں بحق ہوگئے۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی صحت پالیسی ناکام ہوگئی حکومت کی صحت پالیسی میں دلچسپی اسی امر سے عیاں ہے کہ پنجاب میں وزیر صحت ہی موجود نہیں بلکہ تمام کام ایک مشیر کے ذمے لگائے ہوئے ہیں۔وزیر صحت کا محکمہ وزیراعلیٰ کے پاس ہے اس لیے معصوم بچوں کی ہلاکت کے ذمہ دا ر بھی وہ خود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے فنڈز نام نہاد نمائشی سکیموں پر خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ عوام ہسپتالوں میں دم توڑ رہے ہیں پنجاب حکومت کی صحت پالیسی ناکام ،سرگودھا واقعہ پنجاب حکومت کی بے حسی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نااہل حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں اسی لیے حکمران جہاں جہاں بھی جاتے ہیں ان کا استقبال گو نواز گو کے نعروں سے ہورہا ہے ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات (جی پی آئی)سنی تحریک کے صوبائی رہنما محمد زاہد حبیب قادری نے کہا ہے کہ ناموس صحابہ کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔غازی سیدسرفراز شا ہ کو کسی بھی انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا گیا تو احتجاجی تحریک شروع کریں گے ۔طبقاتی نظام کی تقسیم نے ملکی سرحدوں اور اداروں کو غیر محفوظ بنا دیا ۔سنی تحریک کسی انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی مگر ہمارے کارکنان کا قتل عام کیا جارہا ہے۔حقوق اہلسنت کے تحفظ کے لئے تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کریں گے۔حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں اس لئے بھی ناکام ہے کہ ان کے پاس ملک کو چلانے کیلئے کوئی حکمت عملی موجود ہی نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ رات کارکنان و ذمہدران کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس مو قع پر ضلعی صدر صاحبزادہ پیر سید مبشر حسین شاہ،ضلعی رہنما ڈاکٹر مدثر اختر ،ڈاکٹر ایاز نعیمی ،صاحبزادہ پیر سید رخسار احمد شاہ ،مولانا مظہر حسین قادری ،محمد شہباز بٹ،چوہدری محمد شاہد نواز،قاری محمد محسن رضا ،علامہ محمد عظیم قادری،عبد الرحمن،محمد جہانگیر قادری و دیگر نے کہاکہ ملکی سالمیت کیلئے پاک فوج کی قربانیوں کو کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ضرب عضب آپریشن پا کستان بقا ء اور سلامتی کا ضامن ہے ۔ضرب عضب آپریشن کی کامیاب کیلئے پوری قوم دعا گو ہے۔جبکہ محمد زاہد حبیب قادری نے کہاکہ حکومت کو اپنی آئنی مدت پوری کرنے کا موقع دینا چا ہئے تاکہ مسلم لیگ نواز 5سال بعد اپنی ناکامی کا الزام دھرنوں اور احتجاج کو قرار نہ دے سکے۔کراچی میں جاری سنی تحریک کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سر پرستوں کو قانون کی گرفت میں لا یا جائے۔زاہد قادری نے کہاکہ سنی تحریککو پانی کا بلبلہ سمجھنے والے یاد رکھیں سنی تحریک شہدا ء کو وہ حسینی قافلہ ہے جو سر کٹا تو سکتا ہے مگر جھکا نہیں سکتا۔نظریاتی کارکنان کی قربانیاں سنی تحریک کا فخر ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی )ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ جعلی اور زائد المعیاد ادویات فروخت کرنیوالے اور عطائی ڈاکٹر وں کے خلاف کریک ڈائون تیز کیا جائے انسانی جانوں سے کھیلنے والے یہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف سخت ترین تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز حیدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی او نے اس موقع پر جعلی ادویات فروخت کرنیوالوں اور عطائیوں کے 5کیسز قانونی کاروائی کے لئے عدالت بھجوانے کی منظوری دی، تین کیسز میں ملوث افراد کو سخت وارننگ جاری کردی گئی جبکہ تین کیسز کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ خصوصا بڑے میڈیکل سٹور ز اور باالعموم تمام میڈیکل سٹورز کی سخت چیکنگ کا عمل مزید تیز کیا جائے اور جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کے بورڈ ز لگا کر غیر قانونی دھندہ کرنیوالے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے جبکہ محکمانہ ٹیمیں ان ڈاکٹرز سے بھی رابطہ کریں جن کے نام کے بورڈز لگائے گئے ہیں۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز حیدر نے ڈی سی او کو عطائیوں اور جعلی ادویات فروخت کرنیوالوں کے خلاف کاروائی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گجرات(جی پی آئی )حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع گجرات میں ماڈل مویشی منڈی کے قیام کے لئے زمین کا انتخاب کر لیا گیا ہے ،موضع شیخ سکھا کے قریب واقع زمین کے مالکان اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان اس مقصد کے لئے آج باضابطہ طور پر معاہدہ پر دستخط کر دیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہا ر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ماڈل مویشی منڈی کے قیام کے حوالہ سے اجلاس سے خطاب اور مجوزہ جگہ کے معائنہ کے موقع پر بات چیت کے دوران کیا۔ ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے گجرات و اے ڈی سی فاروق رشید سندھو، اسسٹنٹ کمشنرز میاں اقبال مظہر، وقار حسین خان، اے ڈی ایل جی ریاض حسین، ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر نصیر ، ڈی او زراعت سید سجاد بخاری، ریونیو آفیسر ارشاد احمد اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا ابتدائی طور پر 8ایکٹر زمین پر ماڈل مویشی منڈی قائم ہو گی بعد ازاں دیگر اہل علاقہ سے زمین حاصل کر کے اسے 25ایکڑ تک وسیع کیا جائے گا۔ انہوںنے بتایا کہ مجوزہ زمین مین روڈ سے دور ہونے کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل اور ناجائز پارکنگ کے مسائل بھی پید ا نہیں ہوں گے جبکہ یہ زمین نسبتا اونچی ہو نے کی وجہ سے سیلاب کی زد میں بھی آنے کے خدشات نہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ زمین کے مالکا ن سے انتہائی مناسب ریٹس پر کرایہ داری پر زمین حاصل کی جارہی ہے جبکہ اس کی ڈویلپمنٹ کے لئے حکومت نے فنڈز بھی جاری کر دیے ہیں۔