گجرات کی خبریں 27/12/2014

Gujarat

Gujarat

گجرات (جی پی آئی) صدر پاکستان مسلم لیگ ق سٹی گجرات محمد حنیف حیدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گیس و بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے موجودہ حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔ عوام سے کئے گئے وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ گھریلو صارفین اتنی سردی میں گیس سے محروم حکومت جانے کی دعائیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تو نواز حکومت نے بیرونی قرضے لینے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ کشکول توڑنے کے دعویداروں نے دیگیں اٹھالی ہیں قرضو ں کے لئے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مشروط قرضے عوام پر بوجھ ہونگے۔ جب گیس ،بجلی کی قیمتوں کا تعین ان کی مرضی سے ہوگا تو عوام کو اچھے کی امید نہیں کرنی چاہئے۔ آج پورا ملک دہشت گردی، بے روزگاری،غربت جیسے سنگین مسائل کا شکار ہے لیکن حکومت ٹس سے مس ہوتی نظر نہیں آرہی۔ عوام وعدوں کی پاسداری کی منظر ہے۔ جعلی الیکشن کے زریعے آنے والے حکمران اپنا انتخابی منشور بھی بھول چکے ہیں۔ صرف اسی عوامی غم و غصے سے بچنے کے لئے حکمران بلدیاتی انتخابات کروانے سے گریز کر رہے ہیں کیونکہ وہ اپنی سابقہ کارکردگی جانتے ہیں اور یہ بھی جانتے ہیں کہ عوام اب ان سے تنگ آچکی ہے اور اگر انتخابات ہوئے تو انہیں بری طرح سے مسترد کردیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیکن حکمرانوں کی یہ چابلوسیا ں زیادہ دیر تک نہیں چلنے والی اب عوام بیدار ہیں اور بہت جلد عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر حکمرانوں کو بہا لے جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)آمد رسول ۖ سے انسان معاشرتی مظالم سے ،بیٹیاں محرومی سے ،غلام نفرت سے ،جانور ستم سے اور فضا ظلم سے آزاد ہوئی ۔نبی کریم ۖ کی ولادت کسی ایک طبقہ ،قبیلہ ،قوم یا علاقہ کے لئے نہیں بلکہ تمام جہانوں کے لئے نوید مسرت ہے ۔عرب و عجم کی تفریق ،رنگ و نسل کے امتیازات ،لسانی و برادری کی اونچ نیچ کے بت بھی کالی کملی والے آقا ۖ نے اپنے قدموں سے پاش پاش کر دئیے ۔تعلیمات نبوی ۖ میں انسانوں ،جانوروں حتیٰ کہ درختوں کے حقوق بھی تعین کئے گئے ۔انسان کو معرفت خدا کے جام سے سیراب کیا گیا ۔ مسلمانوں کو ملتِ واحدہ کی مالا میں مستحکم کیا گیا ۔آمد مصطفےٰ ۖ پر جشن و عید منانا پوری انسانیت پر ضروری ہے ۔ان خیالات کا اظہارصوبائی امیر عالمی تنظیم اہلسنت پنجاب و قائد تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے جامع مسجد جندڑ کلاں میں سالانہ جشن میلاد مصطفےٰ ۖکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس کی صدارت پیر سید انتصار الحسن شاہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ غوثِ یگانہ چھالے شریف نے فرمائی جبکہ پیر سید عمر علی شاہ اور حضرت پیر قاضی محمود احمد قادری سجادہ نشین آستانہ عالیہ اعوان شریف مہمانان خصوصی تھے ۔علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے کہا آمد رسول ۖ پر اظہار مسرت و خوشی فطری تقاضا ہے ۔ساری کائنات کی نعمتیں حضور ۖ کے میلاد کے صدقے ہمیں میسر آئیں۔

رحمت عالم ۖ کی ولادت سے زمین ،فضا ،انسانی فکر اور معاشرتی تہذیب و تمدن کو پاکیزگی نصیب ہوئی ۔انہوں نے کہا میلاد النبی ۖ سے معاشرہ امن کا گہوارہ بنا ۔آج بھی دہشت گردی سے نجات کے لئے میلاد والے آقا ۖ کی تعلیمات کا نفاذ ضروری ہے ۔محفل میلاد مصطفےٰ ۖ کے انعقاد سے شرک کا رد ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا حکومت پاکستان نے تمام پارلیمانی پارٹیوں کی مشاورت سے ملک میں فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ کر کے دور اندیشی کا ثبوت دیا ہے ۔پوری قوم آپریشن ضرب عضب کی تکمیل اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پاک فوج کیلئے دعا گو ہے ۔اس موقعہ پر،ماسٹر زاہد اقبال، صاحبزادہ عبد المصطفےٰ منہاس، حافظ محمد نعیم رضوی، محمد یعقوب اویسی ایڈووکیٹ ، علامہ حافظ محمد لقمان اویسی ،حافظ عبد الرزاق سمیت دیگر علماء کرام اور نعت خوانان نے خطاب و ہدیہ نعت پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ’ ڈی پی او رائے اعجاز احمد نے کہا ہے کہ عید میلادالنبیۖ کے جلوسوں کے شرکاء کو بھر پور سیکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ اس مقصد کیلئے جامع سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرایم این اے چوہدری عابد رضا، ایم پی اے حاجی عمران ظفر،چوہدری مبشر حسین ، سابق ایم این اے ملک جمیل اعوان ، ڈی او سی شجاع قطب بھٹی ، صدر انجمن تاجران جاوید بٹ ، صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی ، چوہدری منظور حسین وڑائچ ، صدر پریس کلب وسیم اشرف بٹ ، طفیل میر ، خادم علی خادم و دیگر بھی موجود تھے ۔اجلاس میں شہدائے پشاور کے درجات کی بلندی اور ملک میں امن کیلئے خصوصی دعا کروائی گئی ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے اور صورتحال سیکورٹی کے خصوصی اقدامات کا تقاضا کرتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جلوس میں شامل ہونے والے افراد ان کی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی مناسب چیکنگ یقینی بنائی جائے اس مقصد کیلئے جلوس کے منتظمین انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔ ڈی پی او رائے اعجاز احمد نے کہا ہے کہ عید میلاد النبیۖ کے موقع پر صرف روایتی جلوس برآمد ہونگے اور جلوسوں کے منتظمین کو اس مقصد کیلئے باقاعدہ درخواست دینا ہو گی اور کوئی نیا جلوس برآمد کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ شر پسند عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے منتظمین کو جلوسوں کے گرد و پیش کڑی نظر رکھنا ہو گی ۔ سبلیں اور نیاز کا اہتمام کرنے والوں کے بارے میں انتظامیہ اور پولیس کو آگاہ کر کے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ لوڈ سپیکر کا غلط استعمال اور اشتعال انگیز تقاریر پر سختی سے پابندی یقینی بنائی جائیگی اوریقینی بنانا ہوگا تمام جلوسوںکو مقررہ وقت میں اپنی منزل پر پہنچ کر ختم ہوں۔ ایم این اے چوہدری عابد رضا ، ایم پی اے حاجی عمران ظفر ، ملک جمیل اعوان ، چوہدری مبشر حسین نے سانحہ پشاور کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ عید میلاد النبی ۖ کے جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے ہر فرد کو خود کو پولیس اور فوج کا سپاہی سمجھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے شہری حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اپنے گرد و پیش کڑی نظر رکھی جائے تا کہ کسی دہشت گرد کو ملک دشمن سرگرمیاں کرنے کا موقع نہ مل سکے ۔ انہوںنے کہا کہ قانون کی عملداری حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔ اس مقصد کیلئے جلوسوں کے منتظمین انتظامیہ اورپولیس سے بھر پور تعاون کرینگے۔صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی ، چوہدری منظور حسین وڑائچ ، سید شفاء اللہ شاہ اور صدر انجمن تاجران جاوید بٹ نے انتظامیہ اور پولیس کو یقین دلایا کہ عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے بھرپور تعاون کیا جائیگا ۔ گجرات ایک پر امن ضلع ہے اور کسی شر پسند کو اس کا امن و امان تباہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ جبکہ آخر میں صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی نے ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی راہنما ڈاکٹر رخسانہ جبیں آج بروز اتوار میانہ چک کے مقامی سکول میں مقصد زندگی اور ٹیچر سٹوڈنٹ لرننگ پراسس کے موضوع پہ خصوصی خطاب کریں گی۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین کھاریاں کی ترجمان زینب عزیزالرحمان مجاہد کے مطابق اس پروگرام میں علاقہ بھر سے خواتین اور طالبات کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔پروگرام کا آغاز صبح 10بجے قلم سکول برائے خواتین میانہ چک میں ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)شمسہ ویلفیئر فائونڈیشن گلیانہ کے جنرل سیکرٹری چوہدری مصدق عزیز نے کہا کہ ہماری زندگی کا مقصد غریبوں اور بے سہارا انسانیت کی بے لوث خدمت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شمسہ فری ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گلیانہ کے وزٹ پہ آنے والے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا انہوں نے کہا کہ شمسہ ویلفیئر فائونڈیشن گلیانہ ہی نہیں علاقے بھر کی بے سہارا اور محتاج خواتین اور بچیوں کی بہبود کے لئے ایک عظیم پراجیکٹ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ کا بہت جلد افتتاح کیا جائے گا جس میں علاقے بھر سے سماجی، تعلیمی ،کاروباری اور سرکا ری شخصیات سمیت علاقے لی عوام کی بھاری تعداد شرکت کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)سربراہ عالمی تنظیم اہلسنّت پیرمحمدافضل قادری،سربراہ تحریک صراط مستقیم ڈاکٹراشرف آصف جلالی،چیئرمین سُنی اتحادکونسل صاحبزادہ حامدرضا،جماعت اہلسنّت پاکستان کے امیرپیرمظہرسعیدکاظمی،ناظم اعلیٰ مرکزی جماعت اہلسنّت پیرسیدعرفان شاہ مشہدی،سربراہ اہلسنّت وجماعت پاکستان مفتی عابدمبارک،جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنماشاہ محمداویس نوارنی، چیئرمین نعیمین ایسوسی ایشن ڈاکٹرراغب حسین نعیمی، چیئرمین سُنی علماء بورڈعلامہ غفران محمودسیالوی، سربراہ تحریک فدایان ختم نبوتۖ علامہ خادم حسین رضوی،امیر جماعت رضائے مصطفی صاحبزادہ پیرمحمددائود رضوی سمیت مختلف مذہبی وسیاسی رہنمائوں نے گزشتہ شب کراچی میںشہیدہونیوالے سُنی تحریک کے ٹائون انچارج عبدالقادرشاہ کی ٹارگٹ کلنگ کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ربیع الاوّل کے آغازمیں اہلسنّت کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کی جارہی ہے لیکن ہم میلادمنانے نے بازنہیں آئیں گے۔شہرقائد میں سنی تحریک سمیت تمام اہلسنّت کے کارکنوں کو کسی بھی قسم کا تحفظ حاصل نہیں ہے۔ حکومت اچھی طرح جانتی ہے کہ ٹارگٹ کلنگ میںکون سے ہاتھ ملوث ہیں لیکن اس کے باوجود مصلحت پسندی سے کام لیاجارہاہے۔ حکومت عیدمیلادالنبیۖ کے جلسے جلوسوں کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرے۔ سُنی تحریک کے ٹائون انچارج عبدالقادرشاہ کے قاتلوں کو فوری گرفتارکیاجائے ۔چیف جسٹس آف پاکستان کراچی میں قتل و غارت گری کے واقعات پرصرف نوٹس سے ہی کام نہ چلائیں بلکہ دہشتگردوں کے خلاف عملی کاروائی کاحکم دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی ) صاحبزادہ حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی کی والد ہ محترمہ کی سالانہ برسی عقیدت و احترام سے 31دسمبر کو منائی جائے گی ‘ جامع مسجد نظامی بلال ٹائون بادشاہی روڈ گجرات میں محفل منعقد ہوگی ‘ جس میں ممتاز علماء و مشائخ عظائم خواں شریک ہوں گے ‘ اور محترمہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی ) جشن آمد مصطفی ۖ ‘ ربیع الاول کی بابرکت سعادتوں میں عظیم الشان موٹرسائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ جس کی قیادت نوجوان عالم دین صاحبزادہ پیر سید حسن محمود شاہ گجراتی اور ناظم اعلیٰ بزم غلامان گھمکول شریف چوہدری افتخار ملہی نے کی ۔ تفصیلات کے مطابق ربیع الاول کے سلسلہ میں بعداز نماز جمعتہ المبارک جامع مسجد شہنشاہ ولایت سے عظیم الشان میلاد مصطفیۖ موٹرسائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں اہل سنت کی تمام تنظیموں کے راہنمائوں اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ ریلی کی قیادت پیر سید حسن محمود شاہ گجراتی اور چوہدری افتخار احمد ملہی نے کی ریلی چوک شہنشاہ ولایت ‘ کابلی گیٹ ‘ شاہ حسین چوک ‘ میلاد چوک ‘ شاہ فیصل گیٹ ‘ چوک نوابصاحب ‘ سرکلر روڈ ‘ شاہدولہ چوک ‘ مچھلی چوک’ پرانا جلالپوری اڈا ‘ چوک پاکستان ‘ خواجگان روڈ سے ہوتی ہوئی واپس جامع شہنشاہ ولایت میں اختتام پذیر ہوئی ‘ جہاں پر ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی نے خصوصی خطاب کیا۔ اور دعا کی ۔ اس موقع پر خلفاء صالح محمد ڈھل ‘ مدثر اقبال لالہ موسیٰ ‘ چوہدری عبدالرحمان وینس ہوٹل ‘ محمد نعیم نقشبندی ‘ محمد سجاد دولت نگر ‘ چوہدری محمد اکرم نتھو کوٹ ‘ راجہ پرویز ‘ چوہدری ندیم سیال ‘ چوہدری وحید انجم ‘ ماسٹر انصر اقبال ‘ حاجی امجد رشید ‘ صوفی محمد اشرف سرائے عالمگیر ‘ غلام عباس گلیانہ ‘ ڈاکٹر طارق ‘ محمد یوسف ‘ صوفی عامر نقشبندی ‘ محمد جمشید ‘ محمد شاہجہاں ‘ عاشق پڈانا ‘ صوفی اصغر کوٹلہ ‘ چوہدری شعیب نواز لالہ چک ‘ چوہدری اویس سانتل مہناس ‘ فیصل صراف ‘ چوہدری ضیاء اللہ ‘ ریاض گھمکولی ‘ ملک جاوید اختر اعوان ‘ یاسر بٹ ‘ عثمان طیب ‘ صاحبزادہ فاروق نقشبندی ‘ صدر لبیک یا رسول اللہ ۖ عمر شریف قادری و دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر گجرات پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے ۔ تاکہ ناخوش گوار واقع پیش نہ آئے ۔ ٹی ایم اے کی طرف سے کسی قسم کی صفائی کے انتظامات نہ تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی ) 22سویں نیشنل تن شن کان کراٹے چیمپئن شپ گورنمنٹ ماڈل مڈل سکول کچہری روڈ گجرات میں شروع ہو گئے ۔ جس کا افتتاح حاجی ناصر محمود اور ڈاکٹر شکیل سرور نے کیا ۔ اس موقع پر اہم شخصیات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ چیمپئن شپ تین دن جاری رہے گی ۔ جس میں ملک بھر سے ٹیمیں شریک ہیں ۔ ضلعی انتظامیہ نے خصوصی حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔
۔۔۔۔
63روزہ مدنی تربیتی کورس 17جنوری سے شروع ہونگے ،دعوت اسلامی
گجرات(جی پی آئی)تبلیغ قرآن سنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی کے ترجمان نے کہا ہے کہ دعوت اسلامی کی مجلس کورسزز کے تحت 63روزہ مدنی تربیتی کورس کا آغاز 17جنوری 2015ء کو ہوگا۔جس میں عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی ، فیضان مدینہ آفندی ٹائون حیدر آباد ،فیضان مدینہ سکھر ،فیضان مدینہ خانپور ،فیضان مدینہ مدینة الاولیا ملتان ،فیضان مدینہ فیصل آباد،فیضان مدینہ سرگودھا،فیضان مدینہ جوہر ٹائون لاہور ،فیضان مدینہ گجرانوالہ ،،فیضان مدینہ G-11اسلام آباد،فیضان مدینہ میر پور کشمیر ،فیضان مدینہ مانسہرہ ،ٹھٹھہ باب الاسلام سندھ شامل ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان کے اسلامی بھائی بھی عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں کورس کرینگے ۔داخلے کے خواہشمند اسلامی بھائی اپنے اپنے مدنی مراکز میں قائم مدنی تربیت گاہوں پرکوائف کے ہمراہ تشریف لائیں۔
۔۔۔۔۔۔
مدرسہ کے طلبہ کو تخریب کار کہہ کر بلانا درست نہیں: چودھری شجاعت حسین
گجرات(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جب میں وزیرداخلہ تھا تو ہم نے ایک ماہ کے اندر پاکستان کی حدود میں تمام مدرسوں کے حوالے سے رپورٹ تیار کر لی تھی جس کے مطابق ایسا کوئی مدرسہ نہیں تھا جو بچوں کو تخریب کاری کی تربیت دیتا ہو، طالب علم کا اصل مطلب تعلیم حاصل کرنے والا ہے تخریب کاری کرنے والے طالب علم نہیں ہو سکتا۔ چودھری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے مدارس میں تعلیم دینے کیلئے ایک سکیم شروع کی تھی جس کے مطابق قرآن و دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ مدرسہ میں جدید کمپیوٹر کی تعلیم سے بھی بچوں کو آراستہ کرنا مقصود تھا تاکہ مدرسوں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے اسلامی تعلیمات کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم بھی حاصل کر سکیں لہٰذا دینی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو تنگ نہیں کرنا چاہئے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مدرسہ کے طالب علموں کو تخریب کار کہہ کر بلانا یا انہیں تخریب کاری کا نام دینا درست نہیں۔

مدنی انعامات ومدنی قافلہ کورس کا آغاز 17جنوری سے ہوگا،دعوت اسلامی
گجرات(جی پی آئی)تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی کے ترجمان نے کہا ہے کہ دعوت اسلامی کی مجلس مدنی کورسز کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں مورخہ 17جنوری بروز ہفتہ 2015ء سے ذمہ دار اسلامی بھائیوں کیلئے 41روزہ مدنی انعامات ومدنی قافلہ کورس کا آغاز ہورہا ہے ۔اس سلسلے میں داخلے کے خواہشمند اسلامی بھائی عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں مدنی تربیت گاہ پر رابطہ فرمائیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)جماعت اہلسنت و دعوت اسلامی کنجاہ کی زیر سرپرستی انجمن رضائے مصطفے ۖ کنجاہ کے زیر اہتمام 14ویں سالانہ محفل میلاد مصطفے ۖ آج مورخہ28دسمبر بروز اتوار جامع مسجد رضائے مصطفے ۖ میں منعقد ہوگی۔ جس کی صدارت پیر سید احمد حسین شاہ کریں گے جبکہ خصوصی خطاب مبلغ یورپ حضرت علامہ مولانا مفتی شاہد رضا عطاری (لاہور)کریں گے ۔ اس محفل پاک میں حضرت علامہ مولانا مفتی مزمل حسین عطاری المدنی کی خصوصی آمد ہوگی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)جماعت اسلامی کنجاہ کے زیر اہتمام سیلاب متاثرین امداد کی تقسیم کے سلسلہ میں آج مورخہ 28دسمبر کو غزالی ماڈل سکول کنجاہ میں جماعت اسلامی کے ضلعی رہنما ڈاکٹر طارق سلیم اور چوہدری انصر دھول ایڈووکیٹ کنجاہ آئیں گے اور متاثرین میں امداد تقسیم کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)کنجاہ پریس کلب کے ہنگامی تعزیتی اجلاس میں گجرات کے صحافی ملک شفقت اعوان کی والدہ محترمہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی گئی ۔ کنجاہ پریس کلب کے صدر عبدالرحمن مرزا کی زیر صدارت اجلاس میں مرحومہ کے ایصال کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے اﷲ تعالیٰ سے دعاکی گئی کہ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اجلاس میں حاجی محمد صدیق بٹ ، یاورعباس ، شہبازسرور بٹ ، احسان فیصل کنجاہی ، سجاد احمد ، حاجی محمد اقبال ، محمد اشرف بزمی ، شیخ محمد ادریس اور دیگر اراکین نے بھر پور شرکت کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے کہا ہے کہ ترقی کے عمل کو پائیدار بنانے کے لئے اس میںکمیونٹی کی شرکت ضروری ہے ، سیالکوٹ کی طرح گجرات کی بزنس کمیونٹی اپنے ضلع کی ترقی کے لئے میگا پراجیکٹس تشکیل دے ۔ گجرات کی ترقی اور صفائی کا بہتر نظام دیکھ کر خوشی ہوئی شہریوں کی فلاح و بہبو د کے لئے بہتراقدامات پر ضلعی انتظامیہ خراج تحسین کی مستحق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گجرات جمخانہ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر گوجرانوالہ شمائل احمد خواجہ، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ، ڈی پی او رائے اعجاز احمد، ارکان اسمبلی نواب زادہ مظہر علی خاں، چوہدری عابد رضا، میاں طارق محمود، حاجی عمران ظفر، میجر (ر) معین نواز، نواب زادہ حیدر مہدی، چوہدری اشرف دیونہ ،چوہدری مبشر حسین، ایس او سیٹلمنٹ الیاس گل، اے ڈی سی فاروق رشید سندھو، ڈی او سی شجاع قطب بھٹی، اسسٹنٹ کمشنرز میاں اقبال مظہر، شعیب نسوانہ، وقار حسین خاں،ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز حیدر خان،ڈی ایچ او ڈاکٹر عابد غوری مسلم لیگ ن کے راہنما نوابزادہ طاہر الملک، چوہدری رضا علی وڑائچ، چوہدری ظہور الہی، صدر انجمن تاجراں جاوید بٹ، چوہدری اشرف ریحانیہ، سابق صدر چیمبر عدنان مکی، صاحبزادہ سعید احمد شاہ گجراتی، چوہدری اعجاز شاہدولہ ٹائون اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ڈی سی ا وگجرات لیاقت علی چٹھہ نے بریفنگ دیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کو بتایا کہ منصوبہ پر ساڑھے تین کروڑ روپے لاگت آئے گی جس کے لئے فنڈز گجرات کی بزنس کمیونٹی فراہم کر رہی ہے اور یہ پراجیکٹ چار ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا ۔ انہوںنے بتایا کہ گجرات جمخانہ میں جم ہال، ایکسرسائز ہال، ٹیبل ٹینس روم، سکواش کورٹ، کارڈ روم، سنوکر روم، کیفے ٹیریا اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے منصوبہ کی افادیت اور اس میں کمیونٹی کی شرکت کو سراہا اور انتظامیہ پر زور دیا کہ ضلع میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لئے انڈور اور آوٹ ڈور سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ تما م معاملات حکومت پر چھوڑنا درست نہیں دنیا میں صر ف و ہیں ترقی ہوئی جہاں کمیونٹی نے حکومت کا ساتھ دیاچنانچہ ترقی کے سفر میں معاشرے کو بھی اپنا کردار ادا کرناہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات اور سیالکوٹ کے شہروں میں ترقی کے لئے کمیونٹی کی شرکت کے صحت مند مقابلہ کو فروغ دیا جا سکتا ہے جس طرح اہل سیالکوٹ نے اپنی شہر کی حالت کو بہتر بنایا اور اپنا ائیر پورٹ تک بنا لیا اسی طرح گجرات کی بزنس کمیونٹی بھی بڑے پراجیکٹس تشکیل دے۔ چیف سیکرٹری نے گجرات کی تعمیر و ترقی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی ، معیاری سٹرکیں اور صفائی کا بہتر نظام انکی توقعات سے بڑھ کر ہے جس پر انہوںنے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ اور انکی ٹیم کو شاباش دی اور شہر کی بہتری کے لئے اقدامات میں عملی شرکت اور دل کھول کر اخراجات پر گجرات کی بزنس کمیونٹی کو بھی زبردست سراہا ۔اس سے قبل ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے گجرات کی تعمیر ترقی میں دلچسپی لینے پر چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب نے ضلع میں دریائے چناب پر شہباز پور پل، شہباز شریف پارک،شاہین چوک فلائی اوورسمیت میگا پراجیکٹس کی منظوری دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے تعاون سے باب گجرات کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے اس کے ساتھ دیوار گجرات بنائی جا رہی ہے جس پر نشان حیدر پانے والے قومی ہیروز کے پورٹریٹ نصب کئے جائیں گے ، ممتاز سماجی شخصیت ڈاکٹر سرور تین کروڑ روپے لاگت سے عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں برن یونٹ بنارہے ہیں جبکہ ہلال احمر کے زیر اہتمام ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے جبکہ چوہدری اشرف ریحانیہ ایک کروڑ روپے سے خصوصی بچوں کی تعلیم کے لئے کمپلکس بنا رہے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ گجرات کی بزنس کمیونٹی کے تعاون سے جی ٹی روڈ پر گرین بیلٹ اور میڈین تعمیر کئے گئے ہیں جن کی وجہ سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)کنجاہ لائنز کلب انٹرنیشنل کے زیر اہتمام فاضل ہسپتال کنجاہ میں ڈاکٹر محمد عارف مسعود کی زیر نگرانی ماہانہ فری میگا میڈیکل کیمپ کا انعقاد 27دسمبر کو کیا گیا ۔ جس میں شوگر، کولیسٹرول ، B.M.D(ہڈیوں کا ٹیسٹ )، Biophysiometer(ہاتھ اور پائوں کے سُن ہونے کا ٹیسٹ ، H.B.AIC پچھلے تین ماہ میں شوگر کا کنٹرول ، Micro Albumen in Uriae (گردوں کے متعلق) جیسی بیماریوں کے فری ٹیسٹ کیے گئے ۔ فری کنسلٹیشن فراہم کی گئی اور مستحق مریضوں کو ادویات بھی فری فراہم کی گئیں ۔ انچارج فاضل ہسپتال کنجاہ ڈاکٹر محمد عارف مسعود نے صحافیوں کو بتایا کہ شوگر ، بلڈ پریشر اورہڈیوں کی کمزوری کے بڑھتے ہوئے امراض کے پیش نظر غریب مریض مہنگے ٹیسٹ کروانے اور سپیشلسٹ ڈاکٹرز کو دکھانے سے قاصر ہیں ایسے نادار ، غریب اور متوسط طبقے سے مریضوں کے لیے نادر موقع ہے انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ کیمپ ہر ماہ کی 27تاریخ کو منعقد کیا جاتا ہے جس سے کوئی 150کے قریب لوگ مستفید ہوتے ہیں ۔ اس موقع پر کنجاہ لائنز کلب کے اراکین حاجی محمد یونس عطاری ، یاورعباس ، شیخ انیس کفایت، محمد یونس زاہد، محمد اصغر گوندل ، محمد جمیل محمدی ، شیخ چاند سمیت دیگر اراکین بھی کیمپ میں موجود تھے۔