گجرات : اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کا ازالہ اور مسائل کا خاتمہ ترجیحات ہیں۔ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا قیام جس مقصد کیلئے عمل میں لایا گیا اس سے اپنے اوورسیز بھائیوں کو ریلیف پہنچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرتے ہوئے انہیں مایوس نہیں کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن چوہدری شبیر احمد کوٹلہ نے سرکٹ ہاؤس گجرات میں سائلین کے مسائل سننے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سائلین کی طرف سے موصول ہونیوالی شکایات پراپرٹی سے متعلقہ تھیں جن کی بذریعہ ریونیو افسران چھان بین کی گئی اور شکایات کنندگان کو بھی بلا کر انکا موقف تفصیل سے بھی سنا گیا ۔ اس موقع پر ضلعی ممبر او پی سی شکیل احمد ذکاء ‘ ملک محمد الیاس آف چوہر پور ‘ علی حسن و دیگر بھی موجود تھے۔
چوہدری شبیر احمد کوٹلہ نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی وطن عزیز کا قیمتی سرمایہ ہے جو ملک کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں انکی شکایات کا ازالہ اور مسائل کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں بھر پور دلچسپی لے رہے ہیں۔