جنوبی پنجاب میں کپاس اگانے والوں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے: چودھری پرویزالٰہی گجرات (جی پی آئی )پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے اس بات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے کہ پاکستان کیلئے قیمتی زرمبادلہ کمانے والے پھٹی کے کاشتکاروں اور زمینداروں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے جس سے باالخصوص جنوبی پنجاب کے کسان بہت پریشان ہیں۔ وہ قومی اسمبلی کے رکن طارق بشیر چیمہ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے کپاس کے کاشتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی خریداری کا ذمہ دار سرکاری ادارہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان مختلف حیلوں بہانوں سے کسانوں اور فیکٹری مالکان کو تنگ کر رہا ہے، خوامخواہ اعتراض لگا کر خریداری نہیں کی جاتی جس کے باعث کسان بدترین مالی بحران کا شکار ہے کیونکہ کپاس اگانے پر وہ سخت محنت کے ساتھ ساتھ قرضے لے کر کھاد اور ادویات کے استعمال کے علاوہ مہنگی بجلی اور ڈیزل استعمال کر کے آبپاشی کرتا ہے لیکن اسے اپنی تمام محنت اور سرمایہ کاری ضائع ہوتی نظر آ رہی ہے اور اس کیلئے قرضوں کی ادائیگی بھی مشکل ہو جائے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکمران کپاس کے کاشتکاروں اور جنرز کی شکایت پر کان نہیں دھر رہے جس سے وہ سخت مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ویژن تھا کہ کسان خوشحال تو پنجاب اور پاکستان خوشحال ہو گا اور یہ ایک حقیقت بھی ہے لیکن ن لیگ کے حکمرانوں کو اس امر کا کوئی احساس نہیں، ہمارے دور کی طرح کسانوں کے مسائل حل کرنے اور ان کی پیداوار کی مقررہ قیمتوں پر خریداری کو یقینی بنانے کی بجائے وہ ان کیلئے مشکلات و مسائل میں اضافہ کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہمارے دور کا مطمئن کسان آج مایوس اور پریشان حال ہے۔ ۔۔۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے وعدہ کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 71متاثرین کو سیلاب کے دوران ہلاک
گجرت (جی پی آئی )وزیراعلیٰ پنجاب کے وعدہ کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 71متاثرین کو سیلاب کے دوران ہلاک ہونے والے 111مویشیوں کے بدلے میںشفاف قرعہ اندازی کے ذریعے 222مویشی فراہم کر دئیے گئے ہیں ۔ اس سلسلہ میں خصوصی تقریب ظہور الٰہی اسٹیڈیم گجرات میں منعقد ہوئی ۔ جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی منشاء اللہ بٹ ، ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ اور ایم این اے نوابزادہ مظہر علی خاں تھے ، جبکہ اے ڈی سی فاروق رشید سندھو ، ڈی او سی شجاع قطب بھٹی ، ایم پی اے نوابزادہ حیدر مہندی ، ایم پی اے چوہدری اشرف دیونہ ،سابق ایم این اے ملک جمیل اعوان ، سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود ، چوہدری رضا علی وڑائچ ، ڈائریکٹر لائیو سٹاک گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر غلام محمد گل ، اے سی میاں اقبال مظہر ، اے سی سٹیلمنٹ وقار خاں ، صدر انجمن تاجران جاوید بٹ ، چوہدری ظہور الٰہی ، یاسر گوندل اور دیگر معززین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ حالیہ سیلاب بہت بڑی قدرتی آفت تھی تو ساتھ ہی وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے بھی بہت بڑھ چڑھ کر متاثرین سیلاب کی مدد کی ۔انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب اور انتظامیہ نے نہ صرف انسانوںکی مدد کی بلکہ جانوروں کی اہمیت کا احساس کرتے ہوئے ان کیلئے بھی خوراک کا انتظام کیا ۔منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ حکومت نے املاک اور فصلوں کے نقصانات کے ازالہ کے ساتھ سیلاب میں ہلاک ہونے والے مویشیوں کے بدلے میں مویشی پال حضرات کو ان کے ایک بڑے جانور کے بدلے دو چھوٹے جانور دئیے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے وسائل پر سب سے زیادہ حق پاکستان کے عوام کا ہے جو حکومت پاکستان فراخ دلی سے ان پر نچھاور کر رہی ہے اور یہ تمام عمل انتہائی باوقار طریقہ سے انجام دیا جا رہا ہے ۔ منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ عوام نے جن توقعات کے ساتھ مسلم لیگ ن کو ووٹ دئیے تھے ، وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ان کی امنگوں پر پورا اتر نے کی پوری کوشش کر رہے ہیں اور حکومت امن و امان کے قیام ، بے روزگاری اور غربت کے خاتمہ کے اہداف ضرور حاصل کر کے رہے گی ۔ انہوںنے سیلاب کے دوران ریسکیو ریلیف اور بحالی کے عمل کو بااحسن طریقہ سے مکمل کرنے پر ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ اور ان کی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے دوران ضلع گجرات کے 93دیہات زیر آب آئے تھے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے دورہ کے موقع پر ان دیہاتوں کے معززین کے وفد نے وزیراعلیٰ کو بتایا تھا کہ سیلاب میں جہاں ان کی املاک اور فصلوںکو نقصان پہنچا وہیں ان کے مویشی بھی بڑی تعداد میں ہلاک ہوئے ہیں جس پر انہوںنے ان کے نقصان کے ازالہ کا اعلان کیا تھا اور آج اس وعدے کو پایہ تکمیل تک پہنچا دیا گیا ہے انہوںنے بتایا کہ 71افراد کے ملکیتی 111مویشی سیلاب میں ہلاک ہوئے تھے جن کے بدلے میں ہر فرد کو ایک بڑے جانور کے بدلے دو چھوٹے جانور دے دئیے گئے ہیں اور یہ تمام عمل قرعہ اندازی کے ذریعہ شفاف طریقہ سے مکمل کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ متاثرین کو فراہم کیے جانے والے جانور کم از کم 150کلو گرام وزنی ہیں اور حکومت تین سال تک ان جانوروں کا ضرورت پڑنے پر علاج کی فری سہولت فراہم کرے گی ۔ایم این اے نوابزادہ مظہر علی خاںنے کہا کہ موجودہ حکومت پہلی گورنمنٹ ہے جس نے متاثرین کی بحالی کیلئے اتنی محنت کی ہے ۔وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب نہ صرف متاثرین کے دکھ اور مصیبت پر غم کا اظہار کیا بلکہ ان کے دکھوں کے مداواہ کیلئے عملی اقدامات کیے ۔ انہوںنے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کی بات کرنے والوں کو متاثرین سے ہمدردی کااظہار کرنے کی بھی توفیق نہیں ہوئی اور وہ ہوس اقتدار میں اندھے سڑکوں پر ناچ گانا کر رہے ہیں ۔ چوہدری رضا علی وڑائچ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کیے ہیں ۔ جبکہ ماضی میں گجرات کے نام پر سیاست کرنے والوں نے سیلاب زدگان کا حال تک نہیں پوچھا ۔ اس سے قبل ڈائریکٹر لائیو سٹاک گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر غلام محمد گل نے بتایا کہ ضلع گجرات میں لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ نے سیلاب سے متاثرہ دیہات میں جانوروں کیلئے 93ہزار 400کلو گرام ونڈا تقسیم کیا ۔ 90ہزار جانوروں کی ویکسینیشن کی اور 32ہزار جانوروں کا علاج کیا ۔ انہوںنے بتایا کہ متاثرین کو فراہم کیے جانے والے جانور لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے ڈیری فارمز سے لائے گئے ہیں ۔ ۔۔۔ ظہور الٰہی اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب کے دوران سیلاب کے میں ہلاک ہونے والے جانوروں کے بدلے جانور حاصل کرنے والے
گجرت (جی پی آئی )ظہور الٰہی اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب کے دوران سیلاب کے میں ہلاک ہونے والے جانوروں کے بدلے جانور حاصل کرنے والے مویشی پال حضرات خادم حسین ، محمد وقاص ، اللہ دتہ و دیگر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے وعدہ کے مطابق جانوروں کی فراہمی پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ ، ایم این اے نوابزادہ مظہر علی خاں اور مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ تقریب کے موقع میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان افراد کا کہنا تھا کہ سیلاب کے دوران مویشیوں کی ہلاکت سے انہیں زبردست مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور باظاہر ان کیلئے اس نقصان کا ازالہ ناممکن تھا تا ہم وزیراعلیٰ پنجاب نے انہیں ایک بڑے جانور کے بدلے میں دو ، دو جانور فراہم کر دئیے ہیں اور یہ مویشی جلد ہلاک ہونے والے جانوروں کی جگہ حاصل کر کے ان کیلئے آمدنی کا ذریعہ بن جائیں گے ۔ انہوں نے شفاف طریقہ اور باعزت طریقہ سے فصلوں ، املاک اور مویشیوں کے نقصانات کے ازالہ کیلئے عملی اقدامات پر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ ۔۔۔۔ کالاباغ ڈیم کی مخالفت سامراجی سازش ہے، نابینائوں پر تشدد شہبازشریف کے حکم پر ہوا: وکلاء کنونشن گجرات (جی پی آئی )پاکستان مسلم لیگ لائیرز ونگ پنجاب کے زیراہتمام وکلاء کنونشن نے کالاباغ ڈیم کی مخالفت کو سامراجی سازش قرار دیتے ہوئے اس کی فوری تعمیر کا مطالبہ اور لاہور میں بصارت سے محروم افراد پر لاٹھی چارج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم و تشدد کا یہ واقعہ بھی وزیراعلیٰ شہبازشریف کے براہِ راست حکم پر ہوا، عدالت عظمیٰ اس واقعہ کا فوری نوٹس لے۔ یہاں مسلم لیگ ہائوس میں لائیرز ونگ کے صوبائی صدر عالمگیر ایڈووکیٹ کی زیر صدارت منعقدہ کنونشن میں متفقہ طور پر منظور کر دہ قراردادوں میں کہا گیا کہ وکلاء یہ سمجھنے میں حق بجانب ہیں کہ نوازشریف حکومت جان بوجھ کر کالاباغ ڈیم کے عظیم الشان منصوبے کو التواء میں رکھ کر دوغلے پن کا مظاہرہ اور اسے سیاسی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کر رہی ہے، بجلی و پانی کی قلت کو دور کرنے اور آئندہ نسلوں کو اس بحران سے بچانے کیلئے کالاباغ ڈیم بنانا انتہائی ضروری ہے، تمام صوبوں کو ذاتی انا کی بجائے قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس منصوبہ کی تکمیل کیلئے مثبت کردار ادا کرنا ہو گا، اس ڈیم کے مخالفین توانائی کے موجودہ بحران کے ذمہ دار ہیں، یہ منصوبہ مکمل نہ کیا گیا تو مستقبل میں ملک توانائی کے اس سے بھی شدید بحران کے باعث قحط سالی کی لپیٹ میں آ سکتا ہے جس کے اثرات سے ہمارا کوئی بھی صوبہ محفوظ نہیں رہے گا اور اس بحران کے ذمہ داروں کو قوم اور تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی، پاکستان کو تباہ کرنے کیلئے یہ سب سے بڑی سازش سامراجی قوتوں کے اشارے پر کی جا رہی ہے تاکہ ملک معاشی، زرعی، صنعتی اور توانائی کے شعبوں میں دست نگر اور غلام رہے اور توانائی کے شعبے میں خودکفیل نہ ہو سکے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ جب تک پاکستان مسلم لیگ کا ایک کارکن بھی زندہ ہے اسے سامراجی سازش کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا رہے گا اور موجودہ حکمرانوں کی اس ناپاک سازش کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔ پاکستان مسلم لیگ اس منصوبے کی تکمیل اور ملک و قوم کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔ دوسری قرارداد میں کہا گیا کہ نوازشریف حکومت جب بھی ملک پر مسلط ہوتی ہے عوام اور سرکاری ملازمین پر قیامت ٹوٹ پڑتی ہے، نابینا افراد کے پرامن احتجاج پر لاٹھی چارج اور وحشیانہ تشدد سے حکومت کی نام نہاد جمہوریت پسندی اور گڈگورنینس کا بھید کھل گیا ہے، اگر کسی مہذب ملک میں ایسا واقعہ پیش آتا تو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ اپنے عہدے سے فوراً مستعفی ہو جاتے۔ وکلاء عدالت عالیہ اور عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے کا سخت نوٹس لیں کیونکہ اس واقعہ میں وزیراعلیٰ پنجاب براہِ راست ملوث ہیں اور انہی کے حکم پر تشدد کیا گیا، ظلم کی انتہا ہے کہ موجودہ حکومت بینائی سے محروم افراد سے اب بولنے کا حق بھی چھین رہی ہے، ایسا تو پاکستان میں مارشل لاء کے دوران بھی نہیں ہوا، پاکستان مسلم لیگ حکمرانوں کو ایسے واقعات دہرانے کی ہر گز اجازت نہیں دے گی۔ کنونشن میں خطاب اور قراردادیں پیش کرنیوالوں میں جہانگیر اختر جھوجھہ، چودھری عبدالرزاق کمبوہ، محمد یونس عابد، خان کمال بارک اللہ، محمد صدیق خان بلوچ، محمد عثمان خان بلوچ، محمد عمران خان بلوچ، بلال فاروق خان، چودھری بشیر احمد، عبدالسمیع قریشی، چودھری مسعود بھنگو، ملک عمر جان، نوید احمد، ملک زاہد کھوکھر، زاہد عمر، ملک محمد صائم، محمد عمران ادریس، رافع احمد خان، ملک اسرار الٰہی، میاں محمد راشد، محمد اقبال، محمد الیاس جھمٹ اور ظہور آغا شامل تھے۔ ۔۔۔۔ گجرات پریس کلب کے صدروسیم اشرف بٹ نے گجرات پریس کلب کا سالانہ اجلاس عام آج7 دسمبر 2014 ء بروزاتواربوقت 12بجے دن پریس کلب
گجرات(جی پی آئی)گجرات پریس کلب کے صدروسیم اشرف بٹ نے گجرات پریس کلب کا سالانہ اجلاس عام آج7 دسمبر 2014 ء بروزاتواربوقت 12بجے دن پریس کلب میں طلب کر لیا ہے اجلاس میںسالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے گی اور آئندہ سال 2015ء کے انتخاب کیلئے الیکشن کمیٹی کی تشکیل بھی عمل میں لائی جائے گی تمام ممبران پریس کلب سالانہ اجلاس عام میں اپنی بر وقت شرکت یقینی بنائیں ۔۔۔ گجرات پریس کلب کے جنرل سیکرٹری محمود اختر محمود نے کہا ہے کہ ارکان پریس کلب سالانہ اجلاس عام میں اپنے واجبات اور سالانہ گجرات(جی پی آئی)گجرات پریس کلب کے جنرل سیکرٹری محمود اختر محمود نے کہا ہے کہ ارکان پریس کلب سالانہ اجلاس عام میں اپنے واجبات اور سالانہ فیس آفس سیکرٹری طارق نذیر پاشا کے پاس جمع کروا کے وصولی رسید بھی حاصل کرلیں۔