گجرات کی خبریں 09/04/2016

GPI News

GPI News

گجرات (جی پی آئی) ممتاز عالم دین قاری کرامت علی نقشبندی آف پیر خانہ شریف نے کہا ہے کہ ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ جس طرح انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو حقوق نسواں بل کے حوالہ سے اپنے موقف سے آگاہ کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے مجاہد ملت پیر سید محمود شاہ گجراتی کی یاد تازہ کر دی ہے۔ جس طرح وہ ڈَٹ کر باطل کا مقابلہ کرتے تھے اور اسلام کی سربلندی کیلئے انہوں نے گرانقدر قربانیاں دی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج شہنشاہ ولایت کے آستانہ کا نام لوگ بڑے فخر سے لیتے ہیں۔ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی پہلے بھی اپنی خدمات دین اسلام کے فروغ کیلئے سرانجام دے رہے ہیں۔
……………………………
……………………………

گجرات (جی پی آئی) دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کا اعزاز ہونہار طالبعلم طلحہ بٹ نے پاکستان بھر کے تمام POF کالجز کے داخلہ ٹیسٹ میں ٹاپ ٹین پوزیشن حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق ہونہار طالبعلم طلحہ مبشر بٹ نے POF کالج میں داخلہ کیلئے اپلائی کیا اور انہوں نے پاکستان بھر کے 35000 طلبہ میں 7 ویں پوزیشن حاصل کی۔ گزشتہ روز انکے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت ڈائریکٹر دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس شہزاد شفیق شرقپوری نے کی۔ جبکہ ہونہار طالبعلم کے والد مبشر بٹ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس شہزاد شفیق شرقپوری نے کہا کہ یہ بات میرے لئے باعث اعزاز ہے کہ میرے ادارے کے طالبعلم نے پاکستان بھر میں ساتویں پوزیشن حاصل کی۔ جس سے میرا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے اور میں اپنے اساتذہ اور سٹاف کی خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ ہمارا مقصد بہترین طالبعلم بنانا ہے جو کہ پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس نے ہمیشہ معیاری تعلیم کیلئے کام کیا ہے اور ہم اپنے اساتذہ کے ساتھ ملکر بہترین تعلیم و تربیت کیلئے کوشاں رہیں گے۔ بچے کے والد مبشر بٹ نے کہا کہ یہ میرے لئے اعزاز ہے کہ میرا بچہ اس تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کرتا رہا جس میں اس کی بہترین انسان کی صلاحیتیں اجاگر کیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے پاکستان بھر میں مقام پیدا کریں۔ اس سلسلہ میں تمام اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ۔ حافظ محمد طاہر ایڈمنسٹریٹر نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب میں شرکت کی اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔
……………………………
……………………………

گجرات (جی پی آئی) ملک کے ممتاز ہومیو پیتھک ڈاکٹر محمد ارشد سلیم کی صاحبزادی ڈاکٹر جویرہ ارشد گزشتہ روز رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔ ان کی تقریب رخصتی بشیر میرج ہال میں منعقد ہوئی جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مہمانوں کا استقبال ڈاکٹر محمد ارشد سلیم’ ڈاکٹر غلام مصطفی ‘ ڈاکٹر سید طاہر عباس’ چوہدری مدثر پڈا’ ڈاکٹر انجم نور دین’ ڈاکٹر ساجد محمود ‘ ڈاکٹر ثوبان شاہد و دیگر نے کیا۔ اس موقع پر انجینئر فیصل محمود’ محمد لطیف لٹھر’ عثمان سرور ‘ محمد اویس علی’ عبدالرئوف’ رضوان ‘ قاسم بشارت’ حافظ عمر’ علی عبداللہ’ عبدالرحمن ‘ محمد شعیب’ سلیمان’ حسنین’ سمیع اللہ’ عبدالمعید’ حاجی محمد عالم’ پروفیسر محمد رضا حسنین’ محمد سرور ‘ بشیر احمد’ ڈاکٹر شکیل سرور’ ڈاکٹر اظہر اقبال چیمہ’ ڈاکٹر میاں جمیل’ ڈاکٹر حافظ محمد مطیع اللہ’ ڈاکٹر محمد اقبال’ ڈاکٹر محمد فیضان’ چوہدری صدیق پڈا’ و دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
……………………………
……………………………
گجرات (جی پی آئی)سرکاری تعلیمی اداروں میں غیر حاضر طلبہ کے والدین کو آگاہ کرنے کے لئے فوری طور پر ایس ایم ایس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیلی فون پیغام کے ذریعے ہی ان والدین کو بچوں کے اس روز کے ہوم ورک بارے بھی آگا ہ کیا جائے گا ۔یہ فیصلہ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت جامع ہائی سکول میں سرکاری سکولوں کے سربراہان کے اجلاس میں کیا گیا جس میں ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف، ڈی او ایلیمنٹری محمد پرویز، ڈی ڈی او سیکنڈری چوہدری اورنگزیب بھی موجود تھے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق حکومت سکول جانے کی عمر کے سو فیصد بچوں کے داخلے کے لئے پرعزم ہے ، یونیورسل پرائمری ایجوکیشن پروگرام کے تحت ضلع گجرات کے تعلیمی اداروں میں نرسری کلاس میں داخلوں کا ہدف 51ہزار 700ہے جبکہ تمام تعلیمی اداروں کو بھی انکے اہداف دے دیے گئے ہیں ، اس مقصد کے لئے تمام سرکاری سکول اپنے علاقہ جات کا پہلے ہی سروے مکمل کر چکے ہیں ۔ انہوںنے ہدایت کی کہ اہداف کے حصول کے لئے سکول کونسلز کو فعال کیا جائے اور مقامی معززین سے بھی تعاون حاصل کیا جائے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ تمام سرکاری سکولوں کو اپنی ضروریات پوری کرنے کے لئے وافر مقدار میں فنڈز دیے گئے ہیں ادارہ جات کے سربراہان ان فنڈز کا درست اور بروقت استعمال یقینی بنائیں۔ انہوںنے ہدایت کی کہ سکولوںمیں سکیورٹی کے حوالے سے ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے،چھٹی سے دسویں کلاس تک طلبہ کی باقاعدگی سے کمپوٹر کلاسز ہونی چاہیں ، پی ٹی کلاسز کا انعقاد کیا جائے نیز لائبرئری سے مستفید ہونے کے لئے طلبہ کو مواقع فراہم کئے جائیںاسی طرح کمروں میں مناسب لائٹس، پنکھوں ، گرمیوں میں پانی کا انتظام ہونا چاہیے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے واضع کیا کہ سکولوں میں صفائی، ٹائلٹس بلاک کی صورتحال ہر صورت تسلی بخش ہونی چاہیے، وہ خود بھی ان تعلیمی اداروں کا دورہ کرکے اسکا جائزہ لیں گے۔ اس سے قبل ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف نے سربراہان ادارہ جات کو حکومتی ہدایات اور پالیسوں بارے آگاہ کیا۔
……………………………
……………………………
گجرات (جی پی آئی)ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں مریضوںکو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور وسائل فراہم کررہی ہے،ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف حکومتی اقدامات سے عوام کو مستفید کرنے کے لئے اپنی ذمہ داری نبھائیں مریضوں اور انکے لواحقین سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ٹی ایچ کیو، آر ایچ سی اور بنیادی مراکز صحت کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، انچارج ڈاکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر طاہر بشیر، ڈی ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد علی مفتی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں ڈاکٹرز نے اپنے اداروں کی کارکردگی بارے بھی آگاہ کیا اور مسائل سے ڈی سی او کو آگاہ کیا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں تمام بنیادی ادویات وافر مقدارمیں موجود ہونی چاہیں، دستیات طبی آلات کا بہتر استعمال یقینی بنایا جائے اسی طرح ہسپتالوں کے لانز کی خوبصورتی، واش رومز سمیت صفائی کا نظام بہتر بنایا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر کسی ادارے کو مالی وسائل کے حوالے سے مشکلات ہوں تو فوری طور پر مجاز اتھارٹی کو آگا ہ کیا جائے۔ ڈی سی اونے ہدایت کی کہ سرکاری اداروں کے سربراہان اپنے علاقوں کے معززین پر مشتمل فلاحی کمیٹیاں بنائیں ۔
……………………………
……………………………
گجرات (جی پی آئی)شاہین چوک فلائی اوور کی تعمیر کا کام آئندہ ہفتے شروع ہو جائے گا، منصوبے پر 82کروڑ روپے لاگت آئی گی اور اسے 9ماہ میںمکمل کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے شاہین چوک فلائی اوور کی کنٹریکٹر کمپنی “سارکو”کے ڈائریکٹر شیخ شاہد ہمایوں اور جنرل مینجر کرنل (ر) انجم مجید سے میٹنگ کے دوران کیا، ای ڈی او فنانس چوہدر ی اصغربھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمپنی کے نمائندوں نے ڈی سی او کو منصوبہ پر کام کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ شاہین چوک فلائی اوور کا منصوبہ جی ٹی روڈ بائپاس پر ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے حکومت پنجاب کا میگا پراجیکٹ ہے جس کی کل لمبائی 670میٹر ہوگی دونوں اطراف فلائی اوور کی چوڑائی دس دس میٹر ہوگی جبکہ فلائی اوور کے ساتھ سروس روڈ بھی بنائی جائے گی۔ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے سارکو کمپنی کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ جلد سے جلد تمام وسائل کو موبلائز کیا جائے اور اس اہم پراجیکٹ پر کام کا آغاز کیا جائے جبکہ کام کے آغاز شے قبل ٹریفک کو گذارنے کے لئے جامع پلان وضع کیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گجرات کے عوام کے تعاون سے منصوبے کو بروقت مکمل کیا جائے گا جس سے شاہین چوک کے علاقہ میں ٹریفک کے مسائل کا خاتمہ ہو جائے گا۔
……………………………
……………………………
گجرات (جی پی آئی) میٹرنٹی سنٹر گجرات زچہ و بچہ کی صحت اور علاج کے حوالے سے شہر کا معیاری ادارہ بن چکا ہے، سنٹر میں روزانہ 150 کے قریب خواتین چیک اپ اور علاج کے لئے آتی ہیں جنہیں بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر امین شہزاد کوثر نے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایات کے مطابق میٹرنٹی سنٹر میں خواتین کو گائنی سے متعلق چیک اپ اور علاج کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور سنٹر کو ماڈل ادارہ بنانے کے لئے کام کیا جارہا ہے جہاںحاملہ خواتین کے چیک اپ کے لئے ماہر گائناکالوجسٹ تعینات ہیں اس کے ساتھ الٹرا سائونڈ، مختلف ٹیسٹوں اور آپریشن کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ذاتی توجہ اور ممتاز سماجی شخصیت اورنگزیب بٹ کی کوششوں سے مستحق مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے جبکہ ادارے میں مزید سہولیات کی فراہمی کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ ڈاکٹر امین شہزاد کوثر نے خواتین پر زور دیا کہ وہ حمل کے حوالے سے تمام معاملات کے لئے ماہر ڈاکٹرز سے رجوع کریں اس مقصد کے لئے میٹرنٹی سنٹر گجرات میں سہولیات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے جبکہ اپنی اور بچے کی صحت اور زندگی کے لئے غیر تربیت یافتہ دائیوں سے بچا جائے۔