گجرات کی خبریں 20/11/2015

Gujarat

Gujarat

گجرات (جی پی آئی) قرآن بہت اچھی کتاب ہے۔ اور قرآن پاک کو سمجھنے کیلئے بڑی محنت اور وقت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار Norwegian Church Aid (NCA ) کی کنٹری ریپریزینٹیٹو برائے پاکستان ”ہانا مولن” نے ”مسلم ، کرسچن فیڈریشن انٹرنیشنل” کے زیراہتمام موضع ہیل میں انٹر فیتھ ڈائیلاگ سیمینار کے دوران کیا۔ جس میں پاکستان اور ناروے کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ہانا مولن نے کہا کہ میں قرآن پاک کو سمجھنے کیلئے لوگوں کے رویوں پر غور کرتی ہوں۔ کیونکہ کسی بھی مذہب کی صحیح تصویر اس کے پیروکاروں کے رویوں میں نظر آتی ہے۔ بائبل عیسائی مذہب کی کتاب ہے اس کو سمجھنے کیلئے آپ کو بائبل پڑھنے کی ضرورت نہیں بلکہ آپ ناروے کی گلیوں میں چلے جائیں تو آپ کو اس کی صحیح تصویر نظر آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ NCA ایک مذہبی تنظیم ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ تین شعبہ جات پر پاکستان میں کام کر رہی ہے ، صحت’ تعلیم اور مذہبی آہنگی شامل ہیں۔ قدرتی آفات کے دوران متاثرہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی اور صفائی کے انتظامات کے پراجیکٹ کئے جاتے ہیں۔ جبکہ مذہبی ہم آہنگی کیلئے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ہانا مولن نے کہا کہ کھاریاں کو چھوٹا ناروے بھی کہا جاتا ہے۔ کیونکہ کھاریاں کے زیادہ تر لوگ ناروے میں مقیم ہیں۔ اور یہاں مسلمان اکثریت میں ہیں۔ لیکن جب وہ جہاز میں بیٹھ کر ناروے پہنچتے ہیں تو وہ اکلیت محسوس کرتے ہیں، NCA ان لوگوں میں بہتری کیلئے اور رویوں میں بہتری کیلئے اقدامات کرر ہی ہے۔ کیونکہ جب آپ کسی کا رویہ تبدیل کر لیتے ہیں تو آپ میں بہت سی تبدیلیاں آ جاتی ہیں۔ تمام مسلمان دہشتگرد نہیں ہیں۔ اور ناروے پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف کی جانے والی کاوشوں کو بیحد سراہتا ہے۔ پاکستان نے جس طرح دہشت گردی کیخلاف کام کیا ہے یہ قابل تحسین ہے اور ناروے حکومت پاکستان کی اس سلسلہ میں بھر پور مدد کر رہا ہے۔ NCA کے پلیٹ فارم سے انٹر فیتھ مکالمے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ قاضی عبدالقدیر خاموش اور ان کے رفقاء کار کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ امید کرتی ہوں کہ قاضی عبدالقدیر خاموش اور ان کی ٹیم NCA کیساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ قاضی عبدالقدیر خامو ش نے کہا کہ NCA کی کنٹری ڈائریکٹر ہانا مولن کو موضع ہیل میں آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے مسلمانوں اور دیگر اقوام کے درمیان دوریاں ختم ہوں۔ اور آپسی اختلافات ختم کر کے بھائی چارے کی فضاء کو پروان چڑھایا جا سکے۔ ملک کی ترقی کام کیا جائے اس سلسلہ میں انٹر فیتھ مکالمے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ہماری کاوشیں اس سلسلہ میں شبانہ روز جاری رہیں گی۔ چیئرمین PES ڈاکٹر سید اظہر حسن نے کہا کہ غیر مسلم بھی پاکستان کے شہری ہیں اور انہیں پاکستان میں رہنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ پاکستان کا آئین انہیں اس بات کی اجازت دیتا ہے لیکن آپسی اختلافات کی وجہ سے بعض اوقات یہ معاملات خراب ہو جاتے ہیں اور ہم ڈائیلاگ کے ذریعے ان دوریوں کو ختم کر سکتے ہیں۔ قاضی عبدالقدیر خاموش اس سلسلہ میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کرتے رہتے ہیں جس کیلئے ہم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ناروے کی تنظیم نارویجن تنظیم NCA کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ علامہ سعید الرشید عباسی نے کہا کہ NCA کا مقصد تمام طبقوں کو ملکی ترقی کیلئے ملکر کر ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے۔ ناروے نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ بھر پور تعاون کیا ہے۔ NCA کے پلیٹ فارم سے ہم ایک دوسرے کو آپس میں ملاتے ہیں اور ایک دوسرے کو ملانا ہی اصل چیز ہے۔ رضوان علی نے کہا کہ NCA کا بنیادی مقصد ملک و قوم کی خدمت ہے ۔ چیئرمین CPLC چوہدری اختر علی چھوکر کلاں نے کہا کہ ہم قاضی عبدالقدیر خاموش کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اتنا شاندار پروگرام منعقد کیا اور اچھے لوگوں کو بلایا۔ ہم NCA کی خدمات کو بھی سراہتے ہیں۔ CPLC کے پلیٹ فارم پر ہم پہلے ہی امن و محبت کو پروان چڑھانے کیلے کام کر رہے ہیں اور پاکستانی ناروے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ CPLC غیر ملک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے بھی کام کرے گی۔ سابق ناظم صادق بٹ نے کہا کہ انٹر فیتھ ہارمنی کے حوالہ سے NCA کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور قاضی عبدالقدیر خاموش اس سلسلہ میں بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر میاں صفدر ‘ راجہ اقبال’ و دیگر مقررین نے بھی خطا ب کیا۔
………………………
گجرات (جی پی آئی) ناروے کی تنظیم (NCA ) کی کنٹری ریپریزینٹیٹو برائے پاکستان ”ہانا مولن” نے دورہ ہیل کے دوران خواتین کے مدرسے میں طالبات سے ملاقات کی اور قاضی عبدالقدیر خاموش کے گھر میں بنے ہوئے باغ میں دلچسپی کا اظہار کیا اور تازہ مالٹے کھائے۔ اور وہ سیمینار کے شرکاء کے ساتھ سیلفیاں بھی بناتی رہیں۔
………………………
گجرات (جی پی آئی) پرنسپل طاہر ہومیو پیتھک میڈیکل کالج ڈاکٹر طاہر عباس نے سجادہ نشین آستانہ عالیہ چک سادہ شریف پیر سید سلیمان شاہ سے ملاقات کی اور انہیں بھاری اکثریت سے کونسلر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کہ وہ علاقہ کی عوام کی خدمت کیلئے کام کریںگے۔
………………………
گجرات (جی پی آئی) انتخابی نظام کو بہتر بنانے کیلئے موجودہ انتخابی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ کنوینئر سدھار چوہدری علی ابرار جوڑا نے گجرات پریس کلب میں ”فافن اور سدھار” کے زیر اہتمام منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر انجم نور دین’ افتخار بھٹہ و دیگر نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ چوہدری علی ابرار جوڑا نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے ایک ایسے انتخابی نظام کی ضرورت ہے جو عوام کے اعتماد پر پورا اترے۔ مختلف بین الاقوامی ادارے پہلے ہی انتخابی نظام کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں پاکستان کے معاون ہیں۔ اور مئی 2013ء میں انتخابات کے دوران ہی عوام میں انتخابی نظام کو بہتر بنانے کیلئے آواز بلند ہوئی۔ سدھا نے فافن کے تعاون سے گوجرانوالہ گجرات’ حافظ آباد’ سیالکوٹ’ میں ایڈووکیسی مہم کا آغاز کیا۔ تاکہ لوگوں کو انتخابی اصلاحات بارے بریف کیا جا سکے۔ اس سلسلہ میں ضلعی گروپ برائے انتخابی اصلاحات تشکیل دیا گیا ہے جو اس مہم کو پروان چڑھائے گا ۔
………………………
گجرات (جی پی آئی) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ادیب جاودانی کی قیادت میں ایک تیس رکنی وفد نے گجرات کے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ سے ملاقات کی۔ اجلاس میں گجرات کے ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف اور ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز حیدر نے بھی شرکت کی۔ ادیب جاودانی نے ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تقریباً 80ہزار پرائیویٹ سکولوں میں سے کسی میں بھی ڈینگی مچھر کے خاتمے کیلئے سپرے نہ ہوسکا۔ محکمہ صحت کی جانب سے بھی ڈینگی کے خاتمے کیلئے فوری سپرے کرنے کے بلند و بانگ دعوے کئے جا رہے ہیں مگر محکمہ صحت اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈینگی وائرس کے خاتمے کے حوالے سے سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کے باوجود تاحال پرائیویٹ سکولوں اور اکثر گورنمنٹ سکولوں اور پنجاب بھر کے شہروں میں بھی تاحال ڈینگی مچھر کے خاتمے کیلئے سپرے نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سپرے نہ کرنے کی وجہ سے پرائیویٹ و سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم ہزاروں بچوں میں ڈینگی وائرس کے حملے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ڈینگی وائرس سے بڑھتی ہوئی اموات سے عوام میں ایک تشویش کی لہر دوڑ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر پنجاب حکومت کو متعدد ٹیکسز بھی دے رہا ہے لیکن پنجاب حکومت پرائیویٹ سکولوں میں سپرے نہیں کروا رہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے سارا بوجھ پرائیویٹ سیکٹر پر ہی ڈال دیا ہے۔ ہمارا پنجاب حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ عوام کو ڈینگی وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے گلی محلوں گھروں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ اور گورنمنٹ سکولوں میں بھی سپرے کروائیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پنجاب حکومت عوام میں ڈینگی مچھروں سے محفوظ رکھنے کیلئے عوام میں شعور پیدا کرے اور ڈینگی کی وباء کا شکار مریضوں کا علاج بھی کرے۔ادیب جاودانی نے کہا کہ ضلع گجرات میں بارشوں سے ڈینگی کی افزائش کے امکانات بڑھ گئے ہیں سٹی ڈسٹرکٹ گجرات کو فوری طور پر ڈینگی کی افزائش کو ختم کرنا ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ گجرات کوپرائیویٹ اور گورنمنٹ سکولوں کے طلباء و طالبات کو انسداد ڈینگی سے متعلق لٹریچر مہیا کرنا چاہیئے اور ڈینگی سے بچاؤکے حوالے سے طلباء و طالبات کو آگاہ کرنا چاہیئے۔ گجرات کے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ادیب جاودانی اور ان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ تعلیمی اداروںمیں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالہ سے طلباء و طالبات کواحتیاطی تدابیر سے آگاہ کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی انتھک کوششوں کے نتیجہ میں صوبہ بھر میں ڈینگی مچھر کے تدارک کے حوالہ سے جاری جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہے اس کے باوجود حالیہ بارشوں کے نتیجہ میں ڈینگی مچھر کے دوبارہ سر اٹھانے کا اندیشہ ہے اس سے نمٹنے کیلئے اساتذہ کو چاہیئے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر طلباء کو ڈینگی سے بچاؤکے متعلق آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات شہر میں انسداد ڈینگی مہم پر مامور ٹیمیں گھر گھر جا کر ڈینگی سرویلنس کر رہی ہیں جبکہ ٹیمیں اپنے علاقوں میں موجودہ قبرستانوں، ٹائرشاپس اور کباڑ خانوں کو بھی چیک کر رہی ہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور جہاں کہیں ڈینگی لاروا مل رہا ہے اسے فوری طور پر تلف کردیا جاتا ہے ڈی سی او نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں اور ڈینگی مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے حوالہ سے حکومتی اقدامات قابل تحسین ہیں اور اس حوالہ سے جاری مہم میں معاشرے کے ہر فرد کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا حکومت پنجاب کی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور معاشرے کے ہر فردکو حکومت کی اس کاوش میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا پنجاب حکومت ڈینگی سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ جس کا سہرا وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے سر ہے۔ ڈینگی مچھر ایک موذی وائرس ہے اس موذی وائرس سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے ہمیں اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا چاہیئے انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ ڈینگی کے بارے میں عوام الناس میں شعور اجاگر کریں تاکہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ڈینگی پر قابو پایا جاسکے۔ بالخصوص اساتذہ کو چاہیئے کہ وہ اسمبلی کے دوران بچوں کو ڈینگی مچھر سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر بتائیں اور اپنے ارد گرد صفائی کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے پانی ایک جگہ پر جمع نہ ہونے دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈینگی کے خلاف مسلسل مہم اور آگاہی ہی ڈینگی سے راہ نجات کا ذریعہ ہے۔ احتیاطی تدابیر ہی وہ بہترین دوا ہے جو ڈینگی کے خلاف ابھی تک مؤثر ہے۔ہمارے طلبا و طالبات وہ سماجی سفیر ہیں جو معاشرے میں ڈینگی کے متعلق آگاہی میں بہترین رابطہ کار کا فریضہ دلجمعی سے ادا کر سکتے ہیں۔ نواز شریف میڈیکل کالج اپنے اساتذہ اور طلبہ کے ذریعے مختلف بیماریوں کے خلاف جنگ میں بے پایاں سماجی خدمات کا فریضہ بطریق احسن ادا کر رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ ڈینگی کے خلاف جہاد میں جامعہ گجرات کے طلبہ و اساتذہ بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار پرنسپل نواز شریف میڈیکل کالج جامعہ گجرات نے NSMCمیں منعقدہ انسداد ڈینگی سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سیمینار کا اہتمام NSMCکے شعبۂ کمیونٹی میڈیسن کی جانب سے کیا گیا تھا اور اس کا مقصد طلبہ و اساتذہ میں ڈینگی کے انسداد و تریاق بارے شعور اجاگر کرنا تھا۔ اس سیمینار میں مختلف شعبہ جات کے طلبہ کی بھاری تعداد کے علاوہ اساتذہ و انتظامیہ نے بھرپور شرکت کی۔اسسٹنٹ پروفیسر ABSHڈاکٹر چوہدری عابد نذیر نے ڈینگی بخار کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کوئی نئی نہیں بلکہ صدیوں پرانی بیماری ہے۔یہ ایک خاص قسم کے مچھر کے کاٹنے سے وقوع پزیر ہوتی ہے۔ اس کی علامات سر درد ، بخار، قے وغیرہ ہیں۔ یہ بیماری دنیا کے تقریباً تمام ترقی پذیر ممالک کو اپنی لپیٹ میں لئے ہوئے ہے۔ اس بیماری کے خلاف جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت پاکستان ڈینگی کے قلع قمع کیلئے خصوصی انتظامات اپنا ئے ہوئے ہے۔ اسسٹنٹ پروفیسر کمیونٹی میڈیسن NSMCڈاکٹر ضمیر بٹ نے کہا کہ ڈینگی ایک وائرل بیماری ہے مگر یہ لوگوں کے باہمی روابط سے نہیں بلکہ خاص قسم کے مچھر کے کاٹنے سے انسانی جسموں میں ہجرت کرتی ہے۔ انہوں نے ڈینگی کی علامات بتاتے ہوئے کہا کہ خود کو مچھر کے کاٹنے سے بچا ئیں اور شدید علامات کی صورت میں مریض کو ہسپتال منتقل کرادیں۔اسسٹنٹ پروفیسر کمیونٹی میڈیسن ڈاکٹر زاہد اعظم چوہدری نے ڈینگی سے بچائو کے متعلق تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے لاروا اور انڈوں کے پرورش عمومی طور پر ٹھہرے ہوئے صاف پانی میں ہوتی ہے۔ یہ مچھر انسان کو عموماً صبح یا شام کے وقت کاٹتا ہے اور انسان کے مدافعتی نظام کو تباہ کرتا ہے۔ حبس والی فضا کے رہائشی ، کھلے چھت تلے سونے والے اور بیرونی جگہوں پر رہائش پذیر لوگ زیادہ تر اس کا شکار ہوتے ہیں۔ ڈینگی سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر کی عوامی آگاہی اور میڈیا اس کیلئے مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹر افضل چوہدری نے اپنے اظہار تشکر میں کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہی ڈینگی سے بچائو کے خلاف بہترین حکمت عملی ہے۔ ڈینگی سے بچائو کیلئے لوگوں کو آگاہ کرنا بہترین سماجی خدمت ہے۔ سیمینار کے اختتام پر NSMC کے طلبا و طالبات نے اپنے اساتذہ کی راہنمائی میں جامعہ گجرات کے مختلف بلاکوں کا دورہ کیا اور ڈینگی سے بچائو بارے انھیں حفاظتی تدابیر سے آگاہ کرتے ہوئے ان میں پمفلٹ تقسیم کیے۔
…………………
گجرات (جی پی آئی) ٹی ایم اے گجرات کو ٹیکس دینے کے باوجود ماڈل ٹائون گجرات کی حالت ناگفتہ بہ ۔ گندگی کے باعث مختلف بیماریاں جنم لینے کا اندیشہ۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹائون گجرات ضلع گجرات کا سب سے پوش علاقہ ہے جہاں پر 200 سے زائد گھر واقع ہیں، لیکن ٹی ایم اے گجرات کی چشم پوشی کی وجہ سے مختلف مسائل جنم لے رہے ہیں۔ سیوریج کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے پارکوں میں گندا پانی بیماریوں کا باعث بن رہا ہے۔ پارک جہاں پر لوگوں کی تفریح کا اہتمام ہونا چاہئے وہاں پر گندا پانی اور جھاڑیاں ان کا استقبال کرتی ہیں۔ ایک سروے کے مطابق چوہدری شفاعت حسین سابق ضلع ناظم کے دور میں دو خوبصورت پارک تعمیر کئے گئے تاکہ عوام کو سہولت مل سکے۔ مگر کسی نے بھی ان پارکوں کی دیکھ بھال کرنے کی کوشش نہ کی۔ جس کی وجہ سے یہ پارکس اجڑ کر جنگل کا سماں پیش کر رہے ہیں۔ جگہ جگہ گندگی کے انبھار لوگوں کا منہ چڑھا رہے ہیں۔ اور کوئی بھی محکمہ ماڈل ٹائون جیسے آبادی کی بہتری کیلئے اقدامات کا بیڑا اٹھانے کیلئے تیار نہیں۔ پارکوں میں گندے پانی کے جوہڑ بنے ہوئے ہیں عوامی حلقوں نے اس بات پر شدید احتجاج کیا ہے کہ حکومت پنجاب ہر طرف صفائی کی مہم چلا رہی ہے مگر اس علاقہ کی بہتری کے طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔
…………………
گجرات (جی پی آئی) ملک بھر میں یوم مجدد الف ثانی کو جوش و خروش سے منایا جائے اور ملکی سطح پر یوم مجدد الف ثانی منانے کا اہتمام کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف صاحبزادہ میاں ولید احمد جواد مجددی شرقپوری نے شرقپور شریف میں شہزاد شفیق نقشبندی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت مجدد الف ثانی نے اسلام کو دوبارہ زندہ کیا اور آج ہمارے سامنے اسلام اصل شکل میں حضرت مجدد الف ثانی کی کاوشوں سے موجو دہے۔ اور ہمیںہر سطح پر ان کی خدمات کو سراہنے کی ضرورت ہے۔ حضرت میاں جمیل احمد نقشبندی شرقپوری نے دنیا بھر میں یوم مجدد الف ثانی کو منانے کی تحریک کو زندہ کیا اور ملک بھر میں پورا مہینہ تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر شہزاد شفیق نقشبندی نے کہا کہ حضرت میاں جمیل احمد کے حکم کے مطابق ضلع گجرات میں یوم مجدد الف ثانی کی تقریبات یکم صفر سے شروع ہو جاتی ہیں اور پورا مہینہ مختلف مساجد میں یہ تقریبات جاری رہتی ہیں۔ ان تقریبات کو بہتر سے بہتر طریقہ سے منعقد کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور 28 نومبر کو دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس گجرات میں اس سلسلہ میں سالانہ مقابلہ حسن نعت بسلسلہ یوم مجدد الف ثانی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
…………………
گجرات (جی پی آئی) الحمد فائن آرٹ کنجاہ کے زیر اہتمام الحمد کوئز معلوماتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ پروگرام کی میزبانی کے فرائض نوجوان کمپیئر سلیم اشرف فاروقی نے سرانجام دئیے جبکہ مہمان خصوصی نومنتخب کونسلر میونسپل کمیٹی کنجاہ چوہدری آصف عرفان اور مہمانان اعزاز میں صدر کنجاہ پریس کلب یاورعباس ، کنجاہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن یوکے کے جنرل سیکرٹری علی رضا منہاس تھے ۔ اس موقع پر خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ پروگرام میں کنجاہ کے مختلف سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا اور انعامات حاصل کیے ۔ تقریب میں نیشنل سکول آف تائیکوانڈو کے طلباء نے بھی مارشل آرٹ کا خصوصی مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر علامہ اقبال کی شخصیت کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی قومی و ملی خدمات کو شاندار انداز میں سراہا گیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) کنجاہ پریس کلب کے صدر یاورعباس نے کنجاہ پریس کلب کا ایک اہم ترین اجلاس 22نومبر بروز اتوار بوقت3بجے سہ پہر طلب کرلیا ہے ۔ اجلاس میں سابقہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ تمام اراکین اپنی حاضری کو یقینی بنائیں ۔
۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) یونین کونسل گلیانہ میں شمسہ فری ایمبولینس کے آغاز پر سیاسی سماجی شخصیات کا حاجی امتیاز کو زبردست خراج تحسین۔ تفصیلات کے مطابق یونین کونسل گلیانہ میں شمسہ ویلفیئر فائونڈیشن گلیانہ کے زیر اہتمام دکھی انسانیت کی خدمت میں ایک قدم اور آگے شمسہ فری ایمبولینس سروس کا آغاز کر دیا۔ شمسہ فری ایمبولینس سروس کے آغاز پر صدر پاسبان فورم گلیانہ وحید نذیر، راہنما جماعت اسلامی حافظ اجمل، راہنما انجمن تاجران راجہ صابر سلطان بھوتہ، صدر ینگ ویلفیئر سوسائٹی اظہر بھٹی، چوہدری ماجد علی سابق کونسلر گلیانہ، جنرل سیکرٹری پریس کلب گلیانہ محمد شہباز ،سابق چیئرمین پریس کلب گلیانہ عبدالغفور مرزا اور دیگر نے چیئرمین شمسہ ویلفیئر فائونڈیشن گلیانہ حاجی امتیاز احمد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ شمسہ فری ایمبولینس سروس کے آغاز سے گلیانہ کے عوام کو بہتر سروس کی فراہمی ممکن ہو جائے گی۔

کھاریاں (تنویر نقوی)تقاریب کا انعقاد بحریہ فائونڈیشن کالج کھاریاں کی روایت رہا ہے طلباء اور طالبات میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے اور قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت کے پیش نظر اس طرح کی تقاریب بے حد اہمیت کی حامل ہیں ان خیالات کا اظہار ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے اپنے خطاب میں بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کیا اور اس بات پر بے حد خوشی کا اظہار کیا کہ تقریباً 5,6اضلاع سے بحریہ فائونڈیشن کے 12کالجز نے حصہ لیا انہوں نے کہا کہ بحریہ کا ادارہ جیسے سمندوں کی حفاظت کر رہا ہے اسی طرح تعلیم کے میدان میں بھی بہت نام پیدا کیا ہے اور ملک کے کونے کونے میں بحریہ فائونڈیشن کالجز کی70 برانچز تعلیم کے فروغ میں سرگرم عمل ہیں انہوں نے دیگر تعلیمی اداروں کو بھی اس طرح کے پروگرامز منعقد کرنے کی ترغیب دی۔ کمانڈر ارشد محمود نے بحریہ فائونڈیشن کالج کھاریاں کی پرنسپل مسز نائیلہ طارق اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس طرح کی تقاریب کا انعقاد کر کے ایک صحت مند اور خوشگوار ماحول میں طلباء میں جذبہ مسابقت اور اسلامی تعلیمات کا فروغ کر رہی ہیں مسز قمر زمان کائرہ، مسز ضیاء محی الدین میسم سمر سکول اینڈ کالج کی پرنسپل کنونمنٹ پبلک سکول کھاریاں کینٹ سکول کی پرنسپل اور دیگر تعلیمی اداروں نے کامیاب تقریب کرنے کی کوششوں کو سراہا۔
۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) کنٹونمنٹ بورڈ کھاریاں کے علاقہ میں روزانہ کی بنیادوں پر مچھر مار اسپرے کیا جاتا ہے اور صفائی بھی کی جا رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کام بھی جاری ہیں کنٹونمنٹ بورڈ کے پریذیڈنٹ کی خصوصی ہدایات اور وائس پریذیڈنٹ اور ممبران کی پرپوزل کو مدنظر رکھ کر پالیسی بنائی جا رہی ہے تاکہ بلاتفریق کام کئے جا سکیں ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ کھاریاں عمران خان نے گذشتہ روز گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود، صحت صفائی اور علاقہ کی تعمیر و ترقی کے لئے افران بالا کی ہدایات کی روشنی میں کام جاری ہے انشاء اللہ آنے والے وقت میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) مرکزی انجمن تاجران کھاریاں کے وفد کی SHO شہباز ہنجرا سے ملاقات وفد کی قیادت مرکزی صدر چوہدری شوکت علی نے اس موقع پر بازاروں کی سیکورٹی سے متعلق امور زیر بحث آئے اور مین بازار کھاریاں، ڈنگہ روڈ پر ہونے والی سابقہ وارداتوں بارے اظہار خیال کیا گیا۔ SHO نے کہا کہ مین بازار کھاریاں میں لیبیا جیولرز پر ہونے والی ڈکیتی میں90فیصد کامیابی حاصل کر چکے ہیں آئندہ دو تین دنوں کے بعد خوشخبری سنائوں گا تاجر برادری کا تعاون ضروری قانون پر عمل کیا جائے تاکہ جرائم کم ہو سکیں تاجر برادری نے بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی وفد میں طاقت جاوید بٹ، عثمان اکبر عباسی، چوہدری عتیق الرحمن، تنویر چوہان، چوہدری راشد، چوہدری خالد، چوہدری اشفاق بھی شامل تھے۔
۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) مخالفین کے پروپیگنڈے ناکام ہوں گے ان کے ہاتھ کچھ بھی نہ آئے گا انشاء اللہ تعالیٰ چوہدری محمد علی تنویر کوٹلہ ہی چیئرمین ضلع گجرات بنیں گے ہم ان کی کامیابی کے لئے تمام وسائل اور اثر و رسوخ بروئے کار لائیں گے ان خیالات کا اظہار مشترکہ طور پر چیئرمین یونین کونسل ڈوگہ ملک محمد اشفاق اعوان ڈوگہ اور نوجوان سیاسی شخصیت ملک شاذر صدیق ڈوگہ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ کرکامیاب ہونے والے چیئرمین اور آزاد چیئرمینوں کی کثیر تعداد بھی چوہدری محمد علی تنویر کوٹلہ کو ووٹ دے گی۔ پروپیگنڈے اور افواہیں خود بخود دم توڑ جائیں گی اور انشاء اللہ ضل گجرات کی چیئرمینی کی پگ کوٹلہ برادران کے سر ہی سجے گی۔
۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) جنرل سیکرٹری کھاریاں پریس کلب سید تنویر نقوی اور کوارڈی نیٹر اعجاز مرزا کی تھانہ کھاریاں صدر میں نئے تعینات ہونے والے SHO شہباز ہنجرا سے ملاقات باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز ہنجرا نے کہا کہ میڈیا کے تعاون کے ساتھ جرائم میں نمایاں کمی کی جا سکتی ہے میڈیا مسائل کی نشاندہی کرے ہم ایکشن لیں گے علاقہ میں جرائم پیشہ افراد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ٹیکنیکل اور جدید طریقہ سے جرائم کا قلع قمع کیا جاتا ہے انشاء اللہ تعالیٰ علاقہ کو جلد جرائم فری بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی بھائی تعاون کریں تاکہ ملکر جرائم کم کرنے کے لئے کام کیا جائے اس موقع پر صحافی قربان گجر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور مائوں نے بہنوں بیٹیوں کی دعائوں سے M.N.A چوہدری عابد رضا کوٹلہ پھر اس امتحان سے سرخرو ہوں گے۔ پہلے بھی مشکل حالات میں ثابت قدم رہے اور اللہ پر بھروسہ کیا اب بھی ایسا ہوگا ہم اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہیں کہ وہ ہمارے ہردلعزیز عوامی نمائندے چوہدری عابد رضا کوٹلہ کو اس امتحان میں بھی سرخرو کرے ان خیالات کا اظہار نوجوان سیاسی شخصیت راہنما مسلم لیگ(ن) میاں طاہر الرحمن رڑیالہ نے کیا انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ بندوں پر امتحان آتے ہیں اور وہ ثابت قدم رہتے ہیں پہلے بھی مشکل حالات کے اللہ تعالیٰ نے ہی نکالا اب بھی اللہ کی ذات پر بھروسہ ہے ہم ان حالات میں چوہدری عابد رضا کوٹلہ کے شانہ بشانہ ہیں حلقہ کے عوام کی دعائوں سے سرخرو ہوں گے۔
۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) وزیر اعظم کسان پیکیج کے تحت ضلع بھر میں دھان کے کاشتکاروںکو فی ایکٹر پانچ ہزار روپے ادائیگی کے دوسرے مرحلے کے تحت ادائیگیاں جاری ہیں اور ابتک 2762کسانوں کو 5کروڑ38لاکھ روپے کی ادائیگی کی جاچکی ہے ، کسانوں کو ادائیگی کا عمل تیز بنانے کے لئے دونوں ادائیگی مراکز پر بائیو میٹرک مشینوں کی تعداد 9کردی گئی ہے جبکہ بنک آف پنجاب کو اس تعداد میں مزید اضافہ کے لئے کہہ دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے مرکز ادائیگی کھاریاں کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی عرفا ن علی کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر شعیب نسوانہ اور ریونیو افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوںنے کسانوں سے بات چیت کی اور ٹرانسپورٹ ، مرکز ادائیگی میں سہولیات بارے دریافت کیا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ پہلے اور دوسرے مرحلے کے دوران مجموعی طور پر 6054کسانوں کو ادائیگی کی جائے گی ان میں سے ابتک 2762کو ادائیگیاں کر دی گئی ہیں جبکہ مزید ادائیگیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوںنے اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو آفیسرز کو ہدایت کی کہ کسانوںکو انکے گھروں سے لانے اور واپس لیجانے کے لئے ٹرانسپورٹ کا مناسب انتظام یقینی بنایا جائے ، اگر کسی کسان کو بائیو میٹرک کے لئے نادرا آفس جانا ہو تو اسکی سہولت کے لئے موٹر سائیکل رکشہ کا انتظام کیا جائے۔ انہوںنے بتایا کہ دونوںمراکز پر بائیو میٹرک مشینوں کی تعداد 9ہو گئی ہے تاہم بنک آف پنجاب سے کہا ہے کہ یہ تعداد بڑھا کر بارہ کی جائے۔ انہوں نے اے ڈی سی کو ہدایت کی کہ بنک حکام کو فوری مراسلہ جاری کیا جائے اور انہیں کہا جائے کہ بائیو میٹرک مشینوں کے لئے نیا کنکشن فراہم کریں۔ اس سے قبل اے سی کھاریاں و سرائے عالمگیر شعیب نسوانہ نے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کو کسانوں کو ادائیگی اور انہیں فراہم کی جانیوالی سہولیات بارے آگا ہ کیا۔
۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) ممتاز کاروباری شخصیت ملک ذاکر حسین کے والد گرامی ملک محمد اسلم قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے مرحوم کو گذشتہ روز آہوں سسکیوں میں اُن کے آبائی قبرستان میں آسودہ لحد کر دیا گیا نمازِ جنازہ سیاسی سماجی مذہبی کاروباری حلقوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ مرحوم کا ختم قل آج بروز جمعرات جامعہ حنفیہ رضویہ مسجد محلہ نیاآڑہ کھاریاں میں صبح10بجے پڑھا جائے گا جبکہ اجتماعی دعا11:00بجے ہوگی۔
۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) ممتاز کاروباری شخصیت ملک ذاکر حسین کے والد گرامی ملک محمد اسلم کی وفات پر کھاریاں شہر کی سیاسی سماجی شخصیات کا اظہارِ تعزیت۔ تعزیت کرنے والوں میں محمد منیر سیٹھی، محمد شاہد حسین، محفوظ احمد بٹ، مرزا یوسف، ظفر مجید بٹ کونسلر میونسپل کمیٹی کھاریاں سمیت دیگر شامل ہیں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے غم کے ان لمحات میں ہم اہل خانہ کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) سابق چیئرمین چوہدری غلام رسول(مرحوم) چک سجاول کی اہلیہ،چوہدری سہیل غلام اور چوہدری راشد رسول کی والدہ مرحومہ کی نماز جنازہ چک سجاول میںادا کی گئی اس موقع پر بڑی تعداد میں معززین علاقہ دوست احبا ب اور رشتہ داروں نے شرکت کی نمایاں طور پر حاجی چوہدری اکرم پیارا،چوہدری اجمل حسین پیارا وائس چیئرمین یوسی بدر،چوہدری امجد پیارا،ملک اشفاق ڈوگہ چیئرمین یوسی ڈوگہ،حاجی ملک شوکت بدر مرجان،ملک عمران حسین کونسلر ڈوگہ،ملک زاہد پیارا،لالہ الیاس،چوہدری رضوان،ملک ضیاء اللہ اعوان،ڈاکٹر ضیائ،ملک رفیع،ڈاکٹر اکرام،ڈاکٹر سجاد احمد،ملک امجد حسین بھگوال،ملک شاذرصدیق ڈوگہ،ملک طارق پپو لمے شریف،ملک زاہد فضل لمے شریف،ڈاکٹر ضیاء الحسن لمے شریف،سید شہزادہ حسین شاہ ،ملک مدثر ڈوگہ،ملک مختار اعوان،ملک ساجد صدر ڈوگہ،سائیں عارف،چوہدری شعیب، چوہدری نبیل پیارا،چوہدری وارث تہال،چوہدری محمداشرف کنجیال،چوہدری جاوید کنجیال،چوہدری افضل سندھاریہ،حاجی صدیق کنجیال،ملک عامر نواز ،چوہدری روف پیارا،میجر خلیل ،نعیم بھٹی ٹھیکیدار نصیرہ، بائو اکرم لدڑ،راجہ خالد جاوید،ملک آفتاب حسین لمے شریف،چوہدری اقبال،فد ا حسین بھٹی،میاں زاہد یونس،شاہد کالا کے ساتھ ساتھ کارنر شاپ کے تاجروں نے بھی شرکت کی۔
۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) عالم دین قاری عمر حیات قادری امیر دعوت اسلامی کھاریاں کی والدہ قضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں مرحومہ کہ نماز جنازہ کھاریاں میںادا کی گئی اس موقع پر معززین شہر،علمائے اکرام،تاجربرادری کے ساتھ بڑی تعداد میں افراد شریک تھے نمایاں طور پر چوہدری فرخ مجید،چوہدری شاہد محمود،چوہدری اسفند اصغر،چوہدری وقاص مجید،چوہدری وقار مجید،ملک اختر محمود،چوہدری شوکت علی،ملک شبیر حسین،چوہدری ضیاء محی الدین،چوہدری شہزاد محی الدین،حاجی محمدنواز،حاجی محمدرفیق،حاجی محمداسلم،حاجی امجد رشید،غازی ثاقب شکیل جلالی،مولانا اختر جلالی،مفتی محمود احمد،قاری اختر نورانی،مفتی مسعود احمد،قاری فیض احمد،قاری لہراسب علی،مولانا اشفاق جلالی،نور اسلام،عاد ل خان،سلیم نازی،ہارون صراف،عبدلمجید صراف،چوہدری عاصم بشیر ککی،شاہد جمیل نونی،چوہدری شہزاد،اربازملک، عامر رشید،غلام مصطفی بٹ،چوہدری نصیر مہر،راجہ جاوید (ریڈر)،منور تارڑ،ملک بلال عمر،یاسر(کریانہ سٹور والا)،راجہ خالد،پہلوان رشید بٹ،مہندی بھٹی،چوہدری احمد خان،صوفی جمیل قادری،شہزاد احمد،چوہدری اطہر سعید،چوہدری اویس،ملک جہانگیر حسین،چوہدری کاشف کاشی،عامر قیوم بھٹی،چوہدری تیمور اکرم،ملک لیاقت علی،صوبیدار فیاض حسین،توصیف سلطان،حاجی انور،مختار قادری،ساجد قادری،عابد قادری اور صحافی برادری بھی موجود تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) حالات جیسے بھی ہوں ہم سالار قافلہ چوہدری عابدرضا کوٹلہMNAکے ساتھ ہیں ہم پر امید ہیں کہ پاکستان کی عدلیہ حق اور سچ کا ساتھ دے گی اور حق سچ پر ہی فیصلہ دے گی ان خیالات کا اظہار چیئرمین یوسی ڈوگہ ملک محمداشفاق اعوان ڈوگہ اور وائس چیئرمین راجہ فضل الرحمن مکوال نے کیا انہوں نے کہا کہ حلقہ کے لاکھوں عوام کی دعائیں چوہدری عابدرضا کے ساتھ ہیں پہلے بھی امتحانات میں سرخرو ہوئے تھے انشاء اللہ اس کیس میں سرخرو ہوںگے ہم ان کے ساتھ ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) چوہدری غلام رسول مرحوم سابق چیئرمین کی اہلیہ،چوہدری سہیل غلام چک سجاول،چوہدری راشد رسول چک سجاول کی والدہ اور ٹھیکیدار چوہدری فضل الٰہی چک سجاول کی چچی کی وفات پر حاجی چوہدری محمداکرم پیارا،چوہدری تجمل حسین پیارا(ہالینڈ)،چوہدری اجمل حسین پیارا وائس چیئرمین یوسی ڈوگہ اور چوہدری امجد حسین پیارا کا اظہار تعزیت مرحومہ کی مغفرت درجات کی سر بلندی اور پسماندگان کے لئے صبروجمیل کی دعا بھی کی گئی انہوں نے کہا کہ ہم غم کی ان گھڑیوں میںسوگواران کے ساتھ برابرکے شریک ہیں۔
۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) موضع کنجیال میں اپنی مدد آپ کے تحت رفاعی اور اجتماعی کام کرنے کی مثال پیش ی گئی ہے چوہدری جاوید کنجیال،چوہدری صدیق کنجیال اور اہل دہیہ کی خصوصی کاروشوں سے حاجی چوہدری امجد اصغر (مرحوم) کے ایصال ثواب کے لئے32لاکھ روپے سے زیادہ لاگت سے جنازہ گاہ تعمیر کیا گیا ہے یہ جنازہ گا ہ3کنال رقبے پر محیط ہے باقاعدہ چھت ڈالی گئی ہے پانی بھی فراہم کیا گیا ہے اس کے علاوہ کچی جگہ پر پھولدار پودے بھی لگائے گئے ہیں اس کے ساتھ جنازہ گاہ جانے کے لئے سڑک بھی بنائی گئی ہے قبرستان کے لئے بھی مزید جگہ فراہم کی گئی اس کام میں چوہدری عباس کنجیال(جرمنی) کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں۔یہ علاقہ کے لئے ایک مثال ہے اہل کنجیال کا متحدہوکر اجتماعی کام خوش آئند ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔ ملک میں افراتفری کا عالم ہے جبکہ حکمرانوں کے حواری گڈگورننس کے گن گاتے نہیں تھکتے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے حواریوں کو اب گڈگورننس کا ٹنڈورا پیٹنا بند کر دینا چاہیے کیونکہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے خود اپنے گڈگورننس کا پول کھول دیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے ستائے لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں اور حکمران اپنی شاہ خرچیوں کو کم کرنے کی بجائے عوام پر مزید بوجھ ڈال رہے ہیں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاز پر ناکام نظر آ رہی ہے اور پھر انہیں پالیسیوں پر کارفرما ہے جو ماضی میں ناکام ہو چکی ہیں ان پالیسیوں سے ملک مزید بحرانوں کا شکار ہو گا، عوام کو سنہرے خواب دکھا کر اقتدار میں آنے والے عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی ریفارمز نے بجٹ 2015-16کی پہلی سہ ماہی پر ایک حقائق نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق تسلسل سے جاری کچھ مسائل کی موجودگی کی وجہ سے اور وزارت خزانہ کی طرف سے مالی خسارے کو کنٹرول میں لانے کیلئے پہلی سہ ماہی کے نتائج کچھ حوصلہ ا فزا نہیں ہیں۔ پہلی سہ ماہی کیلئے مالی خسارے کا ہدف جو آئی ایم ایف کے ساتھ اتفاق سے طے کیا گیا تھا تین سو چھ ارب روپے کا تھا لہذا یہ بہت کم یعنی بائیس ارب روپے کی رقم سے تجاوز کیا لیکن اس کے باوجود مالی خسارے کو بڑی مشکل سے قابو کیا گیا۔حقائق نامہ کے مطابق ٹیکسوں کی وصولی مقررہ ہدف سے 16ارب روپے کم رہی اگرچہ پچھلے سال اس دورانیہ کی نسبت ٹیکسوں کی وصولی بہترہے ۔جہاں تک دفاعی اخراجات کا تعلق ہے آئی پی آرکی فیکٹ شیٹ کے مطابق یہ خدشہ تھا کہ یہ اخراجات آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے بڑھ جائیں گے۔ لیکن پہلی سہ ماہی میں ان میں گیارہ فیصد تک کمی ہوئی ہے اس طرح تقریباً 39ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ صوبوں کو رقوم کی تقسیم کے طے شدہ منصوبوں اور آمدن کی بنیاد پر براہ راست منتقلی کو بھی جزوی طور پر روک دیا گیا ہے صوبوں کو پہلی سہ ماہی میں 367ارب روپے منتقل ہونا تھے جو کہ 289ارب تک محدود کر دیے گئے ۔اس طرح وفاقی حکومت صوبوں کے اخراجات کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن مجموعی طور پر صوبائی حکومتوں کو رقوم کی منتقلی اور دفاعی اخراجات کیلئے کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔پہلی سہ ماہی کیلئے ما لیات خسارہ 117ارب روپے سے زیادہ ہو سکتا تھا ،ماضی کے تجربات کی بنیاد پر پہلی سہ ماہی کا خسارہ سالانہ خسارے کاتقریباً 22فیصد بنتا ہے لہذا اس بنیاد پر مالی سال 2015-16کے خسارے کو مد نظر رکھتے ہوئے دیکھا جائے تو یہ جی ڈی پی کا 4.3 فیصد سے زیادہ ہو سکتا ہے ۔آئی پی آر کے حقائق نامہ میں کچھ اور مسائل کا ذکر بھی کیا گیا ہے جس کے مطابق شرح سود میں کمی کے باوجود کوئی زیادہ سرمایہ کاری نہیں ہو رہی ، اس کے علاوہ خسارے کی فنانسنگ کے طریقہ کار بھی 2014-15سے بہت مختلف ہے نیز بیرونی قرضوں میں 69ارب روپے کا اضافہ ہو ا جو کہ مہنگے یورو بانڈ کی وجہ سے ہے ۔نان بینکنگ ذرائع نے بہت کم کار کردگی دکھائی ہے خاص طور پر پی آئی بیز کی پرچیز میں کمی ہونے کی وجہ سے خسارے میں ایک سوارب روپے کا کم حصہ ڈالا گیا ہے۔حقائق نامہ کے آخر میں تھنک ٹینک آئی پی آر نے حکومت کی کچھ کامیابیوں کا ذکر بھی کیا ہے جس کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی آمدنی میں12فیصد اضافہ ہو اانکم ٹیکس کی آمدنی میں 26 فیصد سے زائد کا اضافہ حکومت کی اچھی کار کردگی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔نیز سیلز ٹیکس کی آمدنی میں بھی کافی حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ اس کے علاوہ صوبائی حکومتیں خاص طور پر سندھ حکومت کی جانب سے اپنی ٹیکس آمدنی میں 32فیصد تک اضافہ ایک قابل تعریف عمل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) فرانس حملے فلسطین اور شام کی عوام کی جدوجہد کو کمزور کرنے کیلئے کیے گئے ۔ عالمی دہشت گرد اور انتہاء پسند تنظیموں کی کاروائیوں سے عالم اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔مذہبی قائدین کو مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان تصادم کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ امریکہ اور یورپ میں مساجد بند کرنے کی باتیں اور مساجد پر حملے نفرت اور تشدد میں اضافہ کریں گے۔خادم الحرمین الشریفین بین المذاہب مکالمہ کیلئے عالمی کانفرنس بلائیں۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ، مولانا عبد الکریم ندیم ، مولانا ایوب صفدر ، مولانا عبد الحمید وٹو ، حافظ محمد امجد، مولانا اسد اللہ فاروق ، مفتی حفظ الرحمن بنوری ، مولانا شبیر احمد عثمانی ، پیر نعیم اللہ فاروقی ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا عبد الحمید صابری اور دیگر شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس حملوں کے بعد تمام مذاہب کی قیادت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان تصادم کے راستوں کو بند کرنے کی کوشش کریں۔ داعش یا اس جیسی کوئی بھی انتہاء پسند تنظیم مسلمانوں کی نمائندہ نہیں ہو سکتی۔ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے اور میدان جہاد میں بھی اسلام بے گناہوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا ۔ آج دنیا میں فاصلے سمٹ چکے ہیں اور کسی بھی خبر کو منظر عام پر آنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ اس لیے قرآن کریم کے حکم کے مطابق ”تمہارے لیے تمہارا دین ، ہمارے لیے ہمارا دین”کو مشعل راہ بنا کر مختلف مذاہب کے درمیان مکالمہ کو فروغ دینا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا دنیا میں امن اور داعش جیسی تنظیموں کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ مظلوم فلسطینیوں اور شامیوں عوام کی امنگوں کے مطابق فیصلہ کیا جائے اور بشار الاسد سے شامی عوام کو نجات دلائی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو بھی آخرکار تحریک انصاف کے اس موقف کی تائید کرنی پڑی ہے کہ گڈگورننس میٹرو، پلوں اور سڑکوں سے نہیں بالکہ عوام کے معیار زندگی بلند کرنے سے آتی ہے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک و قوم کو اس وقت مخلص قیادت کی ضرورت ہے جھوٹ اور فریب پر مبنی دعوئوں سے حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے عوام فاکوں تک پہنچ چکی ہے پنجاب کے حکمران گڈگورننس کا ٹنڈورا پیٹتے نہیں تھکتے جبکہ پنجاب کا ہر ادارہ کرپشن کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں بلکہ سب کچھ پو لیس اور حکمرانوں کی مر ضی کے مطابق ہو رہا ہے جس سے ظلم اور ناانصافی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نارووال (جی پی آئی) پاکستان اولیاء اللہ کی محنتوںکا ثمر ہے ۔دو قومی نظریہ کی بنیاد پر قائم ہونے والی ریاست پاکستان مدینہ منورہ کی طرح خالصتاً نظریاتی ریاست ہے ۔دہشت گردی اور فرقہ واریت سے حامیان اسلام کا بہت نقصان ہو رہا ہے ۔علماء کرام باہمی اخوت و رواداری کو فروغ دیکر تعلیمات اولیاء کو عام کریں ۔محرم الحرام کا پر امن گزرنا تمام مسالک کے علماء اور معززین شہر کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔آزادی بہت بڑی نعمت ہے ۔پاکستان کی بدولت ہے ہمارا مقام اور مرتبہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نارووال سید حشمت کمال نے قائد تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی سے عرس بدرالمشائخ پیر سائیں محمد اسلم اویسی رحمة اللہ علیہ منعقدہ 28نومبر2015ء مرکز اویسیاں نارووال کی دعوتی مہم کے سلسلے میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔قائد تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے عرس بدرالمشائخ کی دعوت مہم کے سلسلہ میں پیر سید احمد حسن شاہ آستانہ عالیہ ڈونگیاں شریف، پیر محمد ظہور واصف بڈیانوی سجادہ نشین واصفی آستانہ بڈیانہ ،ملک طارق اعوان صدر مسلم لیگ ن ضلع نارووال ، ڈاکٹر خلیل اختر چوہدری سابقہ EDOہیلتھ نارووال اور الحاج ملک خالد محمود سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ بدرالمشائخ حضرت پیر سائیں محمد اسلم اویسی رحمة اللہ علیہ یادگار اسلاف تھے ۔شریعت کی پاسداری اور سنت مصطفےٰۖ پر عمل آپ کی زندگی کا معمول رہا ۔قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے سینکڑو ں مدارس قائم فرمائے۔عشقِ رسولۖ،محبت صحابہ رضی اللہ عنہم اور مودت اہل بیت رضی اللہ عنہم آپ کا مسلک تھا ۔حضرت بدرالمشائخ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے آپ کے یوم وصال 28نومبر بروز ہفتہ بعد نماز عشاء مرکز اویسیاں نارووال میں تحریک اویسیہ پاکستان کا مرکزی سالانہ اجتماع بسلسلہ عرس بدرالمشائخ منعقد ہو رہا ہے ۔اس موقعہ پر جملہ علمائے و مشائخ اور معززین نے عرس مبارک میں شرکت کی یقین دہانی کروائی
۔۔۔۔۔۔۔۔
سکھر (جی پی آئی) مسلم لیگ سندھ کے صدرحلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ الیکشن اصلاحات کے بغیر بلدیاتی انتخابات نہیں ہونے چاہیے تھے ،اس بار بھی الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام ہوگیا،حکومت نے جیت کے لیے پولیس اور پٹواریوں سے انتخابی مہم کا کام لیا،عوام کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیکر الیکشن جیتنے کی کوشش اقتدار میں بیٹھی جماعتوں کا پرانا وطیرہ ہے ،حکومتی سرپرستی میں الیکشن کو کسی بھی طور پر شفاف انتخابات سے نہیں جوڑا جاسکتا، میڈیا نے دکھایا کہ پنجاب اور سندھ میں پولیس اوردیگر اداروں کے افسران نے حکومت کی الیکشن مہم میں حصہ لیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں لیگی رہنما عیسیٰ ڈومکی کے ہمراہ لیگی کارکنوں سے ملاقات میں کیا،حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ بھی خون خرابے اور ماردھاڑ سے بھرپور تھا،الیکشن کمیشن اس باربھی شفاف انتخابات کرانے میں مکمل ناکام رہا جیت کاسارا جھکائو حکمرانوں کے نمائندوں کی طرف رہاہے ،حکومت بھی پرامن انعقاد سے توجہ ہٹا کر اپنے نمائندوں کا کامیاب کرانے میں مشغول رہی ،انتخابی عمل کی شفافیت پر عوام کا اعتماد مکمل طور پر اٹھ چکا ہے ،پاکستان میں جمہوریت کا سہارا لیکر چند خاندان قابض ہیں ،جو جمہوریت کے نام پر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ،حکومت کی جانب سے انتخابات کے دوران اربوں روپے کے منصوبوں کے اعلانات بھی دھاندلی کے ذمرے میں آتے ہیںانہوںنے کہا کہ اس بار بھی دوسرے مرحلے میں ضابطہ اخلاق کی کھل کر دھجیاں اڑائی گئی ہیں ،پنجاب اورسندھ میں ترقیاتی فنڈ کے غلط استعمال سے دھاندلی کی راہیں پھیلے ہی ہموار کرلی گئی تھی ،حکومت اور الیکشن کمیشن کی جانب سے پرامن انتخابات کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، ان لوگوں نے اپ نے بھانجوں اور بھتیجو ںکو یونین کونسلوں میں لگاکر رہی سہی کسر بھی نکال دی ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی نرسری ہوا کرتی ہے اس میں عوام کو اپنے من پسند افراد چننے کا موقع دیا جانا چاہیے ناکہ اپنے من پسند لوگوں کو ہر حال میں جتوانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے چاہیئے،اس موقع پر ان کے ساتھ جاوید اعوان ،عیسیٰ ڈومکی ،عامر پٹھان موجود تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی (جی پی آئی) افواج پاکستان’ عوام و پاکستان کے تحفظ کی ضمانت اور ان کا فخر ہیں جبکہ جنرل راحیل شریف پر تمام پاکستانی مکمل اعتماد کرتے ہیں جبکہ جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والے محب وطن پاکستانیوں کو اس بات کا یقین ہے کہ جنرل راحیل شریف ہی ہیں جن کی جرأتمندانہ قیادت ہی کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے یقینی بنانے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے ساتھ پاکستان کے پانچویں آئینی صوبے جونا گڑھ کے پاکستان سے الحاق یقینی بنانے کے قائد اعظم کے خواب کو بھی تعبیر بخشے گی اسی لئے جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والی میمن ‘ گجراتی ‘ کاٹھیاواڑی ‘ بوہری ‘ اسماعیلی ‘ کھتری اور اردو ‘ سندھی ‘ بلوچی ‘ پشتو ‘ پنجابی ‘ سرائیکی اور دیگر قومیتیں و برادریاں مسلسل جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت مین تین سالہ توسیع کا مطالبہ کررہی ہیں اور اس مطالبے کی تکمیل کیلئے باضابطہ و منظم تحریک بھی چلائی جارہی ہے مگر جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والے ان محب وطن پاکستانیوں کا س وقت شدید تکلیف و مایوسی ہوتی ہے جب کسی بھی مقامی ‘ قومی یا عالمی فورم اور اعلیٰ سطی مذاکرات و ملاقاتوں میں کشمیر پر تو گفتگو کی جاتی ہے مگر جونا گڑھ کو نظر انداز کردیا جاتا ہے اسلئے ہم آرمی چیف سمیت تمام قائدین ‘ حکمرانوں ‘ سیاستدانوں اور سرکاری اہلکاروں سے بھی مودبانہ اپیل و درخواست کرتے ہیں کہ جہاں اور جس فورم پر بھی کشمیر کے تصفیہ کیلئے آواز اٹھائی جائے وہاں جونا گڑھ کو بھی یاد رکھتے ہوئے اس کے پاکستان سے الحاق کو یقینی بنانے کی بھی مخلصانہ کوشش کی جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی (جی پی آئی) پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیر سولنگی نے سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی اور سردار خادم حسین سولنگی کے ہمراہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران پیش آنے والے تشدد کے واقعات کیخلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں جس طرح سے حسب منشاء نتائج کے حصول کیلئے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیری گئیں اور ریاستی طاقت و وسائل استعمال کرکے دھاندلی کے ریکارڈز قائم کرنے کے ساتھ سندھ کے تقریباً تمام ہی اضلاع میں آزاد اور سولنگی امیدواروں اور ان کے حامیوں پر تشدد کیا گیا اس پر الیکشن کمیشن کی مجرمانہ خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ الیکشن کمیشن آزادانہ ‘ شفاف اور منصفانہ انتخابات کی اہلیت سے یکسر محروم ہے اور انتخابی اضلاع میں ڈیوٹیاں انجام دینے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار حکومتی اختیارات کے سامنے بے بس و مجبور ہیں یہی وجہ ہے کہ انتخابات میں دھاندلی اور تشدد کی تمام شکایات کو الیکشن کمیشن نے بھی نظر انداز کیا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی ان پر کاروائی سے گریزاں رہے جس کی وجہ سے ایکبار پھر یزیدی قوتوں نے روایتی فتح حاصل کرلی ہے جبکہ عوام ایکبار پھر ریاستی قوت اور استحصالی طاقتوں کے ہاتھوں شکست کھاگئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی (جی پی آئی) بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی حسب سابق مقتدر قوتوں کی جانب سے حسب منشاء نتائج کے حصول کیلئے ریاستی قوت ‘ جبر و تشدد اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایکبار پھر الیکشن کمیشن کی مجرمانہ خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان راجونی اتحاد میں شامل روشن پاکستان پارٹی کے سربراہ امیر پٹی ‘ پاکستان سولنگی اتحاد کے رہنما سردار شبیر سولنگی ‘ پاکستان خاصخیلی اتحاد کے سربراہ سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ پاکستان مارواڑی اتحاد کے رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ پاکستان میمن فیڈریشن کے رہنما عدنان میمن ‘ نیشنل پیس کمیشن ہیومن رائٹس کے رہنما حاجی امیر علی خواجہ ‘ پاکستان راجپوت اتحاد کے رہنما عارف راجپوت ‘ پاکستان تنولی اتحاد کے رہنما نواب آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی ‘پاکستان جونا گڑھ اتحاد کے رہنما فرزند جونا گڑھ اقبال چاند اور دیگر اتحادی جماعتوں کے سربراہان و نمائندگان نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے دونوں مرحلوں کے دوران یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ الیکشن کمیشن نہ تو غیر جانبدار ہے اور نہ ہی فرائض منصبی کی احسن ادائیگی کا اہل بلکہ بلدیاتی انتخابات نے الیکشن کمیشن پر قومی انتخابات میں لگائے جانے والے دھاندلی کے الزامات کی صداقت کی گواہی دینے کے ساتھ یہ بھی ثابت کردیا ہے کہ پاکستان میں انقلاب و تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اور استحصالی عناصر و روایتی سیاسی جماعتوں کے چور دروازے سے اقتدار تک رسائی کیلئے سب سے بڑا معاون و مددگار بھی الیکشن کمیشن ہی ہے اسلئے الیکشن کمیشن کو حکومتی اجارہ داری سے آزاد کرائے اور عدلیہ و فوج کے ماتحت بنائے بغیر اس ملک میں شفاف انتخابات اور حقیقی عوامی و جمہوری حکومت کے قیام کا خواب کبھی شرمندہ ٔ تعبیر نہیں ہوسکے گا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی (جی پی آئی) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران پیش آنے والے پر تشدد واقعات ‘ سندھ و پنجاب کے صوبائی الیکشن میں لگنے والے شکایات کے انبار اور سپریم کورٹ کی جانب سے حلقہ بندیوں کے حوالے سے تاخیری فیصلے کے باعث سندھ کے اکیاسی حلقوں میں انتخابات روکے جانے پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آمریت سے بیزار عوام کو جمہوریت سے توقع ہوتی ہے اور جمہوریت کے قیام کیلئے الیکشن کمیشن کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے مگر سابقہ قومی اور موجودہ بلدیاتی انتخابات نے الیکشن کمیشن کی اہلیت و غیر جانبداری پر جو سوال اور شکوک پیدا کئے ہیں وہ شاید اب کبھی ختم نہ ہوسکیں جبکہ جمہوری حکمرانوں نے اپنے مفادات کیلئے ملک و قوم کو بلدیاتی اداروں سے محروم رکھا اور اب حکمران جماعتیں سیاسی مفادات کیلئے جس قسم کے عوام دشمن اقدامات کررہی ہیں عوام اس کے ازالے کیلئے عدلیہ سے توقعات وابستہ کئے ہوئے تھے مگرعدالتی نظام کی سست روی اور تاخیری فیصلوں نے عوام کے اس اعتماد کو بھی مجروح کردیا ہے جس کی وجہ سے انتخابی عمل مکمل طور مشکوک ہی نہیں ہوگیا بلکہ مذاق بھی بن کر رہ گیا ہے اور بلدیاتی انتخابات کی کثیر قومی سرمائے کے ضیاع سے کی جانے والی ریہر سل سے عوام کوکسی بھی قسم کا کوئی ریلیف ملنے کی کوئی امید نہیں ہے کیونکہ بوسیدہ و ناکارہ نظام کو کرپشن و جانبداری کی دیمک نے کھوکھلا کردیا ہے اور ایم آر پی کے پیش کردہ فارمولے کے فارمولے کے تحت نظام کی مکمل اوورہالنگ اور اسے یکسر تبدیل کئے بغیر ملک و قوم کے مستقبل کو نہ تو تحفظ دیا جاسکتا ہے اور نہ عوام کو ریلیف کی فراہمی ممکن ہے۔