ولیو کے خاتمہ کیے لئے تین روزہ مہم 30 ستمبرسے شروع ہو کر 2 اکتوبر تک جاری رہے گی
Posted on September 19, 2013 By Geo Urdu گجرات
گجرات(جمیل احمد طاہر)پولیو کے خاتمہ کیے لئے تین روزہ مہم 30 ستمبرسے شروع ہوکر2 اکتوبر تک جاری رہے گی، اس دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک عمر کے 4 لاکھ بچوں کو خطرناک مرض سے بچائو کیلئے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔انسداد پولیو مہم قومی فریضہ ہے جس کی کامیابی کے لئے تمام سرکاری محکمے ٹیم ورک کے طور پر کام کریں تاکہ نئی نسل کو اس خطرناک مرض سے بچایا جا سکے۔
اس اہم مقصد کے حصول کے لئے جدوجہد کے دوران غفلت کی کوئی گنجائش نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او آصف بلا ل لودھی نے انسداد پولیو مہم کے لئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی او سی شجاع قطب بھٹی، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نصرت ریاض، ای ڈی او سی ڈی چوہدری محمد نواز،ای ڈی او ایجوکیشن ایاز طارق،ڈاکٹر محمد علی مفتی،ایم ایس عزیز بھٹی ہسپتال ڈاکٹر طاہر نوید، اسسٹنٹ کمشنرسیٹلمنٹ وقار خان ، ،ڈاکٹر عباس گوندل، ڈاکٹر ممتاز، سماجی کارکن خادم علی خادم، اوقاف، لیبرڈیپارٹمنٹس کے افسران، ٹی ایم اوز اور روٹری کلب کے نمائندہ بھی موجود تھے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نصرت ریاض نے بتایا کہ تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک عمر کے 4لاکھ بچوں کو خطرناک مرض سے بچائو کیلئے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع کی 119 یونین کونسلز میںپانچ سال تک عمر کے 4لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کے لئے 781موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ، عزیز بھٹی ہسپتال، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں ، بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز سمیت 119فکس سنٹرز، لاری اڈہ، ریلوے اسٹیشز، سمیت مختلف مقامات پر 31ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کی نگرانی کے لئے 3تحصیل سپروائز، 4تحصیل سپورٹ آفیسرز، 33زونل سپروائز اور 164ایریا انچارج مقرر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لئے محکمہ صحت کے ساتھ ریونیو ڈیپارٹمنٹ ، ٹریفک پولیس، موٹروے پولیس، اور اییجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بھی مد دم کریں گے۔
انہوں نے بتا یا کہ شہریوں میں بچوں کو پولیو سے بچائو کے مساجد، میڈیا ، این جی اوز اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے آگہی مہم چلائی جائے گی، انہوں نے بتایا کہ اس انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں کو قطرے پلانے کے فالو اپ مہم چلائی جائے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او آصف بلا ل لودھی نے کہا کہ تمام محکموں کے افسران قومی انسداد پولیو مہم کامیاب بنانے کے لئے اپنی بھر پور توانائیاں بروئے کار لائیں جبکہ اس مقصد کے لئے سول سوسائٹی، مذہبی حلقوں اور میڈیا کا بھی بھر پور تعاون حاصل کیا جائے۔ ڈی سی او نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمہ کے لئے بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ معاشرے میں اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی بھی ضرورت ہے۔