اسلام آباد: ملک بھر سے آئی ہوئی ہزاروں خواتین کا نیک آباد گجرات میں نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ اسلم کیلئے میدان عمل میں آنے کا اعلان

اسلام آباد: (محمد الیاس ذکی)) دشمنان دین اسلامی اقدار پر حملہ آور ہو چکے ہیں، مسلمان میں غیر اسلامی اقدار اور کافرانہ تہزیب پھیلا کر اُن کی دنیا و آخرت برباد کی جا رہی ہے اس موقع پر خواتین اسلام کی حفاظت و تروتج اور انقلاب نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے بھر پور کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار خانقاہ نیک آباد ( مراڑیاں شریف) گجرات کے سجادہ نشین اور تنظیم اہلسنت کے مرکزی امیر حضرت پیر محمد افضل قادری نے تنظیم اہلسنت خواتین کے سالانہ دینی اجتماع اور قادر یہ عالیہ یونیورسٹی خواتین کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں اندرون ملک و بیرون ملک سے آئی ہوئی ہزارہا خواتین کے تاریخی اور باپردہ جتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ملک بھر سے آئی ہوئی ہزاروں خواتین نے ملک میں نفاذ نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے میدان عمل میں آنے کا اجتماعی عہد کیا۔ اجتماع میں قادریہ عالمیہ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے اس سال فارع ہونے والی 1533 عالمات، فاضلات، حافظات و دیگر طالبات کو اسناد جاری کی گئیں جبکہ ہزاروں خواتین نے طریقہ قادریہ میں پیشوائے اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری کی اجتماعی بیعت کی۔

اجتماع سے محترمہ غلام فاطمہ، محترمہ ریحانہ کوثر قادری، محترمہ رضوانہ قادری، محترمہ عرفانہ قادری، محترمہ پروین اشرف، محترمہ شازیہ قادری، محترمہ نثار سبحانی، محترمہ شگفتہ قادری، محترمہ آمنہ افضل و دیگر نے اظہار خیال کیا۔ قراردادوں کے ذریعے ہزار ہا خواتین نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے پاکستان میں نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم کے نفاذ، انسداد عریانی فحاشی، میڈیا کیلئے حدود قیود کی پابندی، مخلوط نظام تعلیم کے خاتمہ اور مسلم ملک میں خواتین کیلئے اسلامی لباس کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔

قادریہ عالمیہ یونیورسٹی خواتین اور تنظیم اہلسنت خواتین کی سربراہ محترمہ ریحانہ کوثر قادری نے خواتین کو شہر شہر قریہ قریہ درس قرآن و حدیث اور محافل ذکر قائم کرنے کی تلقین کی اور فارع التحصیل عالمات فاضلات کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں دینی مدارس قائم کریں اور اپنے خاندانوں کو خصوصا اور عموما تمام مسلمانوں کو جہنم سے بچانے اور جنتی بنائے کیلئے پورے دینی دردو جزبہ کیساتھ صحابیات رضوان اللہ علیہن اور قرون اولی کی بلند کردار خواتین کا کردار پیش کریں۔

انہوں نے ملک بھر سے آئی ہوئی خواتین کو اللہ تعالی کی عبادت، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت واطاعت، والدین و شوہر کیساتھ حسن سلوک، حقوق اللہ و حقوق العباد کی ادائیگی، سچ بولنے، تقوی حسن معاشرت نماز روزہ اسلامی پردہ کی پابندی کی تلقین کی اور اس بات پر زور دیا کہ خواتین معاشرہ میں خیر پہیلائیں گھروں کو جنت نظیر بنائیں اور اپنی اولاد کی شاندار دینی تربیت کرکے ملک وملت کی سر بلندی کیلئے کر دار ادا کریں۔ اس موقع پر قادریہ عالمیہ یونیورسٹی کی ساری ٹیم کو اعلی کارگردگی پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور ملک و ملت کی بہتری و سلامی کیلئے رقت آمیز اجتماعی دعا کی گئی۔